Tag: بھارتی جاحیت

  • بھارتی پسپائی، حریت پسندوں‌ کا جشن روکنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ

    بھارتی پسپائی، حریت پسندوں‌ کا جشن روکنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں زیرتسلط بھارتی انتظامیہ میں پاکستان کے ہاتھوں پسپائی اور وادی میں ممکنہ جشن کو روکنے کے لیے حریت رہنماؤں کو نظر بند اور کرفیو نافذ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق  بھارتی فوج نے پاک فضائیہ کی کامیاب کارروائی اور بھارتی پائلٹ کی گرفتاری کے بعد 27 فروری کی دوپہر سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کرتے ہوئے حریت قیادت کو نظر بند کردیا۔

    کٹھ پتلی انتظامیہ نے پاک فضائیہ کے ہاتھوں پسپائی کے بعد پاکستان کی حمایت میں ممکنہ جشن کو روکنے کے لیے مختلف ضلعوں میں انٹرنیٹ اور موبائل کی سروس بھی بند کردی ۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی قیدی: بھارتی پائلٹ پاک فوج کا شکر گزار

    قبل ازیں بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں محاصرے کے دوران گھر گھر تلاشی لی اور دو نوجوانوں کو شہید کردیا، نوجوانوں کی شناخت سہیل نذیر می اور سدھیپورا پائین کے ناموں سے ہوئی۔

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کو گھر سے باہر نکالا اور انہیں شہید کیا جبکہ متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر بھی منتقل کیا۔

    رپورٹ کے مطابق کٹھ پتلی انتظامیہ نے مسرت عالم بٹ، یاسمین راجہ کو سری نگر اور پلوامہ مین نظر بند کیا جبکہ شوکت بخشی کو سری نگر تھانے میں بند کیا گیا۔

    دوسری جانب حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے ہنگامی پریس کانفرنس طلب کی تو بھارتی فوجیوں نے صحافیوں کو اُن کے گھر جانے سے روک دیا جس کے باعث وہ میڈیا سے گفتگو بھی نہیں کرسکے۔

    یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تھی جس پر پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اُن کے دو جہازوں کو تباہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک اور دوسرا زندہ گرفتار ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہید

    حراست میں لیے جانے والے پائلٹ کی شناخت ابھی نندن کے نام سے ہوئی، بھارت نے پہلے تو اپنے افسر کی گرفتاری سے لاتعلقی کا اظہار کیا تاہم جب پاک فوج کے ترجمان نے اُسے میڈیا کے سامنے پیش کیا تو بھارتی حکام نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اُس کی واپسی کا مطالبہ کردیا۔