Tag: بھارتی سفارتکار

  • سکھ رہنما کا قتل ، کینیڈا کا  بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا حکم

    سکھ رہنما کا قتل ، کینیڈا کا بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا حکم

    اوٹاوا: سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے کے بعد کینیڈا نے بھارتی کے سینئر سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آگئے، ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں کینیڈا کے بھارت سے تعلقات کشیدہ ہوگئے۔

    کینیڈین وزیر خارجہ میلینی جولی نے کہا کہ کینیڈا نے بھارتی کے سینئر سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا، جو کینیڈا میں را کا سربراہ ہے۔

    رپورٹس کے مطابق کینیڈا کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے بھارت کا ہنگامی دورہ کیا تھا اور بھارتی ہم منصب سے ملاقات بھی کی تھی۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کےموقع پر مودی سرکارکا مکروہ چہرہ بےنقاب ہوگیا، عالمی فورم پر مودی سرکار کو غیرملکی سرزمین پر مداخلت اور قتل وغارت گری کا جواب دینا ہوگا۔

    اس سے قبل کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارت پر کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا گزشتہ چند ہفتے سے کینیڈین ایجنسیز ہردیپ سنگھ کے قتل کی تفتیش کررہی ہیں، ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پر تحقیقات جاری ہیں۔

    کینیڈا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کینیڈین سرزمین پر شہری کے قتل میں غیر ملکی حکومت کا ملوث ہونا ہماری خود مختاری کیخلاف ہے، انٹیلی جنس نے کینیڈین شہری کی موت اور بھارتی حکومت کےدرمیان تعلق کی نشاندہی کی ہے۔

    انھوں نے بتایا تھا کہ کینیڈین شہری کے قتل کا معاملہ جی ٹوئنٹی کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم کیساتھ اٹھایا تھا۔

    خیال رہے خالصتان کے حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں گوردوارے کے سامنے اٹھارہ جون کو قتل کیا گیا تھا، خالصتان کے حامیوں نے ہردیپ سنگھ کے قتل کا بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں پر الزام عائد کیا تھا۔

    ہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف سکھوں نے ٹورنٹو اور لندن سمیت دنیا بھر میں مظاہرے بھی کئے تھے۔

  • کلبھوشن نے بھارتی سفارت کاروں کا گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا

    کلبھوشن نے بھارتی سفارت کاروں کا گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا

    اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق سفارتی ذرایع نے انکشاف کیا ہے کہ رواں برس 16 جولائی کو انھوں نے بھارتی سفارت کاروں کا ایک گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 16جولائی کو قونصلر رسائی دی گئی تھی، اب سفارتی ذرایع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ناظم الامور نے اس دن قونصلر رسائی کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ بنا لیا تھا، تاہم خود کلبھوشن نے یہ گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بھارتی ناظم الامور گوروو آہلووالیا نے کلبھوشن یادیو سے تلخ کلامی کی، بھارتی ناظم الامور نے کلبھوشن کو دیکھتے ہی دماغی طور پر غیر حاضر اور پاگل قرار دے دیا تھا۔

    جواب میں کلبھوشن نے غصے میں بھارتی ناظم الامور کو کھری کھری سنا دی تھی، کلبھوشن نے کہا آپ نیوی کے ایک سینئر کمیشن افسر کو پاگل اور دماغی غیر حاضر کیسے کہہ سکتے ہیں، میں ہشاش بشاش، تندرست اور دماغی طور پر مکمل حاضر ہوں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت کو عدالت سے رجوع کا موقع فراہم کردیا

    ذرایع نے بتایا کہ 16 جولائی کو بھارتی ہائی کمیشن کے صرف ایک سفارت کار کو ملاقات کی اجازت دی گئی تھی لیکن بھارتی ناظم االامور کے اصرار پر 2 سفارت کاروں کو ملاقات کرائی گئی۔

    کلبھوشن کا پاکستانی اعلیٰ حکام سے بھی مکالمہ ہوا تھا، بھارتی جاسوس نے دریافت کیا تھا کہ کیا میں پاکستان میں بھی بہت مشہور ہوں؟

  • ناپسندیدہ بھارتی سفارتکار اہل خانہ سمیت ہندوستان روانہ

    ناپسندیدہ بھارتی سفارتکار اہل خانہ سمیت ہندوستان روانہ

    اسلام آباد: پاکستان میں بھارتی سفارت خانے کا اہلکار سرجیت سنگھ اہل خانہ سمیت بھارت روانہ ہوگیا،بھارتی سفارتکار کو پاکستان نےناپسندیدہ شخصیت قراردیاتھا۔

    تفصیلات کےمطابق بھارتی سفارت کار اہل خانہ کے ہمراہ غیر ملکی پروازEk6t پر دبئی کے راستے انڈیا روانہ ہوگیا۔سرجیت سنگھ کو27 اکتوبر کو ناپسندیدہ شخص قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو دفتر خارجہ طلب کر کے، بھارتی سفارت کار سُرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخص قرار دیے جانے کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں:بھارتی ہائی کمیشن کے افسر کو پاکستان چھوڑنے کا حکم

    سیکریٹری خارجہ نے بھارتی سفارتی اہلکار کی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرجیت سنگھ کی سرگرمیاں ویانا کنونشن اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہیں۔

    بھارتی ہائی کمشنر سے کہا گیا کہ وہ سرجیت سنگھ اور ان کے خاندان کے 29 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کے حوالے سے فوری طور پر ضروری انتظامات کریں۔

    مزید پڑھیں:نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کی گرفتاری و رہائی، ملک چھوڑنے کا حکم
    یاد رہے کہ قبل ازیں بھارت نے جاسوسی کا الزام عائد کرکے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک افسر محمود اختر کو ’ناپسندیدہ شخص‘ قرار دے کر 48 گھنٹوں کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے کہ بعد ازاں پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی نئی دہلی کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے افسر کو ’ناپسندیدہ شخص‘ قرار دینے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہندوستان کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

  • بھارتی سفارتکار ناپسندیدہ شخصیت قرار، ملک چھوڑنے کا حکم

    بھارتی سفارتکار ناپسندیدہ شخصیت قرار، ملک چھوڑنے کا حکم

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارت کے سفارت کار سرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا اور انہیں اہل خانہ سمیت 29 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کر کے پاکستان کی جانب سے بھارتی سفارتی اہلکار سرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے خاندان سمیت ملک چھوڑنے کے فیصلے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

      اس سے پہلے بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو حراست میں لے کر چھوڑ دیا گیا تھا۔ بھارت نے پاکستانی اہلکار محمود اختر کو ملک چھوڑنے کا حکم  دیا تھا۔

    بھارتی سفارت کار کو 29 اکتوبر تک ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق بھارتی سفارت کار کی سرگرمیاں ویانا کنونشن کے خلاف ہیں۔

    سیکریٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر سے بھارتی سفارتی اہلکار کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ کچھ دیر قبل بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے افسر محمود اختر کو ناپسندیدہ اور جاسوس قرار دے کر۔بھارت چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا۔

  • نیویارک: بھارتی خاتون سفارتکار پر امریکہ میں فرد جرم عائد

    نیویارک: بھارتی خاتون سفارتکار پر امریکہ میں فرد جرم عائد

    امریکا میں خاتون بھارتی سفارتکار پر جعلی دستاویزات پیش کرنے پر فرد جرم عائد کردی گئی، جرم ثابت ہونے پر دس سال کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق نیو یارک کی ایک عدالت نے گھریلو ملازمہ کے حوالے سے جعلی دستاویزات پیش کرنے پر بھارتی سفارت کار دیویانی كھوبرا گڑے پر فرد جرم عائد کر دیا، پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سفارت کار کوعدالتی کارروائی سے استثنیٰ حاصل ہے تاہم وہ اس وقت امریکا سے روانہ ہوچکی ہیں۔

    گذشتہ ماہ دیوانی کھوبرا گڑے کو گرفتار کرکے ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے اپنی گھریلو ملازمہ کے ویزے کے حصول کے لیے غلط بیانی کی اور اسے کم تنخواہ ادا کی تاہم دیوانی ان تمام الزامات سے انکار کرتی ہیں اور وہ اسوقت ضمانت پر رہا ہیں۔

    اگر بھارتی سفارت کار پر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو انھیں ویزا دستاویزات میں فراڈ کےجرم میں دس سال کی سزا سنائی جاسکتی ہے جبکہ جھوٹ بولنے پر ان کو مزید پانچ سال کی سزا ہوسکتی ہے۔