Tag: بھارتی فوجی

  • بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر کو گولی مار دی

    بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر کو گولی مار دی

    جے پور: بھارتی ریاست راجھستان میں ایک بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر پر گولی داغ دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے بھرت پور ضلع میں ایک ٹیچر کی جانب سے بیٹی کو تھپڑ پڑنے پر فوجی جوان نے اسکول کے ڈائریکٹر پر گولی چلا دی، لیکن بد قسمتی سے وہ گولی اس کی اپنی بیوی کو لگ گئی۔

    جے پور پولیس نے پیر کو میڈیا کو بتایا کہ سپاہی پپو گُرجر کنواڈا گاؤں میں واقع ایک نجی اسکول کے ڈائریکٹر سے ملنے گیا تھا، اس کی 12 سالہ بیٹی نے گھر میں شکایت کی تھی کہ اسے ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر ٹیچر نے تھپڑ مارا ہے۔

    اس معاملے پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد گرجر نے اسکول کے ڈائریکٹر پر سرکاری پستول تان لی، تاہم اس کی بیوی راج بالا درمیان میں آ گئی اور ایک گولی اس کے بازو کو چھو کر نکل گئی، پولیس کے مطابق فوجی کی بیوی گولی لگنے سے زخمی ہو گئی ہیں۔

    دی انڈین ایکسپریس کے مطابق اسٹیشن ہاؤس آفیسر کاما دولت سنگھ نے بتایا کہ اس معاملے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے، جب کہ واقعے کے بعد فوجی جوان موقع سے فرار ہوگیا اور اس کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ گُرجر چھٹی پر تھا اور جب وہ اسکول کے ڈائریکٹر سے ملنے گیا تو وہ اپنا سروس ریوالور اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق راج بالا کی حالت بہتر تھی اور توقع ہے کہ انھیں آج منگل کو اسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔

  • مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجی پر آسمانی بجلی گر پڑی

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجی پر آسمانی بجلی گر پڑی

    پونچھ: مقبوضہ کشمیر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بھارتی فوجی اہل کار ہلاک جب کہ دیگر 2 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر تعینات ایک فوجی اہل کار ہلاک، دو زخمی ہو گئے۔

    یہ واقعہ سرحدی ضلع پونچھ کے ساوجیاں، منڈی علاقے میں پیش آیا، بھارتی فوجیوں پر اچانک آسمانی بجلی گر پڑی، جن میں سے ایک موقع ہی پر ہلاک ہو گیا، بجلی کی زد میں آنے والے باقی فوج شدید زخمی ہوئے، جنھیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی اہل کار کی شناخت مندیپ سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، جو 11 گڑوال ریجمنٹ سے منسلک تھا۔ جب کہ زخمی ہونے والے اہل کاروں میں 40 آر آر سے منسلک نائک دیپک چودھری اور رائفل مین رویندر کمار شامل تھے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد بھارتی سرکار نے وادی کو ایک چھاؤنی میں بدل دیا ہے، کشمیریوں کی آزادی مکمل طور پر سلب کی جا چکی ہے، ہزاروں کشمیری نہ صرف کشمیر کی بلکہ بھارتی جیلوں میں بھی قید کیے جا چکے ہیں۔

    گزشتہ روز نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی بلائی گئی مخصوص کشمیری رہنماؤں کی اے پی سی کے موقع پر بھی وادی میں شہریوں کی نقل و حمل کو مکمل طور پر منجمد کر دیا گیا تھا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں تعینات ایک اور بھارتی فوجی کی پھندا لگا کر خود کشی

    مقبوضہ کشمیر میں تعینات ایک اور بھارتی فوجی کی پھندا لگا کر خود کشی

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں تعینات ایک اور بھارتی فوجی نے پھندا لگا کر خود کشی کرلی، سری نگر میں دو روز کے دوران دو بھارتی فوجیوں نے خودکشی کی۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والے بھارتی فوجیوں میں خودکشی کا رجحان بڑھنے لگا، سری نگر میں بھارتی فوجی نے بادامی باغ چھاؤنی کے جے سی او پوائنٹ کے قریب پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔

    گزشتہ روز لیفٹینٹ کرنل سدیپ نے خود کو گولی مار کر جان لے لی تھی ، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر میں دو روز کے دوران دو بھارتی فوجیوں نے خودکشی کی ہے۔

    اس سے قبل یکم مارچ کو سری نگر میں ہی تعینات ایک بھارتی فوجی نے بھی خود کو سرکاری رائفل سے گولی مار کر زخمی کرلیا تھا۔

    سیاسی مبصرین کے مطابق جموں کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی خودکشی کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔

    تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ فوجی اہلکار ذہنی اذیت اور دباؤ سے تنگ آکر خودکشیاں کررہے ہیں ۔ کشمیر کے حالات پر نظر رکھنے والے مبصرین کے مطابق سیکیورٹی فورسز میں خودکشی کا بڑھتا ہوا رجحان سخت ڈیوٹی، عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں۔

    کے ایم ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ واقعے کے بعد 2007 سے اب تک خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد 493 تک پہنچ گئی ہے۔

  • لداخ میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد مودی سرکار کو کڑی تنقید کا سامنا

    لداخ میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد مودی سرکار کو کڑی تنقید کا سامنا

    نئی دہلی: لداخ میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد مودی سرکار شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کڑے سوالات اٹھا دیے ہیں، ایک ٹوئٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کیوں خاموش ہیں، وہ کیوں چھپ رہے ہیں۔

    راہول گاندھی نے لکھا کہ نریندر مودی بہت ہو گیا، ہم جاننا چاہتے ہیں کہ لداخ میں کیا ہوا، چین نے بھارتی فوجیوں کو مارا، ہمارے علاقے پر قبضہ کیا، وہ خاموش کیوں ہیں؟

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے چینی فوج سے جھڑپ میں ایک کرنل سمیت 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت تسلیم کر لی ہے، بھارت اور چین کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔

    بھارت نے چینی فوج سے جھڑپ میں 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت تسلیم کرلی

    بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ بھارت اور چینی فوج سے جھڑپ پیر کی رات لداخ کی گلوان وادی میں ہوئی تھی، خطے کا امن تباہ کرنے کے بھارتی عزائم کو چین نے خاک میں ملا دیا، چین بھارت کی متنازع سرحد پر جھڑپ میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کا 45 سال میں پہلی بار بھارت کو اتنا بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

    بھارت نے ابتدا میں 3 فوجیوں کی ہلاکت کو تسلیم کیا تھا، جھڑپ میں بھارت کے کئی فوجی زخمی ہوئے تھے جس میں سے 17 مزید جان سے گئے، جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 20 ہوئی۔

    چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا بھارتی فوجیوں نے سرحد کی خلاف ورزی کی، چینی فورسز پر حملے کیے، بھارتی فوجیوں کی سرحدی خلاف وزری کے بعد بھارت اور چین کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بھی ہوا، چین نے بھارت پر زور دیا کہ اپنے فوجیوں کو سرحدی خلاف ورزی سے باز رکھے۔ گلوان وادی میں کشیدگی اس وقت بڑھی جب غیر قانونی تعمیرات کے ذریعے بھارت نے موجودہ صورت حال کو بدلنے کی کوشش کی اور پیپلز لبریشن آرمی نے نہ صرف کنٹرول سخت کیا بلکہ مودی سرکار کو کرارا جواب بھی دیا۔

  • کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والے   بھارتی فوجی خودکشی کرنے لگے

    کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والے بھارتی فوجی خودکشی کرنے لگے

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھانے والے بھارتی فوجی خودکشی پر مجبور ہونے لگے ،مقبوضہ کشمیرکے علاقے اننت ناگ میں بھارتی فوج افسرنے سرکاری اسلحے سے خودکشی کرلی، بھارتی فوجی سی آرایف پی میں کمانڈنٹ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تعینات ایک اور بھارتی فوجی نے خود کشی کر لی ، مقبوضہ کشمیرکے علاقے اننت ناگ میں تعینات سی آر پی ایف کے ایک 33 سالہ اسسٹنٹ کمانڈنٹ نے خود کشی کر لی ۔

    ایم اروند نامی بھارتی فوجی افسر نے اپنے سروس اسلحے سے خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔

    بھارتی حکام کے مطابق 40 ویں بٹالین کے ایم اروند جمعہ کی شام ضلع اسلام آباد میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے، انھوں نے 2014 میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس میں براہ راست انٹری افسر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی تھی۔

    مزید پڑھیں : بھارتی آرمی افسر کی مقبوضہ کشمیرمیں پوسٹنگ کے خوف سے خودکشی ؟

    واضح رہے کہ سال 2018 کے دوران 80 بھارتی فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی جبکہ جنوری 2007 سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں خود کشی کرنے والے بھارتی اہلکاروں کی تعداد 440 ہوگئی ہے۔

    یاد رہے جولائی مین بھارت میں ریلوے ٹریک سے ملنے والی آرمی افسر کی لاش معمہ بن گئی تھی ، مقامی انتظامیہ تاحال یہ طے کرنے سے قاصر ہے کہ آیا اس افسر نے خود کشی کی ہے یا اسے قتل کیا گیا ہے ۔

    بتایا جارہا تھا کہ کیپٹن پوری کی پوسٹنگ بھارتی مقبوضہ جموں اور کشمیر کے علاتے پلواما میں کردی گئی تھی جس کے سبب وہ خوش نہیں تھا اور وہاں نہیں جانا چاہتا تھا۔

  • مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجیوں نے شوپیان میں دو نوجوان شہید کردیئے

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجیوں نے شوپیان میں دو نوجوان شہید کردیئے

    سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں اتوار کو ضلع شوپیان میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ستی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔

    شہید نوجوانوں کی شناخت بشارت احمد اور طارق احمد کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کھاسی پورہ سے تعلق رکھنے والا طارق احمد سابق اسپیشل پولیس افسر تھا جو گزشتہ سال اپریل میں مسلح جدوجہد میں شامل ہوگیاتھا۔

    نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں مقامی نوجوانوں اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ قابض انتظامیہ نے جنوبی کشمیر کے اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔

    بھارتی فوجیوں نے ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، سینئر حریت رہنما اورتحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی اور دیگر حریت رہنماﺅں نے اپنے الگ الگ بیانات میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    سید علی گیلانی نے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی حکمرانوں کی ضد اورغیر حقیقت پسندانہ رویے کی مذمت کرتے ہوئے اسے علاقے میں جاری خون خرابے کی بنیادی وجہ قراردیا۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کی آواز کو خاموش نہیں کراسکتا۔

  • سابق بھارتی فوجی تیج بہادر کا مودی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان

    سابق بھارتی فوجی تیج بہادر کا مودی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان

    نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر میں تعینات رہنے والے سابق بھارتی فوجی تیج بہادر کا کہنا ہے کہ مودی کے خلاف الیکشن لڑنے کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ کس طرح مودی سرکار نے فوج کو ناکام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز میں اہلکاروں کو دیے جانے والے ناقص کھانے کا بھانڈا پھوڑنے والے سابق بی ایس ایف اہلکار تیج بہادر نے نریندرمودی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

    تیج بہادر کا کہنا ہے کہ الیکشن لڑنے کا مقصد ہارجیت نہیں دکھانا ہے، مودی سرکارنے کس طرح فوج کوناکام کیا۔

    سابق بی ایس ایف اہلکار کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی فوجیوں کے نام پرووٹ مانگتے ہیں۔

    تیج بہادر کو بھارتی فوج میں سہولتوں کی شکایت پربرطرف کیا گیا تھا، تیج بہادر نے بھارتی فوجیوں سے ناروا سلوک، ناقص کھانے کی ویڈیو اپ لوڈ کی تھی۔

    یاد رہے کہ ستمبر2017 میں سابق بھارتی فوجی تیج بہادر کا کہنا تھا کہ سرجیکل اسٹرائیک مودی سرکارکی ڈرامے بازی ہے،سرجیکل اسٹرائیک کے نام پرعوام کوبیوقوف بنایا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ دو سال قبل بھارتی فوجی اہلکار تیج بہادریادیو نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں بھارتی فوجی اہلکاروں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا پردہ فاش کیا تھا، اپنی ویڈیو میں اس کا کہنا تھا کہ ہمیں ملنے والا کھانا افسران کھا جاتے ہیں یا پھر بازار میں بیچ دیا جاتا ہے۔

    بھارتی فوجی نے ویڈیو جاری کرکے اپنی فوج کو بے نقاب کردیا

    بعدا زاں بی ایس ایف اہلکار تیج بہادر کو نوکری سے فارغ کردیا گیا تھا جبکہ تیج بہادر نے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

  • ناقص کھانے کی شکایت کرنے والے بھارتی فوجی کا بیٹا کمرے میں مردہ پایا گیا

    ناقص کھانے کی شکایت کرنے والے بھارتی فوجی کا بیٹا کمرے میں مردہ پایا گیا

    نئی دہلی: بھارتی فوجیوں کو ملنے والے ناقص کھانے کی شکایت کرنے والے بھارتی فوج کے کانسٹیبل تیج بہادر یادیو کا جواں سال بیٹا ریاست ہریانہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ پایا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ناقص کھانے کی شکایت کرنے والے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے جوان تیج بہادر یادیو کا جواں سال بیٹا بھارتی ریاست ہریانہ میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ پایا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع ریواڑی کے علاقے شانتی وہاڑ کے علاقے کے رہائشی 22 سالہ روہت نے مبینہ طور پر اپنے کمرے میں خود کو گولی مار کر خودکشی کی ہے۔

    پولیس افسر کے مطابق روہت کا کمرہ اندر سے بند تھا، وہ بستر پر موجود تھا اور اس کے ساتھ پستول موجود تھا، نوجوان کے والد تیج بہادر کمبھ میلے میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے جنہیں مطلع کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی فوجیوں کی حالتِ زارآشکار کرنے والاسپاہی نوکری سے برطرف

    واضح رہے کہ 2017 میں بی ایس ایف کی 29 بٹالین سے تعلق رکھنے والے کانسٹیبل تیج بہادر یادیو نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں کہا تھا کہ سرحد پر تعینات فوجیوں کو ناقص معیار کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے بلکہ کبھی کبھار تو وہ بھوکے ہی سو جاتے ہیں۔

    مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تیج بہادر کے خلاف انکوائری کی گئی تھی اور رپورٹس سامنے آنے کے بعد انہیں کنٹرول لائن سے ہٹا کر ہیڈ کوارٹر میں پلمبر لگادیا گیا تھا۔

    بعدازاں تیج بہادر کو تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر ضابطہ اخلاق ورزی کے جرم میں ملازمت سے برطرف کردیا تھا۔

  • کشمیری نوجوان کی لاش رسی سے باندھ کر گھسیٹنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

    کشمیری نوجوان کی لاش رسی سے باندھ کر گھسیٹنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں سے انسانیت سوز سلوک کی تمام حدیں پار کردیں ، نوجوان کوشہید کرنے کے بعدلاش کورسی سے باندھ کرسڑک پر گھسیٹا گیا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے انسانیت کی تذلیل کی انتہا کردی، شہید کشمیری نوجوان سے بھارتی فورسزکے بہیمانہ سلوک نے بھارت کا گھناؤنا چہرہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا۔

    بھارتی فوجیوں نے کشمیری نوجوان کو بے دردی سے شہید کرنے کے بعد لاش کو رسی سے باندھ کر سڑک پرگھیسٹا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    دنیا بھر میں بھارتی سفاکیت پر شدید غم وغصے کا اظہارکیا جارہا ہے۔

    گذشتہ روزمقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں ظالم بھارتی فورسز نے سوپور کے علاقے میں محاصرے کے دوران فائرنگ کرکے مزید دو کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کردیا تھا۔

    چند روز قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے پانچ بیٹیوں کےباپ کوشہیدکردیا تھا، حکیم الرحمٰن کی بیٹی جنازے سے لپٹ کر روتی رہی، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مناظر نے دنیا کو رلا دیا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ سال اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھارتی فوج نے لوگوں کے پتھراؤ سے بچنے کے لیے کشمیری نوجوان کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر شہر کا گشت کیا تھا اور ساتھ ساتھ جیپ سے اعلان بھی نشر کیا جاتا رہا کہ پتھر مارنے والوں کا ایسا حال ہوگا۔

    اس واقعے کی تصویر دنیا بھر کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور دنیا بھر کی جانب سے بھارتی فوج پر لعن طعن کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جولائی 2016 میں حریت رہنما مظفروانی کی شہادت کے بعد سے وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور اس دوران درجنوں کشمیری نوجوان بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہوچکے ہیں۔

  • فوجی نہ ہوتا توخود کشی کرلیتا، ایک اوربھارتی اہلکارکی ویڈیوجاری

    فوجی نہ ہوتا توخود کشی کرلیتا، ایک اوربھارتی اہلکارکی ویڈیوجاری

    نئی دہلی: بھارتی فوج میں جاری ظلم و کرپشن کے خلاف ایک اور بھارتی فوج اٹھ کھڑا ہوا اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی اور کہا کہ اگر میں فوجی نہ ہوتا تو خود کشی کرلیتا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوجی تیج بہادر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک اور فوجی اہلکار نے بھارتی فوجی افسران کے مظالم کا ذکر چھیڑ دیا، اسے ویڈیو میں شکوے کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    بھارتی سیکورٹی فورسز کے اہلکاربڑے دعوے کرنے والی مودی سرکار کی پول کھولنے میں مصروف ہیں۔ سیکورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے سینئر افسران جوتے پالش کراتے ہیں اورشکایت کرنے پر دھمکاتے ہیں۔

    بھارتی سینا کے اہلکاروں نے اپنی ہی سرکار کی قلعی کھول دی۔ بھارتی فوج کی حقیقت بے نقاب کرتی ایک بعد ایک ویڈیوز سامنے آنے لگیں۔ ایک اورسیکورٹی اہلکارنے مودی سرکار اورسینئر فوجی افسروں کیخلاف شکایتوں کا انبارلگا دیا۔

    اہلکارکا کہنا ہے کہ افسروں کے جوتے پالش کرانے کی شکایت کی توکورٹ مارشل کا خطرہ ہوگیا۔ اہلکار کے مطابق سینئرافسران اتنا دباؤ ڈال رہے ہیں کہ فورسزمیں نہ ہوتا تو خودکشی کرلیتا۔

    اس سے قبل سی آر پی ایف کے ایک اہلکار جیت سنگھ نے بھی اپنے افسران کے مظالم کیخلاف آواز اٹھاتے ہوئے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ اہلکاروں کو بیس سال سروس کے بعد بھی پنشن نہیں ملتی، ایکس سروس مین کوٹہ میں بھی حصہ نہیں ، سب سہولتیں فوجی اہلکاروں کیلئے ہیں۔

    بھارتی فورسز کے سیکیورٹی اہلکار پچھلے کچھ دنوں سے اپنے ساتھ ناروا سلوک اورناکافی سہولیات کی فریاد سوشل میڈیا پرویڈیوزاپ لوڈ کرکے کررہے ہیں۔ بھارتی فوج اور مودی سرکار کی سبکی پر ٹوئٹر پر بھی انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی آرمی چیف نے فوجیوں کے لیے سوشل میڈیا کوممنوع قرار دے دیا

    واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف بھارتی فوج کے اہلکاروں کی شکایتوں سے پریشان ہوگئے ہیں، خوراک میں خرد برد کے الزامات پر بھارتی آرمی چیف کو پریس کانفرنس کرنا پڑ گئی۔

    بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ جوان شکایات سامنے لانے کے لئے سوشل میڈیا کے استعمال سے گریز کریں، کسی قسم کی شکایت کے لئےاعلیٰ قیادت سے رابطہ کریں.

    مزید پڑھیں: بھارتی فوجی نے ویڈیو جاری کرکے اپنی فوج کو بے نقاب کردیا

    آرمی چیف کا کہنا تھا سرحدوں پرچیلجنز کا سامنا ہے،جوانوں کی شکایت کے لئے شکایتی باکس قائم کردیا ہے۔