Tag: بھارتی میڈیا

  • بھارت: قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ، ملزم نے خالہ کے 10 ٹکڑے کردئیے

    بھارت: قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ، ملزم نے خالہ کے 10 ٹکڑے کردئیے

    بھارت میں قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک شخص نے اپنی خالہ کی بےدردی سے جان لی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور شہر میں 32 سالہ انوج شرما نے اپنی 64 سالہ بیوہ خالہ کو سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا جس کے بعد اس نے لاش کے 10 ٹکڑے کر دیے۔

    رپورٹس کے مطابق ملزم کی خالہ نے اسے 11 دسمبر کو ایک تقریب کے لیے دہلی جانے سے منع کیا تھا جس پر ملزم نے خالہ کا قتل کر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم گھر میں اپنے والد، بہن اور خالہ کے ساتھ رہتا تھا، بہن اور والد 11 دسمبر کو دوسرے شہر گئے ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق خالہ نے ملزم کو دہلی جانے سے روکا تو اس دوران تلخ کلامی کے بعد ملزم نےخاتون کو سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا اور لاش کے 10 ٹکڑے کرنے کے بعد انہیں ہائی وے کے دور دراز علاقے میں پھینک آیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے جرم کو چھپانے کے لیے تھانے میں خالہ کی گمشدی کی رپورٹ درج کرائی اور دیگر رشتے داروں کے ساتھ مل کر انہیں ڈھونڈنے کا ڈرامہ بھی کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گمشدگی کی تفتیش کے دوران پولیس نے اندازہ لگایا کہ ملزم کے بیانات گمراہ کن ہیں جس کے بعد اس پر نظر رکھنا شروع کر دی گئی۔

    پولیس نے بتایا کہ بتفتیش کے دوران سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزم کو گھر سے بالٹی اور سوٹ کیس لےکر نکلتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا مزید تفقیش کی جارہی ہے۔

  • دلہے کے بوسہ دینے پر دلہن نے شادی کی تقریب روک کر پولیس طلب کر لی

    دلہے کے بوسہ دینے پر دلہن نے شادی کی تقریب روک کر پولیس طلب کر لی

    اترپردیش: بھارت میں شادی کے موقع پر اسٹیج پر دلہے نےسب کے سامنے دلہن کو بوسہ دیدیا جس پر دلہن نے شادی ہی ختم کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش میں پیش آیا جہاں شادی میں ہندو رسم و رواج کے مطابق دلہا دلہن کی جانب سے ایک دوسرے کو  پھولوں کا ہار پہنانے کی رسم جاری تھی، اس موقع پر دلہے نے اسٹیج پر سب کے سامنے دلہن کو بوسہ دیا جو دلہن کو پسند نہیں آیا تو اس نے شادی توڑنے کا کہتے ہوئے پولیس کو بلا لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 23 سالہ دلہن نے پولیس کو شکایت کی کہ دلہے نے دوستوں سے لگائی گئی شرط جیتنے کیلئے سب کے سامنے بوسہ دیا اس لیے دلہے کے کردار کے حوالے سے شش و پنج میں مبتلا ہوگئی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن کی جانب سے شادی ختم کرنے پر پولیس نے دونوں خاندانوں کے درمیان صلح کروانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہی۔

    جس کے بعد پولیس دونوں خاندانوں کو تھانے لے گئی جہاں دلہن کا کہنا تھا کہ دلہے نے مجھے اسٹیج پر غیر مناسب طریقے سے چھوا جو میں نے نظر انداز کردیا اور پھر دلہے کی جانب سے سب کے سامنے بوسہ دیا گیا جس پر مجھے شرمندگی محسوس ہوئی۔

    دلہن نے پولیس کو مزید بتایا کہ  دلہے نے سب کے سامنے میری عزت نفس کی پرواہ نہیں کی تو وہ مستقبل میں کیسے برتاؤ کرے گا؟ اس لیے میں نے دلہے کے ساتھ نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے دونوں خاندانوں کو سوچنے کا کچھ وقت دیا گیا ہے جس کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔

  • تین لڑکیوں کی خودکشی کی کوشش، بچنے والی کا چونکا دینے والا بیان

    تین لڑکیوں کی خودکشی کی کوشش، بچنے والی کا چونکا دینے والا بیان

    اندور: بھارتی ریاست اندور کے اسکول کی تین سہیلیوں نے اسکول سے نکلنے کے بعد ایک ساتھ زہر لیا جس کے نتیجے میں 2 لڑکی ہلاک جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش کے اندور ضلع میں اسکول میں پڑھنے والی تین لڑکیوں نے مختلف وجوہات کے بنا پر ایک ساتھ زہر کھا لیا جس سے دو کی موت جبکہ ایک تشویشناک حالت میں اسپتال میں زِیر علاج ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقع اس وقت پیش آیا جب تینوں لڑکیوں نے اسکول سے بنک کرنے کے بعد 100 کلو میٹر سفر کرکے اندور  پہنچی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بچ جانے والی لڑکی نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ اس کی ایک سہیلی اپنے دوست سے ملنا چاہتی تھی کیوںکہ وہ اس کی کال نہیں اٹھا رہا تھا۔

    اس نے فیصلہ کیا کہ اگر اس کا دوست اس سے نہیں ملتا تو وہ اپنی دونوں دوستوں کے ساتھ مل کر خودکشی کرلے گی جس کے لیے انہوں نے ایک دوکان سے زہر بھی خریدا۔

    لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ لڑکا ملنے نہیں آیا تو اس کی دوست نے دل شکستہ ہوکر زہر کھا لیا، اس کے فوراً بعد اس کی ایک اور دوست نے بھی زہر کھا لیا اور مجھے بتایا کہ اسے اپنے فیملی میں شدید پریشانی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہ خودکشی کررہی ہے۔

    بچ جانے والی لڑکی نے بتایا کہ جب میری دونوں دوستوں نے زہر کھا لیا تو میں نے انہیں دیکھ کے زہر لیا، تاہم وہ تیسری لڑکی بچ گئی لیکن زیر علاج ہے، پولیس نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے جب انہیں دیکھا تو قریبی اسپتال لے گئے۔

    بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکیوں سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا، ہم زیر علاج لڑکی کے بیان پر بھروسہ کرتے ہیں، مزید کارروائی کے لیے والدین کے بیان قلمبند کیے جائیں گے۔

  • بھارت کی ہٹ دھرمی  برقرار، پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار

    بھارت کی ہٹ دھرمی  برقرار، پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار

    ممبئی: بھارت نے ہٹ دھرمی نہیں چھوڑی، اور پاکستان میں ایشا کپ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم 2023 کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جے شاہ نے بھارتی ٹیم کا پاکستان نہ جانے کا اعلان بھارتی کرکٹ بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد کیا، صدر ایشین کرکٹ کونسل نے کہا کہ ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہو سکتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے اس فیصلے پر ابھی اپنا مؤقف دینے سے انکار کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے کا انتظار کرے گی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت نے اے سی سی کے فورم کو نظر انداز کر کے خود فیصلے سنانے شروع کر دیے ہیں۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے، ون ڈے فارمیٹ کے ایشیا کپ اگلے برس 2023 میں ہونے کے امکان ہے۔

  • بالی ووڈ کا ایک اور جوڑا شادی کے بندھن میں بندھنے کو تیار؟

    بالی ووڈ کا ایک اور جوڑا شادی کے بندھن میں بندھنے کو تیار؟

    معروف بھارتی اداکارہ کیارا ایڈوانی نے سدھارتھ ملہوترا کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، دونوں اداکاروں کے درمیان تعلقات کی خبریں بھارتی میڈیا میں گردش کر رہی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا آج کل ایک ساتھ دیکھے جارہے ہیں۔

    کچھ عرصہ قبل ان کے درمیان بریک اپ کی افواہوں نے جنم لیا تاہم حال ہی میں دونوں بھول بھلیاں 2 کے پریمیئر میں شریک ہوئے جس کے بعد ان دونوں کے درمیان بریک اپ کی افواہوں نے دم توڑ دیا۔

    ایک انٹرویو میں کیارا نے سدھارتھ کی تعریفوں کے پل باندھ دیے اور انہیں سب سے خوبصورت اسٹار قرار دیا۔

    دونوں کے درمیان تعلق کی خبریں گزشتہ برس ان کی فلم شیر شاہ کی شوٹنگ کے دوران سامنے آئی تھیں، یہ فلم گزشتہ برس او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہوئی تھی۔

    اس کے بعد سے دونوں اکثر پارٹیز اور ایوارڈ شوز میں ایک ساتھ نظر آرہے تھے۔ تاحال دونوں نے اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی لیکن بھارتی میڈیا اپنی قیاس آرائیوں میں مصروف ہے۔

  • افغان صحافی کا ڈاکٹر عامر لیاقت کی تصویر دکھا کر پنجشیر میں‌ مرنے کا دعویٰ

    افغان صحافی کا ڈاکٹر عامر لیاقت کی تصویر دکھا کر پنجشیر میں‌ مرنے کا دعویٰ

    پاکستان کے سلسلے میں‌ بھارتی میڈیا کے پاگل پن سے تو سبھی واقف ہیں لیکن اب افغان صحافی بھی اس پاگل پن میں شامل ہو گئے ہیں، ایک افغان صحافی نے ڈاکٹر عامر لیاقت کو کرنل عادل بنا کر پنجشیر میں‌ مرا ہوا دکھا دیا۔

    جب سے افغان طالبان نے کابل کو کنٹرول میں لیا ہے، بھارتی میڈیا پر بوکھلاہٹ طاری ہے، لیکن ایک افغان صحافی نے تو حد کر دی ہے، رکن قومی اسمبلی اور کراچی کی معروف سیاسی شخصیت ڈاکٹر عامر لیاقت کی تصویر دکھا کر پنجشیر میں‌ مرنے کا دعویٰ کر دیا۔

    افغان صحافی نور قریشی نے ایک ٹوئٹ میں عامر لیاقت کی پاکستانی فوجی وردی میں ایک تصویر شیئر کی، اور لکھا کہ پنجشیر میں پاکستانی کمانڈو کرنل عادل لڑتے ہوئے مارا گیا۔

    افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے پر بھارتی میڈیا کی بوکھلاہٹ تو سمجھ میں آتی ہے، لیکن سوال یہ اٹھتا ہے کہ افغان صحافیوں کی پاکستان مخالفت کس لیے ہے، کیا وہ کسی ملک کے ایجنڈے پر ہیں؟

    واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے ایک ویڈیو گیم بنانے والی کمپنی کی گیم سے جہاز لے کر، اور 2018 کے امریکی جہازوں کی فوٹیجز لے کر ویڈیو بنا کر دنیا کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کی اور بتایا کہ پنجشیر میں پاکستانی جہاز اڑ رہے ہیں۔

    آئی ایس آئی کے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے دورہ کابل اور پنجشیر پر طالبان کے قبضے کے بعد سے بھارتی میڈیا نے ایک نہایت مضحکہ خیز محاذ بنا لیا ہے، جس سے ان کی مزید جگ ہنسائی ہونے لگی ہے، بھارتی میڈیا بالاکوٹ کی سرجیکل اسٹرائیک کی ذلت بھی بھول گیا ہے۔

  • افغانستان میں منہ کی کھانے کے بعد بھارتی میڈیا ایک بار پھر بے نقاب

    افغانستان میں منہ کی کھانے کے بعد بھارتی میڈیا ایک بار پھر بے نقاب

    واشنگٹن : افغانستان میں منہ کی کھانے کے بعد بھارتی میڈیا ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا، بھارتی میڈیا کی جانب سے طالبان کو بدنام کرنے کی سازش سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ۔امریکی خبر رساں ادارے نے بھارتی دعوے کا بھانڈا پھوڑ دیا اور پرانی ویڈیو کی بنیاد پر بھارتی میڈیا کی طالبان کو بدنام کرنے کی سازش ناکام ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا نے پرانی ویڈیو دیکھا کر دعویٰ کیا تھا کہ ’’کابل فتح کے بعد طالبان جنگجو ایک کلب میں ڈانس کررہے ہیں‘، تاہم امریکی خبر رساں ادارے اے پی نےویڈیوکی تحقیقات کرکے دعویٰ غلط ثابت کردیا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وہ کئی ماہ پرانی اور بنوں میں شادی کی ایک تقریب کی ہے۔

    خیال رہے افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد بھارتی میڈیا بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور سوشل میڈیا پر افغان طالبان سے متعلق پروپیگنڈے والی جعلی ویڈیو پھیلانے لگا، اس دوران طالبان کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرتی نظر آئی، جس میں مسلح افراد ہتھیار تھامے گروپ کی صورت میں ڈانس کررہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا دعویٰ کیا تھا کہ طالبان نے کابل پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد جشن منایا اور یہ ویڈیو جشن مناتے ہوئے طالبان کی ہے۔

  • ایف اے ٹی ایف: بھارتی میڈیا کی سازش ناکام ہو گئی

    ایف اے ٹی ایف: بھارتی میڈیا کی سازش ناکام ہو گئی

    اسلام آباد: ایف اے ٹی ایف میں بھارتی میڈیا پاکستان مخالف جھوٹے پراپیگنڈے کا آلہ کار بن چکا ہے تاہم اس محاذ پر بھی اسے منہ کی کھانی پڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف میں پلانری کے دوران پاکستان کے اقدامات کی تعریف سے بھارت کے چھکے چھوٹ گئے، بھارتی میڈیا کی کوشش تھی کہ پاکستان کو دباؤ میں لایا جائے لیکن فیٹف کے صدر نے اسے ناکام بنا دیا۔

    بھارتی میڈیا کے نمائندے کو ایک سوال کرنے پر صدر ایف اے ٹی ایف نے قوانین کا بتایا، ان کے بھرپور جواب نے بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈا ناکام بنا دیا، پلانری کے دوران بھارتی میڈیا نے پراپیگنڈا کیا کہ پاکستان کو آن سائٹ وزٹ نہیں ملا۔

    بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ آن سائٹ وزٹ کے لیے سعودی عرب، ملائیشیا اور چین نے حمایت نہیں کی تھی۔

    تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور ملائیشیا کو پلانری کے دوران وقت کی کمی کے باعث فلور ہی نہیں ملا، جب فلور نہیں ملا تو حمایت یا مخالفت کیسی؟

    پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رہنے کا امکان

    دوسری طرف ایف اے ٹی ایف کے صدر نے بھارتی میڈیا کے نمائندے کو جواب دیا کہ فیٹف کنسلٹیشن ایک خفیہ عمل ہے، آن سائٹ وزٹ تب ہوتا ہے جب ایکشن پلان پر مکمل عمل ہو جائے، اور اس سے متعلق عمومی طریقہ کار ہی اختیار کیا جاتا ہے۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے ایکشن پلان پر عمل کی تعریف بھارت کے سوا تمام ممالک نے کی ہے۔

  • بھارتی میڈیا نے چندریان مشن ناکامی کا ملبہ ناسا پر ڈال دیا

    بھارتی میڈیا نے چندریان مشن ناکامی کا ملبہ ناسا پر ڈال دیا

    نئی دہلی: چندریان مشن ناکامی پر بھارتی میڈیا نے رونا دھونا شروع کرتے ہوئے ناکامی کا ملبہ ناسا پر ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے چندریان مشن کی ناکامی پر نیا واویلا شروع کردیا اور کہا ہے کہ چاند پر لینڈنگ سے چند لمحے قبل خلائی مشن کا زمین سے رابطہ منقطع ہونے میں ناسا کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے ایک اینکر نے کہا کہ چندرائن ٹو مشن فیل ہونے کے پیچھے ناسا کا ت ہاتھ نہیں، ناسا نے ہمارے ایٹمی بیس کے لیے کئی سیٹلائٹ نصب کیے، آئی ایس آئی اور ناسا پر فلموں کا حوالہ دے کر مضحکہ خیز تجزیہ پیش کیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ملک کے خلائی سائنس دانوں کو بتایا کہ وہ ایسے پروگرام پر فخر محسوس کرتے ہیں جو چاند پر تحقیقات کے قریب آچکا ہے۔

    بھارتی خلائی مشن چندریان ٹو کے ساتھ رابطہ اس وقت منقطع ہوگیا تھا جب اس کا وکرم ماڈیول چاند کے جنوبی قطب پرلینڈنگ سے چند لمحے دور تھا۔

    مزید پڑھیں: بھارت کی چاند کو چھونے کی کوشش ایک بار پھر ناکام

    برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وقت کے مطابق اس سیٹلائیٹ کی رات 1:30 بجے سے 2.30 بجے کے درمیان چاند کے جنوبی قطب پر لینڈنگ متوقع تھی۔ انڈیا کا چندریان ٹو خلا میں چھوڑے جانے کے ایک ماہ بعد 20 اگست کو چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق ابھی تک اس خلائی جہاز کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں لیکن مودی کا کہنا تھا کہ ایسے مزید مواقع آئیں گے۔

    یاد رہے کہ بھارتی خلائی مشن چندریان ٹو کی ناکامی پر بھارت کو 900 کروڑ روپے کا جھٹکا لگا تھا، مشن ناکام ہونے پر نریندر مودی غصے میں اٹھ کر چلے گئے تھے۔

  • پاک بھارت فوج میں کوئی رابطہ نہیں ہوا، بھارتی میڈیا کا جھوٹ بےنقاب

    پاک بھارت فوج میں کوئی رابطہ نہیں ہوا، بھارتی میڈیا کا جھوٹ بےنقاب

    اسلام آباد/نئی دہلی: بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہوگیا،بھارت نے جان بوجھ کر پھر دراندازی کا مردہ زندہ کرنے کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب بھارت فورسز کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر میں کلسٹر ٹوائے بموں کا استعمال کیا گیا۔

    بھارتی حکومت نے اپنے میڈیا اداروں کا سہارا لیتے ہوئے جان بوجھ کر دراندازی کا مردہ زندہ کرنے کی کوشش کی تھی، پاک بھارت افواج کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا نہ ہی کوئی بھارتی فوجی غائب ہوا ہے۔

    بھارتی میڈیاکا جھوٹ بے نقاب ہونے ثابت ہوگیا کہ بھارتی فوج اپنی ہی رپورٹ پر قائم نہیں رہ سکتی، مودی سرکار ڈولڈ ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر کی ثالثی پیشکش سے نظریں چرارہی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں کونشانہ بنانےکے لئےکلسٹر ٹوائے بم کا استعمال کیا تھا، کلسٹرٹوائے بم سے 4سال کے بچے سمیت 2شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31جولائی کوآبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا، کلسٹر ٹوائے بم سے 4سال کے بچے سمیت2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

    کلسٹربم یا اس میں بارود کا استعمال عالمی قوانین کے تحت ممنوع ہے، شہریوں پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا، عالمی برادری کو بھارت کے اس جارحانہ اقدام کا نوٹس لینا چاہئے۔

    خیال رہے کلسٹرٹوائے بم شہریوں کیخلاف تباہ کن ہتھیار ہے، اس بم سے بچوں،گھروں کوخصوصی طورپرنشانہ بنایاجاتا ہے اور یہ بم اپنے ٹارگٹ پرکھلونوں کی شکل میں بکھرجاتا ہے، اس بم سے40فیصدبچےنشانہ بنتے ہیں اور اکثر بچے کلسٹرٹوائے بم کو کھلونا سمجھ کر گھر لے جاتے ہیں۔

    کلسٹرٹوائے بم پھٹنے کے بعد بلیڈ کی طرح ہزاروں ٹکڑوں میں پھیلتا ہے ، یہ بم بارودی سرنگوں سے زیادہ خطرناک ہیں جبکہ جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کے تحت کلسٹر ٹوائے بم ممنوع ہے۔