Tag: بھارتی فوج

  • مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 44 واں روز

    مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 44 واں روز

    سرینگر: بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 44 روز گزر گئے، وادی میں تاحال زندگی مفلوج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 44 روز ہوگئے، بھارت کے غاصبانہ قبضے میں جکڑی جنت نظیر وادی کشمیر کے عوام 44 روز سے کاروبار، تعلیم اور روزمرہ کی زندگی گزارنے سے محروم ہیں۔

    جدید اسلحے سے لیس بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں سے خوفزدہ ہیں۔ قابض فوج نے سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں بلٹ پروف بنکرز تعمیر کرلیے۔ مختلف سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا۔

    وادی میں انٹرنیٹ، موبائل سروس اور ٹی وی نشریات بدستور بند ہیں۔ اسپتالوں میں دواؤں کی قلت کا بحران سنگین ہے۔ تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز پر تالے ہیں۔

    حریت رہنما بھارتی قید میں ہیں یا نظر بند ہیں، سابق بھارت نواز وزیر اعلیٰ فاروق عبد اللہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں بھارتی مظالم کے خلاف کرفیو کی پابندیاں توڑ کر احتجاج کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی فورسز نے تشدد بھی کیا جس سے متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب مقبوضہ جموں کے فوجی کیمپ میں ایک بھارتی فوجی افسر کی لاش ملی ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، خاتون شہید، 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، خاتون شہید، 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی

    راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید اور 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے، بھارتی فوج نے نکیال اور جندروٹ سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فائرنگ سے بالاکوٹ گاؤں کی فاطمہ بی بی شہید ہوگئیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مغربی بارڈر پر 2 مختلف واقعات میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا تھا۔

    مزید پڑھیں: مغربی سرحد پر فائرنگ کے واقعات، 4 سیکیورٹی اہلکار شہید

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایک واقعہ شمالی وزیرستان میں پیش آیا جہاں پیٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ ہوئی، فائرنگ سے 23 سالہ سپاہی اختر حسین شہید ہوگیا۔

    سپاہی اختر حسین کا تعلق بلتستان سے تھا۔ واقعے میں جوابی فائرنگ سے 2 حملہ آور ہلاک ہوئے۔

    دوسرا واقعہ دیر میں ہوا جہاں سرحد پر باڑھ لگانے والوں پر افغانستان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، افغانستان کی جانب سے فائرنگ سے 3 جوان شہید ہوئے۔

    شہدا میں لانس نائیک سعید امین آفریدی، لانس نائیک محمد شعیب سواتی اور سپاہی کاشف علی شامل ہیں۔ 28 سال کے لانس نائیک سعید امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے تھا، 31سال کے لانس نائیک محمد شعیب کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا جبکہ 22 سال کا سپاہی کاشف علی ضلع نوشہرہ کا رہائشی تھا۔

  • بھارتی فوج کی حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ، حوالدار ناصر حسین شہید

    بھارتی فوج کی حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ، حوالدار ناصر حسین شہید

    اسلام آباد: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول حاجی پیر سیکٹر پر ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فائرنگ سے 33 سالہ حوالدار ناصر حسین شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول حاجی پیر سیکٹر پر پھر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔ بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے 33 سالہ حوالدار ناصر حسین شہید ہوگیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار ناصر حسین شہید کا تعلق نارووال سے تھا، ناصر حسین 16 سال سے پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

    بھارتی فوج نے ایک روز قبل جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر پر ہی بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں سپاہی غلام رسول شہید ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی غلام رسول کا تعلق بہاولنگر سے تھا۔

    گزشتہ ماہ 27 اگست کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے نکرون سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں بچی سمیت 2 شہری شہید ہوگئے تھے، فائرنگ سے 3 شہری زخمی اور 3 گھر بھی تباہ ہوئے تھے۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ، کشمیری نوجوان شہید

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ، کشمیری نوجوان شہید

    سری نگر: قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے شوپیاں میں کشمیری نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔

    مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 38ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    مقبوضہ کشمیرکے لیے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کشمیرکو بولنے دو مہم

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق 80 لاکھ کشمیریوں کے لیے ذرائع مواصلات 5 اگست سے بند ہیں، دنیا کوجاننے کی ضرورت ہے مقبوضہ کشمیرمیں کیا ہو رہا ہے۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کوانسانیت کو مقدم رکھنے کی ضرورت ہے۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ایکشن لیا جائے اور کشمیرکو بولنے دیا جائے، غیرمشروط طور پر کمیونی کیشن بلیک آؤٹ ختم کیا جائے۔

    یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔

    راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔

  • بھارتی فوج چھاپوں میں نوجوانوں کو اٹھا کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے: برطانوی خبر رساں ایجنسی

    بھارتی فوج چھاپوں میں نوجوانوں کو اٹھا کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے: برطانوی خبر رساں ایجنسی

    لندن: مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر برطانوی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ شایع کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج رات کو گھروں پر چھاپے مار کر نوجوانوں کو اٹھا کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی میڈیا پر ایک اور رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال کو اجاگر کر دیا ہے، برطانوی خبر رساں ایجنسی نے بھارتی فورسز کی جانب سے رات کو گھروں پر چھاپے مارنے کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز رات کو گھروں پر چھاپے مارتی ہیں اور نوجوانوں کو اٹھا کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں37 ویں روز بھی کرفیو

    رپورٹ میں کشمیری شہریوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی نوجوانوں کو سڑکوں پر لے جا کر بری طرح زد و کوب کرتے ہیں، تشدد کے لیے وہ لوہے کی راڈ، بندوق کے بٹ اور اسٹک کا استعمال کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق کشمیریوں کا کہنا ہے کہ جب بھارتی فوجی نوجوانوں پر تشدد کرتے ہیں تو گھر والوں تک ان کی چیخیں آتی ہیں مگر وہ کچھ نہیں کر سکتے، بھارتی فوجی گھنٹوں تک کشمیریوں پر تشدد کرتے رہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 37 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

  • بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ماتمی جلوس پر فائرنگ، پیلٹ گنوں سے حملے

    بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ماتمی جلوس پر فائرنگ، پیلٹ گنوں سے حملے

    سری نگر: بھارتی فوج کے مظالم حد سے بڑھ گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں محرم کے ماتمی جلوس کو بھی نہیں بخشا، ظالم فوجیوں نے جلوس کے شرکا پر بندوقوں کے دہانے کھول دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سری نگر کے ایک علاقے حسن آباد میں بھارتی فوجیوں نے ماتمی جلوس پر فائرنگ کھول دی، جلوس کے شرکا کو ممنوعہ پیلٹ گنوں کے نشانے پر رکھا۔

    کشمیر میڈیا سروس نے خبر دی ہے کہ بھارتی فوج کی شیلنگ سے متعدد عزا دار زخمی ہو گئے ہیں، کشمیر کا فوٹو جرنلسٹ بھی پیلٹ گنوں کے چھرے لگنے سے زخمی ہو گیا۔

    بھارتی فورسز نے جلوس کی کوریج کرنے والے فوٹو جرنلسٹ کا کیمرا بھی چھین کر توڑ دیا۔

    کے ایم ایس کے مطابق بھارتی فورسز نے تین صحافیوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جن میں شاہد خان، مبشر ڈار اور بلال بھٹ شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 35 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات مکمل طور پر معطل ہیں۔

    قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کر رکھی ہے جب کہ ذرایع ابلاغ پرسخت پابندیاں عاید ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: بھارتی فوج کی ایل او سی پر سیز فائر کی شدید اور مسلسل خلاف ورزیوں پر ایک بار پھر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی کی گئی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا، اس موقع پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔

    ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں گزشتہ روز بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے چار معصوم شہری زخمی ہوئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج تسلسل سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارت کی جانب سے 2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارت 2 سال میں 1970 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔

    دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، اس سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔

    پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کرے، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت امن برقرار رکھے، اور امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔

  • بھارتی فوج کی تحویل میں موجود 8 ہزارافراد لاپتہ، کشمیر میڈیا سروس

    بھارتی فوج کی تحویل میں موجود 8 ہزارافراد لاپتہ، کشمیر میڈیا سروس

    سری نگر: کشمیر میڈیا سروس کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 8 ہزار کشمیری بھارتی فوج کی حراست کے دوران لاپتہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں نافذ کرفیو اور لاک ڈاؤن 27ویں روز میں داخل ہوگیا، مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس نے بھارتی فوج کی حراست سے لاپتہ کشمیریوں پر رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق 8 ہزار کشمیری بھارتی فورسز کی حراست کے دوران لاپتہ ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گمشدہ افراد کے اہل خانہ کو اپنے پیاروں سے متعلق کوئی معلومات نہیں دی گئیں جبکہ مقبوضہ وادی میں ہزاروں گمنام قبریں دریافت ہوئی ہیں، گمنام قبریں بھارتی فورسز سے لاپتہ ہونے والوں کی ہوسکتیں ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج بلا وجہ کشمیری نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا رہی ہے۔

    مقبوضہ کشمیرمیں 27ویں روز بھی کرفیو

    یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔

    راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ: بچی سمیت دو شہری شہید، تین زخمی

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ: بچی سمیت دو شہری شہید، تین زخمی

    راولپنڈی: بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے نکرون سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں بچی سمیت دو شہری شہید ہوگئے، فائرنگ سے تین شہری زخمی اور تین گھر تباہ ہوئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکرون سیکٹر پر ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے۔

    بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ سے شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں بچی سمیت دو شہری شہید ہوئے۔

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے45سال کے عبدالجلیل اور تین سالہ نوشین شہید ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فائرنگ سے3شہری زخمی ہوئے اور گولہ باری سے تین گھر تباہ ہوگئے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل اوسی پر بلااشتعال گولہ باری، دو شہری شہید

    یاد رہے کہ اس سے قبل 15 اگست کو بھی بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے تھے، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی بھی مارے گئے تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ نازک صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی فوج نے ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔

  • ہزاروں کشمیری بھارتی فوج کا بد ترین لاک ڈاؤن توڑ کر سڑکوں پر آ گئے

    ہزاروں کشمیری بھارتی فوج کا بد ترین لاک ڈاؤن توڑ کر سڑکوں پر آ گئے

    سری نگر: مقبوضہ وادی کے شہر سری نگر کی فضاؤں میں اللہ اکبر کی صدائیں گونج اٹھیں، آزادی کے متوالے ہزاروں کشمیری بھارتی فوج کا بد ترین لاک ڈاؤن توڑ کر سڑکوں پر آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہزاروں کشمیریوں نے سری نگر کے علاقے صورہ میں نماز جمعہ کے بعد زبردست مظاہرہ کیا، پاکستانی پرچم تھامے کشمیریوں نے فلک شگاف نعرے لگائے۔

    مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی، مظاہرین پر بھارتی فوج نے زبردست شیلنگ کی اور پیلٹ گنوں سے حملے کیے۔

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے متعدد کشمیری شدید زخمی ہو گئے، دوسری طرف میڈیا پر پابندیوں کے باوجود عالمی میڈیا نے مقبوضہ وادی میں مودی کا فسطائی چہرہ بے نقاب کر دیا۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا مسلسل 20واں روز

    امریکی میڈیا نے کشمیریوں کے مارچ کی ویڈیو جاری کر دی، نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ بھارت کے دنیا کو مقبوضہ کشمیر سے بے خبر رکھنے کے لیے حربے نا کام ہو گئے۔

    امریکی میگزین فارن پالیسی نے لکھا دنیا جان لے کشمیری ہمیشہ خاموش نہیں رہیں گے، وہ فائٹ بیک کریں گے، ادھر فرانس کے ٹوینٹی فور ٹی وی نے بھی لاک ڈاؤن پر تفصیلی رپورٹ نشر کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری نگر میں جمعے کو مسجدوں کو تالے لگا دیے گئے

    خیال رہے کہ آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آج کرفیو کا 20 واں روز تھا، کرفیو بدستور جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج کہا کہ سری نگر میں کشمیریوں کو نماز جمعہ بھی ادا نہیں کرنے دی گئی، مسجدوں کو تالے لگا دیے گئے تھے۔