Tag: بگولا

  • چین کے شہر میں خوفناک بگولے نے کئی جانیں لے لیں (ویڈیوز)

    چین کے شہر میں خوفناک بگولے نے کئی جانیں لے لیں (ویڈیوز)

    گوانگژو: چین کے شہر گوانگژو میں ہوا کے خوفناک بگولے نے تباہی مچا دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوانگژو میں ٹورنیڈو کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ 33 افراد زخمی ہوئے۔

    ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق گوانگ ڈونگ کے صوبائی دارالحکوت میں شدید بارش اور ژالہ باری نے پہلے ہی تباہی مچائی ہوئی تھی کہ ہفتے کی دوپہر کو ایک زور دار بگولا آیا، جس نے بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔

    حکام نے بتایا کہ طوفانی بگولے کی شدت 3 درجے کی تھی، جو 5 کے بلند ترین درجے سے دو درجے کم تھی، سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا نیوز نے رپورٹ کیا کہ نقصانات کی تحقیقات جاری ہیں، اور مجموعی طور پر 141 فیکٹری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

    مقامی موسمی اسٹیشن نے تقریباً 3 بجے 20.6 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے ہوا کا جھونکا ریکارڈ کیا، اس خوفناک بگولے سے دن میں رات کا سماں ہو گیا تھا، تباہی پھیلنے کے بعد ریسکیو ورکرز نے علاقے میں فوری کام شروع کر دیا۔

    واضح رہے کہ گوانگ ڈونگ کو شدید بارشوں کی وجہ سے ریکارڈ توڑ سیلاب کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں شہری بے گھر ہو چکے ہیں، گوانگژو کے اضلاع زینگ چینگ اور پانیو کے کئی حصوں میں انڈوں کے سائز کے اولوں نے کاروں اور کھڑکیوں کو بہت نقصان پہنچایا۔

  • بپھرا ہوا "بگولہ” تباہی کیسے لاتا ہے؟ خوفناک مناظر کیمرے میں قید

    بپھرا ہوا "بگولہ” تباہی کیسے لاتا ہے؟ خوفناک مناظر کیمرے میں قید

    آپ نے دنیا کے مختلف ممالک میں آنے والے طوفانوں کے بارے سن اور دیکھ رکھا ہوگا کہ ان کے آنے سے کتنی تباہی ہوئی اور لوگوں کی زندگی پر اسے کیا اثرات مرتب ہوئے۔

    اُن ویڈیوز میں طوفان کے گزرنے کے بعد کے حالات و واقعات کا مشاہدہ کیا جاتا ہے لیکن آج جو ویڈیو ہم یہاں آپ کے لیے شئیر کررہے ہیں وہ قدرت کے غصے کے نتیجے میں آنے والے طوفانوں میں سے ایک کا منظر دکھا رہی ہے۔

    ویڈیو میں جو مناظر نظر آرہے ہیں انہیں دیکھ کر یقیناً دیکھنے والے لرز جائیں گے کیونکہ اس میں نظر آنے والے لوگ اور ان کی گاڑیاں انتہائی تیز ہوا کے بگولہ کے سامنے تنکوں کی طرح اڑتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور چند سیکنڈ میں سارا منظر ہی تبدیل ہوگیا۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ موسم بے حد خوشگوار ہے، آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں طوفانی موسم کا اندازہ گاڑی کے اندر سے لی گئی ویڈیو سے باآسانی لگایا جاسکتا ہے اور ہلکی ہلکی بارش کے ساتھ ایک کار سڑک پر اپنی معمول کی رفتار سے رواں دواں ہے کہ اچانک سامنے والی گاڑی ہوا میں معلق ہوکر زور سے ہلتی ہے اور اچانک غائب ہوجاتی ہے اور اسکرین پر کچھ دکھائی نہیں دیتا دو سے چار سیکنڈ کے بعد سڑک پر ایک عورت بیٹھی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔

    غالباً یہ طوفانی بگولہ ہی تھا جو گاڑی کو اپنے ساتھ لے گیا اور وہ عورت اس کار کی ڈرائیور ہے جو اُڑتی ہوئی کار سے باہر نکل آئی اور اس بگولے نے اسے سڑک پر پھینک دیا، یہ منظر دیکھنا واقعی بہت خوفناک ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو کو تقریباً 28 لاکھ سے زائد صارفین نے دیکھا اور اپنے کمٹنس میں کہا کہ یہ موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے، اس پر کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا اور یقیناً کسی بھی قدرتی آفت سے شہری علاقوں میں زیادہ نقصان ہوتا ہے۔

  • ترکی: ہوا کے بگولے نے تباہی مچادی

    ترکی: ہوا کے بگولے نے تباہی مچادی

    انقرہ: ترکی کے شہر انٹالیا میں بگولے نے تباہی مچادی جس کی زد میں آنے والے جہاز بھی ہوا کے شدید دباؤ کی وجہ سے ائیرپورٹ کے رن وے پر خود بہ خود چلنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ترکی کے شہر انٹالیا میں واقع سمندر میں جل بگولے کا منظر دیکھا گیا، فائریس ٹورناڈو ائیرپورٹ پر موسم کی خرابی کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل تھا۔

    ہوائی اڈے پر آئے مسافروں نے جب بگولے کا منظر دیکھا تو اسے اپنے موبائل میں محفوظ کرنے لگے، اسی دوران ہوا کا شدید طوفان آیا۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی سمندری حدود میں دوسال بعد جل بگولے کا نظارہ

    ہوا کی شدت کے باعث ائیرپورٹ کے رن وے پر کھڑے جہاز بھی اپنی جگہ سے حرکت کرنے لگے جبکہ کئی گاڑیاں بھی اس کی وجہ سے تباہ ہوئیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بس بھی ہوا کے تیز دباؤ کی وجہ سے پلٹ رہی ہے۔

    ترک میڈیا کے مطابق طوفان کی وجہ سے نجی کمپنیوں کے طیاروں کو نقصان پہنچا جس کی مرمت کی جارہی ہے، سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہوا کی شدت کے باعث جہازوں کے شیشے اور دروازوں کو نقصان پہنچا۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست الباما میں ہوا کے بگولے نے تباہی مچا دی

    یاد رہے کہ اکثر اوقات سمندر میں بننے والے بگولے جانی و مالی نقصان کا سبب بنتے ہیں جن کی وجہ سے آبی حیات اور انسانوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے، 10 روز قبل امریکی ریاست الباما میں بھی بگولے نے شدید تباہی مچائی تھی۔ جس کے نتیجے میں متعدد مکانات اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں تھیں۔