Tag: بھارتی فورسز کے مظالم

  • کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کی جائے: امریکی سینٹرز کا ٹرمپ کو خط

    کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کی جائے: امریکی سینٹرز کا ٹرمپ کو خط

    واشنگٹن: مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر امریکی سینیٹرز نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھا دیا ہے، سینیٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر صدر ٹرمپ کی جماعت سے بھی آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں، امریکی سینیٹرز نے صدر ٹرمپ کو خط لکھ کر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کروا کر رابطہ کاری کی سہولیات بحال کرائی جائیں۔

    سینیٹرز نے خط میں لکھا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کشمیر کے معاملے کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    سینیٹرز کا کہنا تھا کہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے پر انھیں تشویش ہے، امریکا پاک بھارت تعلقات بہتر کرنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  برطانیہ: اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر حل کرے، قرارداد منظور

    یہ خط سینیٹر کرس وان ہولین، ٹوڈ ینگ، بین کارڈن اور لنزے گراہم کی جانب سے لکھا گیا۔

    انھوں نے لکھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ کشمیر کے باسیوں کے لیے صورت حال مشکل تر ہوتی جا رہی ہے، اس لیے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر اعظم مودی وادی میں ٹیلی کمیونی کیشن اور انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کرتے ہوئے بلیک آؤٹ ختم کر دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال کے جمہوریت، انسانی حقوق اور علاقائی استحکام پر بد ترین اثرات مرتب ہوں گے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، کرفیو، عوام پر فائرنگ، 6 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، کرفیو، عوام پر فائرنگ، 6 کشمیری شہید

    سری نگر: انتہا پسند مودی سرکار کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر فائرنگ سے 6 کشمیری شہید، 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تیسرے روز بھی کرفیو نافذ رہا، اور مواصلات کے ذرایع بند رہے، قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 کشمیری شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

    بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر گولیوں کی بوچھار کی گئی، چھروں اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

    نہتے کشمیری بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35،370 اے کی منسوخی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیر میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے، کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے کے لیے مزید اڑتیس ہزار فوجی تعینات کر دیے گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، کشمیریوں نے کھانے پینے کی اشیا، دوائیں اور پیٹرول جمع کرنا شروع کر دیا ہے، اس دوران لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کا گھناؤنا منصوبہ، آرٹیکل 370 کی منسوخی پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے گھناؤنے منصوبے پر اقوام متحدہ نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تصفیہ طلب مسائل کا مذاکرات سے حل نکالا جائے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش بھی کر چکے ہیں۔

  • چیئرمین سینیٹ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام خط

    چیئرمین سینیٹ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام خط

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی صورت حال کے پیشِ نظر چیئرمین سینیٹ نے دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دنیا بھر کی پارلیمنٹس کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے دنیا بھر کی پارلیمان کے نام خط لکھ کر انھیں مقبوضہ کشمیر میں روز بہ روز بگڑتی صورت حال کی طرف متوجہ کیا ہے۔

    صادق سنجرانی اہم ممالک کی پارلیمنٹس کے اسپیکرز سے ٹیلی فونک رابطے بھی کریں گے۔

    چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا کا واضح مؤقف آنا چاہیے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری بری الذمہ نہیں۔

    صادق سنجرانی نے خط میں کہا ہے کہ دنیا کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خاتمے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  او آئی سی کشمیر میں گھمبیر صورت حال کا فوری طور نوٹس لے: شاہ محمود

    چیئرمین سینیٹ نے خط میں وادیٔ نیلم میں بھارتی جارحیت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ عالمی برادری کلسٹر بموں کے استعمال اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا بھی نوٹس لے۔

    خط میں انھوں نے لکھا کہ دنیا بھر کی پارلیمان ریاستی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں، نیز عالمی برادری کو مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر میں گھمبیر ہوتی صورت حال کا فوری طور نوٹس لیا جائے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کا استعمال رمضان میں بھی جاری ہے: میر واعظ عمر فاروق

    مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کا استعمال رمضان میں بھی جاری ہے: میر واعظ عمر فاروق

    سری نگر: حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظالم بھارتی فورسز کی جانب سے رمضان میں بھی پیلٹ گن کا استعمال بلا روک ٹوک جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی فوج جنوبی کشمیر میں لوگوں پر مسلسل پیلٹ گنز کا استعمال کر رہی ہے جو درد ناک زخموں اور حتیٰ کہ اموات کا بھی باعث ہے۔

    حریت پسند کشمیری رہنما کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے، جس کی وجہ سے وادی کی صورت حال میں مزید بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جو لوگ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے خواہش مند ہیں انھیں جاننا ہوگا کہ اسے صرف سیاسی طور پر ہی حل کیا جاسکتا ہے، طاقت کے ذریعے نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی، 2 کشمیری نوجوان شہید

    دریں اثنا، آج بھارتی فورسز نے کلگام ضلع میں ایک اور کشمیری کو شہید کر دیا ہے، فورسز نے تازی پورہ میں محاصرہ کر کے سرچ آپریشن میں نوجوان کو شہید کیا۔

    ضلع کلگام میں بھارتی فورسز کے مظالم اور شہادتوں کے خلاف کشمیریوں کے پر امن احتجاج پر بھی فورسز نے وحشیانہ تشدد کیا، جس کے نتیجے میں 50 کشمیری شدید زخمی ہو گئے ہیں، جن میں سے چند کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی، 2 کشمیری نوجوان شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی، 2 کشمیری نوجوان شہید

    اننت ناگ: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، اننت ناگ میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے آج 2 کشمیری نوجوان شہید ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں، بھارتی فوجیوں نے دو نہتے کشمیریوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔

    کشمیری میڈیا سیل کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن میں شہید کیا گیا، ایک نوجوان کو کچوان جنگل کے علاقے میں محاصرے کے دوران شہید کیا گیا۔

    حسب دستور اننت ناگ اور نواح میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج نے برہان وانی کے ساتھی ذاکر موسیٰ کو شہید کردیا

    دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ مدافعتی لیڈر شپ نے غیر قانونی طور پر قید جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی عدالتی حراست میں توسیع کی مذمت کی ہے۔

    کشمیری لیڈر شپ نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حریت رہنما کی غیر قانونی حراست کو سیاسی مقاصد کے تحت جان بوجھ کر طول دے  دیا گیا ہے، جو انسانیت اور جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔

    مشترکہ مدافعتی لیڈر شپ نے خواتین کشمیری رہنماؤں آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کی حراست کی بھی شدید مذمت کی۔

  • یاسین ملک کی صحت مزید بگڑ گئی ہے: مشعال ملک شوہر کے ذکر پر آبدیدہ ہو گئیں

    یاسین ملک کی صحت مزید بگڑ گئی ہے: مشعال ملک شوہر کے ذکر پر آبدیدہ ہو گئیں

    اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ ان کے شوہر کی صحت مزید بگڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز کے ہاتھوں گرفتار کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کی طبیعت مزید بگڑ گئی ہے، جس پر بھارتی فورسز نے انھیں بد نام زمانہ تہاڑ جیل سے دہلی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

    مشعال ملک اپنے شوہر کی علالت کا ذکر کرتے ہوئے آب دیدہ ہو گئیں، انھوں نے کہا کہ یاسین ملک کی صحت مزید بگڑ گئی ہے۔

    انھوں نے کہا ’میں اپنے شوہر کے پاس جاؤں گی، مجھے دھمکیاں ملتی رہتی ہیں، شادی کی سال گرہ پر پیغام ملا یہ آپ کی شادی کی آخری سال گرہ ہے۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  یاسین ملک کی شدید علالت پر سخت تشویش ہے: ترجمان دفتر خارجہ

    آج دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بھی کہا کہ پاکستان کو حریت رہنما یاسین ملک کی شدید علالت پر سخت تشویش لاحق ہے، کشمیر میں بہت ظلم ہو رہا ہے، یاسین ملک کو شدید علالت کے باعث دہلی اسپتال میں منتقل کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک کو چند روز قبل دنیا کی بد نام زمانہ تہاڑ جیل میں بند کیا گیا تھا، جہاں سے انھیں دہلی اسپتال منتقل کیا گیا اور وہ شدید علیل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی فوج نے یاسین ملک کو خفیہ طور پر تہاڑ جیل منتقل کردیا، مشعال ملک

    یاد رہے کہ 23 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی فورسز نے گرفتار کیا تھا، 10 اپریل کو یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ رات یاسین ملک کو خفیہ طور پر تہاڑ جیل منتقل کر دیا ہے۔

  • بھارت نہیں چاہتا مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا کے سامنے آئیں: فرانسیسی فلم ساز

    بھارت نہیں چاہتا مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا کے سامنے آئیں: فرانسیسی فلم ساز

    اسلام آباد: فرانسیسی فلم ساز پال کومٹی نے کہا ہے کہ بھارت نہیں چاہتا مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا کے سامنے آئیں، بھارت نے کشمیریوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر ڈاکومینٹری بنانے والے فرانسیسی صحافی پال کومٹی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کا جینا مشکل کر دیا ہے، بھارت نہیں چاہتا مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا کے سامنے آئیں۔

    فرانسیسی فلم میکر نے کہا کہ انھوں نے متعد بار صحافی کی حیثیت سے مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت مانگی تھی لیکن بھارت نے مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دی۔

    پال کومٹی کا کہنا تھا کہ انھوں نے بھارت سے فلم بنانے کے لیے ویزا جاری کرنے کی درخواست کی، بھارت کی جانب سے فلم کی اجازت سے بھی انکار کیا گیا، اس کے بعد مقبوضہ وادی کی صورتِ حال جاننے کے لیے عام آدمی کی حیثیت سے گیا۔

    مزید تفصیل: مقبوضہ کشمیر، فرانسیسی صحافی کی دستاویزی فلم میں بھارت کامکروہ چہرہ بے نقاب

    ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے انھیں گرفتار کیا، ان سے کیمرے اور دیگر سامان چھین لیا گیا، انھوں نے اقوام عالم سے جنت نظیر وادی میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

    پال کومٹی نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں جگہ جگہ عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، وہاں کاروبار کا بڑا ذریعہ سیاحت ہے، جسے بھارت نے ختم کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ فرانسیسی فلم میکر نے اپنی دستاویزی فلم وار آن دا روف آف ورلڈ میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارت کے وحشیانہ مظالم دنیا کے سامنے پیش کیے ہیں جب کہ آزاد کشمیر کے حالات بھی فرانسیسی ڈاکیومینٹری کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

    بھارت نے ڈاکومنٹری روکنے کی ہر ممکن کوشش کی، فلم سازی کے دوران فرانسیسی صحافی کو بھارتی فورسز نے حراست میں بھی لیا، پال کومیٹی اپنی ٹیم سمیت 3 ہفتے تک بھارتی فورسز کی حراست میں رہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید تین کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید تین کشمیری شہید

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے ظلم کا بازار گرم رہا، قابض فوج نے فائرنگ کر کے مزید تین نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، فورسز کی فائرنگ سے مزید تین کشمیریوں نے جامِ شہادت نوش کر لیا۔

    بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ اور قریبی علاقوں کی ناکہ بندی کر کے ظالمانہ کارروائی کی، اس دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند کر دی گئی۔

    گزشتہ روز سے جاری محاصرے میں شہید کشمیریوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے، قابض بھارتی فوج نے اس کارروائی کے دوران اپنے ایک فوجی اہل کار کی ہلاکت کا بھی اقرار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ آج وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کو قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ ہے۔


    یہ بھی ملاحظہ کریں:  مقبوضہ کشمیر، یوم عاشور کے جلوس پر پابندی، حریت رہنما نظربند


    سینٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی اندرونی سیاست سے ہم متاثر نہیں ہوں گے، پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے۔

    فواد چوہدری نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے جاری شر انگیزی کے جواب میں کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی دھمکی میں آنے والا نہیں ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر: بھارتی سازش سامنے آنے پر پہیہ جام ہڑتال

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی سازش سامنے آنے پر پہیہ جام ہڑتال

    سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سازش بے نقاب ہونے پر حریت رہنماؤں کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پر وادی میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق ہڑتال کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے حریت قیادت کو نظر بند کر دیا، تاہم وادی میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال رہی۔

    مختلف علاقوں میں احتجاج کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی فورسز نے فائر کھول دیے، فورسز کے ہاتھوں ایک اور کشمیری شہید ہو گیا۔

    گزشتہ چار روز میں وادی میں ظالم بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نہتے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔

    واضح رہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کے لیے وادی میں نافذ العمل بھارتی آئین کی دفعہ 370 کی شق 35 اے میں ترمیم کرنے کے لیے پر تول رہی ہے، جس کے بعد ہندوؤں کو کشمیر منتقل کرنے کی راہ میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں رہے گی، اور ریاست جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت اقلیت میں بدل جائے گی۔

    بھارت کشمیریوں کی اکثریت کواقلیت میں بدلنےکی کوشش کررہا ہے‘ مشعال ملک

    وادی میں مسلم اکثریت کے خلاف اس سازش کے بے نقاب ہونے پر حریت قیادت نے زبردست احتجاج کیا، حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سازش کام یاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر گونگی بہری بنی ہوئی ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اپنے قراردادوں پر عمل کرائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔