Tag: بھارتی ناظم الامور

  • بھارت کے  ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی  ، بھارتی حملوں پر سخت  احتجاج ریکارڈ

    بھارت کے ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی ، بھارتی حملوں پر سخت احتجاج ریکارڈ

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور خبردار کیا ایسی مہم جوئی خطےکےامن واستحکام کیلئےخطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ رات بھارت کے حملے کے بعد بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور بتایا کہ بھارت نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بلااشتعال حملے کیے، بھارتی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری شہید و زخمی ہوئے۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جارحیت پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے، بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، عالمی قوانین اور بین الریاستی ضوابط کے منافی ہیں۔

    پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد مؤقف کو مسترد کر دیا اور خبردار کیا گیا کہ ایسی مہم جوئی خطےکےامن واستحکام کیلئےخطرہ ہے

    مزید پڑھیں : ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھارتی حملوں میں 26 پاکستانیوں کی شہادت اور 46 کے زخمی ہونے کی تصدیق

    پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ تھما دیا۔

    یاد رہے گذشتہ روز بھارت نے چھ اور سات مئی کی درمیانی شب بزدلانہ تاریخ دہرائی، رات کی تاریکی میں شہری آبادی کونشانہ بنایا۔

    بھارت نے چھ مقامات پر حملے کئے، جس میں چھبیس شہری شہیداورچھیالیس زخمی ہوئے جبکہ پاکستان نے اپنے دفاع میں دشمن کےپانچ طیارےاورایک ڈرون مارگرایا، گرائے جانے والوں میں تین رافیل، ایک مگ ٹوئنٹی نائن اورایک ایس یوطیارہ شامل ہے۔

  • علی گیلانی کی میت پر بھارتی ناظم الامور طلب، پاکستان نے سخت مؤقف پیش کیا

    علی گیلانی کی میت پر بھارتی ناظم الامور طلب، پاکستان نے سخت مؤقف پیش کیا

    اسلام آباد: سید علی گیلانی کی میت قبضے میں لینے پر دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے ان کے سامنے سخت مؤقف پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت قبضے میں لینے پر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی کی گئی۔

    پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو میت کے ساتھ کیے گئے سلوک پر سخت مؤقف سے آگاہ کیا، انھیں بتایا گیا کہ کشمیری رہنما کے خاندان کو مرضی کے مطابق تدفین کی اجازت نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    حریت رہنما سید علی گیلانی سپرد خاک، علاقے میں کرفیو

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج بار بار کشمیریوں کے خلاف اندھا دھند طاقت کا استعمال کر رہی ہے، ناظم الامور کو کہا گیا کہ بھارت کو اپنی حرکتوں سے باز آنا چاہیے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی غلط فہمیاں علاقائی امن کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔

    یاد رہے کہ یکم ستمبر 2021 کو تحریک آزادئ کشمیر کے بانی رہنما سید علی شاہ گیلانی 92 برس کی عمر میں طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں، مقبوضۂ کشمیر میں پاکستانیت کا نعرہ بلند کرنے والے نڈر انسان اب ہم میں نہیں رہے، علالت کے باوجود زندگی کے آخری ایام انھوں نے بھارتی قید میں گزارے۔

  • ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈی جی سارک زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی ناظم الامور گورواہلووالیا کو طلب کیا، بھارتی فورسز نے جندروٹ اور کھوئی رٹہ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا.

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون شہید اور ایک بچی زخمی ہوئی تھی، رواں سال بھارت 882 بار فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔

    مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون شہید، 8 سالہ بچی زخمی

    واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بھارتی فوج کی ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج کی جندروٹ، کھوئی رٹہ سیکٹر کی شہری آبادی پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 36 سالہ یاسمین بی بی شہید اور 8 سالہ عطیہ ظہیر زخمی ہوگئی۔

    میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی بچی کو فوری طور پر طبی مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مودی کو اقتدار ملنے سے ہندو توا، سیفران دہشتگردی بھارت میں انتہا پر پہنچ گئی ہے، مودی نے آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے، تشدد کی پالیسی کو سرحد پار تک پھیلا دیا۔

  • ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ: بھارتی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

    بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 سالہ بچہ شہید اور خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ساؤتھ ایشیا اور سارک کے ڈائریکٹر جنرل زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی ناظم الامور گورو اہلو والیا کو طلب کر کے شید احتجاج کیا۔

    ڈائریکٹر جنرل سارک اور جنوبی ایشیا نے معصوم شہریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن وسلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھا کر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، 2سالہ بچہ شہید

    واضح رہے کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈھنڈنیال اور رکھ چکری سمیت مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نیتجے میں دو سالہ بچہ شہید جبکہ خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

  • بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، سکھ کمیونٹی سے متعلق بے بنیاد الزامات مسترد

    بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، سکھ کمیونٹی سے متعلق بے بنیاد الزامات مسترد

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ کسی قسم کے امتیازی سلوک کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور گورو اہلووالیا کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے سکھ کمیونٹی سے متعلق بھارت کے بے بنیاد الزمات کو مسترد کر دیا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے طلبی کا سمن جاری کیا گیا۔

    عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت کے ایسے الزامات کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، پاکستان اپنے تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، بھارت دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنی طرف دیکھے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا آئین اپنے تمام شہریوں کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے، حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اقلیتوں سے امتیازی سلوک کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے بھارت میں اقلیتوں کا تحفظ کریں، اقلیتوں کی عبادت گاہوں، بشمول مساجد کا تحفظ کیا جائے، بےحرمتی، نفرت پر مبنی جرائم اور موب لنچنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔

  • بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج

    بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج

    اسلام آباد: بھارتی فوج کی ایل او سی پر سیز فائر کی شدید اور مسلسل خلاف ورزیوں پر ایک بار پھر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ناظم الامور کی طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے کی، پاکستان کا ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا گیا اس موقع پر انہیں احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی افواج نے تتری نوٹ، چری کوٹ، بروھ سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، بھارتی افواج نے نیزہ پیر، شاردا، استوال، باگسر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچہ شہید ہوا اور 3 خواتین بچوں سمیت 16 شہری زخمی ہوئے۔

    ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج شہری آبادی کو خودکار اسلحہ سے نشانہ بنارہی ہے، بھارت کی جانب سے 2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارت نے 2017 میں 1970 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، سپاہی نعمت ولی شہید

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج کا شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارتی فوج کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں، بھارتی خلاف ورزیاں کسی سنگین اسٹریٹیجک غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت 2003 کی جنگ بندی کے معاہدے کا احترام یقینی بنائے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر کاربند کرکے عمل کی ہدایت کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات یقینی بنائے، بھارت ایل او سی پر معاہدے کی حقیقی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔

  • بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ میں طلبی

    بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ میں طلبی

    اسلام آباد: بھارتی ناظم الامور گورو آہلو والیا کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا جہاں انہیں بھارتی فوج کی سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی ناظم الامور گورو آہلو والیا کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا۔ بھارتی ناظم الامور کی طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کی۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے لائن آف کنٹرول سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔ بھارتی ناظم الامور کو سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی فوج نے 6 اور 7 اکتوبر کو ایل او سی پر شہری آبادی پر فائرنگ کی، ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 69 سالہ نذیراں بی بی شہید ہوئیں۔ فائرنگ سے 3 معصوم شہری زخمی ہوئے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو خود کار اسلحے سے نشانہ بنا رہی ہے، بھارت کی طرف سے سنہ 2017 سےجنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے۔ بھارت نے سنہ 2017 میں 1970 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

    بھارتی ناظم الامور سے کہا گیا کہ بھارتی فوج کا بے گناہ شہریوں کو جان کر نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے، شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق و قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت کی مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں امن کے لیے خطرہ ہیں۔ بھارتی خلاف ورزیاں سنگین اسٹریٹجک غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہیں۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت سنہ 2003 کی جنگ بندی کے معاہدے کا احترام یقینی بنائے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر کاربند رہ کر عملدر آمد کی ہدایت کرے۔ بھارت جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات یقینی بنائے۔ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر معاہدے کے مطابق امن برقرار رکھے اور اقوام متحدہ مبصرین کو سلامتی کونسل قراردادوں پر کردار ادا کرنے دے۔