Tag: بھارت الیکشن

  • بھارت الیکشن: باپ نے بیٹی، بھائی نے بہن اور چچا نے بھتیجے کو ہرا دیا

    بھارت الیکشن: باپ نے بیٹی، بھائی نے بہن اور چچا نے بھتیجے کو ہرا دیا

    بھارت میں حالیہ مہاراشٹر اسمبلی کے انتخابی نتائج سے سب کو چونکا دیا جس میں خونی رشتے داروں نے ایک دوسرے کو شکست دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں اس بار شرد پوار کنبہ سمیت کئی سیاسی کنبوں کے رکن ایک دوسرے کے خلاف میدان میں تھے۔ انتخابی نتائج آئے تو سب کو چونکا دیا کیونکہ اس میں باپ نے بیٹی کو، بھائی نے بہن اور چچا نے بھتیجے کا شکست دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق گڑھ چرولی کے اہیری اسمبلی حلقے میں این سی پی کے رہنما اور وزیر مملکت دھرم راؤ بابا اپنی بیٹی بھاگیہ شری کے ہی خلاف انتخاب لڑ رہے تھے۔ نتائج آنے پر پتہ چلا کہ دھرما راؤ نے اپنی بیٹی بھاگیہ شری کو بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

    ناندیڑ کے لوہا اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے سابق لوک سبھا رکن پرتاپ پاٹل چکھلیکر نے اس بار نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور اپنی سگی بہن آشا بائی شندے پر کامیابی حاصل کی۔

    بارامتی اسمبلی سے شرد پوار کے بھتیجے اجیت پوار نے اپنے سگے بھتیجے یوگیندر یادو کو ایک لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔

    اسی طرح مراٹھ واڑہ علاقہ کے چھترپتی شمبھاجی نگر ضلع کے کنڑ اسمبلی حلقہ سیٹ پر سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی رہنما راؤ صاحب دانوے کی بیٹی سنجنا جادھو اپنے سابق شوہر ہرش وردھن جادھو کو سخت مقابلے کے بعد ہرایا۔

    واضح رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں برسراقتدار مہایوتی کو واضح اکثریت مل چکی ہے۔ 288 اراکین والی اسمبلی میں این ڈی اے اتحاد کو 236 نشستیں ملی ہیں جب کہ اپوزیشن اتحاد مہاوکاس اگھاڑی کے ہاتھ صرف 49 نشستیں آئی ہیں۔

  • بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کا آغاز، مودی نے ووٹ کاسٹ کیا

    بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کا آغاز، مودی نے ووٹ کاسٹ کیا

    نئی دہلی: بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا، وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ووٹ کاسٹ کر دیا۔

    بھارت کی دس ریاستوں سمیت وفاق کے زیر انتظام 93 سیٹوں کے لیے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے، جس میں گجرات کی 25، بہار کی 5، مدھیہ پردیش کی 9، آسام کی 4، چھتیس گڑھ کی 7، کرناٹکا کی 14، گوا کی 2، مہاراشٹر کی 11، اترپردیش کی 10 اور بنگال کی 4 نشستیں شامل ہیں۔

    ریاست گجرات سے بھارتی جنتا پارٹی کے رہنما اور وزیر داخلہ امیت شاہ تیسرے مرحلے کے اہم امیدوار ہیں، انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ایک ہزار 331 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق انتخابات کے دو مرحلوں میں 190 حلقوں کے لیے ووٹ ڈالے جا چکے ہیں، جس میں ٹرن آوٹ 67 فی صد رہا۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے تیسرے مرحلے میں اپنے آبائی علاقے احمد آباد میں امیت شاہ کے حلقے میں میں ووٹ کاسٹ کیا۔ چوتھے مرحلے کے لیے پولنگ 13 مئی کو ہوگی، جب کہ 7 مراحل میں ہونے والے انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔

  • الیکشن سے قبل اپوزیشن ارکان کے خلاف مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈے

    الیکشن سے قبل اپوزیشن ارکان کے خلاف مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈے

    بھارت میں‌ انتخابات سے قبل مودی سرکار کی جانب سے اپوزیشن ارکان کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں‌ کا استعمال جاری ہے، جو جمہوریت پر حملے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔

    دی وائر کے مطابق بھارتی لوک سبھا سے مزید 49 ارکان کو معطل کر دیا گیا ہے، بھارت کی تاریخ میں پہلی بار 141 اپوزیشن ارکان کی لوک سبھا سے ریکارڈ معطلی عمل میں لائی گئی ہے، گزشتہ روز تقریباً 78 اراکین پارلیمنٹ کو دونوں ایوانوں سے معطل کر دیا گیا تھا۔

    اپوزیشن جماعتوں کے اپنے ساتھیوں کی معطلی کے خلاف احتجاج مزید معطلی کا سبب بنے، اپوزیشن ارکان کو ایوان کی کارروائی میں مبینہ خلل پیدا کرنے کی مد میں معطل کیا گیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق 13 دسمبر کو بھارتی پارلیمان کی ناقص سیکیورٹی کی بدولت دو افراد نے پارلیمان میں داخل ہو کر گیس کے کینز پھینکے اور نعرے لگائے، شواہد سے ثابت ہوا کہ ان افراد کو وزیٹر پاس بی جے پی پارٹی کے ایک قانون ساز نے فراہم کیا تھا۔ بی بی سی کا کہنا ہے کہ بھارتی اپوزیشن ارکان وفاقی وزیر داخلہ امیت شاہ اور مودی سے پارلیمان کی سیکیورٹی کی خلاف ورزی پر پارلیمان میں بیان دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

    دوسری طرف بھارتی پارلیمنٹ کے باہر معطل کیے گئے اپوزیشن ارکان کے شدید مظاہرے جاری ہیں، مظاہرین میں شامل اپوزیشن ارکان بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ صدر انڈین نیشنل کانگریس ملیکارجن کھڑگے نے کہا کہ حکومت نے جان بوجھ کر اپوزیشن لیڈروں کو بغیر بحث کے اہم بلوں کو منظور کرنے کے لیے معطل کیا ہے۔

    اپوزیشن ارکان کے مطابق ان کی معطلی مودی سرکار کا جمہوریت پر حملہ ہے اور بھارت میں ڈکٹیٹرشپ کے راج کی علامت ہے، سیاسی تجزیہ کاروں نے معطلی پر سوال اٹھایا کہ ارکان پارلیمان کو مودی حکومت کو پارلیمان کے سامنے جواب دہ ٹھہرانے کا پورا حق حاصل ہے۔

  • بھارت: لوک سبھا کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ کل سے شروع ہوگا

    بھارت: لوک سبھا کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ کل سے شروع ہوگا

    نئی دہلی: بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے 13 ریاستوں کی 97 نشتوں پر ووٹنگ کل ہوگی جس میں 90 کروڑ سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے پولنگ کا دوسرا مرحلہ 18 اپریل سے شروع ہوگا، ملک کی 13 ریاستوں کی 97 نشستوں پر عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ انتخابات میں 90کروڑ ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے،یہ تعداد امریکا اور یورپی یونین کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔

    یاد رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کی 543نشستوں کے لیے مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے، اب تک ایک مرحلہ ہوا جس میں دورانِ ووٹنگ پرتشدد واقعات میں 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

    مزید پڑھیں: لوک سبھا انتخابات: مودی کو بڑا دھچکا، دو وزرا نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی

    بھارت کے ایوان زیریں کے انتخابات 7 مراحل میں ہوں گے جبکہ انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان بھارتی الیکشن کمیشن کی طرف سے 25مئی کو کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی انتخابات میں امریکی انتخابات سے 6.5ارب ڈالرز زیادہ خرچ ہورہے ہیں۔

    یاد رہے کہ بھارت میں لوک سبھا یعنی ایوان زیریں کے 17 ویں انتخابات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو ہوا، جس کے تحت 20 ریاستوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ کا انعقاد کیا گیا، مجموعی طور پر 14 کروڑ 20 لاکھ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی انتخابات: پرتشدد واقعات میں 3 افراد ہلاک، دھماکا خیز مواد بھی برآمد

    بھارتی الیکشن کے پہلے مرحلے بالشمول مقبوضہ کشمیر سمیت مختلف ریاستوں میں پرتشدد واقعات پیش آئے جس میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، آندھرا پردیشن میں ہونے والی سیاسی تلخ کلامی نے اس قدر شدت اختیار کی کہ 3 افراد کی جانیں گئیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کے علاقہ بارہ مولا میں بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے 13 سالہ بچے کو شہید کیا۔

  • بھارت میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے ووٹنگ شروع

    بھارت میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے ووٹنگ شروع

    نئی دہلی: بھارت میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے ووٹنگ شروع ہوگئی، مختلف ریاستوں میں شہری اپنا حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں لوک سبھا کی 543 کی نشستوں کے لیے پہلے مرحلے میں 91 پر پولنگ ہوگی، آندھرا پردیش، اترپردیش، آسام، بہار اور اڑیسہ سمیت 20 سے زائد ریاستوں میں ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیا۔

    بھارت کے عام انتخابات میں 90کروڑ افراد ووٹ کا حق استعمال کریں گے، 7مراحل میں ہونے والے بھارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان 23مئی کو ہوگا۔

    بھارت میں چار ریاستیں ایسی ہیں جو بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی حاصل کرنے کی جدوجہد کررہی ہیں۔ انتخابات کے پہلے مرحلے میں ریاستی جبر کے تحت مقبوضہ کشمیر میں بھی نام نہاد ووٹنگ کرائی جائے گی جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کا انتخابی ڈھونگ پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں۔

    انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہوگیا، جبکہ دوسرا 18 اپریل، تیسرا 23 اپریل، چوتھا 29 اپریل، پانچواں 6 مئی، چھٹا 12 مئی اور ساتواں 19 مئی کو ہوگا۔

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت نے بھارتی انتخابی ڈرامہ مسترد کرتے ہوئے آج مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے۔

    حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں مظالم کی انتہاکردی ہے، ریاستی جبر کے ذریعے تحریک آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔

    حریت قیادت کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے سرینگر جیل میں قید کشمیری نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جعلی مقدمے میں گرفتاریاسین ملک کو جموں سے دلی کی تہاڑ جیل منتقل کردیا گیا۔

    بزرگ کشمیری رہنماعلی گیلانی اور میرواعظ کو تفتیش کے نام پر اذیت دی جارہی ہے۔