Tag: بھارتی طیارہ

  • بھارتی مسافر طیارہ حادثے کی اصل وجہ کیا تھی؟ نئی ویڈیو میں اہم انکشاف

    بھارتی مسافر طیارہ حادثے کی اصل وجہ کیا تھی؟ نئی ویڈیو میں اہم انکشاف

     احمد آباد میں گزشتہ دنوں بھارتی مسافر طیارہ خوفناک حادثے کا شکار ہوا جس میں 270 افراد جان کی بازی ہار گئے، حادثے کی اصل وجہ سامنے آگئی۔

    بھارتی مسافر طیارہ اچانک کیسے گرا؟ اس حوالے سے منظر عام پر آنے والی ایک نئی ویڈیو میں ایسا انکشاف ہوا ہے جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے حادثے سے پہلے جہاز میں آخری بار کیا ہوا تھا اور حادثے کی اصل وجہ کیا تھی۔

    15جون کو دوپہر 1بج کر 39 منٹ پر ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی 171 نے جیسے ہی ٹیک آف کیا جس کے فوری  بعد ہی اس کا کنٹرول ختم ہوگیا اور طیارہ قریبی میڈیکل ہاسٹل سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔

    منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو کے حوالے سے ایک قابل اور تجربہ کار پائلٹ کیپٹن اسٹیو نے تحقیقاتی اداروں کی توجہ ایک اہم نقطے جانب مبذول کروائی ہے۔

     Air India plane

    "چھوٹا سا سرمئی نقطہ”

    ان کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو میں ایک "چھوٹا سا سرمئی نقطہ” دکھائی دے رہا ہے جو دراصل ایک خاص ہنگامی نظام کی نشاندہی کرتا ہے۔

    کیپٹن اسٹیو کا کہنا ہے کہ یہ سرمئی نقطہ دراصل "رام ایئر ٹربائن” (آر اے ٹی ) ہے جو ایک ہنگامی سسٹم ہے۔ یہ اس وقت خود بخود فعال ہو جاتا ہے جب جہاز دونوں انجنوں سے محروم ہو جائے یا مکمل ہائیڈرولک ناکامی کا شکار ہو جائے۔

    انہوں نے بتایا کہ آر اے ٹی ایک چھوٹے پنکھے کی مانند ہوتا ہے جو ہوائی جہاز کے نیچے نکل آتا ہے اور بہت تیز گردش کرتا ہے تاکہ بجلی اور ہائیڈرولک نظام کو عارضی طور پر بحال کیا جاسکے۔

    کیپٹن اسٹیو نے کہا کہ آر اے ٹی کو صرف اس وقت فعال ہونا چاہیے جب جہاز اونچائی پر ہو اور اس کے دونوں انجن مکمل طور پر فیل ہو جائیں لیکن اگر یہ ٹیک آف کے فوراً بعد فعال ہو جائے تو اس کا مطلب ہے کہ اب معاملہ بہت زیادہ سنگین ہوچکا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس ویڈیو میں ایک مخصوص آواز بھی آرہی ہے جو آر اے ٹی کی ہو سکتی ہے، یہ آواز کسی ایک انجن والے چھوٹے ہوائی جہاز کی طرح لگتی ہے۔

    بھارتی طیارے کے کپتان سومیت سبھروال اور ان کے معاون کلائیو کنڈار نے پرواز کے چند سیکنڈ بعد ہی مے ڈے کال دی تھی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں فوراً ہی کسی شدید خرابی کا علم ہو گیا تھا۔

    کیپٹن اسٹیو کے تجزیے کے مطابق جہاز کے دونوں انجنوں کا فیل ہو جانا حادثے کی سب سے زیادہ ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ حتمی طور پر کچھ اس لیے نہیں کہہ سکتے کیونکہ واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

  • بھارتی طیارہ کیسے تباہ ہوا؟   بچ جانے والے مسافر نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا

    بھارتی طیارہ کیسے تباہ ہوا؟ بچ جانے والے مسافر نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا

    احمد آباد : بھارتی شہر احمد آباد میں طیارہ حادثے میں بچ جانے والے مسافر نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد طیارہ حادثے میں بچ جانے والے مسافر کا بیان سامنے آگیا، جس میں طیارے کی تباہی کا احوال سنایا۔

    بھارتی نژاد برطانوی شہری وشواش کمار نے بھارتی اخبار کو بتایا ٹیک آف کےتیس سیکنڈ بعد زور دار آواز آئی اور پھر طیارہ گرکرتباہ ہوگیا، یہ سب اتنی جلدی ہوا ، نہیں جانتا کہ جہاز سے کیسے بچ گیا، میرے چاروں طرف لاشیں بکھری پڑی تھیں۔

    مسافر کا کہنا تھا میں خاندان سے ملنے بھارت آیا تھا اور اپنےبھائی کےساتھ واپس برطانیہ جا رہا تھا، جو ایک مختلف قطار میں بیٹھا تھا، میں نہیں جانتا تھا کہ آیا میرا بھائی بچ گیا یا نہیں۔

    مزید پڑھیں : ویڈیو: بھارتی طیارہ حادثے میں ایک مسافر چھلانگ لگا کر بچ گیا

    یاد رہے گذشتہ روز ایئر انڈیا کا طیارہ احمد آباد شہر میں گر کر تباہ ہو گیا، فلائٹ میں سوار 242 افراد میں سے 241 کی موت ہو گئی تھی، جس ایک واحد زندہ مسافر بچ گیا تھا۔

    حادثے کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی، جس میں ایک شخص کو خون آلود قمیض میں جائے وقوعہ سے چلتے ہوئے دکھایا گیا، وشواش کو سینے، آنکھوں اورٹانگوں پرشدید چوٹیں آئیں۔

    احمد آباد سول ہسپتال کے پروفیسر اور سرجری کے سربراہ ڈاکٹر رجنیش پٹیل نے بتایا کہ رمیش کی حالت "زیادہ نازک نہیں ہے، وہ زیادہ بری طرح سے زخمی نہیں ہے۔ وہ بہت آرام دہ اور سخت نگرانی میں ہے۔

  • بھارت کا فوجی طیارہ راجھستان میں گر کر تباہ

    بھارت کا فوجی طیارہ راجھستان میں گر کر تباہ

    نئی دہلی : بھارتی ریاست راجستھان میں معمول کی مشقوں کے دوران انڈین ایئر فورس کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تاہم پائلٹ محفوظ رہا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثہ تیکنکی خرابی کے باعث پیش آیا، مگ 29 لڑاکا طیارہ راجستھان میں رات کے معمول کے تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوا تاہم پائلٹ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔

    طیارے کے زمین پر گرتے ہی اس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے لڑاکا طیارہ جل کر خاکستر ہوگیا، پائلٹ نے پیرا شوٹ کی مدد سے طیارے سے چھلانگ لگائی۔

    بھارتی طیارہ

    فوجی حکام نے بتایا ہے کہ لڑاکا طیارہ رات 10 بجے کے قریب رہائشی علاقے سے دور گر کر تباہ ہوا۔ بھاتی فضائیہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال مارچ اور جون میں بھارتی فضائیہ کے دو طیارے بھی معمول کی مشقوں کے دوران حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوچکے ہیں۔

  • فرانس نے بھارتی طیارہ واپس روانہ کردیا

    فرانس نے بھارتی طیارہ واپس روانہ کردیا

    انسانی اسمگلنگ کے شبے میں فرانس نے 4 روز تک روکے گئے بھارتی طیارے کو واپس بھارت روانہ کردیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جہاز کو 21 دسمبر کو تحویل میں لے لیا گیا تھا۔

    رومانین طیارہ متحدہ عرب امارات سے مسافروں کو لیکر نکاراگوا کی جانب گامزن تھا، فرانس کے واٹری ائیرپورٹ پر طیارے نے سپلائی کیلئے لینڈ کیا تھا۔

    طیارے میں 300 سے زیادہ بھارتی باشندے سوار تھے، امارات سے نکاراگوا جانے والے طیارے کو چار روز تک فرانس کی شمپین کاؤنٹی کے ائیرپورٹ پر روک لیا گیا تھا۔

    مقامی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ طیارے کے 303 مسافروں میں سے 276 کو ممبئی واپس روانہ کردیا گیا ہے، جبکہ باقی 25 مسافروں نے فرانس میں سیاسی پناہ کی درخواست دائر کردی ہے، ان میں 21 ماہ کا بچہ اورمتعدد نابالغ بھی شامل ہیں۔

    راہول گاندھی نے کون سے سفر کا ارادہ کرلیا۔۔۔؟

    پیرس کے پراسیکیوٹر کے دفترکے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد طیارے کو روکا تھا۔ 2 افراد کوانسانی اسمگلنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا، جنہیں جج کے سامنے پیش ہونے کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔

  • انسانی اسمگلنگ کے شبہے میں فرانس میں بھارتی طیارہ روک لیا گیا، 300 شہریوں سے تفتیش

    انسانی اسمگلنگ کے شبہے میں فرانس میں بھارتی طیارہ روک لیا گیا، 300 شہریوں سے تفتیش

    پیرس: بین الاقوامی طور پر دہشت گردی کے بعد بھارت کا انسانی اسمگلنگ میں بھی نام سامنے آنے لگا ہے، دبئی سے فرانس میں اترنے والے ایک بھارتی طیارے کو باقاعدہ طور پر حراست میں لیے جانے کی خبر آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی حکام نے کہا ہے کہ ایک طیارہ جس میں 300 سے زیادہ ہندوستانی مسافر سوار تھے، جسے جمعرات سے فرانس کے ایک ہوائی اڈے پر حراست میں لیا گیا تھا، انسانی اسمگلنگ کی اطلاعات کی تحقیقات کے بعد جانے کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

    دبئی سے آنے والا طیارہ ایندھن بھروانے کے لیے فرانس کے ہوائی اڈے پر اترا تو حکام نے انسانی اسمگلنگ کے متاثرین کی موجودگی کی اطلاع پر بھارتی طیارے کو روک لیا۔

    فرانسیسی حکام کو ایک گمنام اطلاع ملی تھی کہ طیارے میں انسانی اسمگلنگ کے متاثرین کو لے جایا جا رہا ہے، فرانس کے چار ججوں نے طیارے میں سوار تین سو بھارتی مسافروں سے دو دن تک پوچھ گچھ کی، اور جمعہ کو دو بھارتی مسافروں کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    تفتیش سے وابستہ ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ کچھ انڈین مسافر جو متحدہ عرب امارات میں کام کرتے ہیں، انھوں نے امریکا یا کینیڈا پہنچنے کے لیے نکاراگوا جانے کی کوشش کی تھی۔

    فرانسیسی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر بس اے 340 کو روانہ ہونے کے لیے اجازت دے دی ہے، جس کے بعد یہ طیارہ آج پیر کو روانہ ہونے کی توقع ہے، لیجنڈ ایئرلائنز کے وکیل نے بتایا کہ طیارے کے زیادہ تر مسافر بھارت واپس چلے جائیں گے۔ جب کہ مقامی حکومت کے حوالے سے میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ کئی ایسے مسافر بھی ہیں جنھوں نے فرانس میں سیاسی پناہ کی درخواست کر دی ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق پولیس نے طیارے کو گراؤنڈ کرنے کے بعد حکام نے ہوائی اڈے کو ایک عارضی کمرہ عدالت میں تبدیل کر دیا تھا، ججوں، وکلا اور مترجمین کی ایک تعداد ہنگامی سماعت کے لیے ٹرمینل پر موجود تھے، تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ آیا مسافروں کو مزید روکا جا سکتا ہے یا نہیں۔

  • بھارتی طیارے کی پاکستان میں ایمرجنسی لینڈنگ، ڈاکٹرز نے مسافر کی جان بچالی

    بھارتی طیارے کی پاکستان میں ایمرجنسی لینڈنگ، ڈاکٹرز نے مسافر کی جان بچالی

    احمدآباد بھارت سے دبئی جانے والی پروازکو کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی، پاکستانی ڈاکٹرز نے بھارتی مسافر کی جان بچالی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی طیارے میں سوار مسافر کو ہارٹ اٹیک آنے پر ہوائی جہاز کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ اسپائس جیٹ ایئرکی پرواز ایس جی 15 نے رات ساڑھے 9 بجے کراچی میں لینڈنگ کی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز بھارتی طیارے میں پہنچے اور فوری طبی امداد دے کر مسافر کی جان بچالی گئی۔ تاہم مسافر کا بلڈ پریشراور شوگر لیول کم ہوگیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ بھارتی پرواز میں موجود مسافروں نے تالیاں بجا کر سی اے اے ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا۔ کچھ دیر میں پرواز دبئی کیلئے روانہ کر دی جائےگی۔

    مذکورہ طیارہ احمدآباد بھارت سے دبئی جارہا تھا۔ اس دوران ہوائی جہاز میں سوار ایک مسافر کو ہارٹ اٹیک ہوا جس کے باعث لینڈنگ کی درخواست کی گئی۔

    مسافر کو اچانک ہارٹ اٹیک کے باعث ایئرٹریفک کنٹرول کراچی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لینڈنگ کی اجازت دی۔

  • طیارے میں ایسا کیا ہوا کہ خون کی الٹیاں کرتے ہوئے مسافر جاں بحق ہوگیا

    طیارے میں ایسا کیا ہوا کہ خون کی الٹیاں کرتے ہوئے مسافر جاں بحق ہوگیا

    بھارتی طیارے میں ایک شخص خون کی الٹیاں کرتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، یہ واقعہ ممبئی سے رانچی جانے والی فلائٹ میں پیش آیا۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں جاں بحق ہونے والا مسافر تپ دق کی بیماری میں مبتلا تھا جس کی عمر 62 سال بتائی جاتی ہے، طبعیت بگڑنے پر طیارے میں ہی اسے خون کی الٹیاں ہونا شروع ہوگئیں۔

    ایئر لائن نے اپنے بیان کہا کہ مذکورہ طیارہ رانچی کے لیے محو سفر تھا، بیمار شخص کو طبی امداد فراہم کرنے کے پیشِ نظر فلائٹ کو اچانک ناگپور ڈائیورٹ کیا گیا، وہاں مسافر کو طیارہ سے اتار کر اسپتال لے جایا گیا، تاہم مسافر جانبر نہ ہوسکا۔

    ناگپور میں واقع کے آئی ایم ایس کنگز وے اسپتال کے ڈی جی ایم اعزاز سمیع نے بتایا کہ مذکورہ مسافر کرونک کڈنی ڈیزیز اور تپ دق کی بیماری میں مبتلا تھا، خون کی الیٹاں کرنے کے بعد اس کی طیارے میں ہی موت واقع ہوگئی اسے اسپتال لایا گیا تو وہ مرچکا تھا۔

    واضح رہے کہ جس طیارے میں یہ سارا واقعہ رونما ہوا وہ انڈیگو ایئرلائنز کی ممبئی سے رانچی جانے والی پرواز تھی، طبی ایمرجنسی کے باعث ہی طیارے نے ناگپور میں لینڈنگ کی تھی، مسافر کو ناگپور کے کے آئی ایم ایس اسپتال لے جایا گیا تھا تاہم ہو پہلے ہی انتقال کرچکا تھا۔

  • بھارتی شہری نے بم کی جھوٹی اطلاع دے کر پرواز کیوں رکوائی؟

    نئی دہلی: اپنے دو دوستوں کی الوداعی ملاقات کو طویل کرنے کے لیے بھارتی شہری نے نجی ایئرلائن کی پرواز کو بم کی جھوٹی اطلاع بھیج کر رکوا دیا، تاہم اسے یہ حرکت نہایت مہنگی پڑ گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے دوارکا کے رہنے والے 24 سالہ ابھیناؤ پرکاش کو جمعہ کے روز پونے جانے والی اسپائس جیٹ کی فلائٹ کے ٹیک آف سے قبل جعلی بم کی اطلاع دینے پر گرفتار کر لیا۔

    پرکاش نے پولیس کو بتایا کہ اس نے جعلی بم کال اس لیے کی تاکہ اس کے دوست اپنی گرل فرینڈز کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں، جو اسپائس جیٹ کی فلائٹ سے دہلی سے روانہ ہو رہے تھے۔

    بم کی اطلاع ملنے پر ایئر لائن نے پونے جانے والی فلائٹ کی روانگی کو روک دیا اور جہاز کی مکمل تلاشی لی گئی، تاہم حکام کو جہاز میں سے کوئی مشکوک چیز نہ ملی۔

    دہلی پولیس نے کالر کو ڈھونڈنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی، جنھوں نے ابھیناؤ پرکاش کو ڈھونڈ نکالا، جو برٹش ایئر ویز کے ٹکٹنگ کاؤنٹر پر ایک ٹرینی کے طور پر کام کر رہا تھا۔

    ایئر لائن کے ترجمان نے جمعے کو کہا کہ دہلی سے پونے جانے والی فلائٹ کو آئی جی آئی ایئر پورٹ سے ساڑھے چھ بجے روانہ ہونا تھا، تاہم روانگی سے چند منٹ قبل پرواز کے ریزرویشن آفس میں کال موصول ہوئی کہ جہاز میں بم ہے۔

    ترجمان نے مطابق اطلاع کے وقت فلائٹ میں مسافروں کی بورڈنگ شروع نہیں ہوئی تھی، کال کے بعد جہاز کو عمارت سے دور لے جایا گیا اور بم کو تلاش کیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم کے دوست اپنی گرل فرینڈز کے ساتھ مزید کچھ وقت گزارنا چاہتے تھے اور انھوں نے ملزم سے کوئی راستہ تلاش کرنے کا کہا تھا، تاکہ فلائٹ تاخیر سے روانہ ہو۔

  • بھارتی طیارہ پاکستان کیوں آیا ؟ طیارے میں جانے والے 12 افراد کون تھے؟

    بھارتی طیارہ پاکستان کیوں آیا ؟ طیارے میں جانے والے 12 افراد کون تھے؟

    اسلام آباد : جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے نیا پنڈورہ باکس کھول دیا اور سوال اٹھایا کہ پاکستان آئے بھارتی طیارے میں جانے والے 12 افراد کون تھے؟۔

    تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا، قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی حکومت کیا کررہی ہے۔

    سائرہ بانو نے کہا پاکستان میں بھارتی طیارے پانچ مرتبہ لینڈ کرچکے ہیں، ایک کے بعد دیگرے 4 طیارے کیوں لینڈ کئے اور آج بھی ایک طیارہ آیا اور بارہ مسافر گئے۔

    رکن قومی اسمبلی نے سوال کیا کہ بھارتی طیارے میں جانے والے 12 مسافر کون تھے اور وہ کہاں گئے؟ ہمیں الجھا کر کیا کررہے ہیں۔

    سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ ہم قومی اسمبلی اراکین کو نہیں پتہ کہ جہاز کیوں آرہے اور ان جہازوں میں کیا بھیجا جارہا ہے، موجود حکومت قوم کو اس کا جواب دے۔

    گذشتہ روز بھارت سےآنے والاچارٹرطیارہ کراچی ائیرپورٹ سے بارہ مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوا تھا، 12 مسافروں میں 2غیر ملکی مسافر بھی سوار ہوئے۔

    ائیرپورٹ ذرائع نے بتایا تھا کہ چارٹر طیارہ بھارت کے راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ حیدرآباد دکن سے کراچی آیا، چارٹر طیارہ گلوبل بمبار ڈیئر جی فائیو ہے۔

    دوسری جانب ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا تھا کراچی آنے والا طیارہ بھارت کا نہیں ہے، یہ طیارہ برطانیہ کےجزائرمارشل میں رجسٹرڈ ہے۔

  • بھارتی طیارہ تاحال کراچی ایئرپورٹ پر موجود، مسافروں کو متبادل طیارے سے روانہ کیا جائے گا

    بھارتی طیارہ تاحال کراچی ایئرپورٹ پر موجود، مسافروں کو متبادل طیارے سے روانہ کیا جائے گا

    کراچی : ایئرپورٹ پر موجود بھارتی طیارے کے مسافروں کو متبادل طیارے سے دبئی روانہ کیا جائے گا، جہاز میں موجود مسافروں کو کھانے پینے کی اشیا پہنچا دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سول ایوی ایشن نے بھارتی طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی مسافرطیارہ تاحال کراچی ایئرپورٹ پرموجود ہے، پی آئی اے انجینئر نے کاکپٹ میں جاکر انجن خرابی اور لائٹ انڈیکیٹر کا معائنہ کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ جہازمیں موجودمسافروں کو کھانے پینے کی اشیا پہنچا دی گئیں، بھارتی مسافرطیارہ انجن خرابی کےباعث آج صبح 9بجکر17منٹ پر اترا تھا۔

    بھارتی مسافر طیارہ کمپنی نے کہا ہے کہ متبادل طیارہ بھیج رہے ہیں، جس کے بعد بھارتی طیارے کے مسافروں کو متبادل طیارے سےدبئی روانہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے آج صبح دہلی سے دبئی جانیوالے بھارتی طیارے کو انجن میں خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ بھارتی طیارہ بوئنگ737میں اچانک انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کے بعد کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

    اجازت ملنے پر طیارے کو باحفاظت اتار لیا گیا، طیارے میں 100 سے زائد مسافرسوار ہیں۔