Tag: بھارتی جارحیت

  • بھارتی فوج کی فائرنگ، 3 فوجی شہید، 7بھارتی فوجی ہلاک

    بھارتی فوج کی فائرنگ، 3 فوجی شہید، 7بھارتی فوجی ہلاک

    راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے تین پاکستانی فوجی شہید اور پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 7 بھارتی فوجی مارے گئے، آئی ایس پی آر نے تصدیق کردی۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوانوں نے  جواں مردی سے لڑتے ہوئے وطن پر جان قربان کردی۔

    آئی ایس پی آرکےمطابق شہید ہونے والوں میں کیپٹن تیمورعلی خان، حوالدار مشتاق حسین، لانس نائیک غلام حسین شامل ہیں، شہید ہونے والی فوجی جوانوں کے جسد خاکی اُن کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیے گئے ہیں جہاں اُن کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرخاک کیا جائے گا۔


    پڑھیں: ’’ سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹے دعوے کے بعد بھارتی جنگی جنون عروج پر ‘‘


     آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج نے بھارت کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیزی پر بھرپور جواب دیا گیا جس کے نتیجے میں 7 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔

    مزید پڑھیں: ’’ بھارتی فوج کی وادی نیلم میں مسافر بس پر فائرنگ ،9شہری شہید ‘‘


    خیال رہے کہ آج صبح بھارتی فورسز نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وادی نیلم میں ڈھڈیال کے قریب مسافر کوچ پر راکٹ فائر کیا جس کے نتیجے میں 9 عام شہری شہید اور 7 زخمی ہوئے تھے جبکہ جنونی فوجیوں نے زخمیوں کے لیے بلائی گئی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 16 مختلف امور پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ نے بھارتی اشتعال انگیزی کی سخت مذمت کی۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہریوں اور جوانوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سمیت زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی گئی۔

    اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10 نومبر کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سمیت کابینہ کی کمیٹی برائے اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مالدیپ کو افرادی قوت کی فراہمی اور صحت کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں سمیت ملائیشیا کے ساتھ انسداد بدعنوانی کے معاہدے، بیلا روس کے ساتھ جرائم کی روک تھام کے معاہدے اور جنوبی افریقہ کے ساتھ مشترکہ کمیشن کے قیام کی معاہدوں کی بھی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں قازقستان کے ساتھ فوجی تعاون اور جنوبی افریقہ کے ساتھ دفاعی اور صنعتی تعاون کے معاہدے سمیت کویت کے ساتھ دفاع کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں کی بھی منظوری دی گئی۔

    علاوہ ازیں کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہیں بڑھانے کی بھی منظوری دی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    اجلاس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے جنرل راشد محمود کی خدمات کو سراہا جبکہ ان کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

  • اقوام متحدہ کے مبصرین کی جی ایچ کیو آمد

    اقوام متحدہ کے مبصرین کی جی ایچ کیو آمد

    راولپنڈی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4 بچوں کی شہادت پر اقوام متحدہ کے مبصرین نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ مبصرین کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور انہیں دستاویزات دی گئیں۔

    ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی جاری ہے۔ بارود اگلتی بندوقوں نے 3 بچیوں اور ایک لڑکے کی جان لے لی۔ پاک فوج نے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین نے جی ایچ کیو میں فوجی حکام سے ملاقات کی۔ بھارتی فورسز کے ہاتھوں 4 بچوں کی شہادت کی دستاویزات مبصرین کے حوالے کی گئیں اور تحقیقات کی درخواست کی گئی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع مسلسل پاکستان مخالف بیانات داغ رہے ہیں۔ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ دفتر خارجہ کے مطابق رواں برس بھارت نے لائن آف کنٹرول پر 222 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کے باعث 26 معصوم شہری شہید اور 107 زخمی ہوئے۔

    ایک روز قبل پاک فوج نے پاکستانی حدود میں آنے والا بھارتی ڈرون طیارہ مار گرایا تھا۔ طیارہ پاکستانی چوکیوں کی طرف 60 میٹر تک آیا تھا۔ ڈرون کا مقصد چوکیوں کی جگہ اور اطراف کی تصاویر اور ویڈیو حاصل کرنا تھا۔

    اس سے قبل بھی بھارتی بحریہ کی آبدوز نے پاکستان کے سمندروں میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی تاہم پاک بحریہ نے بر وقت ردعمل دیتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔

  • اقوام متحدہ کا لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی پر تحفظات کا اظہار

    اقوام متحدہ کا لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی پر تحفظات کا اظہار

    نیویارک: اقوام متحدہ نے ڈیڑھ ماہ سے زائد جاری کنٹرول لائن اور ورکنگ بانڈری پر بھارتی جارحیت پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ اقوام متحدہ نے دونوں ممالک کو مل کر مسائل حل کرنے کا مشورہ بھی دے دیا۔

    اقوام متحدہ نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی پر اپنے تحفظات کا اظہار کردیا لیکن ساتھ ہی کچھ کرنے کے حوالے سے اپنا دامن صاف بچالیا۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل مذاکرات سے نکالنا چاہیئے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز بھمبر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔ بھارتی جارحیت کے خلاف دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے اپنا سخت احتجاج بھی ریکارڈ کروایا تھا۔

    دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر ہم نے ہمیشہ جواب دیا اور کبھی خاموش نہیں رہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سال 2016 میں بھارت نے اب تک ایل او سی پر 199 بار اور ورکنگ باؤنڈری پر 38 بار فائرنگ کی۔ جارحیت میں ستمبر کے بعد انتہائی تیزی آئی۔ ورکنگ باؤنڈری پر اکتوبر سے قبل صرف ایک بار لیکن اکتوبر سے اب تک 37 بار فائرنگ ہوئی۔

    عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں مارے گئے بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد ہمارے شہید فوجیوں سے 3 گنا زائد ہے۔ بھارت ہلاکتیں چھپاتا ہے لیکن ہم اپنی شہادتیں نہیں چھپاتے۔

  • ہلاک بھارتی فوجیوں‌ کی تعداد ہمارے شہدا سے 3 گنا زائد ہے، عاصم باجوہ

    ہلاک بھارتی فوجیوں‌ کی تعداد ہمارے شہدا سے 3 گنا زائد ہے، عاصم باجوہ

    اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت پر خاموش نہیں رہتے بھرپور جواب دیتے ہیں،سرحدوں پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں مارے گئے بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد ہمارے شہید فوجیوں سے 3 گنا زائد ہے، بھارت ہلاکتیں چھپاتا ہے لیکن ہم اپنی شہادتیں نہیں چھپاتے۔

     اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے 7 جوان لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے، یہ بہت افسوس ناک واقعہ ہے، ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی جارحیت ستمبر میں شروع ہوئی جو تاحال جاری ہے، قبل ازیں بھی ہمارے دو فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔

    یہ پڑھیں: بھمبر میں بھارتی فائرنگ سے 7 فوجی جوان شہید، دفتر خارجہ کا احتجاج


    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر ہم نے ہمیشہ جواب دیا اور کبھی خاموش نہیں رہے، سال 2016ء میں بھارت نے اب تک ایل او سی پر 199 بار اور ورکنگ بائونڈری پر 38 بار فائرنگ کی، جارحیت میں ستمبر کے بعد انتہائی تیزی آئی، ورکنگ بائونڈ پر اکتوبر سے قبل صرف ایک بار لیکن اکتوبر سے اب تک 37 بار فائرنگ ہوئی۔

     یہ پڑھیں: بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف راحیل شریف

    انہوں نے بتایا کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر زبردست خطاب کیا جس کے بعد سے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر فائرنگ کے واقعات میں تیزی آئی ہے ساتھ ہی کشمیر میں تحریک آزادی زوروں پر ہے جو کہ بھارت سے اب کنٹرول نہیں ہورہی۔

    اسی سے متعلق: پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، وزیراعظم

    انہوں نے کہا کہ جب بھی کشمیر میں تحریک آزادی زور پکڑتی ہے تو سرحدوں پر بھارتی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، بھارت نے سرجیکل اسٹرائیکس کا ڈرامہ رچایا جس پر پوری دنیا نے یقین نہیں کیا اور سوالات کیے۔

    یہ بھی پڑھیں: دفترخارجہ کی بھمبرسیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

    عاصم باجوہ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں فائرنگ اور جوابی فائرنگ کے دوران مارے گئے بھارتی فوجیوں کی تعداد ہمارے شہید فوجیوں کی تعداد سے تین گنا زائد ہے لیکن بھارتی ہلاکتیں چھپاتا ہے اور ہم اپنے فوجیوں کی شہادتیں نہیں چھپاتے جب کہ بھارتی ہلاکتوں کی تعداد کم کرکے بتاتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 13 برس کے بعد پہلی بار بھارتی فوجیوں نے جارحیت کے دوران آرٹلری بھی فائر کیا، جب بھی یہ فائرنگ کرتے ہیں تو شروعات گاؤں سے کرتے ہیں ۔

  • ایل او سی پر بھارتی جارحیت، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

    ایل او سی پر بھارتی جارحیت، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: پاکستان نے کھوئی رٹہ، بٹل سیکٹرز سمیت لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا۔

    دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔

    دفتر خارجہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ روز سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے باعث 4 شہری شہید اور 7 زخمی ہوئے۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت 2003 کے سمجھوتے کی پاسداری کرے۔ علاوہ ازیں سارک فورم کے ذریعے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں کی تحقیقات کروائی جائیں۔

    اعلامیہ میں سارک ممالک پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کو پابند بنایا جائے کہ وہ سیز فائر کا احترام کریں، شہری آبادی کو نشانہ نہ بنائیں اور ایل او سی پر امن کو یقینی بنایا جائے۔

    واضح رہے کہ رواں برس بھارت نے لائن آف کنٹرول پر 222 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کے باعث 26 معصوم شہری شہید اور 107 زخمی ہوئے۔

  • کشمیر میں‌ بھارتی مظالم پر دستاویزات امریکا کے حوالے

    کشمیر میں‌ بھارتی مظالم پر دستاویزات امریکا کے حوالے

    واشنگٹن: پاکستان نے کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق ڈوزئیر امریکا کے حوالے کردیے اور مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم بند کرایا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ واشنگٹن جہانزیب علی نے بتایا کہ یہ ثبوت امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے امریکی حکام کے حوالے کیے ہیں۔

    نمائندے سے بات کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ دولاکھ کے قریب پاک فوج افغان بارڈر پر موجود ہے اگر سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوگا تو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ہمارا آپریشن متاثر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی کشمیر میں مظالم پر تشویش کااظہار کیا ہے،بھارتی جارحیت پر امریکا سے مسلسل رابطے میں ہیں، امریکا سمیت عالمی برادری کو کشمیر میں مظالم پر تشویش ہے، امریکا سے مطالبہ ہے کہ وہ امریکا کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

  • بھارتی جارحیت، پیمرا کا انڈین چینلز کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    بھارتی جارحیت، پیمرا کا انڈین چینلز کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    اسلام آباد : پیمرا نے پندرہ اکتوبر سے بھارتی چینلز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا، غیرقانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    بھارتی جارحیت کے خلاف پیمرا بھی ایکشن میں آگیا اور انڈین چینلز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سے ملاقات میں چیئرمین پیمرا ابصارعالم نے بھارتی چینلز اور غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف کارروائی کیلئے تعاون مانگ لیا ۔

    وزیراعلی شہباز شریف کو بریفنگ دینے کے بعد چیئرمین پیمرا نے پندرہ اکتوبر سے انڈین چینلز اور غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

    شہباز شریف نے چیئرمین پیمرا کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب کے بڑے شہروں میں پیمرا دفاتر کے قیام کیلئے بھی مدد کرے گی۔

    پیمرا وفد نے انڈین چینلز کے خلاف کریک ڈاؤن پر بلوچستان حکومت سے بھی رابطہ کیا ہے۔

     

     

  • پاکستان نے سرجیکل اسٹرائیک کے بھارتی دعوی کو مسترد کردیا

    پاکستان نے سرجیکل اسٹرائیک کے بھارتی دعوی کو مسترد کردیا

    راولپنڈی : پاکستان نے بھارتی فوج کے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت ایسا کرتا تو منہ توڑ جواب دیتے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بھارتی دعوی کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی گئی ،اگر بھارت نے کوئی سرجیکل اسٹرائیک کی تو اسی انداز میں جواب دیں گے ۔

    ترجمان آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اپنی عوام کو جھوٹی تسلیاں دے رہا ہے بھارت نے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی البتہ گزشتہ رات سے کراس بارڈر فائرنگ کر رہا ہے جس کا پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔

    اسی سے متعلق : بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، 2 فوجی اہلکار شہید

    واضح رہے اس قبل بھارتی ڈی جی ایم او رنبیر سنگھ نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ خفیہ اداروں نے بھارتی فوج کو معلومات فراہم کیں کہ لائن آف کنٹرول سے دہشت گرد در اندازی کریں گے جس پر پاکستانی حکام کو �����پیشگی آگاہ کرتے ہوئے سرجیکل اسٹرائیکس کی گئیں اور دہشت گردی کا حملہ ناکام بنا یاگیا۔

    india-1

    پاکستان فضائیہ کی کی جانب سے بھارت کے اس مضحکہ خیز دعوی کو بھی جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کر دیا ہے.،پاک فضائیہ نے کہا کہ بھارت جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں ملکی سرحدوں پر مستعد ہیں۔

    واضح رہے بھارتی فوج نے بھمبھر، تتہ پانی، کیل، لیپہ سیکٹروں پر بلا اشتعال فائرنگ کی، فائرنگ کا سلسلہ رات ڈھائی بجے شروع ہوا، جو صبح آٹھ بجے تک جاری رہی، بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں دوجوان شہید ہوگئے۔

  • بھارتی جارحیت کیخلاف لاہورکے تاجروں کا انوکھا احتجاج

    بھارتی جارحیت کیخلاف لاہورکے تاجروں کا انوکھا احتجاج

    لاہور : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کیخلاف لاہور کے تاجروں نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر ہزاروں گز بھارتی کپڑا جلا دیا، عوام نے تاریخی چوک کو برہان وانی شہید کے نام سے منسوب کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات پر ملک بھرمیں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔


    Historical roundabout in Peshawar named after… by arynews

    پاکستان مخالف بیان پر لاہور کے تاجروں نے بھارت سے درآمد شدہ کپڑا نذرآتش کر کے اوریگا چوک کا نام برہان وانی شہید چوک رکھ کر دیا۔

    اوریگا سینٹر کے تاجروں نے بھارتی کپڑے کی خرید و فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجا 6 ہزار گز قیمتی بھارتی کپڑا نذر آتش کیا۔

    اس موقع پر پاکستان مخالف بیانات پر تاجروں نے مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ اگربھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو اس کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ تاجروں نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اوریگا چوک کا نام تبدیل کر کے برہان وانی شہید چوک رکھ دیا۔

    اس کے علاوہ جمرود میں قبائلی عمائدین کے جرگہ میں سبز ہلالی پرچم سے بھرا پنڈال پاکستان زندہ باد کے نعرون سے گونج اٹھا۔

    خیبر ایجنسی میں بھی عمائدین نے ملکی سالمیت کیلیے پاک فوج کی حمایت کا اعلان کردیا، پشاور کے عوام بھی مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور پاک فوج کا حوصلہ بڑھانے میدان میں آگئے اور پاک افواج کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگائے۔