Tag: بگٹی قتل کیس

  • بگٹی قتل کیس:پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش

    بگٹی قتل کیس:پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش

    کوئٹہ : نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں جنرل (ر) پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کردی گئی، ڈاکٹرز نے سابق صدر کی صحت کو سفر کے ناقابل قرار دے دیا۔

    نواب اکبر بگٹی قتل کے مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشتگردی کی عدالت ون کے جج آفتاب احمد لون نے کی، سندھ حکومت کی جانب سے بلوچستان حکومت کو موصول ہونے والی میڈیکل رپورٹ ڈی جی ہیلتھ بلوچستان فاروق اعظم جان نے عدالت میں پیش کی۔

    رپورٹ کے مطابق سابق صدر کی ریڑھ کی ہڈی کی مہروں میں تکلیف ہے، جس کے باعث وہ چند گز بھی نہیں چل سکتے جبکہ دل کی تین شریانیں بھی بند ہیں، جس سے ان کے ایک پاؤں میں بھی تکلیف ہے۔

    پیش کی جانے والی میڈیکل رپورٹ پر آئندہ سماعت میں بحث ہوگی جبکہ عدالت نے سابق صدر کی پیشی سے ایک دن کی حاضری کی استثنیٰ منظور جبکہ سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب احمد نوشیروانی کی جانب سے مقدمے سے بریت کی حوالے سے دائر درخواست مسترد کردی ۔

    مقدمے کی آئندہ سماعت اب 22اپریل کو ہوگی۔

  • بگٹی قتل کیس:پرویز مشرف کی ایک دن کی استثنیٰ کی درخواست منظور

    بگٹی قتل کیس:پرویز مشرف کی ایک دن کی استثنیٰ کی درخواست منظور

    کوئٹہ: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے نواب بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ہے۔

    مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج آفتاب احمد لون نے کی، سماعت شروع ہوئی تو سابق صدر پرویزِ مشرف کے وکیل نے اپنے مؤکل کی جانب سے حاضری سے ایک دن کی استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف دیا کہ سابق صدر سیکورٹی خدشات اور ڈاکٹروں کی جانب سے سفر نہ کرنے کی ہدایات پر وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔

    جس پر مخالف وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے ناسازی طبع کو بہانہ قرار دیا۔

    عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کا طبعی معائنہ نہ کرنے پر ڈی جی ہیلتھ بلوچستان کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی ذمہ داری ایک دوسرے پر نہ ڈالیں، آئندہ سماعت تک میڈیکل بورڈ کی تشکیل اور طبعی معائنہ کی پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔

    جس کے بعد عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی ایک دن کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 25فروری تک کے لئے ملتوی کردی۔

     

  • بگٹی قتل کیس، پرویز مشرف کی درخواستِ استثنی منظور

    بگٹی قتل کیس، پرویز مشرف کی درخواستِ استثنی منظور

    کوئٹہ : نواب اکبربگٹی قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کوئٹہ کی عدالت نے پرویز مشرف کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی جبکہ عدالت نے نواب بگٹی کے مقدمہ قتل کی سماعت میں سابق صدر پرویز مشرف کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ضامن اور میڈیکل کے اوریجنل سرٹیفکیٹ سمیت پرویز مشرف کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ کیس کی سماعت آٹھ ستمبر تک ملتوی کردی۔

    نواب محمد اکبر بگٹی کے مقدمہ قتل کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی، جج نذیر احمد لانگو نے مقدمہ کی سماعت کی۔ گزشتہ سماعت میں پرویز مشرف کو پیش کرنے کی یقین دہانی کرانے والے ضامن بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا پرویز مشرف کے وکیل ذیشان جنجوعہ نے میڈیکل سرٹیفکٹ پیش کرتے ہوئے درخواست کی پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

    عدالت میں میڈیکل سرٹیفکیٹ کی فوٹو اسٹیٹ کاپی کے پیش کرنے پر عدالت نے سخت برہمی ظاہر کی، جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل احمد راجپوت ایڈووکیٹ نے عدالت کے سامنے اپنا نکتہ اعتراض رکھا اور اس کو عدالت میں پیش ہونے کی بجائے راہ فراہ اختیار کرنے کا تسلسل قرار دیا جبکہ تفتیشی ٹیم کی رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف ہسپتال میں نہیں بلکہ اپنے گھر میں موجود ہیں۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاوٴ کے وکیل نے عدالت بتایا کہ ان کے موٴکل فلائٹ مس ہوجانے کے باعث پیش نہیں ہوسکے جبکہ سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے آج کی پیشی سے پرویز مشرف کو مستثیٰ قرار دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر انہیں دونوں ضامنوں اور اصل میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ساتھ ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 8ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

  • بگٹی قتل کیس:مشرف کو 3 فروری کو پیش ہونے کا حکم

    بگٹی قتل کیس:مشرف کو 3 فروری کو پیش ہونے کا حکم

    کوئٹہ میں انسداددہشتگردی کی خصوصی عدالت نے نواب بگٹی قتل کے مقدمے میں سابق صدر پرویز مشرف سمیت دیگر ملزمان کو تین فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔،

    انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج طارق انور کاسی نے مقدمے کی سماعت کی ، سابق صدر پرویز مشرف آرٹیکل چھ کے مقدمے میں اسلام آباد میں پیش ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہ ہوسکے جبکہ سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیر پاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی عدالت میں پیش ہوئے۔

    عدالت نے آفتاب احمد شیرپاؤ اور شعیب نوشیروانی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر بحث تین فروری کو کرانے اور سابق صدر مشرف اور ان کے ضمانتی سمیت دیگر نامزد ملزمان کو آئندہ پیشی میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔