Tag: بھارتی کرکٹرز

  • بیویاں ساتھ جاتی ہیں تو ٹیم ہار جاتی ہے! بی سی سی آئی نے اہم فیصلہ کرلیا

    بیویاں ساتھ جاتی ہیں تو ٹیم ہار جاتی ہے! بی سی سی آئی نے اہم فیصلہ کرلیا

    بی سی سی آئی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناکاموں پر نئی پالیسی لانے کا فیصلہ کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے بھارتی کرکٹرز کی فیملیز کیلیے نئی ایس او پیز لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، کیونکہ بیویاں ساتھ جاتی ہیں توٹیم ہارجاتی ہے۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق کھلاڑیوں کی بیویوں اور اہلخانہ کو پورے دورے میں ساتھ سفر کی اجازت نہیں ہوگی، 45 دن سے زیادہ چلنے والے ٹورنامنٹ یا سیریز کیلیے اہلیہ کھلاڑی کیساتھ صرف چودہ دن رہ سکتی ہے، مختصر دوروں کے لیے قیام کی حد صرف سات دن ہوگی۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف عبرتناک شکست کے بعد سے بھارتی ٹیم اور کوچ گوتم گمبھیر تنقید کی زد میں ہیں، ایسے میں سابق انگلش کرکٹر بھی میدان میں آگئے۔

    ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو 10 سال بعد بارڈر- گواسکر ٹرافی ہارنے کے بعد کافی تنقید کا سامنا ہے، انگلینڈ کے سابق بھارتی نژاد اسپنر مونٹی پنیسر نے بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کا سخت تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا بھارتی کھلاڑی سابق اوپنر کو ٹیم میں ’سنجیدگی‘ سے لیتے ہیں۔

    نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بیک ٹو بیک سیریز ہارنے کی وجہ سے بھارتی ٹیم پہلی بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    سابق انگلش اسپنر مونٹی پنیسر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ شاید گمبھیر پر کام کا بوجھ بہت زیادہ ہے۔ وہ ابھی کوچ کے طور پر راہول ڈریوڈ کی جگہ آئے ہیں، بعض اوقات اس طرح کا فیصلہ کچھ سینئر کھلاڑیوں کے لئے مشکل ہوسکتا ہے۔

    سینئر کھلاڑی حقیقت میں سوچ رہے ہوں گے، کچھ سال پہلے وہ ہمارے ساتھی تھے، اب وہ ہمیں بتا رہے ہیں کہ کرکٹ کیسے کھیلی جائے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ سب چیزیں مشکل ہوسکتی ہیں اور گوتم کا ریکارڈ (بطور بلے باز) آسٹریلیا یا انگلینڈ میں اچھا نہیں ہے، آسٹریلیا میں گمبھیر کی اوسط 23 ہے، انگلینڈ میں بھی اس کی اوسط اچھی نہیں رہی۔

    مونٹی پینسر نے کہا کہ وہ سوئنگ ہوتی ہوئی گیند کو اچھی طرح سے نہیں کھیلتے تھے، مجھے لگتا ہے کہ سلیکٹرز سوچ رہے ہوں گے کہ کیا گمبھیر کو بطور کوچ سنجیدگی سے لیا جارہا ہوگا۔

    آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کس کھلاڑی کو قرار دیا گیا؟

    حکام سوچ رہے ہوں گے کیا ہمیں ٹیسٹ میں گوتم کی جگہ شاید وی وی ایس لکشمن جیسے کسی سابق کرکٹر کو لانا چاہیے، وہ راہول ڈریوڈ سے کافی مماثلت رکھتے ہیں۔

  • بھارتی کرکٹرز سراج اور عُمران کا ماتھے پر تِلک لگوانے سے انکار، ویڈیو وائرل

    بھارتی کرکٹرز سراج اور عُمران کا ماتھے پر تِلک لگوانے سے انکار، ویڈیو وائرل

    بھارتی ٹیم کے مسلمان فاسٹ باؤلرز محمد سراج اور عُمران ملک کی جانب سے ماتھے پر تِلک لگانے سے انکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بھارتی ٹیم کو ہوٹل میں داخل ہوتے دیکھا جا رہا ہے اور اس موقع پر ہوٹل کے عملے کی ایک خاتون کھلاڑیوں کے ماتھے پر تِلک لگاتی ہیں۔

    جب مسلمان فاسٹ باؤلر محمد سراج کی باری آتی ہے تو وہ خاتون کو تِلک لگانے سے منع کر دیتے ہیں اور ان کے بعد ایک اور مسلمان فاسٹ باؤلر عُمران ملک بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے تلک لگانے سے انکار کر دیتے ہیں۔

    دوسری جانب کرکٹر کے تلک نہ لگانے پر بھارتی صارفین آگ بگولہ ہوگئے ہیں، اور کرکٹرز کر تنقید کا نشانہ بنایا ۔

    واضح رہے کہ تِلک لگانا بھارت میں ہندو مذہب کی برسوں پرانی رسم ہے اور مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے یہ لگایا جاتا ہے۔

    تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ ویڈیو کس وقت بنائی گئی لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ حال ہی میں بنائی گئی ویڈیو نہیں ہے۔

  • بھارتی کرکٹرز کی بیٹیوں کیلئے غیر اخلاقی تبصرہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع

     بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے کرکٹرز مہیندرا سنگھ دھونی اور ویرات کوہلی کی بیٹیوں اور بیوی کے بارے میں سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی ریمارکس کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کی خواتین  کمیشن کی صدر سواتی مالیوال نے ویرات کوہلی کی بیٹی وامیکا اور ایم ایس دھونی کی بیٹی زیوا سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس پر نفرت انگیز  کمنٹس کرنے والوں کے خلاف پولیس کو تحریری درخواست جمع کروائی تھی۔

    درخواست کے نتیجے میں دہلی پولیس نے مقدمہ درج کیا اور اب اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی جس کے بعد نفرت انگیز تبصرے کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

    سواتی مالیوال نے ایف آئی آر درج ہونے کا ٹوئٹر پر بتایا اور ساتھ ہی کوہلی اور دھونی کو بھی مینشن کیا۔

    انہوں نے کہا کہ چھوٹی بچیوں کے خلاف اس طرح کے نازیبا الفاظ اور بیانات دینے والے سوشل میڈیا صارفین سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

    محمدشامی کی حمایت: کوہلی کو شیرخوار بیٹی کے ریپ اور قتل کی دھمکی

    یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی پاکستان سے ہار کے بعد ہندو انتہا پسندوں نے شکست کا ذمہ دار بھارتی بولر محمد شامی کو ٹھہراتے ہوئے انہیں غدار قرار دیا۔

    اس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ اور ویرات کوہلی نے محمد شامی کی حمایت میں ٹوئٹس کیں۔

    ویرات کی جانب سے شامی کی حمایت کرنے پر ہندو انتہا پسندوں نے کوہلی اور انوشکا شرما کی بیٹی کو نشانہ بنایا اور ریپ کی دھمکیاں دینے لگے۔

    دوسری جانب ایم ایس دھونی کو 2020 میں انسٹاگرام صارف نے ان کی بیٹی زیوا کو ریپ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

  • خواتین کیخلاف نازیبا الفاظ ، دو بھارتی کرکٹرز پر بھاری جرمانہ عائد

    خواتین کیخلاف نازیبا الفاظ ، دو بھارتی کرکٹرز پر بھاری جرمانہ عائد

    سڈنی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہردیک پانڈیا اور لوکیش راہول کو خواتین کے خلاف نازیبا کلمات ادا کرنے کے جرم میں بیس لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی نے بھارتی ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے پانڈیا اور لوکیش راہول کو خواتین کے بارے میں نازیبا کلمات ادا کرنے کی پاداش میں بیس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

    بورڈ آف کنٹرول کرکٹ انڈیا (بی سی سی آئی) کے مطابق دونوں کرکٹرز پر جنسی اور نسلی تعصب اور بداخلاقی پر مبنی الفاظ’ کہنے پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں نشر ہونے والے اس انٹرویو کے بعد25سالہ پانڈیا اور27سالہ راہول کو انڈیا کے آسٹریلیا کے دورے سے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان دونوں نے پانچ میچوں میں شرکت نہ کر سکے تھے۔

    ان ہی دنوں کھلاڑیوں کے متنازعہ انٹرویو پر سوشل میڈیا اور بھارتی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تو بی سی سی آئی نے فوری ایکشن لیا، بعد ازاں پانڈیا اور راہول نے معافی بھی مانگی جو ان کے کام نہ آسکی اور ان کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی۔

    واضح رہے کہ آل راؤنڈر پانڈیا نے کرن جوہر کو اپنے فلرٹ کرنے کے جوہر بتائے تھے جب کہ راہول نے محفوظ بیٹنگ سے محفوظ جنسی تعلقات کی بات کی تھی۔

    پانڈیا کا کہنا تھا کہ والدین نے ایک پارٹی میں مجھ سے پوچھا کون سی لڑکی پسند ہے تو میں نے کہا یہ سب ہی، ان سب سے میرا کبھی نہ کبھی تعلق رہا ہے۔

  • عامرسہیل کے بیان پربھارتی کرکٹرزبھی بول پڑے

    عامرسہیل کے بیان پربھارتی کرکٹرزبھی بول پڑے

    کراچی : پاکستان کے فائنل میچ کو مشکوک بنانے کی کوشش کرنے والے سابق کپتان عامر سہیل کو بھارتی کرکٹرز کی جانب سے کراراجواب مل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عامرسہیل کی جانب سے سرفرازاحمد کو شدید تنقید اورالزامات کا نشانہ بنانے پر بھارتی سابق کرکٹرزروی شاستری، سارو گنگولی اور ہربھجن سنگھ نے بھی عامرسہیل کو لتاڑ دیا۔

    عامرسہیل کا بیان سمجھ سے باہر ہے، سارو گنگولی

    سارو گنگولی نے پاکستان کی بڑی کامیابی پر سابق کپتان کے بیان کو مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے کہا کہ عامرسہیل کی ذہنی پسماندگی عیاں ہوگئی، ایونٹ کا فائنل کھیلنے والی ٹیم کیلئے ایسے جملے غیر مناسب ہیں۔


    سارو گنگولی کا مزید کہنا تھا کہ عامرسہیل کا بیان سمجھ سے باہر ہے، جن کے اپنے ملک میں میچ نہیں ہوتے انہوں نے بڑی ٹیموں کو ہرایا۔

    استعمال شدہ پچز کا فائدہ صرف پاکستان کو نہیں ہوا، روی شاستری

    روی شاستری کا کہنا تھا کہ تمام ٹیموں کو معلوم تھا کہ ایک پچ پر کئی میچ ہوں گے، استعمال شدہ پچز کا فائدہ صرف پاکستان کو نہیں تمام ایشین ٹیموں کوہوا۔،

    عامرسہیل نے اپنی عزت کھودی، ہربھجن سنگھ

    اس کے علاوہ ہربھجن سنگھ نے بھی عامرسہیل کے بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے افسردگی کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عامر سہیل ایک سینئر کرکٹر ہیں ان کو ایسی بات نہیں کہنی چاہئیے تھی پاکستانی کھلاڑی اگراچھا کھیلے ہیں تو ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے نہ کہ تنقید کرکے ان کو مایوس کیا جائے۔ عامرسہیل نے اپنی عزت کھودی۔

    یاد رہے کہ عامر سہیل نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی کامیابی پر شدید تنقید کی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کیخلاف میچ میں ہونے والی جیت میں سرفراز احمد کا کوئی کمال نہیں، یہ مخصوص ایجنڈا تھا۔ عامر سہیل کے اس بیان کے بعد پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے بھارتی میڈیا کو موقع ملا اور اس نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی شروع کردی تھی۔