Tag: بھارتی مظالم

  • کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم سے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جاسکتا، آرمی چیف

    کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم سے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جاسکتا، آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم سے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جاسکتا، ریاستی بربریت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کشمیر میں جاری حالیہ صورتحال  پر اپنے جاری بیان میں کہی، ارمی چیف نے دشمن کو دو ٹوک پیغام دے دیا، سپہ سالار کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم سے ان کے حق خودارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا۔

    کشمیری اپنے سیاسی حق خودارادیت کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بربریت روا رکھے ہوئے ہیں۔

    بھارتی سکیورٹی فورسز کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر سیزفائر کی مسلسل خلاف ورزیاں اور بھارتی فوج کا لائن آف کنٹرول پر عام شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔

    آرمی چیف سے امریکی قائم مقام نائب وزیرخارجہ کی ملاقات

    علاوہ ازیں آرمی چیف سے امریکی قائم مقام نائب وزیرخارجہ نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی اورعلاقائی سیکیورٹی سے متعلق گفتگو کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی قائم مقام نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے کوشاں اور افغانستان میں بھی دیرپا امن کا خواہاں ہے،

    خطے کے دیگرفریق بھی دیرپا امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں امن واستحکام کیلئے اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گا، ملاقات میں باہمی مشاورت سے مثبت پیشرفت کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 20 نوجوان شہید

    یاد رہے کہ بھارت کی دہشت گرد فوج نے مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، 24گھنٹوں کے دوران مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد اور شوپیاں میں غاضب بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران16کشمیری نوجوانوں جبکہ 4 نوجوانوں کو نماز جنازہ کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا۔

    بھارتی فوج کی کارروائیوں میں 300 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بیشترکی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جبکہ اس دوران 4 رہائشی مکانات کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • او آئی سی کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اظہار تشویش

    او آئی سی کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق سے متعلق مستقل خودمختار کمیشن کےاعلیٰ سطح کے وفد نےمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔

    او آئی سی کے وفد نے اسلام آباد میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے دوران کہاکہ بھارت نے انسانی حقوق کی صورت حال کا جائزہ لینے کےلیےحقائق کا پتہ لگانے والے مشن کو مقبوضہ کشمیر بھیجنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے۔

    مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے وفد سے ملاقات کے دوران کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کےباعث بےگناہ لوگوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں۔


    مزید پڑھیں: یوم پاکستان پرمقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمانظربند


    یاد رہےکہ اس سے قبل رواں ماہ 23مارچ کو مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فورسز نےحریت رہنماؤں کویوم پاکستان کی تقریب میں شرکت سےروکنےکےلیےگھروں میں نظربند کردیاتھا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نےحریت رہنماؤں کی نظر بندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہاتھاکہ سید علی گیلانی اور میر واعظ عمرفاروق سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے۔


    مزید پڑھیں:بھارت مقبوضہ کشمیر میں کم سن بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے، نفیس زکریا


    واضح رہےکہ گزشتہ دنوں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کاکہناتھا کہ بھارتی فوج نفرت اور تشدد میں اندھی ہوچکی ہےاور مقبوضہ کشمیر میں کم سن بچوں کو بھی جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہے۔

  • عالمی برادری کشمیرمیں بھارتی مظالم رکوائے، ترجمان دفترخارجہ

    عالمی برادری کشمیرمیں بھارتی مظالم رکوائے، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کو عالمی برادری فوری طور پر رکوائے۔ گرفتارحریت رہنماؤں کو رہا کرایا جائے۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حریت رہنما یاسین ملک کی صحت بگڑرہی ہے،کشمیری رہنما آسیہ اندرابی بھی 2 ہفتوں سے قید ہیں۔

    نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد 150کشمیری شہید کیے گئے ہیں، بھارتی ظلم وبربریت سے اب تک15ہزارسے زائد کشمیری زخمی ہوچکے ہیں۔ بھارتی فورسز کشمیر میں نسل کشی کررہی ہیں، قابض بھارتی افواج جنگی جرائم کی مرتکب ہورہی ہیں۔

    مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پاکستان کے عوام اورحکومت کے لئے باعث تشویش ہے، مقبوضہ کشمیرمیں حقائق جاننے کے لیے مشن بھیجا جائے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیر میں ڈیڑھ سو سے زیادہ افراد کو شہید اور ہزار کے قریب افراد کو بینائی سے محروم کردیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کے کمشنر اور سلامتی کونسل بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔

     

  • کشمیر میں مظالم روکنے کیلئےعالمی برادری فیصلہ کن اقدامات کرے،زرداری

    کشمیر میں مظالم روکنے کیلئےعالمی برادری فیصلہ کن اقدامات کرے،زرداری

    دبئی: سابق صدرآصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کشمیری عوام پر بھارتی مظالم روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

    تفصیلات کےمطابق سابق زرداری آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ کشمیر تقسیم کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور عالمی برادری نے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے کا وعدہ کیا تھا اور اس حق کو طاقت کے زور پر سلب نہیں کیا جاسکتا۔

    آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ برہان وانی کی 8 جولائی کو ہونے والی شہادت کے بعد سے کشمیری رہنما یاسین ملک جیل میں ہیں اور ان کی صحت انتہائی خراب ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر میں مظالم روکنے کیلئےعالمی برادری فیصلہ کن اقدامات کرے۔

    مزید پڑھیں:بھارت نے جنت نظیروادی مقبوضہ کشمیر کو کشمیریوں کیلئے جہنم بنا دیا ہے،مشال ملک

    یاد رہےکہ گزشتہ روزحریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کاکہناتھا کہ بھارت نے مظالم کے ذریعے جنت نظیروادی مقبوضہ کشمیر کوکشمیریوں کے لیے جہنم بنا دیا ہے،پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے چین امریکہ روس سمیت عالمی طاقتوں سےرابطے بڑھائے۔

    مزید پڑھیں:جموں کشمیر بھارت کااٹوٹ انگ تھا نہ ہوگا،ملیحہ لودھی

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتےاقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے یو این او میں اپنے خطاب میں کہا تھاکہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کااٹوٹ انگ تھانہ ہوگا ہم جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، 11 سالہ ننھا طالب علم جاں بحق

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، 11 سالہ ننھا طالب علم جاں بحق

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے طالب علم کے جنازے میں ہزاروں افراد نے کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شرکت کر کے انڈین آرمی کے خلاف اور آزادی حاصل کرنے کے لیے شدید نعرے بازے کی گئی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی افواج سے جھڑوپوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے 11 سالہ بچے کے نماز جنازہ میں ہزاروں کشمیریوں نے شرکت کی، جمعے کے روز بھارتی افواج کے ساتھ ہونے والی کشمیریوں کی جھڑپوں میں نشانہ بننے والے طالب علم کی لاش ملی جس کا جسم گولیوں اور پیلٹ گن کے چھروں سے جھلنی پایا گیا تھا۔

    kashmir1

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ایک حریت نوجوان کی ہلاکت کے  بعد پرتشدد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ مہینوں سے جاری ہے، جس میں وادی میں کئی مقامات پر کشمیریوں اور فوسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی جس میں فوج کی جانب سے پیلٹ گن کے چھرے ، آنسو گیس اور گولیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا تاہم مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا گیا تھا۔

    kashmir2

    ایک پولیس آفیسر نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو منتشر کرنے کے لیے فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی کی جاتی ہے جس میں سینکڑوں افراد زخمی ہوئے‘‘ تاہم ایک اور پولیس افسر نے کہا کہ ’’حال ہی میں ہونے والے مظاہرے میں 100 سے زائد مظاہرین زخمی ہوئے ہیں‘‘۔

    kashmir3

    یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں 11 سالہ طالب علم کی شہات کے بعد بھارتی مظالم کے نتیجے میں اب تک 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جو 2010 کے بعد سے اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں سے اکثریت بھارتی افواج کی گولیوں کا نشانہ بنے جب کے پیلٹ گن کے استعمال سے کئی افراد آنکھوں کی بینائی کھو چکے ہیں‘‘۔

    بھارتی انتظامیہ کی جانب سے وادی میں مسلسل 72 روز سے کرفیو نافذ ہے، جس کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں غذائی قلت، اشیاء خوردونوش، ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ تعلیمی درس گاہیں اور دفاتر بھی کرفیو کے باعث مستقل بند ہیں۔

  • کشمیر میں 27 روز سے جاری کشیدگی میں کشمیری شہداء کی تعداد 64 ہوگئی

    کشمیر میں 27 روز سے جاری کشیدگی میں کشمیری شہداء کی تعداد 64 ہوگئی

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم کے خلاف حریت رہنماؤں کی اپیل پر ہڑتال کی جاری ہے جب کہ کئی علاقوں میں کرفیو برقرار ہے،27 روز سے جاری کشیدگی میں شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 64 تک جا پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے کلگام میں گزشتہ روز بھارتی مظالم کے ہاتھوں 127 کشمیری زخمی ہو گئے تھے جب کہ پیلٹ گن سے زخمی ہونے والے ایک اور مظلوم کشمیری جام شہادت نوش کر گیا جس کے بعد 27 دنوں میں شہداء کی تعداد 64 تک جا پہنچی ہے تاہم بھارتی بربریت کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکی ہے۔

    یہ خبر پڑھیے : مقبوضہ کشمیر میں ماورائےعدالت قتل کی تحقیقات کی جائے،ملیحہ لودھی

    واضح رہے گزشتہ روز سری نگر میں بھارتی فوج نے دو نہتے اور معصوم کشمیری شہریوں کو پیلٹ گن سے فائر کر کے شہید کردیا، جس کےبعد وادی میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ،کرفیو کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں شہیدوں کےجنازے میں شریک ہوئے اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔

    یہ خبر پڑھیے : مقبوضہ کشمیر مظالم، امریکا کی جانب سے اظہار تشویش

    مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی درندگی پر خود بھارتی رہنما اپنی حکومت کی جنگجوانہ پالیسی پر سراپا احتجاج بن گئے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کے رہنما غلام حسن زرگار نے بھارت کی ظالمانہ ہٹ دھرمیوں اور معصوم لوگوں کو قتل کرنے کے خلاف استعفیٰ دے کر حریت تحریک کا حصہ بنے کا اعلان کیا گئے جب کہ اس سے قبل عوامی اتحادی پارٹی اور نیشنل کانفرنس کے رہنما بھی بھارتی کی غاصبانہ پالیسی سے متنفر ہو کر اپنی اپنی پارٹی چھوڑ نے مجبور ہو گئے ہیں۔

     

  • بھارت کشمیر میں اپنی شکست تسلیم کرے، وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف

    بھارت کشمیر میں اپنی شکست تسلیم کرے، وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف

    لاہور : وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامال کرنے کی ایک تاریخ موجود ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اقوام متحدہ کا موضوع کیوں نہیں ہے؟۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی مظالم پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں منائے جانے والے یوم سیاہ کے موقع پر وزیر اعظم محمد نوازشریف نے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’پاکستان اور کشمیر کا رشتہ دیرینہ اور ہمہ گیر ہے، کشمیر کو کسی بھی طرح بھارت کا داخلی مسئلہ قرار نہیں دیا جاسکتا‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ افراد کا قتل عام کر کے انسانیت مضطرب کردی۔ پاکستان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا‘‘. وزیر اعظم نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر عوام ارادہ کرلیں تو ہتھیار کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، بھارت مظلوموں کی آواز تو دبا سکتا ہے مگر ذہنوں پر تالے نہیں لگا سکتا‘‘،  پاکستانی حکومت اور عوام کسی کو بھی انسانیت کے مسلمہ اصول پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘‘۔

    میاں محمد نوازشریف نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، پاکستان آزمائش کی ہرگھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور اُن کے حق خودارادیت کے لیے دنیا بھر میں آواز بلند کرتا رہے گا‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں : کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آج پاکستانی یومِ سیاہ منارہے ہیں

     وزیر اعظم پاکستان نے مزید کہا کہ ’’اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر میں پاکستان کو فریق مانا ہے، عالمی دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنا کرکردار ادا کریں‘‘۔

    میاں نوازشریف نے بھارت کو یاد دلایا کہ ’’اقوام متحدہ نے کشمیر کو متنازع علاقہ قرار دیا ہے اور بھارت نے دنیا سے وعدہ کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے گا، مگر آج ایک سازش کے تحت کشمیر کو بھارت کا داخلی مسئلہ قرار دیا جارہا ہے جو انتہائی مضحکہ خیز ہے ‘‘۔

    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیر:  کرفیو شہداء کی تعداد47ہوگئی

    محمد نوازشریف نے کہا کہ ’’بھارت سمجھ لے کہ کشمیر میں اٹھنے والی آزادی کی آواز کو کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا، بھارت کے پاس اب ایک ہی راستہ ہے کہ وہ اب اپنی شکست تسلیم کرے اور کشمیریوں کو اُن کا حق دے‘‘۔

    وزیر اعظم نے پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ آج بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منائیں جبکہ پاکستان میں موجود تمام سرکاری اہلکار بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں تاکہ دنیا کو واضح پیغام دیا جاسکے‘‘۔

  • کشمیر میں مظالم، رحمن ملک کا اقوام متحدہ کو خط

    کشمیر میں مظالم، رحمن ملک کا اقوام متحدہ کو خط

    لاہور: سینیٹر رحمان ملک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تحقیقات کروائے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر رحمان  نے اقوام متحد ہ کے ہائر کمیشن برائے انسانی حقوق کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خط تحریر کیا ہے ، جس میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ  مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تحقیقات کروائے۔

    انہوں نے خط میں مزید کہا ہے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق اپنا حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں جس پر بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کیے جارہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا یہ پہلا واقعہ نہیں  بلکہ مظالم کا سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے لیکن بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی بربریت پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔

    Rehman-Malik-Post

    رحمان ملک نے خط میں مزید کہا ہے کہ بھارتی مظالم پر انسانی حقوق اور عالمی برادری کی خاموشی انتہائی دکھ کی بات ہے، انہوں نے درخواست کی کہ  مسئلہ کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی حقوق کمیشن تشکیل دے جو اپنی رپورٹ اقوام متحدہ میں پیش کرے۔

    انہوں نے اپیل کی کہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے اور برسوں پرانے دیرینہ مسئلے کو حل کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم : کرفیو آٹھویں روزمیں داخل

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کے بعد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا، مظاہرین پر بھارتی افواج کی فائرنگ سے اب تک 43 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، اسپتال حکام نے اس بات کا انکشاف بھارتی افواج کی جانب سے مہلک ہتھیار استعمال کیے جارہے ہیں جس کے باعث کئی کشمیریوں کی آنکھیں ضائع ہوگئی ہیں۔
  • چھتیس افراد شہید کردیے، ظالموں ماتم تو کرنے دو، میر واعظ عمرفاروق

    چھتیس افراد شہید کردیے، ظالموں ماتم تو کرنے دو، میر واعظ عمرفاروق

    سری نگر: حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نوجوانوں پر گولیاں چلانے سے باز رہے، 35 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا جس کی وجہ سے نوجوانوں میں اشتعال پیدا ہوگیا ہے اور اب ماتم بھی نہیں کرنے دیا جارہا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، آج نماز جمعہ کی ادائیگی سے قبل حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو بھارتی افواج کی جانب سے اُن کی رہائش گاہ پر نظر بند کردیا گیا۔

    اس موقع پر کشمیری نوجوانوں کی بڑی تعداد نے حریت رہنما کی رہائش گاہ کے باہر بھارتی افواج کے خلاف احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی، نوجوانوں کی جانب سے ’’ہم کیا چاہتے، آزادی کے نعرے لگائے گئے‘‘۔

    رہائش گاہ کے باہر جمع ہونے والے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے بھارتی افواج کو تنبیہ کی کہ وہ نوجوانوں پر گولیاں چلانے سے باز رہے، ہمارے 35 افراد مارے گیے ہیں نوجوان اُس ظلم کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

    میر واعظ نے بھارتی افواج کو متنبہ کیا کہ ’’اگر انہوں نے کشمیری نوجوانوں پر مظالم کا سلسلہ بند نہیں کیا تو صورتحال سنگین ہوجائے گی، نوجوان مارے گیے افراد کے غم میں ماتم کررہے ہیں مگر بھارتی افواج ہم سے اُس کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے‘‘۔

    واضح رہے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد سے بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں پر  نہ ختم ہونے والے مظالم کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 36 افراد جاں بحق اور سیکڑوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اسپتال حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ زخمیوں میں سے بیشتر افراد کے اعضا ناکارہ ہوچکے ہیں اور کئی نوجوانوں کی آنکھیں ضائع ہوگئیں۔

    دوسری جانب حریت رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھارتی افواج مظاہرین پر مہلک ہتھیار استعمال کررہی ہے جس کے باعث سیکٹروں مظاہرین جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔