Tag: بھارتی ایئرلائن

  • پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئرلائن نے ترکش ایئر لائن سے معاہدہ کرلیا

    پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئرلائن نے ترکش ایئر لائن سے معاہدہ کرلیا

    نئی دہلی : بھارتی ایئرلائن انڈیگو ایئر نے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے پیش نظر ترکش ایئر لائن سے معاہدہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے پیش نظر بھارتی ایئرلائن نے ترکش ایئرلائن سے نیاکوڈ شیئر معاہدہ کرلیا۔

    معاہدے کے تحت بھارت سے انڈیگو ایئر کے مسافروں کو ترکش ایئرلائن استنبول پہنچائے گی، انڈیگو ایئر ہفتہ وار 55 سے زائد پروازیں بھارت سے استنبول کیلئے آپریٹ کرتی ہے۔

    بھارتی ایئرلائنزکو پاکستانی فضائی حدود بندش سے یومیہ کروڑوں بھارتی روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

    خیال رہے پاکستان کی فضائی حدود بھارتی طیاروں کے لیے تاحال بند ہیں، گزشتہ 21روز کےدوران 2300 سے زائد بھارتی پروازیں متاثر ہوئیں۔

    بھارتی ایئرلائنز کو گزشتہ 21 روزمیں 460 کروڑروپے سے زائد کا جھٹکا لگا ہے، اس دوران ایئر انڈیا، آکاسا ایئر، اسپائس جیٹ، انڈیگو ایئر، ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں متاثر ہوئیں۔

  • نجی ایئرلائن نے سیکڑوں ملازمین فارغ کرنے کا منصوبہ بنا لیا

    نجی ایئرلائن نے سیکڑوں ملازمین فارغ کرنے کا منصوبہ بنا لیا

    ممبئی: بھارتی ایئرلائن اسپائس جیٹ نے سیکڑوں ملازمین فارغ کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی سستی ایئرلائن اسپائس جیٹ بحران کی شکار ہو گئی ہے، جس سے نکلنے کے لیے اس نے 1400 ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق ایئرلائن آنے والے دنوں میں اپنے ملازمین کو گلابی سلپس (ملازمتوں سے برطرفی کا پروانہ) حوالے کر سکتی ہے، ایئرلائن کا کہنا ہے کہ ملازمتوں میں اس کٹوتی کا مقصد اخراجات گھٹانا اور فضائی بیڑے کی سرگرمیوں کو معمول پر لانا ہے۔

    اسپائس جیٹ اس وقت مالی پریشانیوں، قانونی جنگوں اور دیگر مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، کمپنی کا کہنا تھا کہ اس کے طیاروں کی تعداد گھٹ چکی ہے اور ان کے مقابلے میں افرادی قوت زیادہ ہے، جس پر قابو پانے کے لیے ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا قطعی فیصلہ اس ہفتہ متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ ایئرلائن میں اس وقت 9 ہزار ملازمین کام کر رہے ہیں، جس میں دس سے پندرہ فی صد تخفیف کی جائے گی، کمپنی کے مطابق اس اقدام سے اسے سالانہ 100 کروڑ روپے تک کی بچت ہوگی۔

  • بھارتی ایئرلائن پر ایک کروڑ سے زائد کا جرمانہ لگ گیا

    بھارتی ایئرلائن پر ایک کروڑ سے زائد کا جرمانہ لگ گیا

    نئی دہلی: بھارتی سول ایوی ایشن نے ملک کی دوسری بڑی ایئرلائن کمپنی ’ایئر انڈیا‘ پر 1.10 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوا بازی سے متعلق اصولوں کی خلاف ورزی پر ڈی جی سی اے نے ٹاٹا گروپ کی ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا پر ایک کروڑ دس لاکھ روپے کا جرمانہ لگا دیا ہے۔

    ایئر انڈیا پر یہ جرمانہ بعض پروازوں میں حفاظتی خلاف ورزیوں پر لگایا گیا ہے، ایئر لائن پر الزام تھا کہ لیز پر لیے گئے بوئنگ B777 طیاروں میں آکسیجن سے متعلق حفاظتی تقاضوں کی تعمیل نہیں کی گئی تھی۔

    سول ایوی ایشن کو اکتوبر میں ایئر لائن کے ایک ملازم کی طرف سے ایئر انڈیا کے خلاف ممبئی-بنگلورو-سان فرانسسکو کے لیے بوئنگ B777 طیارے کی پروازوں میں حفاظتی خلاف ورزیوں کی شکایت موصول ہوئی تھی، جس پر ڈی جی سی اے نے ایئر انڈیا کے خلاف جانچ شروع کر دی تھی، جس میں ایئر لائن کی جانب سے کوتاہی ثابت ہو گئی۔

    ایوی ایشن کی جانب ایئر لائن کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم کمپنی کی جانب سے اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر ڈائریکٹر جنرل نے ایئر انڈیا پر جرمانہ عائد کر دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایئر انڈیا کے ایک سابق پائلٹ نے گزشتہ سال اکتوبر میں شہری ہوابازی وزارت اور ڈی جی سی اے کو اطلاع دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایئر انڈیا کمپنی اصولوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ چند دن قبل ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن کمپنی ’انڈیگو‘ پر بھی 1.20 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

  • ہوائی جہاز میں سفر کے دوران مسافر ٹوائلٹ میں پھنس گیا!

    ہوائی جہاز میں سفر کے دوران مسافر ٹوائلٹ میں پھنس گیا!

    بھارتی ایئرلائن میں ایک عجیب واقعہ رونما ہوا جب ہوائی جہاز میں سفر کے دوران ایک مسافر ٹوائلٹ میں پھنس گیا۔

    اسپائس جیٹ کی فلائٹ ممبئی سے بنگلورو جارہی تھی اس دوران ایک مسافر بیت الخلا (ٹوائلٹ) میں پھنسا رہ گیا۔ ڈیڑھ گھنٹے سے زائد سفر کے دوران مسافر نے بیت الخلا میں پھنسا رہا۔ طیارہ لینڈ کرنے کے بعد اسے باہر نکالا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ مسافر 16 جنوری کو ممبئی سے بنگلورو جانے کے لیے اسپائس جیٹ کی فلائٹ میں سوار ہوا تھا۔ پرواز کے دوران وہ ٹوائلٹ گیا لیکن جب اس نے باہر نکلنے کے لیے دروازہ کھولنے کی کوشش کی تو وہ نہ کھل سکا۔

    مسافر کافی دیر تک کوشش کرتا رہا لیکن دروازہ کھولنے میں ناکام رہا جس کی وجہ سے اسے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک ٹوائلٹ میں ہی قید رہنا پڑا۔

    مسافر نے کرو ممبران سے مدد طلب کی لیکن وہ بھی دروازہ کھولنے میں ناکام رہے۔ عملہ کے ارکان نے مسافر سے اس وقت تک رکنے کے لیے کہا جب تک کہ فلائٹ لینڈ نہ ہوجائے۔

    فلائٹ کے لینڈ ہونے پر ٹیکنیشن کو بلایا گیا جس نے کافی مشقت کے بعد ٹوائلٹ کا دروازہ کھولا۔ اس دوران مسافر ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک فلائٹ کے ٹوائلٹ میں پھنسا رہا۔

    جس دوران مسافر ٹوائلٹ میں موجود تھا تو عملہ نے بیت الخلا کے دروازے کے نیچے سے ایک نوٹ اندر کھسکایا، جس میں لکھا تھا، ’’ہم دروازہ کھولنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن کھول نہیں پا رہے ہیں۔ آپ پریشان مت ہوں۔

    عملے نے لکھا تھا کہ ’’فلائٹ لینڈ ہونے تک آپ کموڈ کی سیٹ کو بند کر کے اس پر بیٹھ جائیں اور خود کو محفوظ رکھیں۔

    اس واقعے کے بعد اسپائس جیٹ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایئر لائن نے اپنی صفائی میں کہا ہے کہ یہ معاملہ 16 جنوری کا ہے۔ دروازے کے قفل میں خرابی کی وجہ سے ایسا ہوا۔