Tag: بھارتی نائب صدر

  • مسلمان طالبعلم بھارتی نائب صدر کا الیکشن لڑے گا!

    مسلمان طالبعلم بھارتی نائب صدر کا الیکشن لڑے گا!

    بھارت میں اگلے ماہ 9 ستمبر کو نائب صدر کا انتخاب ہو رہا ہے جس کے لیے ایک مسلمان طالب علم نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کےمطابق گزشتہ ماہ جگدیپ دھنکھر کے مستعفی ہونے کے بعد نائب صدر کا عہدہ خالی ہو گیا تھا۔ نئے نائب صدر کا انتخاب 9 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرا رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق راجھستان کے علاقے جیسلمیر سے تعلق رکھنے والے صحافت کے طالب علم جلال الدین گزشتہ روز کاغذات نامزدگی جمع کرانے ضلع کلکٹر کے دفتر پہنچ گئے۔ اس اہم عہدے کے لیے ایک طالبعلم کی جانب سے امیدوار بننا سب کو حیران کر گیا۔

    جلال الدین نے کلکٹر کے دفتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ضروری اپنی نامزدگی کے لیے ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں اور 15000 روپے نقد جمع کروانے کے بعد ایک رسید حاصل کر چکے ہیں۔

    کون ہے نوجوان طالب علم جلال الدین، جنھوں نے نائب صدر کے انتخابات کے لیے نامزدگی داخل کی ہے؟

    تاہم جلال الدین کو باضابطہ طور پر الیکشن لڑنے کا اہل ہونے کے لیے دیگر دستاویزات کے ساتھ اگلے تین روز میں ایک تجویز کنندہ اور ایک حمایتی بھی پیش کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ فارم کی دیگر شرائط کی تکمیل بھی کرنا ہوگی۔

    نوجوان پر امید ہے کہ تمام رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد وہ الیکشن کمیشن میں اپنا کاغذات نامزدگی جمع کرا دیں گے جس کے بعد ان کی امیدواری کو سرکاری سمجھا جائے گا۔ رسمی کارروائیوں کے لیے وہ دارالحکومت دہلی بھی جائیں گے۔

    جلال الدین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کی توجہ جیت یا ہار پر نہیں بلکہ ہندوستان کے جمہوری عمل میں حصہ لینے پر ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نائب صدر کے عہدے کے لیے یہ نامزدگی ان کا پہلا بڑا سیاسی قدم نہیں ہے، بلکہ ایک طویل مدتی عزم کا حصہ ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ عام شہری سیاست میں حصہ لینے کے لیے حوصلہ افزائی ہو۔

    واضح رہے کہ جے پور کی ہری دیو جوشی یونیورسٹی میں صحافت کے طالبعلم جلال الدین طلبہ سیاسی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ وہ پہلی مرتبہ الیکشن نہیں لڑ رہے بلکہ اس سے قبل انہوں نے وارڈ پنچ، ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے لیے بھی کاغذات نامزدگی داخل کر چکے ہیں۔ تاہم اس بار ان کی نظریں نائب صدر کے انتخاب پر ہیں۔

  • بھارتی نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے اچانک استعفیٰ دے کر بی جے پی کو حیران کر دیا

    بھارتی نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے اچانک استعفیٰ دے کر بی جے پی کو حیران کر دیا

    نئی دہلی: بھارت کے نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے اپنے عہدے سے اچانک استعفیٰ دے دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے پیر کی شام طبی وجوہ کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس سے سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔

    بھارتی صدر دروپدی مرمو کو لکھے اپنے استعفیٰ کے خط میں دھنکھر نے کہا کہ وہ ’’صحت کی دیکھ بھال کو ترجیح دینے‘‘ کے لیے استعفیٰ دے رہے ہیں جو فوری طور سے مؤثر ہوگا۔

    بی جے پی زیر قیادت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نائب صدر کے اس اچانک اقدام سے حیران رہ گئی، جگدیپ دھنکھر کا استعفیٰ پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے پہلے دن کے بعد آیا ہے، جہاں اُن سے راجیہ سبھا کے چیئرمین کی حیثیت سے اہم اجلاسوں کی صدارت کرنے کی توقع کی جا رہی تھی، انھوں نے آج منگل کو بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت بھی کرنی تھی۔


    بھارتی ایئرلائنز نے اپنے طیاروں میں سفر کرنیوالے مسافروں کو خبردار کردیا


    جگدیپ دھنکھر نے لکھا کہ وہ طبی مشوروں کو عمل کرنے کے لیے بھارتی آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔

    74 سالہ جگدیپ دھنکھر نے 2022 میں بھارت کے 14 ویں نائب صدر کے طور پر حلف اٹھایا تھا، اور وہ 2027 میں اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کرنے والے تھے۔ ان کا اپوزیشن کے ساتھ مسلسل تصادم رہا، اپوزیشن نے ان کے خلاف ایک غیر معمولی مواخذے کی تحریک بھی پیش کی تھی جسے راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے مسترد کر دیا تھا۔