Tag: بگولے

  • ہوا کے بگولے نے رن وے پر کھڑے طیارے کے ساتھ کیا کیا؟ ویڈیو وائرل

    ہوا کے بگولے نے رن وے پر کھڑے طیارے کے ساتھ کیا کیا؟ ویڈیو وائرل

    ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس مسلسل طوفانی بگولوں اور تیز ہواؤں کی زد میں ہے، ایئرپورٹ پر کھڑا ایک طیارہ بھی تیز ہوا کی زد پر آ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل، 28 مئی کو ڈلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر رن ون پر کھڑا ایک طیارہ جب ہوا کے تیز بگولے کی زد پر آیا تو وہ اپنی پوزیشن سے گھوم گیا۔

    یہ منظر سی سی ٹی وی نے قید کر لیا، روئٹرز کی حاصل کردہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، امریکی ایئرلائن کا طیارہ اس واقعے میں متاثر ہوا، ایئرلائن نے بیان میں کہا کہ طیارے کو نقصان پہنچا ہے تاہم واقعے کے وقت وہ خالی تھا، اس لیے کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔

    منگل کے روز ڈلاس-فورٹ ورتھ اور آس پاس کے علاقوں میں 95 میل فی گھنٹہ (153 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئیں، جب کہ اولے اور بارش بھی خوب برسی۔ امریکی ایئر لائنز نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے کئی طیارے ہوائی اڈے پر تیز ہواؤں سے متاثر ہوئے ہیں۔

  • امریکی طوفان سے ہلاکتیں 94 ہو گئیں، زندہ بچ جانے والوں کی تلاش اور تیز

    امریکی طوفان سے ہلاکتیں 94 ہو گئیں، زندہ بچ جانے والوں کی تلاش اور تیز

    کینٹکی: امریکی طوفان سے ہلاکتیں 94 ہو گئی ہیں، امدادی کارکنوں نے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش اور تیز کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کینٹکی میں ہلاکتیں 94 ہو گئیں، اتوار کے روز حکام نے کہا کہ تباہی کے دو دن بعد لاپتا افراد کو زندہ تلاش کرنے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔

    خبر رساں ایجنسی روئٹرز کا کہنا ہے کہ ہفتے کو حکام نے بتایا کہ کینٹکی میں کم از کم 100 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے، تباہ کن بگولوں نے وسط مغربی اور جنوبی امریکی علاقوں میں 200 میل کے علاقے کو ادھیڑ کر رکھ دیا ہے، گھر مسمار ہو چکے، کاروبار ختم ہو گئے، اور ملبے کے نیچے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے جدوجہد کی ایک دوڑ شروع ہے۔

    اتوار کی رات کو امریکی صدر جو بائیڈن نے ریاست کینٹکی میں آنے والی تباہی کو بڑی آفت قرار دیا، ریاست کے گورنر کی درخواست پر بائیڈن نے پہلے کے ہنگامی اعلان کو اب "بڑی آفت” میں بدل دیا ہے تاکہ اضافی وفاقی امداد کے لیے راہ ہموار ہو سکے۔

    ادھر ہنگامی کارکنوں نے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے، تاہم وفاقی اور مقامی حکام نے خبردار کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد، جو ابھی تک 94 ہے، مزید بڑھ سکتی ہے۔ کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے کہا کہ مردہ اجسام کو تلاش کرنے والے کتے ابھی تک لاشیں تلاش کر رہے ہیں۔

    میفیلڈ کی میئر کیتھی اونن نے کہا کہ زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی امید ہمیشہ زندہ رہتی ہے، اس لیے ہمیں ایک معجزے کی امید ہے۔

    دوسری جانب تباہی کی شکار ہونے والی موم بتی کی فیکٹری کے مالک، کمپنی کے سی ای او ٹرائے پروپس نے طوفان کے قریب آنے پر اسے بند نہ کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا۔ انھوں نے کہا ہم نے وہ سب کچھ کیا جو کیا جانا چاہیے تھا، میرا دل ہر ایک کے لیے خون کے آنسو رو رہا ہے۔

    واضح رہے کہ تباہی کو مدنظر رکھتے ہوئے میفیلڈ کو حکام نے گراؤنڈ زیرو (زمین پر عین وہ جگہ جہاں جوہری دھماکا ہوا ہو) کے طور پر بیان کیا ہے، جب بگولہ چلا گیا تو لوگوں نے دیکھا کہ شہر کے سبھی بلاکس ملیا میٹ ہو چکے تھے، تاریخی مکانات اور عمارتیں اپنی بنیادوں پر اوندھے منہ پڑی تھیں، درختوں کے تنےشاخوں اور پتوں سے محروم ہو چکے تھے اور گاڑیاں کھیتوں میں الٹی پڑی تھیں۔

  • امریکا: خوف ناک بگولوں‌ نے گھروں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، 50 ہلاک

    امریکا: خوف ناک بگولوں‌ نے گھروں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، 50 ہلاک

    کینٹکی: امریکی ریاست کینٹکی میں خوف ناک بگولوں‌ نے گھروں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، بگولوں کی زد میں آ کر 50 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کینٹکی میں بگولے سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی، غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے کئی ریاستوں میں شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں نے تباہی مچا دی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مختلف حادثات میں پچاس افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے، کئی گھر ہوا کے بگولوں سے ملبے کا ڈھیر بن گئے، اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    امریکی ریاست کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے خبردار کیا ہے کہ رات بھر آنے والے طوفان سے پچاس سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں، یہ تعداد 100 تک بڑھ سکتی ہے، انھوں نے اسے ریاست کی تاریخ کا بدترین طوفان بھی قرار دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہلاک افراد کی تعداد دراصل ستر سے سو کے درمیان ہے۔

    یہ طوفان امریکا کی متعدد ریاستوں میں تباہی مچا رہا ہے، ریاست الینوائے میں ایمیزون کے گودام میں بھی کارکن پھنسے ہوئے ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ جمعہ کی رات جنوبی الینوائے میں ایڈورڈز ول میں ایمیزون کے گودام کو طوفان کے دوران نقصان پہنچا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ چھت گرنے سے کتنے لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، تاہم مقامی ایمرجنسی سروسز نے فیس بک پر اسے "بڑے پیمانے پر ہلاکت کا واقعہ” قرار دیا ہے۔

    نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 100 سے زیادہ لوگ ریاست کینٹکی کے شہر مے فیلڈ میں ایک موم بتی فیکٹری کے اندر موجود تھے، جب طوفان آیا۔ گورنر بیشیر کا کہنا تھا کہ قوی خدشہ ہے کہ ہم ان میں سے درجنوں افراد کو کھو دیں گے۔