Tag: بھارتی بٹ کوائن انفلوئنسر

  • بھارت کے سب سے بڑے بٹ کوائن انفلوئنسر کا بلال بن ثاقب کو خراجِ تحسین

    بھارت کے سب سے بڑے بٹ کوائن انفلوئنسر کا بلال بن ثاقب کو خراجِ تحسین

    اسلام آباد: بھارت کے سب سے بڑے بٹ کوائن انفلوئنسر بٹ کوائن والا نے بلال بن ثاقب کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کاش بھارت میں بھی بلاک چین کا ایسا لیڈر ہوتا جیسا پاکستان کے بلال بن ثاقب ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ خزانہ کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کے وزیر برائے کرپٹو اور بلاک چین، بلال بن ثاقب نے ایشیا بٹ کوائن کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی جہاں انہیں بھارتی کرپٹو ماہرین اور عالمی ریگولیٹرز کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔

    اعلامیے میں کہا گیا بھارت کے سب سے بڑے بٹ کوائن انفلوئنسر "بٹ کوائن والا” نے بلال بن ثاقب کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "کاش بھارت میں بھی بلاک چین کا ایسا لیڈر ہوتا جیسا پاکستان کے پاس بلال بن ثاقب ہے، ہمیں بھارت میں بھی ان جیسے رہنما کی ضرورت ہے”

    بھارتی بٹ کوائن کمیونٹی نے اس موقع پر تسلیم کیا کہ بلال بن ثاقب نے پاکستان کی عالمی شناخت کو کرپٹو اور بلاک چین کے ذریعے نئی جہت دی ہے۔

    اپنے خطاب میں بلال بن ثاقب نے پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا اور آزاد ریگولیٹری ادارہ ہے جو دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

    کانفرنس میں امریکی صدر کے صاحبزادے ایرک ٹرمپ سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے بھی بطور اسپیکر شرکت کی، جہاں پاکستان کے وزیر کو بھارتی ماہرین سے داد ملنا ایک اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔

    وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام ظاہر کرتا ہے کہ دنیا کی نظریں پاکستان پر جمی ہوئی ہیں ، یہ ایک حقیقت ہے کہ بھارت آج بھی کرپٹو کے معاملے میں الجھن اور خوف میں پھنسا ہوا ہے اور پاکستان بھارت سے کئی قدم آگے نکل چکا ہے، دنیا بھر کے ریگولیٹرز، حکومتیں اور ادارے پاکستان سے رابطہ کر رہے ہیں جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کا ثبوت ہے۔