Tag: بھارتی وزیر دفاع

  • بھارتی وزیر دفاع شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ اعلامیے پر تلملا گئے ، دستخط سے انکار

    بھارتی وزیر دفاع شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ اعلامیے پر تلملا گئے ، دستخط سے انکار

    بیجنگ : بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ اعلامیے میں پہلگام کا ذکر نہ ہونے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی ایک اور جیت ہوئی اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔

    شنگھائی تعاون تنظیم نے بھی بھارتی پروپیگنڈا تسلیم کرنے سے انکار کردیا، ایس سی او وزرائے دفاع اجلاس کے اعلامیہ میں نہ صرف پہلگام واقعہ کا ذکر نہیں کیا گیا بلکہ بھارت کو بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کا ذمے دار بھی ٹھہرایا دیا گیا اور ساتھ ہی جعفرایکسپریس پردہشت گردحملےکی مذمت کی گئی۔

    اعلامیہ سامنے آیا تو بھارتی وزیر دفاع سٹپٹا گئے اور قلم میز پر چھوڑ کرکچھ دیرسوچتے رہے کہ کیا کریں، پھر اعلامیے پر دستخط کرنے سے ہی انکار کردیا۔

    اطلاعات کے مطابق بھارتی وفد اعلامیے میں پاکستان کی مذمت کے لیے منتیں کرتا رہا لیکن رکن ملکوں کے وفود نے بھارتی موقف کی حمایت سے انکار کر دیا۔

    بھارتی وزیر دفاع کی ہٹ دھرمی پر تنظیم کا کہنا ہے اعلامیہ جاری نہیں کیا جائے گا۔

    سابق سفیرسردارمسعود خان کا کہناہے بھارت تنہائی کا شکار ہے، ایک اور فورم پر بھارت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  • بھارتی وزیر دفاع کرونا کا شکار

    بھارتی وزیر دفاع کرونا کا شکار

    نئی دہلی: بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پڑوسی ملک بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ بھارتی وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ جو لوگ حال ہی میں میرے رابطے میں آئے ہیں، وہ اپنا ٹیسٹ کروائیں۔

    واضح رہے کہ دہلی میں اتوار کو 24 گھنٹوں میں 22,751 نئے کرونا کیسز کے ساتھ مثبت کیسز کی شرح (23 فی صد) میں اضافہ ہوا ہے۔

    بی جے پی کے سینیئر لیڈر نے آج دوپہر کو ایک ٹوئٹ میں اپنے کرونا ٹیسٹ کے مثبت نتیجے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انھیں معمولی نوعیت والی علامات ہیں۔

    راج ناتھ سنگھ نے کہا میں ان تمام لوگوں سے درخواست کرتا ہوں جو حال ہی میں میرے رابطے میں آئے ہیں، کہ وہ خود کو الگ تھلگ کریں اور کرونا ٹیسٹ کروائیں۔

    بھارت میں اتوار کو 1 لاکھ 79 ہزار تازہ کیسز کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، یومیہ مثبت کیسز کی شرح ملک میں 13.29 فی صد ہو گئی ہے، جب کہ تقریباً 10 دن پہلے ملک میں روزانہ اوسطاً دس یا پندرہ ہزار کیسز رجسٹر ہو رہے تھے۔

  • بھارت یکطرفہ اقدامات سے امن کو خطرات سے دوچار کرنا چاہتا ہے، شاہ محمود قریشی

    بھارت یکطرفہ اقدامات سے امن کو خطرات سے دوچار کرنا چاہتا ہے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت یکطرفہ اقدامات سے امن کو خطرات سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مکینوں کا بلاجواز محاصرہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان بھارت کی بدترین صورت حال کی عکاسی کرتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں محاصرے کی مزید طوالت بہت بڑا انسانی المیہ ہوگا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل نے غیرمستحکم صورت حال کا نوٹس لیا ہے، عالمی قوانین، یو این چارٹر کے مطابق اپنے موقف پر قائم ہیں۔

    مزید پڑھیں: فاشسٹ اور جنگی جنون میں مبتلا ریاستیں کامیاب نہیں ہوسکتیں: وزیر خارجہ

    انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاکرات چاہتا تھا لیکن بھارت نے خود مذاکرات کو ٹھکرایا، مقبوضہ کشمیر میں زمینی حقائق اس وقت سامنے آئیں گے جب بھارت کرفیو ہٹائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سنہ 1965 کے بعد پہلی بار سلامتی کونسل نے کشمیر معاملہ متنازع ہونے کی تصدیق کی ہے، تاریخ بتاتی ہے فاشسٹ اور جنگی جنون میں مبتلا ریاستیں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔

    خیال رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ نے ایٹمی حملے میں پہل کرنے کا عندیہ دینے کے بعد ایک اور بیان میں کہا تھا کہ پاکستان سے مذاکرات صرف آزاد کشمیر پر ہوسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر فوجی طاقت کے ذریعے اپنا تسلط قائم کیا ہوا تھا اور رواں ماہ پانچ اگست کو وہاں کی خصوصی حیثیت ختم کرتے ہوئے وادی کو بھارت کا ہی حصہ بنا ڈالا جس پر عالمی دنیا نے بھی شدید احتجاج کیا۔

  • بھارتی وزیر دفاع کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، ہمایوں اختر خان

    بھارتی وزیر دفاع کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، ہمایوں اختر خان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کرقوم کی آواز میں اپنی آواز کو شامل کرے تاکہ ہم کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے رکھ سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی گیدڑ بھبھکیوں سے پہلے خوفزدہ ہوا ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔

    ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خاصیت ہے کہ وہ جس کام کا عزم کرلیں اسے مکمل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت صرف بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور370 اور 35 اے کو ختم کرنا اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکہ کے بعد بھارت میں کھلبلی مچی ہوئی ہے اور 370 اور 35 اے کوختم کرنے کا اقدام اس کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس نے بہت بڑی اسٹرییٹجک غلطی کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد سے پیچھے نہ ہٹنے کا نہ صرف واضح اعلان کیا ہے بلکہ اپنے اقدامات سے عملی طور پر ثابت بھی کیا ہے۔

    ہمایوں اختر خان نے کہا کہ بھارت کے وزیر دفاع کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، پاکستان بھارت کی گیدڑ بھبھکیوں سے پہلے خو فزدہ ہوا ہے اور نہ آئندہ ہوگا بلکہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی ہر ممکن تیاری کر رکھی ہے اور بھارت اس سے بخوبی آگاہ ہے۔

  • بھارتی وزیر دفاع نے سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت مانگنے پر کارروائی کو نیا نام دے دیا

    بھارتی وزیر دفاع نے سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت مانگنے پر کارروائی کو نیا نام دے دیا

    نئی دہلی: بھارتی وزیردفاع منور پاریکر نے کہا ہے کہ سرجیکل اسٹرائیک 100 فیصد درست تھی تاہم ہمیں اس کے ثبوت دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار اور بھارتی فوج کی جانب سے کیا گیا دعویٰ خود ان کے گلے کا پھندا بن گیا ہر روز نئی تاویلیں پیش کرنے والے بھارتی حکام اپنے دعویٰ کے دفاع میں مسلسل ناکام نظر آرہے ہیں۔

    بھارتی وزیر داخلہ منور پاریکر سے صحافی نے سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت پیش کرنے کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے سرجیکل اسٹرائیک سے جان چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئےکہا کہ ’’بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر کاؤنٹر ٹیررازم ایکشن کیا ہے ‘‘۔ صحافی کی جانب سے مسلسل استفسار کرنے پر بھارتی وزیر نے مودی سرکار کی پالیسی کو اپناتے ہوئے بات گول مول کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘ہمیں اس کے ثبوت دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘‘۔

    دوسری جانب سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کرنے اور ثبوت نہ پیش کرنے کے حوالے سے مودی سرکار کو بھارتی سیاستدانوں کی جانب سے بھی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور کانگریس کے رہنما نے کہا کہ ’’مودی سرکار اپنا پول کھل جانے کے خوف سے کوئی ثبوت پیش نہیں کرپارہی‘‘۔

    قبل ازیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بے جے پی کے رہنماؤں اور وزیروں کو سرجیکل اسٹرائیک پر کسی بھی قسم کے تبصروں سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کیں تھی۔