بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ فائنل کی ہار کو ہضم کرنا آسان نہیں تھا لیکن زندگی ایک جگہ نہیں رکتی۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل مقابلے میں آسٹریلیا نے بھارت کو ایک لاکھ سے زائد شائقین کے سامنے اس کے ہوم گراؤنڈ پر ہزیمت سے دوچار کیا تھا۔ اس ہار کے بعد نہ صرف بھارتی کرکٹرز اور شائقین حیرت کا شکار تھے بلکہ بعض پلیئرز روتے ہوئے بھی دکھائی دیے تھے۔
اب روہت شرما نے ان احساسات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خیال میں ہم جو کرسکتے تھے ہم نے وہ سب کیا تھا۔ چند دنوں تک تو مجھے آئیڈیا ہی نہیں تھا کہ میں کیا کروں۔ اس وقت میری فیملی اور دوستوں نے مجھے کافی سپورٹ کیا۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ یہ ہضم کرنا آسان نہیں تھا، لیکن زندگی آگے بڑھتی ہے۔ آپ کو زندگی میں آگے بڑھنا ہوتا ہے۔
اپنی ٹیم کی جانب سے آفیشل انسٹاگرام پیج پر جاری کی گئی ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ لیکن اگر ایمانداری سے کہوں تو یہ سب مشکل تھا۔ اس ہار کے بعد وہاں سے آگے بڑھنا اتنا آسان نہیں تھا۔
روہت شرما کا مزید کہنا تھا کہ میں 50 اوورز کا ورلڈکپ دیکھتے ہوئے بڑا ہوا ہوں۔ ہم نے پچھلے کئی سالوں میں ورلڈکپ جیتنے کے لیے کافی محنت کی تھی اور اس کا نہ جیت پانا کافی مایوس کن تھا۔