Tag: بھارتی فوج کی فائرنگ

  • ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، شہری شہید

    ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، شہری شہید

    راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ میں ایک پاکستانی شہری کو شہید کر دیا، جب کہ خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی پھر خلاف ورزی کر دی ہے، بھارتی فوج نے خنجر اور رکھ چکری سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گاؤں تری بنڈ اور سماہنی میں راکٹ اور مارٹر گولے فائر کیے گئے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری شہید، اور 2 خواتین سمیت 3ا فراد زخمی ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، فوج نے فائرنگ کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

    پاک فوج ایل او سی پر عوام کا تحفظ یقینی بنائے گی، آرمی چیف

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے بھارتی افواج نے 4 پاکستانی شہریوں کو زخمی کر دیا تھا، آزاد کشمیر، سماہنی میں ایل او سی کے باگسر سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھا، زخمیوں میں 2 خواتین بھی شامل تھیں۔

    اس سے قبل بھی لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے ایل او سی پر جندروٹ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں کٹھارگاؤں کی 65 سالہ خاتون زخمی ہوگئی تھیں۔

    رواں ماہ کور ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کے دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہی ہے، پاک فوج ایل او سی کے عوام کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

  • بھارتی فوج کی ایک بار پھر ایل او سی پر اشتعال انگیزی، بچی زخمی ہوگئی

    بھارتی فوج کی ایک بار پھر ایل او سی پر اشتعال انگیزی، بچی زخمی ہوگئی

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اشتعال انگیزیاں جاری ہیں، نیزاپیر اور رکھ چکری سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ سے 13 سالہ بچی زخمی ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے نیزا پیر اور رکھ چکری سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فوج کے مارٹر گولے سے 13سال کی بچی زخمی ہوگئی۔

    ’زخمی بچی کو قریبی طبی مرکز منتقل کردیا گیا، بھارتی فورسز نے شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا‘۔

    بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی ہلاک

    خیال رہے کہ 10 فروری کو ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 خواتین، 2 بچوں سمیت 10 شہری زخمی ہوئے تھے جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا تھا۔

    اس سے قبل 8 فروری کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید جبکہ خاتون زخمی ہوگئی تھی۔ بھارتی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے جبکہ پاک فوج بھی منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔

  • لائن آف کنٹرول فائرنگ، وزیراعظم آزاد کشمیر کا یو این سیکریٹری جنرل سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    لائن آف کنٹرول فائرنگ، وزیراعظم آزاد کشمیر کا یو این سیکریٹری جنرل سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    مظفرآباد: آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 شہری شہید ہوئے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 افراد زخمی جبکہ کئی مکانات تباہ ہوئے، شہریوں پر فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے لہذا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اس کا فوری نوٹس لیں۔

    یاد رہے کہ لائن آف کنٹرول سے ملحقہ شہری آبادی پر گزشتہ شب بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فوجی جوان سمیت پانچ شہری شہید ہوئے، پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارت کے کئی بنکرز تباہ کیے اور 9 بھارتی فوجیوں کو ٹھکانے لگایا۔

    مزید پڑھیں: بھارت کو منہ توڑجواب، وزیراعظم کا پاک فوج کی جرأت کو سلام

    وزیراعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی دراندازی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ سے شہید ہونے والے جوان و شہریوں کے بلند درجات اور  زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

    عمران خان نے بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور انہیں مؤثر انداز  سے بھرپور جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو سلام بھی پیش کیا۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھارتی فوج کی ایل اوسی پربلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ شہری آبادی کونشانہ بنانابھارت کی بوکھلاہٹ کانتیجہ ہے، بھارتی فوج آبادی کو نشانہ بناکر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہی ہے۔

  • ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، خاتون اور لڑکا شہید

    ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، خاتون اور لڑکا شہید

    راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایل او سی سیکٹرز پر سیز فائر کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی، اور اشتعال انگیزی کرتے ہوئے ایک خاتون اور ایک لڑکے کو شہید کر دیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے ایک بار پر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی ہوئی ہے، بھارتی فوجیوں نے فائرنگ کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت دو پاکستانیوں کو شہید کر دیا۔

    بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 45 سال کی نسرین بی بی اور 12 سال کا محمد زاہد شامل ہیں۔

    پاک فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے سونیا بی بی شدید زخمی ہوئیں، بھارتی فوج نے تتہ پانی اور کوٹ کٹیرا سیکٹرز میں آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایل او سی: پاک فوج کا بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب، پانچ بھارتی فوجی ہلاک

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جب کہ تتہ پانی اور کوٹ کٹیرا میں وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے۔

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل بھارتی فوج نے ایل او سی کی شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے خاتون اور بچوں سمیت چھ پاکستانیوں کو زخمی کر دیا تھا جس پر پاک فوج نے جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی فوجی مار گرائے تھے۔

  • ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی

    ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی

    سیالکوٹ : بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی ورزی کرتے ہوئے ایل او سی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں محمد مشتاق نامی شخص زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق  وادی کشمیر سے قریب ورکنگ باؤنڈری لائن پر بھارتی فوج نے سیزفائر کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

    بھارتی سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے محمد مشتاق نامی شخص زخمی ہوگیا جس کو ابتدائی طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ کینٹ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ و مارٹر گولے گرنے سے عمارتوں کو لگے اور دیہی علاقوں کے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، دوسری جانب بھارتی فائرنگ و گولہ باری کا چناب رینجرز نے منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کی توپوں کا منہ بند کردیا۔

    اس سے قبل نو جنوری کو بھارتی فوج نے ایل او سی میں شاہ کوٹ سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کی زد میں آکر ایک خاتون شہید ہوگئیں۔

    یاد رہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کے ساتھ ساتھ ایل او سی پر اکثر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کرتا رہا ہے لیکن پاک فوج کے فوری اور مؤثر جواب کے بعد دشمن کو منہ کی کھانا پڑتی ہیں ۔

  • بھارتی فوج کی فائرنگ سے نابینا ہونیوالی کشیمری لڑکی نے میٹرک کرلیا

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے نابینا ہونیوالی کشیمری لڑکی نے میٹرک کرلیا

    سری نگر : بھارتی فوج کی بربریت کے باعث بینائی سے محروم ہونے والی باہمت کشمیری لڑکی نے میٹرک کا امتحان پاس کرلیا، سابق وزرائے اعلیٰ اورحریت رہنماؤں نے انشاء مشتاق کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال مقبوضہ کشمیر میں جاری کشیدگی کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے مظاہرین پر پیلٹ گن سے اندھادھند فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں چَھرے لگنے سے متعدد افراد شہید اورہزاروں زخمی ہوئے تھے۔

    ان میں سے ایک باہمت لڑکی انشاء مشتاق بھی ہیں جنہوں نے چھرّے لگنے سے دونوں آنکھوں سے محرومی کے باوجود صبر و استقامت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔

    ڈاکٹروں کے جواب دینے کے بعد بینائی سے محروم انشا نے فیصلہ کیا کہ وہ تعلیم کا سفر جاری رکھیں گی اور دسویں جماعت کا امتحان نمایاں نمبروں سے پاس کرکے اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کرکے عوام کے دل جیت لئے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق انشاء مشتاق کا کہنا ہے کہ میری قسمت میں جو تھا وہی ہوا، لیکن میرے ارادے کمزور نہ تھے، میں مزید پڑھنا چاہتی تھی تو میرے والدین اور دوستوں نے مجھے حوصلہ دیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج میں اس کامیابی پر بہت خوش ہوںاور میں چاہتی ہوں کہ نوجوان تعلیم کا سفر کسی بھی قیمت پر جاری رکھیں۔

    باہمت کشمیری لڑکی کی کامیابی پر وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی، سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ اور حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 2016 میں کشمیری نوجوان برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے موقع پر بھارتی فوج نے پیلٹ گنوں سے اندھا دھند فائرنگ کرکے سولہ افراد کو شہید اور سات ہزار کو شدید زخمی کردیا تھا، جن میں سے درجنوں افراد دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہوئے۔

  • ایل اوسی پربھارتی فوج کی فائرنگ، 75سالہ خاتون شہید

    ایل اوسی پربھارتی فوج کی فائرنگ، 75سالہ خاتون شہید

    راولپنڈی : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ضعیف خاتون شہید ہوگئیں، پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر پر بھارتی فوج نے اپنی بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری آبادی پر فائرنگ کردی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ککوٹا گاؤں کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بلااشتعال فائرنگ سے75سالہ محمودہ بیگم موقع پر ہی شہید ہوگئیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بنکرز کو نشانہ بنایا جس کے بعد دشمن کی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔


    مزید پڑھیں: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، 2 بچے شہید، 3 بھارتی فوجی ہلاک


    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے چری کوٹ سیکٹر میں آبادی پر کی جانے والی فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں2 بچے شہید ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لائن آف کنٹرول : بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی

    لائن آف کنٹرول : بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی

    راولاکوٹ : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شدید زخمی ہوگیا، پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، لائن آف کنٹرول راولاکوٹ کے بٹل سیکٹر پر بھارتی فوج نے اپنی بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری آبادی پر فائرنگ کردی۔

    بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری شدید زخمی ہوگیا جسے ابتدائی طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔


    مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، ایک شہید، 5 شہری زخمی


    پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اس کے مورچوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔


    مزید پڑھیں:ایل او سی پر فائرنگ، 2 بچے شہید، 3 بھارتی فوجی ہلاک


     ،پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ یاد رہے کہ کہ اس سے قبل بھی راولاکوٹ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے چری کوٹ سیکٹر میں آبادی پر کی جانے والی فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں2 بچے شہید ہوگئے تھے۔

  • بھارتی فوج کی گولہ باری، دوخواتین سمیت 4 شہری شہید

    بھارتی فوج کی گولہ باری، دوخواتین سمیت 4 شہری شہید

    راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چارواہ، ہرپال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی، مکان کی چھت پر گولہ گرنے سے دو خواتین سمیت چار شہری شہید جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے، پنجاب رینجرزکی مؤثرجوابی کارروائی میں کئی بھارتی مورچےتباہ ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک بھارت سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت چار شہری شہید جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔

    بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چارواہ، ہرپال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی، اسسٹنٹ کمشنر ظہیر لیاقت نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے فائرکیا گیا مارٹرگولہ ایک مکان کی چھت پر جا گرا۔

    مارٹرگولہ گرنے سے چھت پر موجود 8 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے  مقامی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں 4 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ بھارتی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے باعث اسکول غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

    علاقے میں خوف وہراس کے باعث لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی، انہوں نے بتایا کہ ضلعی حکومت کی جانب سے سبزپیر، پنڈی بھاگو اور چوبارہ میں ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شہداء کے لواحقین سے اظہار افسوس

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل اوسی پر بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے، نیو یارک سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونیوالوں کے ورثاء سے افسوس کا اظہار بھی کیا۔

  • بھارتی فوج کی فائرنگ، دوجوان شہید، جواب میں5بھارتی فوجی ہلاک

    بھارتی فوج کی فائرنگ، دوجوان شہید، جواب میں5بھارتی فوجی ہلاک

    راولپنڈی: جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک فوجی جوان شہید،2 شدید زخمی ہوگئے، پاک فوج نے جوابی فائرنگ کرکے متعدد چوکیاں تباہ اور پانچ بھارتی فوجی جہنم واصل کردیئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارتی فوج کی ایل اوسی پر اشتعال انگیزی جاری ہے، بھارتی فوج نے نیزاپیر، سبزکوٹ، کیانی سیکٹرز پر چوکیوں کو اپنی گولہ باری کا نشانہ بنایا۔

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک فوجی جوان شہید اوردو شدید زخمی ہوگئے جبکہ بھارتی فوج نے مقامی آبادی پر بھی گولہ باری کی،جس کے نتیجے میں دو شہری شہید اور پانچ زخمی ہوئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کے پانچ فوجی جہنم واصل کردیئے اور کئی فوجی زخمی بھی ہوئے جبکہ پاک فوج کی فائرنگ سے بھارتی چوکیاں بھی تباہ ہوئیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپورجواب دیتی رہے گی اور اسی طرح پاک فوج کے منہ توڑجواب پربھارتی توپیں خاموش ہوتی رہیں گی۔

    یاد رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔