Tag: بھارتی شہری

  • بھارتی شہری آسٹریلوی خاتون کو قتل کر کے وطن بھاگ آیا، پولیس بھی پیچھے پیچھے

    بھارتی شہری آسٹریلوی خاتون کو قتل کر کے وطن بھاگ آیا، پولیس بھی پیچھے پیچھے

    نئی دہلی: آسٹریلیا میں ایک بھارتی شخص ایک نوجوان خاتون کو قتل کر کے واپس بھارت بھاگ آیا، تاہم آسٹریلوی پولیس بھی اس کے پیچھے پیچے بھارت پہنچ گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی پولیس نے ایک بھارتی ملزم کو پکڑنے کے لیے ریکارڈ 10 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے، بھارتی ملزم 4 سال قبل 2018 میں ایک آسٹریلوی خاتون کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد بھارت فرار ہو گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق 24 سالہ مقتول خاتون اپنے کتے کے ساتھ وینگیٹی بیچ پر چہل قدمی کر رہی تھی، جب انہیں قتل کیا گیا، اگلی صبح ان کی لاش ان کے والد کو ملی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 38 سالہ ملزم راجویندر سنگھ بطور نرس کام کرتا تھا، قتل کے اگلے روز ملزم آسٹریلیا میں اپنی ملازمت، بیوی اور 3 بچوں کو چھوڑ کر ملک سے فرار ہو گیا تھا۔

    تاہم کوئنز لینڈ پولیس ملزم کی تلاش میں اس کے پیچھے بھارت پہنچ گئی۔

    مارچ 2021 میں آسٹریلوی حکام نے بھارتی حکومت سے ملزم کی حوالگی کی درخواست بھی کی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اس شخص کی آخری لوکیشن بھارت کی تھی اور وہ چاہتے ہیں اسے سزا دلوا کر اپنے ملک میں قانون و انصاف کے تقاضے پورے کریں۔

  • ڈھائی فٹ کے بھارتی شہری کو دلہن مل گئی

    ڈھائی فٹ کے بھارتی شہری کو دلہن مل گئی

    نئی دہلی: بھارت میں ڈھائی فٹ قد کے حامل شخص کو بالآخر اپنے ہی قد جتنی لڑکی مل گئی جس کے بعد انہوں نے دھوم دھام سے شادی رچا لی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع شاملی کا رہائشی عظیم منصوری شادی کے بندھن میں بندھ گیا، عظیم کا قد صرف ڈھائی فٹ ہے جبکہ اس کی دلہن کا قد بھی 2 فٹ ہے۔

    32 سالہ عظیم کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے اپنے لیے دلہن کی تلاش میں تھے کیونکہ ان کے قد کی وجہ سے ان کی شادی مشکل ہوگئی تھی۔

    وہ اپنی شادی کے لیے کئی بار سیاست دانوں اور سرکاری افسران سے بھی رابطہ کر چکے تھے، سنہ 2019 میں انہوں نے اتر پردیش کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے بھی رابطہ کیا تھا، تاکہ دلہن کی تلاش میں وہ ان کی مدد کریں۔

    عظیم ایک کاسمیٹک اسٹور کے مالک ہیں اور 6 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔

  • ‘میرا نام کووِڈ کپور ہے’ بھارتی شہری کی زندگی مشکل میں پڑ گئی

    ‘میرا نام کووِڈ کپور ہے’ بھارتی شہری کی زندگی مشکل میں پڑ گئی

    کرونا وائرس نے دنیا بھر میں ہلاکت خیز ہنگامہ تو مچا ہی رکھا ہے، تاہم بھارت میں اس وائرس کے نام کی وجہ سے ایک شہری کی زندگی بھی مشکل میں پڑ گئی ہے، کیوں کہ ان کے نام میں بھی کووڈ آتا ہے، ایک ایسا نام جس کا ذکر سن کر سبھی گھبرا جاتے ہیں۔

    اس بھارتی شہری کا نام کووِڈ کپور ہے’ تاہم نئے کرونا وائرس کے سائنسی نام کا ابتدائی حرف ’ C ‘ ہے جب کہ شہری کا نام ’K ‘ سے شروع ہوتا ہے۔

    2019 کے اواخر میں چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے وائرس نے ہر جانب تباہی مچا رکھی ہے، تب سے 30 سالہ ’کووِڈ کپور‘ کی زندگی بھی اجیرن ہو گئی ہے، ان کے نام کے سلسلے میں لوگوں نے انھیں بھی ‘انسان سے وائرس’ بنا دیا ہے۔

    اس سلسلے میں کووِڈ کپور نے ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ کرونا وائرس نے اُن کی زندگی کافی مشکل بنا دی ہے، اُن کا نام بھی کووِڈ ہے جسے وہ ’کے ‘ سے لکھتے ہیں، لیکن کرونا وائرس آنے کے بعد اُن کا نام بھی لوگ Covid والے ’ C ‘ سے لکھنے لگے ہیں۔

    ٹوئٹ میں کپور نے کہا کہ وہ کافی عرصے کے لاک ڈاؤن کے بعد جب گھر سے باہر نکلے تو ہر کوئی اُن کا نام سُن کر حیران نظر آ رہا تھا، لیکن ابھی تو اُس وقت صحیح مزہ آئے گا جب میں بین الاقوامی سفر پر جاؤں گا۔

    کووِڈ کپور نے ٹوئٹ میں جنم دن کے کیک کی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس پر اس کے دوست نے ان کا نام ’C‘ سے Covid لکھوایا۔

  • بھارتی شہری نے پاکستان میں فراڈ سے زمین الاٹ کروا لی

    بھارتی شہری نے پاکستان میں فراڈ سے زمین الاٹ کروا لی

    لاہور: بھارتی شہری نے پاکستان میں فراڈ سے زمین الاٹ کروا لی، ہائی کورٹ نے الاٹمنٹ منسوخ کر کے اس پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے چیف سیٹلمنٹ کمشنر کی جانب سے الاٹمنٹ منسوخ کرنے کے خلاف بھارتی شہری عبدالرحمان خان کی دائر درخواست پر 16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

    جسٹس چوہدری محمد اقبال نے فیصلے میں لکھا کہ سینئر سول جج لاہور نے بھارتی شہری محمد عمر کے بچوں کو قانونی ورثا قرار دے کر سنگین قانونی بلنڈر کیا، سینئر سول جج لاہور کا بھارتی شہری کے بچوں کو پاکستان میں واقع زمین کا قانونی وارث قرار دینا غیر قانونی ہے۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق درخواست گزار کے والد محمد عمر اور قانونی ورثا بھارت کے مستقل رہائشی ہیں، دشمن ملک کے شہری محمد عمر کے قانونی ورثا پاکستان کی کسی عدالت سے وراثت کی ڈگری حاصل نہیں کر سکتے۔

    عدالت نے فیصلے میں مزید کہا کہ درخواست گزار کے والد بھارت کے مستقل رہائشی رہے اور کبھی بھی پاکستان ہجرت نہیں کی، درخواست گزار اور اس کے والد محمد عمر مہاجر کی تعریف میں نہیں آتے۔

    عدالت نے کہا کہ درخواست گزار مختار خاص کے ذریعے بھی پاکستان میں کیس کی پیروی نہیں کر سکتا، درخواست گزار اور اس کے والد نے غلط بیانی اور فراڈ کے ذریعے پاکستان میں 23 کنال 9 مرلے زمین کی الاٹمنٹ حاصل کی۔

    چیف سیٹلمنٹ کمشنر نے 2009 میں فراڈ کا انکشاف ہونے پر زمین کی الاٹمنٹ عین قانون کے مطابق منسوخ کی۔

    عبدالرحمان کے والد بھارتی شہری محمد عمر کو بھی اپریل 1963 میں اسی 23 کنال زمین کی الاٹمنٹ جولائی 1964 میں منسوخ کی جا چکی ہے۔

  • دھوکے سے 30 لاکھ ڈالر لوٹنے والا بھارتی شہری امریکا میں گرفتار

    دھوکے سے 30 لاکھ ڈالر لوٹنے والا بھارتی شہری امریکا میں گرفتار

    نئی دہلی: امریکا میں مقیم ایک بھارتی شخص نے امریکی شہریوں سے دھوکا دہی کر کے 30 لاکھ ڈالر کی رقم وصول کی تاہم جلد ہی وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں آگیا اور اسے 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے تھا، 29 سالہ ساحل نارنگ مئی کو 2019 میں امریکا میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد اب اسے 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق نارنگ امریکی شہریوں خصوصاً بزرگ شہریوں کو دھوکا دینے کے لیے آن لائن ٹیلی مارکیٹنگ اسکیموں کا اہم حصہ تھا۔ قائم مقام امریکی اٹارنی رچرڈ بی مائرے نے کہا کہ نارنگ نے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔

    بدھ کے روز نارنگ کو 36 ماہ کے لیے وفاقی جیل بھیج دیا گیا، اس کے بعد اس کی 3 سال تک نگرانی کی جائے گی۔

    عدالت میں پیش کردہ معلومات کے مطابق نارنگ نے اپنی اسکیموں کے ذریعے ہزاروں لوگوں کے ساتھ دھوکا دہی کی اور اس دوران تقریباً 15 لاکھ سے 30 لاکھ ڈالر تک کی رقم حاصل کی۔

    ایف بی آئی کے مطابق 9 ماہ کی مدت میں نارنگ نے روزانہ تقریباً 70 سے زائد فون کالز مراکز کو منتقل کیں اور ایک اندازے کے مطابق اس کی جعلی اسکیمیں 30 فیصد تک کامیاب رہیں۔

  • بھارتی شہری نے خود کو گولی مار کر پڑوسیوں کو پھنسا دیا

    بھارتی شہری نے خود کو گولی مار کر پڑوسیوں کو پھنسا دیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے غلطی سے اپنے گھٹنے پر گولی مار لی اور پوچھ گچھ سے بچنے کے لیے جعلی کہانی بنا کر پڑوسی لڑکوں پر اس کا الزام دھر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی ہی چلائی گولی سے حادثاتی طور پر زخمی ہونے والے شخص کا نام سجیت کمار ہے اور وہ بس ڈرائیور ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات پولیس ہیلپ لائن پر کال آئی جس میں سجیت کمار نے کہا کہ وہ اپنے گھر کے قریب موجود پارک کے پاس کھڑے سگریٹ پی رہے تھے کہ 2 لڑکے موٹر سائیکل پر آئے اور معمولی سی بات پر ان کے بائیں گھٹنے پر گولی مار کر فرار ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سجیت کمار اسپتال میں ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ڈپٹی کمشنر پولیس نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کے دوران سجیت کمار سوالات کا درست طریقے سے جواب نہیں دے سکے اور معاملے کو دوسری جانب لے جانے کی کوشش کی۔

    انہوں نے بتایا کہ عینی شاہدین نے بھی کسی طرح کی فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں دیکھا اور جہاں واقعہ ہوا وہاں سے خون کے نشانات بھی نہیں ملے۔

    کمشنر کے مطابق پولیس کی تفتیش اور لڑکوں کے بیان سے یہ بات سامنے آئی کہ سجیت کمار کے پاس پستول تھا، جو اس نے صبح پڑوسی لڑکوں کو بھی دکھایا، بعد میں جب وہ پستول لے کر اپنے کمرے میں گئے تو اس کے بعد زخمی گھٹنے کے ساتھ باہر نکلے۔

    پڑوس کے انہی لڑکوں نے اسے مدد کی پیشکش کی تو انہوں نے انکار کر دیا۔

    پولیس نے بعد ازاں سجیت کمار کی بیوی کو بھی ان کے رشتے دار کے گھر سے گرفتار کرلیا۔

    سجیت کی اہلیہ نے بعد میں پولیس کو اپنے بیان میں کہا کہ ان کے شوہر نے غلطی سے خود کو گولی مار لی تھی اور پستول انہوں نے اپنے کسی دوست یا رشتے دار سے لیا تھا، انہوں نے اپنے شوہر کو بچانے کے لیے اس کی ہدایت پر یہ سب کیا۔

    پولیس نے پستول بھی برآمد کر لیا جو سجیت کمار کی بیوی نے اپنے رشتے دار کے اسکوٹر میں چھپا رکھا تھا۔

    پولیس نے سجیت کمار کے خلاف آرمز ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کر لی ہے جبکہ اس سے پہلے بھی وہ قتل اور غیر قانونی اسلحہ کے کیسز میں ملوث رہے ہیں۔

  • 4 بھارتی شہری دہشت گردوں کی فہرست میں شامل، پاکستان نے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا

    4 بھارتی شہری دہشت گردوں کی فہرست میں شامل، پاکستان نے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے 4 بھارتی شہریوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا، بھارتی دہشت گردوں سے متعلق پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھی آگاہ کر دیا۔

    وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق پاکستان نے چار بھارتی شہریوں وینو مادھا ڈونگارا، ایجوئے مسٹری، گوبندھا پٹنائیک اور انگارا آپا جی کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔

    ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چاروں افراد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، جماعت الاحرار اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے ساتھ منسلک ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی دہشت گردوں کو عالمی فہرست میں شامل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کو 2019 میں خط لکھا تھا تاہم وینو مادھا ڈونگارا کو دہشت گرد قرار دینے پر اعتراض کیا گیا، امید ہے دیگر تینوں نام اقوام متحدہ کی پابندی لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔

    کراچی اور گھوٹکی حملے کے تانے بانے را سے ملتے ہیں، ابتدائی رپورٹ

    یاد رہے کہ چند دن قبل ایک ہی روز کراچی اور اندرون سندھ گھوٹکی شہر میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے تھے، دونوں شہروں میں رینجرز اہل کاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا، سیکورٹی اداروں کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز پر حملے کے لیے روسی ساختہ ہینڈ گرینیڈ استعمال کیا گیا، گھوٹکی واقعے میں بھی ہینڈ گرینیڈ کے استعمال کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

    سیکورٹی اداروں نے حملوں کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ اسی طرح کے دستی بم بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیلز سے برآمد کیے گئے تھے، اور حملوں کے تانے بانے وہیں سے ملتے ہیں۔

  • افغانستان میں سکھوں کی عبادت گاہ پرخودکش حملہ کرنے والا بھارتی شہری نکلا

    افغانستان میں سکھوں کی عبادت گاہ پرخودکش حملہ کرنے والا بھارتی شہری نکلا

    کابل : افغانستان میں سکھوں کی عبادت گاہ پرخودکش حملہ کرنے والابھارتی شہری نکلا ، حملہ آور کا تعلق بھارت کے شہر کیرالہ سے ہیں، اور اس کی تصویر تنظیم کے ایک پروپیگنڈا میگزین میں شائع ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ کابل گردوارے پرخودکش حملہ کرنے والابھارتی شہری ہے ، 25سکھوں کا قاتل انجینئر اور بھارت کے شہر کیرالہ کا رہائشی ہے۔

    بھارتی اخبار کے مطابق حملہ آور کی تصویر تنظیم کے ایک پروپیگنڈا میگزین میں بھی شائع ہوئی ، تصویرمیں موجود شخص گزشتہ سال افغانستان میں ڈرون حملے میں ماراگیا تھا۔

    مزید پڑھیں : کابل : گورود وارے پر خود کش حملہ، 25افراد ہلاک، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

    خیال رہے کہ 25 مارچ کو افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے شور بازار میں خودکش بمباروں نے ایک گوردوارے پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں25 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    افغان میڈیا کے مطابق گورود وارے پر حملہ کرنے والے چاروں خود کش حملہ آور بھی مارے گئے تھے، بعد ازاں کابل گوردوارے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

  • ہالی ووڈ فلم جوکر سے متاثر شخص کا آن ایئر گرل فرینڈ کو قتل کرنے کا اعتراف

    ہالی ووڈ فلم جوکر سے متاثر شخص کا آن ایئر گرل فرینڈ کو قتل کرنے کا اعتراف

    چندی گڑھ: بھارتی شہری منیندر سنگھ نے آن ایئر ٹی وی پر اپنی گرل فرینڈ کو ہوٹل کے کمرے میں قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہری مینندر سنگھ نے آن ایئر ٹی وی پر اعتراف کیا کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ کو قتل کیا۔ اس اقدام کا سبب ہالی ووڈ فلم جوکر بتائی جا رہی ہے۔

    بھارتی شہری نے لائیو شو کے دوران میزبان کو بتایا کہ سربجیت کور کو اس نے ہوٹل کے کمرے میں قتل کیا تھا، کیونکہ اس کے اہل خانہ کو یہ پسند نہیں تھا کہ میرا تعلق دوسری ذات سے ہے۔

    منیندر سنگھ نے شو کے دوران بتایا کہ اس نے پولیس کی جانب سے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے بعد گرل فرینڈ کے قتل کا اعتراف کرنے کا فیصلہ کیا۔ سربجیت کور کی لاش 30 دسمبر کو ہوٹل کے کمرے سے ملی تھی۔

    خیال رہے کہ ہالی ووڈ فلم جوکر میں ایوارڈ یافتہ اداکار جیکون فینکس نے ایک ناکام کامیڈین کا کردار نبھایا، فلم کا مرکزی کردار لائیو ٹی شو میں قتل کرنے کا اعتراف کرتا ہے۔

    اداکارہ نے ماں کو چھریوں کے وار سے قتل کرنے کا اعتراف کرلیا

    واضح رہے کہ ہالی ووڈ کی مشہور فلم کیپٹن امریکہ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مولائی فٹز گیرالڈ نے اپنی والدہ کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ اداکارہ نے کانساس سٹی میں گزشتہ ماہ اپنی ماں کو گھر میں چھریوں کے وار سے قتل کیا اور پھر اس بات کی اطلاع پولیس ہیلپ لائن پر خود ہی دی۔

  • بازوئے قاتل کا زور آزمانے والا رام پرشاد بسمل

    بازوئے قاتل کا زور آزمانے والا رام پرشاد بسمل

    بھارت میں شہریت کے متنازع قانون اور مودی کی بدمعاشی کے خلاف تمام ریاستوں میں احتجاج جاری ہے اور اجتماعات کے دوران سنجیدہ اور باشعور شہری ان نعروں اور ترانوں سے مودی سرکار اور اس کے حامیوں کو للکار رہے ہیں جو کروڑوں انسانوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

    سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
    دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے

    یہ شعر بسمل شاہ جہاں پوری کی ایک پابند نظم کا مطلع ہے۔

    شاہ جہان پور (یو پی) میں آنکھ کھولنے والے رام پرشاد بسمل شاہ جہاں پوری ساری زندگی انگریزوں کے خلاف میدانِ عمل میں سرگرم رہے اور اسی پاداش میں موت کی سزا پائی۔

    1893 میں ہوش سنبھالنے کے بعد اپنے وطن کو برطانیہ کی غلامی سے آزاد دیکھنے کی آرزو کرنے والے بسمل نے آزادی کے متوالوں سے رابطہ کیا اور انگریزوں کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے لگے. 1918 میں ایک سازش کیس میں بسمل شاہ جہاں پوری کا بھی نام شامل تھا جس کے بعد انھیں روپوشی اختیار کرنا پڑی۔

    کہتے ہیں وہ ماہر نشانہ باز تھے۔ 1925 میں انگریزوں کے خلاف ایک کارروائی میں حصّہ لیتے ہوئے گرفتار ہوئے۔ مقدمہ چلا اور انگریز سرکار نے انھیں 1927 میں پھانسی دے دی۔

    شعر و ادب کا عمدہ ذوق رکھتے تھے اور خود بھی شاعری کرتے تھے۔ مقدمے کی کارروائی کے دوران ان کی کئی نظمیں مشہور ہوئیں۔ تاہم ان کا زیادہ کلام محفوظ نہ رہ سکا۔ پیشِ نظر نظم کا پہلا شعر بہت مشہور ہوا، اسے بعض لوگ مولانا ظفر علی خان سے منسوب کرتے ہیں، لیکن یہ غلط ہے۔ یہ بسمل شاہ جہاں‌ پوری کا وہ شعر ہے جسے تحریر سے لے کر تقریر تک ہر خاص و عام نے برتا ہے۔

    کبھی یہ نظم انگریز سرکار کے خلاف آزادی کا نعرہ تھی اور آج دنیا بھر میں امن کے لیے خطرہ بن جانے والے مودی کو اس کے ذریعے للکارا جارہا ہے۔

    بسمل شاہ جہاں پوری کا یہ کلام آپ کے ذوقِ مطالعہ کی نذر ہے۔

    سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
    دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے

    وقت آنے دے بتا دیں گے، تجھے اے آسماں
    ہم ابھی سے کیا بتائیں، کیا ہمارے دل میں ہے

    اے شہید ملک و ملت، تیرے جذبوں کے نثار
    تیری قربانی کا چرچا، غیر کی محفل میں ہے

    ساحلِ مقصود پر لے چل، خدارا ناخدا
    آج ہندوستان کی کشتی، بڑی مشکل میں ہے

    دور ہو اب ہند سے تاریکیِ بغض و حسد
    بس یہی حسرت، یہی ارماں ہمارے دل میں ہے

    وہ نہ اگلے ولولے ہیں اب، نہ ارمانوں کی بھیڑ
    ایک مٹ جانے کی حسرت، اب دلِ بسمل میں ہے