Tag: بھارتی ٹیم کی کپتانی

  • روہت کی ریٹائرمنٹ پر کیا کپتانی آپ کو ملنے والی ہے؟ ہاردک پانڈیا نے بتادیا

    روہت کی ریٹائرمنٹ پر کیا کپتانی آپ کو ملنے والی ہے؟ ہاردک پانڈیا نے بتادیا

    بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو روہت شرما کے جانے کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے آئندہ کپتان کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

    برج ٹاؤن میں ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے فائنل میں بھارت کی سات رنز سے جیت کے ساتھ ہی روہت شرما ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں، ایسے میں ہاردک پانڈیا سے 2026 کے ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں روہت کا ممکنہ متبادل ہونے کے بارے میں سوال کیا گیا۔

    تاہم ممبئی انڈینز کے کپتان نے اس بات پر چپ رہنے کو ترجیح دی اور صاف جواب دینے سے گریز کیا بلکہ انھو نے بھارتی کپتان روہت اور کوہلی کے بارے میں بات کرنا شروع کردی۔

    ہاردک پانڈیا نے کہا کہ 2026 کے لیے ابھی کافی وقت ہے، اس وقت میں روہت اور ویرات دونوں کے لیے بہت خوش ہوں، بھارتی کرکٹ کے دو بڑے لیجنڈ اس کے پوری طرح سے مستحق تھے۔

    آل راؤنڈر نے کہا کہ دونوں کے ساتھ اتنے سالوں سے کھیلنا بہت شاندار رہا، ہم سب کو یہ یاد آئے گا لیکن اس سے اچھا لمحہ کیا ہوگا کہ ہم دونوں کو اس بہترین انداز میں الوداع کہیں۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بھارت زمبابوے میں 5 جولائی سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لے گا۔

    لیفٹ ہینڈ بیٹر شیوم ڈوبے زمبابوے کے اس دورے میں شرکت کرنے والے موجودہ ورلڈ کپ اسکواڈ کے واحد رکن ہوں گے جبکہ شبمن گل بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

  • ’روہت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں بھارتی ٹیم کی کپتانی کیلئے پہلی چوائس ہیں‘

    ’روہت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں بھارتی ٹیم کی کپتانی کیلئے پہلی چوائس ہیں‘

    روہت شرما بھارت کے تمام فارمیٹس کے کپتان ہیں، وہ آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی قیادت کا بار اپنے کاندھوں پر اٹھائیں گے، جس میں بھارت سمیت 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

    آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ہے اور یہ آئندہ سال جون میں کھیلا جائے گا۔ تاہم اس ایونٹ میں کون انڈین ٹیم کی قیادت کرے گا اس حوالے سے چہ مگوئیاں کافی عرصے سے جاری تھیں۔

    حالیہ ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں روہت نے اپنی کپتانی سے ماہرین کو کافی متاثر کیا تھا، جہاں ان کی قیادت میں بھارت نے 11 میں سے 10 میچز میں فتح حاصل کی تھی۔ تاہم بدقسمتی سے ان کی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کھا گئی۔

    اس حوالے سے ایک بی سی سی آئی آفیشل سے سوال کیا گیا کہ اگر روہت اور ہاردیک دنوں فٹ ہوئے تو آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کون بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرے گا۔

    بی سی سی آئی آفیشل نے بلا تردد جواب دیا کہ روہت شرما ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انڈین ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ روہت شرما اب بھی تینوں فارمیٹ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے اب تک انھیں کسی بھی فارمیٹ کی کپتانی سے نہیں ہٹایا۔

    واضح رہے کہ روہت شرما نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے آخری بار 10 نومبر 2022 کو انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا۔