Tag: بھارتی فورسز

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم جاری، مزید تین نوجوان شہید کردیے

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم جاری، مزید تین نوجوان شہید کردیے

    سری نگر : قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے کتھوا میں مزید تین کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے اپنی دہشت گردی جاری رکھی ہوئی ہے، سری نگر میں تین مزید کشمیری نوجوانوں کو بے دردی سے شہید کردیا گیا۔

    اس حوالے سے کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد بھارتی فورسز نے بربریت اورریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوجوانوں کو کتھوا کے علاقے میں جعلی پولیس مقابلے میں شہید کیا جبکہ ایک نوجوان کو جموں کے پولیس اسٹیشن میں زیر حراست شہید کیا گیا۔ شہید نوجوانوں کے لواحقین نے قابض فورسز کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔

    ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوان کی شہادت کے بعد علاقے میں کرفیو مزید سخت کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی پہلے سے بند ہے۔ کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسزنے تلاشی کے بہانے خواتین اور بچوں کو گھروں سے نکال دیا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں فاشسٹ بھارتی انتظامیہ کی طرف سے کرفیوکے نفاذ کو 43دن گزر چکے ہیں جس کے باعث مظلوم کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامناہے جبکہ بھارتی فورسز کی جانب سے ان پر ہر قسم کا ظلم وتشدد بھی روا رکھا جارہا ہے۔

  • بھارتی فوج چھاپوں میں نوجوانوں کو اٹھا کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے: برطانوی خبر رساں ایجنسی

    بھارتی فوج چھاپوں میں نوجوانوں کو اٹھا کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے: برطانوی خبر رساں ایجنسی

    لندن: مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر برطانوی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ شایع کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج رات کو گھروں پر چھاپے مار کر نوجوانوں کو اٹھا کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی میڈیا پر ایک اور رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال کو اجاگر کر دیا ہے، برطانوی خبر رساں ایجنسی نے بھارتی فورسز کی جانب سے رات کو گھروں پر چھاپے مارنے کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز رات کو گھروں پر چھاپے مارتی ہیں اور نوجوانوں کو اٹھا کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں37 ویں روز بھی کرفیو

    رپورٹ میں کشمیری شہریوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی نوجوانوں کو سڑکوں پر لے جا کر بری طرح زد و کوب کرتے ہیں، تشدد کے لیے وہ لوہے کی راڈ، بندوق کے بٹ اور اسٹک کا استعمال کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق کشمیریوں کا کہنا ہے کہ جب بھارتی فوجی نوجوانوں پر تشدد کرتے ہیں تو گھر والوں تک ان کی چیخیں آتی ہیں مگر وہ کچھ نہیں کر سکتے، بھارتی فوجی گھنٹوں تک کشمیریوں پر تشدد کرتے رہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 37 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی: وزیر اعظم

    مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی نہایت مخدوش صورت حال سے متعلق ایک اہم ٹویٹ کر کے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑا۔

    انھوں نے لکھا کہ دنیا اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی جیسا کہ 1938 میں میونخ میں ہوا، مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہے، آج مودی کی بھارتی فورسز کا مقبوضہ کشمیر پر قبضے کا 32 واں دن ہے۔

    وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت عالمی اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے، دنیا ان بھارتی مظالم پر کیوں خاموش ہے، کیا عالمی برادری میں انسانیت مر چکی ہے، عالمی برادری ایک ارب 30 کروڑ مسلمانوں کو دنیا میں کیا پیغام دے رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوتوا کے عزائم دنیا پر آشکار ہو چکے ہیں، بھارتی ریاست آسام میں بھی ہندوتوا کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے، بھارتی فورسز نے کشمیریوں کو قتل کیا، پیلٹ گنز سے زخمی کیا، کشمیری مردوں، خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، لوگوں کو گرفتار کر کے بھارت کی جیلوں میں ڈال دیا گیا۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اسپتالوں میں دوائیں ختم ہو گئی ہیں، بنیادی ضرورت کی چیزوں کی کمی ہو چکی ہے، جب کہ بلیک آؤٹ کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا سے چھپ گئے ہیں لیکن خوف ناک صورت حال کے باوجود عالمی میڈیا مظالم سامنے لا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دوسری طرف عالمی برادری وادی میں جاری ان مظالم پر خاموش ہے۔ وزیر اعظم نے سوال کیا کہ جب مسلمانوں پر ستم کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں تو کیا اقوام عالم کی انسانیت دم توڑ دیتی ہے؟

  • مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے مظالم جاری، اگست میں16کشمیریوں کو شہید کیا گیا

    مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے مظالم جاری، اگست میں16کشمیریوں کو شہید کیا گیا

    سری نگر : بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ کے کرفیو کے دوران سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گن سے شدید زخمی کیا، اب تک پانچ ہزار سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے5 اگست کے بعد سے مظالم کا نیا سلسلہ جاری ہے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج درندگی رکنے کا نام نہیں لے رہی۔

    ایک ماہ کے دوران قابض فورسز نے سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، فائرنگ اور شیلنگ سے تین سو سے زائد کشمیری زخمی ہوئے جبکہ اٹھائیس روز گزرنے کے باجود کرفیو نہیں ہٹایا جاسکا۔

    فائرنگ، شیلنگ، پیلٹ گن کے استعمال اور گھروں پر چھاپوں سے متعدد گھر تباہ ہوگئے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

    وادی میں مسلسل کرفیو کو ایک ماہ ہونے والا ہے۔ اسکول اور تجارتی مراکز بند ہیں، جس کے باعث کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہوچکا ہے۔ کشمیری اپنے ہی گھروں میں محصور ہیں ان کی زندگی مفلوج ہے، کرفیو کے باعث کھانے پینے کی اشیاء کی قلت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ اگست میں سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرامن احتجاج کرنے والوں کو فائرنگ، شیلنگ اور پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین سو چھیاسٹھ کشمیری زخمی ہوئے۔

    اس کے علاوہ بھارتی فوج نے ایک ماہ کے دوران حریت قیادت سمیت پانچ ہزارسے زائد افراد کو گرفتار کیا چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتےہوئے بھارتی فوج نے چودہ خواتین کو درندگی کا نشانہ بنایا اور اکتیس مکانات مسمار کردئیے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا معصوم بچے پر تشدد، بھارتی صحافی نے پول کھول دی

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا معصوم بچے پر تشدد، بھارتی صحافی نے پول کھول دی

    سری نگر: بھارتی صحافی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی پول کھول دی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی صحافی رعنا ایوب نے ٹویٹ مین کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے ابھی لوٹی ہیں، مقبوضہ وادی میں جو دیکھا وہ اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا ہوگا۔

    بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے 12 سالہ بچے کو حراست میں لے کر پیٹا جارہا تھا، خواتین کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔

    رعنا ایوب نے کہا کہ لڑکوں کو الیکٹرک شاکس دئیے جارہے ہیں، پوچھتی ہیں کیا یہ سب معمول کے مطابق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے اندر بھارتی میڈیا کے لیے جو غصہ اور نفرت ہے وہ پہلے کبھی نہیں دیکھی ہے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 26 روز سے لاک ڈاؤن کے باعث عوام گھروں میں محصور اور حریت قیادت قید ہے، جگہ جگہ بھارتی فورسز کے ناکوں کے باعث مریضوں کو ادویات اور اسپتال جانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

    اس کے علاوہ بھارتی فورسز اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال بھی کررہی ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، کرفیو، عوام پر فائرنگ، 6 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، کرفیو، عوام پر فائرنگ، 6 کشمیری شہید

    سری نگر: انتہا پسند مودی سرکار کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر فائرنگ سے 6 کشمیری شہید، 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تیسرے روز بھی کرفیو نافذ رہا، اور مواصلات کے ذرایع بند رہے، قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 کشمیری شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

    بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر گولیوں کی بوچھار کی گئی، چھروں اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

    نہتے کشمیری بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35،370 اے کی منسوخی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیر میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے، کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے کے لیے مزید اڑتیس ہزار فوجی تعینات کر دیے گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، کشمیریوں نے کھانے پینے کی اشیا، دوائیں اور پیٹرول جمع کرنا شروع کر دیا ہے، اس دوران لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کا گھناؤنا منصوبہ، آرٹیکل 370 کی منسوخی پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے گھناؤنے منصوبے پر اقوام متحدہ نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تصفیہ طلب مسائل کا مذاکرات سے حل نکالا جائے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش بھی کر چکے ہیں۔

  • متعدد کشمیری رہنما نظر بند، مقبوضہ وادی قید خانے میں تبدیل

    متعدد کشمیری رہنما نظر بند، مقبوضہ وادی قید خانے میں تبدیل

    سری نگر: بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، محبوبہ مفتی، عمر عبداللہ اور سجاد لون نظر بند کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز نے کشمیری رہنماؤں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی لگا دی ہے، متعدد رہنما گھروں میں نظر بند کر دیے گئے ہیں۔

    مقبوضہ وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بھی بند کی جا چکی ہے، سری نگر سمیت وادی بھر میں اجتماعات پر پابندی عاید ہے، ادھر تعلیمی ادارے بھی بند ہیں، عملاً مقبوضہ وادی کو قید خانے میں بدل دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں اضافی فوج کی تعیناتی سے وادی کی صورت حال گھمبیر ہو چکی ہے، بھارتی فورسز کے مظالم میں مزید اضافے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے جس کا خدشہ عالمی سطح پر بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، او آئی سی کا اظہارِ تشویش

    دوسری طرف بھارت سری نگر میں آرٹیکل 35 اور 37 نافذ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس آرٹیکل کا نفاذ سرینگر کو براہ راست دہلی کے زیر اثر لانے کی کوشش ہے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورت حال کے پیش نظر ایک طرف وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود نے او آئی سی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا دوسری طرف چیئرمین سینیٹ نے دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام اس سلسلے میں خط بھی لکھ دیا ہے۔

    اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی اضافی تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

  • کلسٹر بم کے استعمال کے ناقابل تردید ثبوت اے آر وائی نیوز نے حاصل  کر لیے

    کلسٹر بم کے استعمال کے ناقابل تردید ثبوت اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیے

    مظفر آباد: آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے اِس پار پاکستانی علاقے میں بھارت کی جانب سے کلسٹر بموں کے استعمال کے ناقابل تردید ثبوت اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کلسٹر بم استعمال کر کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی سامنے آئی ہے، میڈیا نے اس معاملے کی آزاد کشمیر سے کوریج کی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوسیری کی آبادی میں کلسٹر بم بکھرے پڑے ہیں۔

    بھارتی فوج کی جانب سے وادیٔ نیلم کی سول آبادی پر کلسٹر بم برسائے گئے تھے، فائر کیے گئے مزید کلسٹر بم نوسیری سے مل گئے ہیں۔

    بھارتی فوج نے ایل او سی پر گولہ باری کے دوران آبادی پر کلسٹر بم پھینکے، بھارتی فوج نے ممنوعہ کلسٹر بموں سے شہریوں کو نشانہ بنایا، ایک بچہ کھلونا سمجھ کر کلسٹر بم گھر لے گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کا ایل اوسی پر شہریوں کونشانہ بنانے کیلئے کلسٹر ٹوائے بم کا استعمال

    خیال رہے کہ نوسیری لائن آف کنٹرول سے پانچ ساڑھے پانچ کلومیٹر دور ہے جہاں کلسٹر بموں سے آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس کی وجہ سے شہریوں سمیت دکانوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

    دوسری طرف بھارت کا دعویٰ ہے کہ وہ صرف پاکستانی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم اے آر وائی نیوز نے اس بھارتی دعوے کا پول کھول دیا ہے۔

    واضح رہے کہ نوسیری میں کلسٹر بموں سے 4 شہریوں کی شہادتیں ہوئی ہیں، جب کہ 11 افراد شدید زخمی ہوئے، بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کو کلسٹر بم فائر کیے تھے۔

  • او آئی سی کشمیر میں گھمبیر صورت حال کا فوری طور نوٹس لے: شاہ محمود

    او آئی سی کشمیر میں گھمبیر صورت حال کا فوری طور نوٹس لے: شاہ محمود

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر میں گھمبیر ہوتی صورت حال کا فوری طور نوٹس لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد سے فون پر رابطہ کر کے کشمیر میں بڑھتی بھارتی جارحیت اور امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ بھارت کا نہتے کشمیریوں پر سفاکانہ طاقت کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کلسٹر بم کا استعمال، وزیراعظم عمران خان کا عالمی برادری سے نوٹس کا مطالبہ

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر ملکیوں کو کشمیر سے نکلنے کے احکامات تشویش میں اضافے کا سبب ہیں، او آئی سی فوری طور اس گھمبیر صورت حال کا نوٹس لے۔

    دریں اثنا، سیکریٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف احمد نے کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینے اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلسٹر بم کا استعمال عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔

  • ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری، حوالدار منظور عباسی شہید

    ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری، حوالدار منظور عباسی شہید

    راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز نے ایک بار پھر بلا اشتعال گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے ایل او سی پر بلا اشتعال گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں حوالدار منظور عباسی شہید ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے بٹل، ستوال، خنجر، نکیال اور جندروٹ سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی۔

    پاک فوج کے ادارے نے بتایا کہ بھارتی فوج نے شہری آبادی پر مارٹر اور راکٹ فائر کیے، جب کہ فوجی چوکیوں پر بلا اشتعال گولہ باری بھی کی۔

    بھارتی فوج کی گولہ باری سے حوالدار منظور عباسی شہید ہو گئے، جب کہ ایک خاتون اور 2 بچیوں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

    دوسری طرف پاک فوج نے بھی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کی اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چوکی کو شدید نقصان پہنچا۔