Tag: بھارتی ایئر فورس

  • بھارتی ایئر فورس اہلکار کی سرکاری رائفل سے خودکشی

    بھارتی ایئر فورس اہلکار کی سرکاری رائفل سے خودکشی

    بھارت میں فوجیوں میں خودکشی کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے اور ہر سال درجنوں فوجی اپنی ہی بندوقوں سے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوجیوں کا آئے روز ذہنی دباؤ کے باعث موت کو گلے لگانا معمول بن گیا، حال ہی میں بھارتی شہر ناگپور میں ایئرفورس سارجنٹ نے خودکشی کر لی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہریانہ کے 36 سالہ جیویر سنگھ نے ایئرفورس کی ڈیوٹی کے دوران خودکشی کی، اہلکار نے سروس ہتھیار سے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ساتھی اہلکار کا کہنا ہے کہ سنگھ ذہنی دباؤ کا شکار تھا، اہلکار کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

     بھارتی میڈیا کے مطابق اس قبل بھی ایک سی آر پی ایف 178 بٹالین کے اہلکار پرم ویر نے اپنی ہی سروس رائفل سے خودکشی کی تھی، اس کے علاوہ دو مختلف ریاستوں آسام اور جھاڑ کھنڈ میں دو فوجی اہلکاروں نے زندگی کا خاتمہ کیا۔

  • بھارتی فورسز کے سربراہان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے

    بھارتی فورسز کے سربراہان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے

    نئی دہلی: بھارتی فورسز کے سربراہان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں، ڈیفنس چیف نے جب فضائی فوج کو معاون بازو قرار دیا تو ایئر چیف نے بھی کھل کر رد عمل ظاہر کر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیفنس چیف جنرل بپن راوت اور بھارتی ایئر چیف مارشل بھادوریا کے درمیان ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، دونوں سربراہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے۔

    بپن راوت نے جنگ کے دوران آرٹلری اور انجنیئرنگ تعاون کی طرح بھارتی ایئر فورس کے کردار کو بھی بری فوج کا معاون قرار دے دیا، بھارتی ایئر چیف معاون کہنے پر بھڑک اٹھے، انھوں نے کہا ہمارا کردار معاون کا نہیں ہے بلکہ جنگ میں یہ ایک فضائی طاقت ہے اور اس کا بڑا کردار ہے۔

    بہ طور آرمی چیف بپن راوت کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلی بار چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ متعارف کرایا تھا، جس پر اپوزیشن اور ماہرین مودی کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے رہے، جب کہ انڈین سروسز چیفس جنرل بپن راوت کی بہ طور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کو سیاسی تقرری مانتے ہیں۔

    اب نریندر مودی کا تینوں افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے بنایا گیا عہدہ ان ہی کے گلے پڑنے لگا ہے، اور بھارتی فورسز کو سنبھالنے والے آپس ہی میں لڑ پڑے ہیں۔

    واضح رہے کہ جنرل بپن راوت اور ایئر چیف بھادوریا جمعے کو گلوبل کاؤنٹر ٹیررازم کونسل کے زیر انتظام منعقدہ کانفرنس کے مختلف سیشنز میں بات کر رہے تھے، جب اپنے خطاب میں بپن راوت نے ایئرفورس سے متعلق بیان دیا تو بھادوریا سے بھی اس پر تبصرے کے لیے کہا گیا، انھوں نے کہا ایئر پاور کا ایک بہت بڑا کردار ہے جو وہ کسی بھی مربوط جنگ میں ادا کرتی ہے۔

  • بھارتی ایئر فورس نے بالاکوٹ حملے میں ناکامی تسلیم کرلی

    بھارتی ایئر فورس نے بالاکوٹ حملے میں ناکامی تسلیم کرلی

    نئی دہلی : بھارتی ایئرفورس حکام نے پہلی بار بالاکوٹ ایئر اسٹرائیک کے حوالے سے اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے تسلیم کر لیا ہے کہ اس حملے میں بھارتی فضائیہ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئرفورس کی رپورٹ جس کا عنوان ”حاصل شدہ سبق‘ ‘تھا میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیکنیشنز کی جانب سے ہتھیاروں کی پروگرامنگ کے کوڈ میں تبدیلی کی بدولت میراج2000 ایئرکرافٹ اپنا مطلوبہ ہدف پورا نہیں کرسکا۔

    بھارتی ایئر فورس حکام کی جانب سے جاری اس رپورٹ سے قبل بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی ایک تقریب کے دوران اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ بالا کوٹ حملے میں نہ توکوئی پاکستانی شہری یا فوجی ہلاک ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا۔

    بھارتی ایئرفورس حکام کی تازہ رپورٹ نے آسٹریلیا کے اسٹرٹیجک پالیسی انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کی تصدیق کردی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت کے پرسیشن گائیڈڈ ہتھیاروں (پی جی ایمز) کی پروگرامنگ کو صحیح طریقے سے سیٹ نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے بھارتی ایئرفورس نے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے۔

    حکام کی رپورٹ نے بھارتی ایئر فورس کی جانب سے ایئر کرافٹ میں نصب جدید سسٹم کی مہارت پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔

    بھارتی ایئرفورس کے ایک سینئر اہلکار نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ بالاکوٹ اسٹرائیک سے ثابت ہوا کہ ایئر کرافٹ میں جدید ہتھیاروں کے استعمال کے لیے بھارت کو اوای ایم سسٹم کی اشد ضرورت ہے اگرچہ اس سسٹم کی لاگت بہت زیادہ ہے۔