لاہور: صوبائی دارلحکومت لاہور کے سرحدی علاقے مناواں میں حساس اداروں نے بھارتی ڈرون مار گرایا، تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں کی جند یالہ روڈ پر حساس اداروں نے بھارتی ڈرون گرا دیا اور اپنی تحویل میں لے لیا۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے بتایا کہ ڈرون ایک ہیگزا کاپٹر ماڈل ہے اور ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے سرویلنس ڈرون بھارت کی طرف سے آیا تھا۔
ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ حساس ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ڈرون کی برآمدگی پاکستانی حدود میں بھارتی دراندازی کی ایک اور کوشش ہے جسے ناکام بنا دیا گیا۔
یاد رہے حال ہی میں پاک فوج نے بھمبر کے مناور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا تھا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق بھارتی ڈرون جاسوسی کے مقاصد کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا، تاہم فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے بھارتی سازش کو ناکام بنا دیا۔
ذرائع نے کہا کہ بھارتی ڈرونز کی مسلسل دراندازی پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کا تسلسل ہے، جس میں بھارت اشتعال انگیز اقدامات اور دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں
۔فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑی ہے۔