Tag: بھارتی کرنسی

  • بھارتی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں مزید گراوٹ کا شکار

    بھارتی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں مزید گراوٹ کا شکار

    نئی دہلی : بھارتی روپے کو مزید جھٹکا لگ گیا، ریزرو بینک آف انڈیا کی کوششوں کے باوجود امریکی ڈالر بھارت میں بھی سر چڑھ کر بولنے لگا۔

    اس حوالے سے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیر کے روز ہندوستانی روپے کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں کم ہوئی ہے، بھارتی کرنسی جمعہ کو 83.25 پر بند ہوئی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارتی روپیہ کی مسلسل تنزلی کے باعث ریزرو بینک آف انڈیا نے ڈالر کی خریداری کی تاکہ بھارتی روپیہ مستحکم ہوسکے۔

    پچھلے سیشن میں 83.2450 پر بند ہونے کے بعد اسپاٹ سیشن میں کرنسی کی 83.2450سے 83.27میں ٹریڈنگ ہوئی۔

    ہندوستانی کرنسی نے کافی حد تک ڈالر کی قدر میں اضافے کے دوران اپنی حیثیت کسی حد تک برقرار رکھی ہے جو ممکنہ طور پر مرکزی بینک کی مداخلت کے باعث ہوا لیکن جب ڈالر گرتا ہے تو اس میں زیادہ اضافہ نہیں ہوا۔

    تاجروں نے کہا کہ ریزرو بینک نے پیر کو ڈالر 83.26-83.27 کی سطح کے قریب فروخت کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے کیونکہ روپیہ 83.29 کی ریکارڈ کم ترین سطح کے قریب رہا ہے لیکن تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہی صورتحال رہی تو روپیہ زیادہ دیر تک اپنی قدر کو برقرار رکھنے سے قاصر رہے گا۔

  • بھارتی روپیہ ایشیائی ممالک میں سب سے زیادہ بے قدرہونے والی کرنسی

    بھارتی روپیہ ایشیائی ممالک میں سب سے زیادہ بے قدرہونے والی کرنسی

    نئی دہلی : بھارتی روپے کی بے قدری جاری ہے ، جس کے باعث بھارتی کرنسی ایشیائی ممالک میں سب سے زیادہ بے قدرہونے والی کرنسی بن گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے ایشیا کی بیشتر کرنسیاں امریکی ڈالر کے مقابلے میں دباؤ کا شکار ہیں مگر بھارتی کرنسی کی صورت حال کافی خراب ہے۔

    بھارتی روپے کی قدر ڈالر میں تاریخ کی کم ترین سطح پرہے، ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر جنوری سے اب تک تیرہ فیصد سے زیادہ گر چکی ہے اور ایک ڈالر باہتر بھارتی روپے میں دستیاب ہے۔

    روپیہ بے قدر ہونے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، بھارت میں پیٹرول نوے روپے جبکہ ڈیزل اسی روپے سے زیادہ کا ہوگیا، پیٹرول مہنگا ہونےسےعوام اور جبکہ ڈیزل مہنگا ہونے سے کاشت کار شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    معاشی ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں کمی اور مہنگا ایندھن مودی کے لئے مشکلات کا باعث بنےگا، بھارتی روپے کی قدرمیں مستقبل قریب میں بہتری کی امید نہیں ہے۔

    روپےکی قدر کو سنبھالا دینے کیلئے درآمدات پر پابندی زیر غور ہے، جس میں الیکٹرونکس اور دفاع کے شعبے سر فہرست ہیں۔

    تاجروں کا کہنا ہے کہ امریکہ اور چین ٹیرف کے سلسلے میں جاری جنگ سے بھارتی کرنسی پر دباؤ بنا ہوا ہے۔

    خیال رہے ڈالر کی مضبوط ہوتی ہوئی حیثیت بھی ایشیا بھر کی کرنسیوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

  • بھارت میں نوٹوں پر پابندی ، پاکستانی منی ایکسچینجرمشکلات کا شکار

    بھارت میں نوٹوں پر پابندی ، پاکستانی منی ایکسچینجرمشکلات کا شکار

    کراچی : بھارت میں کرنسی نوٹوں پر پابندی کے بعد پاکستان میں کرنسی کا کاروبار کرنے والے افراد کافی مشکلات کا شکار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اُن کے پاس پانچ سو اور ہزار روپے کی تقریباً 15 کروڑ روپے سے زیادہ انڈین کرنسی موجود ہے جو اپنی اصل قیمت کی چوتھائی پر فروخت ہو رہی ہے جس سے اُن کو شدید نقصان اُٹھانا پڑ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کرنسی نوٹوں پر پابندی کے بعد پاکستان میں کرنسی کا کاروبار کرنے والے بھی مشکل میں آگئے انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا کربا پڑرہا ہے۔

    پاکستان ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ اِس سے کہیں زیادہ مالیت کے کرنسی نوٹ پاکستانی عوام کے پاس موجود ہو سکتے ہیں جو تجارت یا پھر سیاحتی کے غرض سے انڈیا جاتے ہیں۔

    ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ اِس وقت ملک کے مختلف منی چینجرز کے پاس 15 کروڑ سے زیادہ انڈین کرنسی موجود ہے جو اِس فیصلے کے بعد اپنی اصل قدر کے مقابلے میں چوتھائی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔ پہلے اگر پاکستانی روپے کے مقابلے میں انڈین روپے کی عالمی سطح پر قیمت ایک روپیہ ساٹھ پیسے یا ستر پیسے تھی تو اب وہ اچانک گر کر پچاس پیسے رہ گیا۔

    مزید پڑھیں : کرنسی نوٹوں پر پابندی، بھارتی عوام اذیت میں مبتلا

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق انہوں نے بتایا کہ دو دنوں سے صورتحال یہ ہے کہ کوئی خرید نہیں رہا اور ہم لوگ ڈالر کے علاوہ ساری کرنسی دبئی برآمد کر کے ڈالرز میں ایکسچینج کرتے ہیں لیکن دبئی میں بھی کوئی انڈین کرنسی نہیں خرید رہا۔

    پاکستانی منی چینجرز نے پورے ملک سے اپنے نقصان کا تخمینہ لگا کر مرکزی بینک سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اِس نقصان کو کم کیا جا سکے لیکن کسی مدد کے نہ مل پانے کی صورت میں یہ انڈین کرنسی صرف کاغذ کا ٹکڑا رہ جائے گی۔