Tag: بھارتی وزیر اعظم

  • وزیر اعظم عمران خان کا مودی کو خط

    وزیر اعظم عمران خان کا مودی کو خط

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو جوابی خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے یوم پاکستان پر مبارک باد دینے پر بھارتی وزیر اعظم کو جوابی خط لکھ کر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    خط میں وزیر اعظم نے کہا پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت سے پُر امن تعلقات چاہتے ہیں، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے تمام تنازعات کا حل ضروری ہے۔

    وزیر اعظم عمران نے لکھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا ہونا ضروری ہے۔

    یوم پاکستان پرپاکستانی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، مودی

    وزیر اعظم نے مزید لکھا کہ میں کرونا وبا کے خلاف بھارت کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کرتا ہوں۔

    یاد رہے کہ 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی کے نام ایک خط بھیجا ‏تھا، جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ میں یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کو مبارک باد دیتا ہوں۔

    مودی کا وزیر اعظم عمران خان کے لیے ٹوئٹ

    نریندر مودی نے لکھا تھا کہ ہم پاکستان کے عوام کے ساتھ خوش گوار تعلقات چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اعتماد پر مبنی ‏دہشت گردی اور دشمنی سے پاک ماحول اہم ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نے مزید لکھا کہ کرونا چیلنج سے نمٹنے پر آپ کو اور پاکستانی عوام کو مکمل ‏حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔

  • مودی کا وزیر اعظم عمران خان کے لیے ٹوئٹ

    مودی کا وزیر اعظم عمران خان کے لیے ٹوئٹ

    نئی دہلی: وزیر اعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بھارتی وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم پاکستان کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    مودی نے ٹوئٹ کیا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو کامیاب احساس کیش پروگرام شیئر کرنے کی پیش کش کی تھی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا تھا لاک ڈاؤن سے بھارت میں 34 فی صدگھرانے شدید متاثر ہیں، اور ان کی آمدنی کم ہوگئی ہے، بھارت میں ہر 3 میں سے ایک شہری ہفتے سے زیادہ اپنا خرچ نہیں اٹھا سکتا۔

    وزیر اعظم نے کہا میں مدد کی پیش کش کرنے اور اپنا کامیاب احساس کیش پروگرام بھارت سے شیئر کرنے کے لیے تیار ہوں، جس کی شفافیت کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر تعریف کی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت کرونا وائرس سے متاثر دنیا کے 219 ممالک میں سے کیسز کی تعداد کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے، جہاں مجموعی کیسز ایک کروڑ سے تجاوز کر چکے ہیں، جب کہ اموات 1 لاکھ 59 ہزار 700 سے زیادہ ہیں۔

  • آخر کار کسانوں کے احتجاج نے مودی کو منہ کھولنے پر مجبور کر دیا

    آخر کار کسانوں کے احتجاج نے مودی کو منہ کھولنے پر مجبور کر دیا

    نئی دہلی: کسانوں کے احتجاج پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پہلا عوامی ردِ عمل سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار کو آخر کار ہوش آ گیا ہے کہ ملک کے کسان ان کی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، یہ ہوش انھیں تب آیا ہے جب مظاہرین نے دارالحکومت دہلی کے لال قلعے پر دھاوا بول کر پرچم لہرایا۔

    مودی کا کہنا تھا کہ دہلی میں مظاہرین نے لال قلعے پر دھاوا بول کر ملک کی ’توہین‘ کی ہے، اتوار کو ریڈیو خطاب میں انھیں نہ صرف ترنگے کی توہین نظر آئی بلکہ غم زدہ ملک بھی دکھائی دے گیا۔

    واضح رہے کہ بھارت میں کسان گزشتہ تقریباً 2 ماہ سے ظالمانہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں لیکن مودی سرکار کے کانوں پر جوں بھی نہ رینگی تھی، کئی مظاہرین اس دوران دارالحکومت کی سرحد پر خود کشی بھی کر چکے ہیں۔

    کسان احتجاج سے خوفزدہ مودی نے پارٹی رہنماؤں کو بڑی تجویز دے دی

    مودی نے کہا 26 جنوری کو دہلی میں ترنگے کی توہین سے ملک غم زدہ ہوا، حکومت زراعت کو جدید بنانے کے لیے پُر عزم ہے اور اس سمت میں بہت سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    کسانوں کا کہنا ہے کہ نئے قوانین سے کاشت کار خسارے میں رہیں گے جب کہ نجی شعبے کو اس سے فائدہ ہوگا۔انڈیا کی ایک ارب 30 کروڑ کی آبادی میں سے نصف تعداد زراعت کے پیشے سے منسلک ہے۔

    خیال رہے کہ منگل کو یوم جمہوریہ پر ہونے والی ٹریکٹر پریڈ کے موقع پر مظاہرین نے تاریخی لال قلعے پر دھاوا بول دیا تھا، ریاستی پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم میں ایک شخص ہلاک اور سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔

  • پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم کا مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کا دعویٰ مسترد کر دیا

    پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم کا مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کا دعویٰ مسترد کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کا دعویٰ مسترد کر دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بی جے پی کے جمہوریت کے دعوے کا مقصد کشمیریوں کی آواز کو دبانا ہے، اس لیے بھارتی وزیر اعظم کے جھوٹے دعوے کو مسترد کرتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا جموں و کشمیر میں جمہوریت کے دعوے بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، بی جے پی کی نام نہاد جمہوریت بندوق کے زور پر کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے ہے۔

    ترجمان نے کہا مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 سے کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، بھارتی قیادت کے جھوٹے دعوے عالمی برادری کی توجہ نہیں ہٹا سکتے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی بجائے مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ ختم کرے، اور کشمیریوں کو یو این کی قراردادوں کے مطابق حق رائے دہی دیا جائے۔

  • کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں دو طرفہ مسئلہ ہے، مودی کا اعتراف

    کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں دو طرفہ مسئلہ ہے، مودی کا اعتراف

    پیرس: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اعتراف کیا ہے کہ کشمیر انڈیا کا اندرونی نہیں بلکہ دو طرفہ مسئلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی نے ٹرمپ کے سامنے ثالثی سے فرار کی کوشش کرتے ہوئے اعتراف کر لیا کہ کشمیر کا معاملہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارتی وزیر اعظم سے کشمیر پر بات کے دوران مودی نے کہا یہ پاکستان اور بھارت کا دو طرفہ مسئلہ ہے، ہم مل جل کر مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔

    مودی نے ٹرمپ سے کہا ہم کسی ملک کی مداخلت نہیں چاہتے، میں کشمیر پر پاکستان سے بات کروں گا۔

    صدر ٹرمپ نے واضح کر دیا کہ دونوں ملک مسئلہ حل نہ کر سکے تو امریکا کرے گا، کشمیر پر ثالثی کی ضرورت پڑی تو وہ حاضرہیں، مودی پاکستان سے بات کریں گے جو اچھی بات ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مودی کی غلطی سے کشمیریوں کو آزادی کا تاریخی موقع مل گیا: وزیراعظم

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فرانس کے شہر بیارٹز میں جی سیون اجلاس کے دوران امریکی صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم کی ملاقات ہوئی، اور کشمیر سے متعلق گفتگو کی۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد ٹرمپ کی مودی سے پہلی ملاقات ہے جب کہ صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر متعدد بار ثالثی کی پیش کش کر چکے ہیں لیکن بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثالثی کی پیش کش کا جواب نہیں دیا تھا۔

    ادھر گزشتہ روز قوم سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ آخری سانس تک کشمیریوں کا ساتھ دیں گے، جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا وہ کشمیر کا کیس لڑتے رہیں گے۔

  • مودی کی پیرس آمد پر یونیسکو آفس کے سامنے احتجاج کی تیاریاں

    مودی کی پیرس آمد پر یونیسکو آفس کے سامنے احتجاج کی تیاریاں

    پیرس: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پیرس آمد کے موقع پر پاکستانی، کشمیری اور سکھ کمیونٹی نے یونیسکو آفس کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی پیرس دورے کے موقع پر جمعہ 23 اگست کو یونیسکو آفس اجلاس میں شرکت کریں گے، مقبوضہ کشمیر کی نازک صورت حال کے پیشِ نظر پاکستانی، کشمیری اور سکھ کمیونٹیز اس موقع پر سخت احتجاج کریں گے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون مسئلہ کشمیر پر گفتگو بھی کریں گے۔

    واضح رہے کہ نریندر مودی امریکا کا دورہ بھی کرنے والے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو ہدایت کی ہے کہ نیویارک میں مودی کے خلاف شدید ردِ عمل دیا جائے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید ردِ عمل دینے کی تیاری

    وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان سے پارٹی کے سیکریٹری او آئی سی ڈاکٹر عبد اللہ ریاڑ نے خصوصی ملاقات کی، عمران خان نے انھیں مودی کے خلاف بھرپور احتجاج کی ہدایت کی اور کہا کہ بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کیا جائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین کو روند ڈالا ہے، مودی حکومت کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے۔

    خیال رہے کہ کشمیر پر غاصبانہ تسلط کے لیے غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارت اور مودی کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، عالمی سطح پر بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

  • نریندر مودی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط، کرتارپور پر کام مکمل کرنے کی یقین دہانی

    نریندر مودی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط، کرتارپور پر کام مکمل کرنے کی یقین دہانی

    اسلام آباد: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کےمزید مندرجات سامنے آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈا ایک بار پھر جھوٹا نکلا ہے، حکومتی سطح پر تصدیق کی گئی ہے کہ نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط بھیجا ہے۔

    ذرایع وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ خط پر نریندر مودی کے دستخط ہیں، دستخط شدہ خط میں حوصلہ افزا باتیں کی گئی ہیں۔

    بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے بھیجے گئے خط کے مزید مندرجات بھی سامنے آ گئے ہیں، خط میں کرتارپور راہ داری جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

    خط میں نریندر مودی نے کہا ہے کہ کرتارپور راہ داری پر کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی بڑی کامیابی ، بھارت پاکستان سے مذاکرات پر آمادہ

    ادھر وزیر اعظم آفس کے ذرایع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان خط کے مندرجات کا جائزہ لے رہے ہیں، پاکستان خط کا مثبت جواب دے گا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو تہنیتی خطوط بھجوائے گئے تھے، جن کے جواب میں انھوں نے خطوط لکھے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ بھارت امن اور ترقی کے لیے پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا پورے خطے میں امن اور ترقی کے لیے بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے، مذاکرات میں دہشت گردی کے موضوع پر خصوصی توجہ ہو۔

  • نریندر مودی کو دوسری بار وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بڑا جھٹکا

    نریندر مودی کو دوسری بار وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بڑا جھٹکا

    نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دوسری بار وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بڑا جھٹکا لگا ہے، امریکا نے بھارت کو دیا جانے والا جی ایس پی کا درجہ ختم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے بھارت کو دیا جانے والا جی ایس پی درجہ ختم کر دیا ہے، یہ امریکا کی جانب سے وزیر اعظم مودی کے لیے بڑا جھٹکا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو ترجیحی ممالک کی فہرست سے باہر کر کے واضح پیغام دے دیا ہے۔

    خیال رہے کہ 2017 میں بھارت کو جی ایس پی درجے سے سب سے زیادہ فائدہ ملا تھا، 2017 میں بھارت کو اس کی وجہ سے 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کی ٹیکس چھوٹ ملی۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکا کا بھارت کو دیے گئے جی ایس پی کا درجہ ختم کرنے کا فیصلہ

    ٹرمپ کے فیصلے کے بعد بھارت اپنی اشیا امریکا میں ڈیوٹی فری لے جانے کی سہولت سے محروم ہو گیا ہے۔

    مارچ میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ بھارت اپنی مارکیٹوں میں مناسب رسائی دینے میں ناکام ہو گیا ہے، جس کے بعد یہ بالکل درست ہے کہ انڈیا سے استفادہ کرنے والے ترقی پذیر ملک کا درجہ واپس لے لیا جائے۔

    یہ حالیہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت امریکا دیگر ممالک کے ساتھ غیر متوازن تجارتی تعلقات کو از سر نو دیکھنے لگا ہے۔

    امریکی حکومت کے ڈیٹا کے مطابق 2018 میں بھارت نے امریکا کو 54 بلین ڈالرز کی اشیا برآمد کیں جب کہ امریکا سے صرف 33 بلین ڈالرز مالیت کی اشیا خریدیں۔

  • متحدہ عرب امارات نے بھارتی وزیراعظم کو سب سے بڑا شہری اعزاز دے دیا

    متحدہ عرب امارات نے بھارتی وزیراعظم کو سب سے بڑا شہری اعزاز دے دیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کا سب سے بڑا شہری اعزاز زید میڈل دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ نے نریندر مودی کو یہ ایوارڈ دیا۔

    ابوظبی کے ولی عہد نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اہم کردار نے ان کو مزید تقویت دی۔

    جوابی ٹویٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد کی قیادت میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات مستحکم ہوئے۔

    مودی کو اعزاز ملنے پر بھارتی وزراء روی شنکر پرساد، سشما سوراج، شیو راج سنگھ چوہان کی جانب سے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کا شکریہ ادا کیا گیا۔

    واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 2015 میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا، اس دورے کے دوران 5 معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے جس میں انرجی سیکٹر، ریلویز ودیگر شامل تھے۔

    جبکہ ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے 2017 میں بھارت کا دورہ کیا تھا انہیں بھارت کے یوم جمہوریہ کی پریڈ میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل زید ایوارڈ روس کے صدر پیوٹن، سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش، سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی، جرمن چانسلر انجیلا مرکل، برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم اور چین کے صدر شی جن پنگ کو دیا جاچکا ہے۔

  • بھارت: مودی کی تصویر بورڈنگ پاس پر، الیکشن کمیشن کا ایوی ایشن کو نوٹس

    بھارت: مودی کی تصویر بورڈنگ پاس پر، الیکشن کمیشن کا ایوی ایشن کو نوٹس

    نئی دہلی: بھارت میں مودی سرکار نے انوکھی الیکشن مہم شروع کر دی، بھارت کے ایئر پورٹس پر بورڈنگ پاسز پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر چھاپ دی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ایئر پورٹس پر ملنے والے بورڈنگ پاسز پر نریندر مودی کی تصویر چھاپ دی گئی، مودی کی تصویر کے ساتھ انتخابی نشان بھی چھاپ دیا گیا۔

    بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے ایوی ایشن کو نوٹس بھیج دیا گیا، قبل ازیں ایئر انڈیا نے اسے ایک انسانی غلطی قرار دیا اور ایئر لائن کے حکام کو ضابطے کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس بھی جاری کیا۔

    ایئر لائن حکام نے یقین دلایا تھا کہ مودی کی تصویر بورڈنگ پاسز سے ہٹا دی جائے گی تاہم اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

    مودی کے لیے اس انوکھی الیکشن مہم کا بھانڈا ایک صحافی نے پھوڑا، جس نے مقامی فلائٹ پر ملنے والے بورڈنگ پاس پر مودی کی تصویر چھپی ہوئی دیکھی، صحافی نے مودی سے سوال کیا ہے کہ کیا مذکورہ فلائٹ بھی آپ کے انتخابی حلقے میں آتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سابق بھارتی فوجی تیج بہادر کا مودی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان

    خیال رہے کہ اس سے قبل ریل گاڑیوں میں بھی بی جے پی کی انتخابی تشہیر کے لیے بغیر اجازت پیپر کپس پر ’میں بھی چوکی دار ہوں‘ کا سلوگن پرنٹ کیا گیا تھا، جس پر پیپر کپس سپلائی کرنے والے لائسنسی پر بھاری جرمانہ عاید کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ تین سال قبل بھی نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں کی تصاویر پر مبنی بڑے بڑے پوسٹرز پٹنا ایئر پورٹ کے اندر لگائے گئے تھے، جس پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لے کر پوسٹر اتروا دیے تھے۔