Tag: بھارتی ریاست گجرات

  • احمد آباد طیارہ حادثے پر بلاول بھٹو کا ردِعمل

    احمد آباد طیارہ حادثے پر بلاول بھٹو کا ردِعمل

    بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں اڑان بھرنے کے فوری بعد گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے کے حادثے پر سابق وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 12 جون کی دوپہر کو ایئر انڈیا کا طیارہ لندن کے لیے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد حادثے کا شکار ہوا، طیارے میں 242 مسافر اور عملے کے ارکان شامل تھے۔

    بھارت میں اس افسوسناک حادثے پر پاکستان کے سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے جس میں  انہوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ طیارے حادثے میں جانی نقصان پر شدید افسوس ہے، مسافر طیارہ حادثے کے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں۔

    دوسری جانب پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بھی بھارتی طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ حادثے میں انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس ہے، مشکل وقت میں ہماری دعائیں طیارہ حادثے کے متاثرین کیساتھ ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/passenger-plane-crashes-near-ahmedabad-airport/

    واضح رہے کہ بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 120 مسافر ہلاک ہوگئے، شہری آبادی پر طیارہ گرنے کے بعد کئی زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • اگر عزم جواں ہو تو منزل دور نہیں، تین فٹ قد والے ڈاکٹر کی داستان!

    اگر عزم جواں ہو تو منزل دور نہیں، تین فٹ قد والے ڈاکٹر کی داستان!

    انسان اگر کچھ حاصل کرنے کی لگن میں سرگرداں ہوجائے تو اسے منزل مل ہی جاتی ہے ایسا ہی کچھ چھوٹے قد والے ڈاکٹر کے ساتھ بھی ہوا۔

    پہلے جس شخص کو حکام کی جانب سے نااہل قرار دیا گیا تھا بالآخر وہ انتہائی چھوٹے قد والا نوجوان ڈاکٹر بن گیا جو اب بڑی جانفشانی سے اپنے مریضوں کا علاج کرتا ہے۔ اسے اپنا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کیا مشکلات پیش آئیں یہ بھی ایک حیرت انگیز کہانی ہے۔

    بھارت سے تعلق رکھنے والے تین فٹ کے نوجوان نے قد کو اپنی خواہشوں کے آگے رکاوٹ نہ بننے دیا اور مصائب و مشکلات کے باجود ڈاکٹر بن کر اپنے خوابوں کی تعبیر پالی۔

    ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے رہائشی 23 سالہ گنیش برایا غیرمعمولی طور پر پستہ قد کے حامل ہیں مگر وہ شروع سے ڈاکٹر بننا چاہتے تھے جس کے لیے انھوں نے انتھک محنت کی اور کامیاب ہوئے۔

    ڈاکٹر بننے سے قبل ان کی راہ میں کئی رکاوٹیں بھی آئیں۔ تین فٹ کے گنیش برایا کو ابتدائی طور پر میڈیکل کونسل آف انڈیا نے ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا۔ کونسل کے مطابق چھوٹے قد کے باعث وہ ایمرجنسی کیسز کنٹرول نہیں کر سکتے۔

    اپنی دھن کے پکے نوجوان نے ہمت نہیں ہاری اور اپنے خواب کی تعبیر کے لیے اُس نے اپنے اسکول کے پرنسپل کے ساتھ مل کر ضلع کلکٹر اور ریاستی وزیر تعلیم سے اس سلسلے میں مدد مانگی۔

    میڈیکل کونسل آف انڈیا کیخلاف گنیش برایا نے گجرات ہائی کورٹ مقدمہ دائر کیا مگر وہ یہ مقدمہ ہار گئے لیکن پھر بھی انھیں یقین تھا کہ وہ منزل پالیں گے۔

    اس فیصلے کیخلاف نوجوان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جہاں سے گنیش نے 2018 میں مقدمہ جیت لیا اور آخر کار 2019 میں ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کرلیا۔

    وہ ایم بی بی ایس کے بعد بھاو نگر کے اسپتال میں انٹرن شپ بھی کرچکے ہیں۔ نوجوان ڈاکٹر کا کہنا ہے مریض مجھے دیکھ کر چونک جاتے ہیں لیکن پھر وہ مجھے بطور معالج قبول کرتے ہیں میں ان کا علاج کرتا ہوں۔

    اتنے کٹھن سفر کے باجود اور چھوٹے قد کی رکاوٹ کے باجود ایک نوجوان کا اپنی منزل پالینا یقیناً اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اگر حوصلے بلند ہوں تو پھر منزل مل ہی جاتی ہے۔

  • سوفٹ ویئر انجینئر نے محبوب کی بے اعتنائی پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا

    سوفٹ ویئر انجینئر نے محبوب کی بے اعتنائی پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا

    محبوب کی جانب سے دھوکہ دینے کے بعد سوفٹ ویئر انجینئر نے پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    بھارتی ریاست گجرات میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 35 سالہ سوفٹ ویئر انجینئر خاتون نے محبوب کی جانب سے دھوکہ دینے پر خودکشی کا انتہائی قدم اٹھالیا۔ غیرشادی شدہ خاتون کی لاش اس کے اپارٹمنٹ میں پائی گئی۔ امکان ہے خاتون نے پھندا لگا کر اپنی جان لی۔

    عطاپور پولیس نے اس حوالے سے بتایا کہ آدیتی بھردواج نامی خاتون کو ان کا محبوب دھوکہ دے رہا تھا جس کے ساتھ اس کا پرانا تعلق تھا۔

    انسپکٹر پولی یاداگری نے انکشاف کیا کہ آدیتی کئی سالوں سے اپنے دوست کے ساتھ رشتے میں تھی تاہم اس کے دغا دینے پر وہ جذباتی طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی۔

    خاتون نے سوشل سرگرمیوں میں حصہ لینا ترک کردیا تھا، وہ اپنے ہاسٹل کی ساتھیوں سے ملنے جلنے اور ساتھ کھانا کھانے سے بھی کافی عرصے سے گریز کررہی تھی۔

    پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ ہم ملزم کو پکڑنے کے لیے تکنیکی شواہد پر کام کررہے ہیں۔ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لیا جائے گا۔

    اپارٹمنٹ کا دروازہ توڑ کر بھارتی خاتون کی لاش نکالی گئی تھی جسے پوسٹمارٹم کے لیے عثمانیہ جنرل اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

  • ویڈیو: سڑک پر بکھرے ہیرے چننے کے لیے لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا

    ویڈیو: سڑک پر بکھرے ہیرے چننے کے لیے لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا

    سڑک پر تاجر کے ہاتھوں سے ہیرے کا پیکٹ کیا گرا کہ انھیں تلاش کرنے کے لیے لوگوں کا جم غفیر جمع ہوگیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    بھارتی ریاست گجرات میں اس وقت عجیب و غریب صورتحال دیکھنے میں آئی جب لوگوں کو پتا چلا کہ ایک تاجر کا ہیروں سے بھرا پیکٹ سڑک پر گر گیا ہے۔ آس پاس موجود سب لوگ ان ہیروں کو پالینے کی چاہت میں سڑک پر اسے دیوانوں کی طرح ڈھونتے رہے۔

    سورت میں واقع ورچہ کے علاقے میں ہیروں کی خرید و فروخت کی جاتی ہے۔ وہاں غلطی سے ایک تاجر کا ہیروں کا پیکٹ سڑک پر گر پڑا۔

    جس شخص کو بھی اطلاع وہ اس سڑک پر ہیرے ڈھونڈنے پہنچ گیا تاکہ اس کے ہاتھ بھی قیمتی ہیرے لگے اور وہ امیر ہوجائے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق سڑک پر ہیروں کو تلاش کرتے ہوئے لوگ مٹی بھی اٹھاتے دیکھے گئے جب کہ اس دوران رش کی وجہ سے وہاں ٹریفک بھی جام ہوگیا۔

    ارون نامی شخص کو ایک ہیرا ڈھونڈنے میں کامیاب ہوگیا مگر وہ نقلی ہیرا نکلا جسے امریکی ڈائمنڈ کہا جاتا ہے ۔ بعد میں معلوم ہوا کہ جس تاجر کے ہیروں کا پیکٹ گرا دراصل وہ نقلی ہیرے تھے جو کہ آرٹیفیشل جیولری میں استعمال ہوتے ہیں۔

  • سمندری طوفان وایو کل بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا، ہائی الرٹ جاری

    سمندری طوفان وایو کل بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا، ہائی الرٹ جاری

    ممبئی : بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان وایوکل بھارت کی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا، گجرات میں ہائی الرٹ نافذ کردیا گیا اور اسکولز اورکالجز بھی بندکردئیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان شدت اختیار کرگیا، سمندری طوفان وایوکل بھارت کی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا، جس سے گوا سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوگی اور سوکلومیٹرفی گھنٹہ سے زیادہ رفتارکی ہوائیں چلیں گے۔

    سمندری طوفان کے باعث گجرات میں ہائی الرٹ نافذ کردیا گیا اور اسکولز اورکالجز بھی بندکردئیے گئے ہیں جبکہ تین لاکھ افراد کومحفوظ مقامات پرمنتقل کیا جارہا ہے۔

    سمندری طوفان کے باعث ممبئی میں بھی طوفانی بارش کا امکان ہے، حکام نے ماہی گیروں کوپندرہ جون تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے جبکہ سمندری ساحلوں پر لوگوں کو نہ جانے کی صلاح دی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جینت سرکار نے بتایا طوفان نے اور زیادہ خطرناک طوفان کی شکل لے لی ہے، صبح یہ گجرات کے ویراول ساحل سے تقریباً 340 کلومیٹر جنوب میں واقع تھا۔ یہ کل صبح پوربندر سے مہوا کے درمیان ویراول کے آس پاس زمین سے ٹکرائے گا۔

    انھوں نے کہا اس وقت اس کی رفتار پہلے کے اندازے کے مطابق 110 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کے مقابلے میں اور زیادہ 145 سے 155 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے اور اس کے ساتھ کبھی کبھی ہوا کی رفتار 175 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائےگی۔

    دوسری جانب طوفان وایو سے پاکستان میں بھی سندھ کے جنوب مشرقی علاقے بھی طوفان سے متاثرہوسکتے ہیں،ماہی گیروں کوگہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی کے ساتھ تیزبارش بھی متوقع ہے جبکہ وایو طوفان کے باعث کراچی میں آئندہ دو روز شدید گرمی رہے گی، پارہ 40 ڈگری کو چھو سکتا ہے۔

    خیال رہے سال 2014 کے اکتوبر میں نیلوفر طوفان اور 2017 کے دسمبر میں اوکھی طوفان گجرات ساحل سے ٹکراتے وقت کم دباؤ میں تبدیل ہوگئے تھے، اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔