Tag: بھارتی فوجی ہلاک

  • ماؤ نواز باغیوں کے خلاف جنگل میں آپریشن، بڑی تعداد میں بھارتی فوجی ہلاک

    ماؤ نواز باغیوں کے خلاف جنگل میں آپریشن، بڑی تعداد میں بھارتی فوجی ہلاک

    چھتیس گڑھ: بھارت میں ماؤ نواز باغیوں کے خلاف جنگل میں آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملوں میں 22 بھارتی فوجی اہل کار ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ 32 زخمی ہوگئے۔

    بھارتی حکام کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن باغیوں کے سرگرم رکن مادوی ہڈما کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر شروع کیا گیا تھا۔

    گزشتہ روز باغیوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، جو 4 گھنٹے تک جاری رہا، اس آپریشن میں 2 ہزار اہل کاروں نے حصہ لیا، رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کے علاوہ ایک فوجی اہل کار لاپتا بھی ہے۔

    حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے مزید دستے جوناگوڑا گاؤں میں پہنچ گئے، جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔

    فوجی اہل کاروں پر ماؤ نواز باغیوں نے اس وقت زبردست حملہ کیا جب انھوں نے جنگل میں گھسنے کی کوشش کی، بھارتی حکام کے مطابق آپریشن میں ماؤ باغیوں کو بھی شدید جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، تاہم حملے کی جگہ سے صرف ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

    بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

  • لداخ میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد مودی سرکار کو کڑی تنقید کا سامنا

    لداخ میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد مودی سرکار کو کڑی تنقید کا سامنا

    نئی دہلی: لداخ میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد مودی سرکار شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کڑے سوالات اٹھا دیے ہیں، ایک ٹوئٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کیوں خاموش ہیں، وہ کیوں چھپ رہے ہیں۔

    راہول گاندھی نے لکھا کہ نریندر مودی بہت ہو گیا، ہم جاننا چاہتے ہیں کہ لداخ میں کیا ہوا، چین نے بھارتی فوجیوں کو مارا، ہمارے علاقے پر قبضہ کیا، وہ خاموش کیوں ہیں؟

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے چینی فوج سے جھڑپ میں ایک کرنل سمیت 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت تسلیم کر لی ہے، بھارت اور چین کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔

    بھارت نے چینی فوج سے جھڑپ میں 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت تسلیم کرلی

    بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ بھارت اور چینی فوج سے جھڑپ پیر کی رات لداخ کی گلوان وادی میں ہوئی تھی، خطے کا امن تباہ کرنے کے بھارتی عزائم کو چین نے خاک میں ملا دیا، چین بھارت کی متنازع سرحد پر جھڑپ میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کا 45 سال میں پہلی بار بھارت کو اتنا بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

    بھارت نے ابتدا میں 3 فوجیوں کی ہلاکت کو تسلیم کیا تھا، جھڑپ میں بھارت کے کئی فوجی زخمی ہوئے تھے جس میں سے 17 مزید جان سے گئے، جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 20 ہوئی۔

    چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا بھارتی فوجیوں نے سرحد کی خلاف ورزی کی، چینی فورسز پر حملے کیے، بھارتی فوجیوں کی سرحدی خلاف وزری کے بعد بھارت اور چین کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بھی ہوا، چین نے بھارت پر زور دیا کہ اپنے فوجیوں کو سرحدی خلاف ورزی سے باز رکھے۔ گلوان وادی میں کشیدگی اس وقت بڑھی جب غیر قانونی تعمیرات کے ذریعے بھارت نے موجودہ صورت حال کو بدلنے کی کوشش کی اور پیپلز لبریشن آرمی نے نہ صرف کنٹرول سخت کیا بلکہ مودی سرکار کو کرارا جواب بھی دیا۔

  • ایل او سی پر فائرنگ سے 2 جوان شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک

    ایل او سی پر فائرنگ سے 2 جوان شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک

    راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے سبب پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے 3 بھارتی فوجی مار دیے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں بڑھتی جا رہی ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے حاجی پیر سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزیوں کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چیک پوسٹ تباہ ہو گئی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی ٹویٹ کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی مارے گئے، مارے جانے والے بھارتی فوجیوں میں ایک صوبیدار بھی شامل ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے دیوا سیکٹر پر پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوئے۔ شہید نائب صوبیدار کندیرو سکھر کی تحصیل پنو عاقل کا رہایشی تھا جب کہ شہید سپاہی محمد احسان کا تعلق جہلم کی تحصیل پنڈدادن خان سے تھا۔

  • سری نگر: بھارتی فوجیوں‌ پرفائرنگ، ایک ہلاک، آٹھ زخمی

    سری نگر: بھارتی فوجیوں‌ پرفائرنگ، ایک ہلاک، آٹھ زخمی

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ سے ایک بھارتی فوجی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے، العمر مجاہدین نامی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سے کے مطابق سری نگر میں جمعے کی شام مسلح افراد نے انڈین سیما سشستر بل یا ایس ایس بی کے ایک گشتی دستے پر فائرنگ کی۔پولیس کے مطابق حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور آٹھ اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے پانچ کی حالت تشویش ناک ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    یہ حملہ سرینگر کے مشرقی علاقہ زکورہ میں ہوا، جس کے فوراً بعد فورسز اور پولیس نے وسیع علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔

    بی بی سے کے مطابق العمر مجاہدین کے سربراہ مشتاق زرگر نے انہیں فون کرکے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی اور کہاکہ یہ حملہ ان کی تنظیم نے کیا ہے، ہمارےساتھی صحیح سلامت اپنی کمین گاہ پر پہنچ گئے ہیں،ہم بھارتی فوج اور فورسز کے خلاف ایسے مزید حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ صرف دو روز قبل سری نگر کے جنوبی علاقہ پام پور میں واقع ایک سرکاری عمارت میں چھپے دو مسلح شدت پسندوں اور فوج کے درمیان تین روز تک تصادم جاری رہا۔

    عمارت پر سیکڑوں مارٹر گولے اور راکٹ فائر کرنے کے بعد فوج نے اس تصادم میں دو حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

  • بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک نہیں سرحد پار شیلنگ کی ہے،ملیحہ لودھی

    بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک نہیں سرحد پار شیلنگ کی ہے،ملیحہ لودھی

    نیویارک :اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں ہوئی ہے۔بھارت کی جانب سے سرحدپارشیلنگ کی گئی ہے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی مندوب نے غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتاہے۔ہم نے دراندازی کرنے والے ایک بھارتی فوجی کو بھی پکڑا ہے۔

    ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھاکہ 2پڑوسی ایٹمی ریاستوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ اور مذاکرات سے مسائل حل کرنے چاہیے۔اقوام متحدہ کے سینئر اہلکاروں سے ملاقات کرکے صورتحال سے آگاہ کروں گی۔

    مزید پڑھیں: بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، فائرنگ پر احتجاج

    انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو کسی بھی جارحیت سے باز رکھے۔بھارت نے جارحیت جاری رکھی تو تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

    مزید پڑھیں:پاکستانی فوج کی فائرنگ سے آٹھ بھارتی فوجی ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی جوابی فائرنگ سے 7 تا 8 بھارتی فوجیوں کے مارے گئے جن کی لاشیں اب تک بھارتی فوجیوں کی جانب سے اٹھائی نہیں گئیں۔

    مزید پڑھیں:بھارتی فائرنگ سرجیکل اسٹرائیک نہیں‌ لفاظی ہے، خواجہ آصف

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نےاے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے ٹیلی فونک بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری ضرور کی ہے لیکن یہ سرجیکل اسٹرائیک نہیں ہے۔

  • پاکستانی فوج کی فائرنگ سے آٹھ بھارتی فوجی ہلاک

    پاکستانی فوج کی فائرنگ سے آٹھ بھارتی فوجی ہلاک

    اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی جوابی فائرنگ سے 7 تا 8 بھارتی فوجیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں جن کی لاشیں بھارتی فوجی  خوف کےمارے اٹھانے کے لیے نہیں آرہے۔

    اے آر وائی نیوز کے سینئر اینکر ارشد شریف نے بتایا کہ میرے پاس ایک نہیں بلکہ کئی ذرائع سے خبر آئی ہے کہ 7 سے آٹھ بھارتی فوجی جنہوں نے لائن آف کنٹرول سے پاکستان پر حملہ کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر لائن آف کنٹرول پار کی تھی وہ پاکستانی فوج کی فائرنگ سے مارے گئے ہیں اور ان کی لاشیں تاحال وہیں پڑی ہیں بھارتی فوجیوں کی کوشش ہے جلد از جلد وہ لاشیں حاصل کرلی جائیں۔

    ارشد شریف نے بتایا کہ اس قسم کے آپریشن عموماً رات میں ہی کیے جاتے ہیں لیکن پاکستانی فوجی مستعد بیٹھے ہیں جب بھارتی فوجیوں نے پانچ پاکستانی پوسٹوں پر حملے کا منصوبہ بنایا اور اس پر عمل کرنے کی کوشش کی تو ہمارے الرٹ فوجیوں نے بھارتی اہلکاروں کے رینج میں آتے ہی فائرنگ کردی تاہم بھارتی فوجیوں نے واپس بھاگتے وقت مارٹر گولے فائر کیے تھے جس سے ہمارے دو پاکستانی فوجی شہید ہوئے لیکن ہماری طرف سے فائرنگ ہوئی تو ان کے 7 سے 8فوجی اہلکار مارے گئے اور ابھی تک یہ لاشیں وہاں پڑی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈی جی ایم او نے سرجیکل اسٹرائیک کادعویٰ یا لیکن تاحال ان حملوں کی کوئی تصاویر یا فوٹیج سامنے نہیں آسکی۔

    ارشد شریف نے ذرائع سے بتایا کہ ان فوجیوں کی لاشیں فائرنگ کے بعد سے تاحال وہیں پڑی ہوئی ہیں لیکن بھارتی فوجی فائرنگ کے خوف سے اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھانے نہیں آرہی۔

    دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھاکہ شام چھ بجے تک پاکستان میں کی گئی سرجیک اسٹرائیک کی فوٹیجز میڈیا کو جاری کردی جائیں گی لیکن تاحال بھارتی میڈیا اپنے دعوے کو ثابت نہ کرسکا اور فوٹیجز دکھائی نہ جاسکیں۔

  • کشمیرمیں کرفیو: اشیاء خورد و نوش کی قلت، جھڑپ میں بھارتی فوجی ہلاک

    کشمیرمیں کرفیو: اشیاء خورد و نوش کی قلت، جھڑپ میں بھارتی فوجی ہلاک

    سرینگر : جنت نظیر وادی کشمیر کو فوجی چھاؤنی بنے پینسٹھ روز گرزگئے۔ کھانے پینے کی اشیاء کی تلاش میں سرگرداں کشمیریوں کو اب بھی بھارتی گولیوں کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی ماراگیا، اس دوران تین مجاہدین بھی جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق عیدالفطر سے عیدالاضحی آگئی، لیکن بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم میں کمی نہ آسکی۔

    1

    کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی گئی۔ جنت نظیر وادی کو فوجی چھاؤنی بنے ہوئے پینسٹھ دن ہوگئے۔ اشیاء خوردو نوش کی قلت کی وجہ سے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی، بھوکے پیاسے کشمیری کھانے پینے کی تلاش میں سڑکوں پر نکلتے ہیں تو بھارتی فوج شیل برسا دیتی ہے۔

    3

    دوسری جانب پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوجیوں نے ایک عمارت میں موجود کشمیریوں پر فائرکھول دیا۔ مجاہدین کی جوابی کارروائی میں ایک فوجی ماراگیا۔ جھڑپ میں تین مجاہدین بھی جاں بحق ہوئے۔

    مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو قربانی کے فریضہ سے روکنے کیلئے بھارتی فوج نے سختی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

    4

    واضح رہے کہ آٹھ جولائی کو کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد سے کشمیر وادی میں صورتحال کشیدہ ہے۔ ایک اور واقعہ میں بھارت مخالف ریلی پر پولیس نے شدید تشد د کیا جس سے 80 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے 20سے ز ائد افراد کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔