Tag: بھارتی لڑکیاں

  • سشانت کی موت کا اثر، بھارتی لڑکیاں، لڑکے خود کشی کرنے لگے

    سشانت کی موت کا اثر، بھارتی لڑکیاں، لڑکے خود کشی کرنے لگے

    بہار: بھارتی اداکار سشانت سنگھ کی افسوس ناک خود کشی ریاست بہار کے نوجوانوں پر بری طرح اثر انداز ہونے لگی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار سشانت کی موت سے اثر لیتے ہوئے نالندہ ضلع اور پٹنہ میں ایک لڑکے اور لڑکی نے پھندا لگا کر خود کشی کر لی۔

    رپورٹس کے مطابق بہار میں نالندہ ضلع کے چنڈی تھانے کے علاقے میں منگل کو ایک طالب علم نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی، لودی پور گاﺅں میں اوما شنکر لال کے 14 سالہ بیٹے گوتم کمار کی لاش اس کے گھر سے برآمد ہوئی۔

    لڑکے کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ فلمی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے وہ کافی رنجیدہ تھا، اسی وجہ سے اس نے خود کشی کر لی۔ دوسری طرف پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

    کیا سشانت سنگھ راجپوت کو قتل کیا گیا؟

    ادھر بہار کے شہر پٹنہ میں بھی ایک 17 سالہ لڑکی نے سشانت کی موت سے دل برداشتہ ہو کر گلے میں پھنڈا ڈال کر خود کشی کر لی ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ راجندر نگر کی رہائشی لڑکی نے پیر کی رات ٹی وی چینلز پر سشانت سنگھ کی موت کی خبر مسلسل دیکھنے کے بعد خود کشی کی۔

    سترہ سالہ لڑکی اشیکا کماری دسویں کلاس کے امتحانی نتائج کا انتظار کر رہی تھی، لڑکی کی ماں گوری دیوی نے پولیس کو بتایا کہ اشیکا دسویں جماعت کے امتحان میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی تھی اور اس پر پریشان تھی۔ انھوں نے کہا کہ اشیکا رات بھر ٹی وی چینلز اور موبائل پر سشانت سنگھ کی موت کی خبر دیکھتی رہی، میں نے اسے منع بھی کیا کہ ایسی خبریں مت دیکھو لیکن اس نے نہیں سنا۔

    پولیس کے مطابق اشیکا نے بیڈروم میں خود کو ماں کی ساڑھی سے چھت کے پنکھے سے لٹکا کر خود کشی کی، ماں کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ اتوار کو معروف بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے خود کو ممبئی کے فلیٹ میں لٹکا کر خود کشی کر لی تھی۔

  • دبئی : بھارتی لڑکیوں نے کپ کیک فروخت کرکے رقم کیرالہ فنڈ میں جمع کردی

    دبئی : بھارتی لڑکیوں نے کپ کیک فروخت کرکے رقم کیرالہ فنڈ میں جمع کردی

    دبئی : متحدہ عرب امارات کی رہائشی دو  بھارتی لڑکیوں نے سات روز تک کپ کیک فروخت کرکے رقم کیرالہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ میں جمع کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں مقیم دو بھارتی نژاد کم عمر بہنوں نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ جنوب بھارتی ریاست کیرالہ میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک ہفتہ کپ کیک فروخت کرکے رقم عطیہ کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دونوں بھارتی لڑکیوں کو دیکھ کر دبئی میں مقیم متعدد طالب علموں اور اساتذہ کی جانب سے کیرالہ کے سیلاب متاثرین کے لیے چندہ جمع کیا جارہا ہے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دبئی کے صفا کمیونٹی اسکول کے گریڈ 5 میں زیر تعلیم ’9 سالہ کرشنا اور 7 سالہ میرایا راجہ گوپالن‘ نے اپنے طریقے سے سیلاب متاثرین کی معاونت کے لیے رقم جمع کی اور اپنے والدین کے ذریعے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں بھیج دی۔

     

    بھارتی بہنوں کی والدہ کا کہنا ہے کہ ’میری دونوں بیٹیاں کیرالہ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے ہزاروں افراد کی امداد کے لیے کچھ کرنا چاہتی تھی، پھر انہوں نے امدادی رقم کی جمع آوری کے لیے کپ کیک بناکر فروخت کرنا شروع کردیئے۔

    بھارتی لڑکیوں کی والدہ میگا کپور نے میڈیا کو بتایا کہ ’میری بیٹیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت 175 کپ کیک تیار کیے اور اپنی گرمی کی چھٹیوں کے سات روز سیکڑوں گھروں پر جاکر کیک فروخت کرنے میں گزار دیئے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا تھا کہ سات روز تک گھر گھر جاکر کیک فروخت کرکے  جمع ہونے والی 3 ہزار درہم (58 ہزار بھارتی روہے) کی رقم کیرالہ کے سیلاب متاثرین کے لیے بھیج دی۔