Tag: بھارتی فوجی

  • بھارتی فوجی نے ویڈیو جاری کرکے اپنی فوج کو بے نقاب کردیا

    بھارتی فوجی نے ویڈیو جاری کرکے اپنی فوج کو بے نقاب کردیا

    نئی دہلی : بھارتی فوجیوں کو کھانے کے لالے پڑ گئے،فوجیوں کو ملنے والے راشن میں اعلیٰ افسران کی خوردبرد کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک حاضر سروس فوجی اہلکار نے بھارتی فوج میں کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا، سرحد پر تعینات ایک اہلکار نے ایسی ویڈیو جاری کر دی ہے جس نے بھارتی حکومت اور بھارتی فوج کو دنیا بھر میں شرمندہ کر کے رکھ دیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوجی اہلکار تیج بہادریادیو نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں بھارتی فوجی اہلکاروں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا پردہ فاش کردیا۔

    بھارتی فوجی تیج بہادر جس کا تعلق پی ایس ایف 29 ویں بٹالین سے ہے، اس کا اپنی ویڈیو میں کہنا تھا کہ ہمیں ملنے والا کھانا افسران کھا جاتے ہیں یا پھر بازار میں بیچ دیا جاتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں بھارتی فوجی کا مزید کہنا تھا کہ ناشتے میں پتلا پراٹھا اور تھوڑی سی چائے ملتی ہے، بعض اوقات رات کو کھانا نہ ہونے کے باعث تو بھوکا بھی سونا پڑتا ہے کیا اس طرح ہم ڈیوٹی دے سکتے ہیں؟

    اس نے کہا کہ صبح چھ بجے سے شام پانچ بجے تک مسلسل کھڑے ہو کر ڈیوٹی دیتے ہیں لیکن کھانے میں ہمیں ایسی دال دی جاتی ہے جس میں صرف ہلدی اور نمک ڈالا جاتا ہے اور نہ اس میں پیاز ہوتا ہے نہ گھی اور نہ ہی لہسن۔’’

    اس نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس ویڈیو کے بعد میرے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا، لیکن میں اپنے ہم وطنوں کو اپنی اور اپنے ساتھیوں کی بری حالت کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں۔

  • کشمیری بچہ بھارتی فوج کے سامنے سینہ تان کر کھڑا ہوگیا، فلک شگاف نعرے

    کشمیری بچہ بھارتی فوج کے سامنے سینہ تان کر کھڑا ہوگیا، فلک شگاف نعرے

    سری نگر : کشمیری بچے نے بھارتی فوجی کے آگے سینہ تان کر آزادی کانعرہ لگادیا، قریب کھڑا بھارتی فوجی اسے کچھ نہ کہہ سکا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کا نعرہ لگا رہا ہے، بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیرمیں ہرروز ظلم کی نئی تاریخ رقم کررہی ہے۔ بھارتی فورسز کے مظالم سے بچے،بوڑھے،جوان اورخواتین سمیت کوئی محفوظ نہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں بارہ سالہ معصوم بچے جنید کے قتل کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا، بھارتی مظالم کے خلاف کیےجانے والے اس مظاہرے میں شریک ایک کشمیری بچہ بھارتی فوجی کے آگے سینہ تان کر کھڑا ہوگیا۔

    چھوٹے سے بچے کی بہادری اور وی وانٹ فریڈم کے نعرے سن کر بھارتی فوجی پیچھے ہٹ گیا۔ یاد رہے کہ آج ہی بھارتی فوج کے ہاتھوں 12 سالہ بچے کی شہادت کے باوجود کشمیری عوام میں جذبہ آزادی میں ذرہ برابر بھی کمی نہ آسکی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ بچہ جذبہ آزادی سے سرشار ہوکر بھارتی فوجی کے سامنے کھڑے ہوکر فلک شگاف نعرے لگا رہا ہے۔ جبکہ بھارتی فوجی نے اس پر اپنی بندوق بھی تان رکھی ہے۔

    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں‌ بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے 12سالہ بچہ شہید

     یاد رہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں پیلٹ گن سے چھلنی ہونے والا بارہ سالہ بچہ شہید ہوگیا تھا، مظاہرین شہید بچے کا جنازہ لے کر نکلے تو غاصب فوج نے شیلنگ کرکے کئی افراد زخمی کردیئے، جنید کا جسد خاکی سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ کر آخری آرام گاہ پہنچایا گیا۔

    کشمیرکی تحریک آزادی میں جام شہادت نوش کرنے والے کشمیریوں کی تعداد ایک سوسے زائد ہوگئی ہے جبکہ ہزاروں افرادزخمی ہیں لیکن بھارتی مظالم کے خلاف سینہ سپرہیں۔