Tag: بھارت بمقابلہ انگلینڈ

  • اولڈٹریفورڈ ٹیسٹ میں واجبی کارکردگی، بھارت کا بمراہ کو فیصلہ کن ٹیسٹ نہ کھلانے کا فیصلہ

    اولڈٹریفورڈ ٹیسٹ میں واجبی کارکردگی، بھارت کا بمراہ کو فیصلہ کن ٹیسٹ نہ کھلانے کا فیصلہ

    انگلینڈ کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں ممکنہ طور پر جسپریت بمراہ ایکشن میں نظرنہیں آئیں گے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چوتھے ٹیسٹ میں رفتار میں کمی اور ورک لوڈ مینج کرنے کےلیے جسپریت بمراہ کو اوول میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے فیصلہ کن پانچویں ٹیسٹ میں نہ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس میچ میں فاسٹ بولر آکاش دیپ ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔

    31 سالہ فاسٹ بولر اولڈٹریفورڈ میں ڈرا ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کے دوران ٹیم کا حصہ تھے مگر وہ کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام نظرآئے تھے۔

    اولڈٹریفورڈ ٹیسٹ میں بمراہ کی رفتار میں بھی کمی دیکھنے میں آئی تھی، بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے بمراہ کو بتایا ہے کہ یہ فیصلہ ان کی کمر کی حفاظت کےلیے کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آکاش دیپ جو کہ چوتھے ٹیسٹ میں موجود نہیں تھے انھیں بھارتی پلیئنگ الیون میں بمراہ کی جگہ لینے کا امکان ہے۔

    اس سے قبل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کہہ چکے ہیں بھارتی ٹیم پانچوں ٹیسٹ میں کن پلیئرز کو میدان میں اتارے گی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم بمراہ سمیت تمام بالرز فٹ ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/jasprit-bumrah-hints-test-retirement-indian-cricket-in-shock/

  • رشبھ پنت انگلینڈ کیخلاف بیٹنگ کے دوران خود سے گفتگو کرتے رہے، ویڈیو وائرل

    رشبھ پنت انگلینڈ کیخلاف بیٹنگ کے دوران خود سے گفتگو کرتے رہے، ویڈیو وائرل

    لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن بھارت کے نائب کپتان رشبھ پنت کو اپنے آپ سے بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

    رشبھ پنت بھارت کی دوسری اننگز کے پہلے سیشن میں بلے بازی کے لیے اس وقت آئے جب کپتان شبمن گل 8 رنز پر اپنی وکٹ گنوا چکے تھے، اس وقت کریز پر نوآموز ہونے کے باوجود رشبھ پنت اس صورتحال سے گھبرائے نہیں بلکہ انگلش بولرز کےخلاف کھل کرکھیلنے کی کوشش کی۔

    تاہم 32ویں اوور میں رشبھ پنت کئی بار آئوٹ ہوتے ہوتے بچے اور انھیں کافی مشکلات پیش آئیں، وہ ایک سلوگ سویپ کرنے گئے اور ڈلیوری ان کے بیٹ سے ٹاپ ایج لگ کر ہوا میں معلق ہوگئی لیکن وہ بچنے میں کامیاب رہے۔

    کچھ گیندوں کے بعد رشبھ پنت اپنے گھٹنوں کے بل ایک سکوپ کھیلنے کے لیے گئے جو مس ہوئی اور انگلینڈ کو ڈی آر ایس لینے کا موقع ملا، تاہم ری پلے سے پتہ چلا کہ گیند پیڈ سے ٹکرانے سے پہلے بیٹ سے ٹکرائی۔

    اس کے بعد رشبھ پنت خود سے ناراض ہوگئے اور ان کا خود پر غصہ اسٹمپ مائیک پر ریکارڈ ہوگیا، وہ بولتے ہوئے سنے گئے "تیز بال ہے رشبھ، مارنا ہے تو سیدھا لگ جائے گا نا اس بال پر، کچھ الگ کرنے کی ضرورت نہیں ہے،”

    رشبھ پنت نے خود سے یہ گفتگو ہندی میں کی جسے ہندوستان کے سابق کرکٹر دنیش کارتک نے وضاحت کرتے ہوئے انگلش میں بتایا۔

  • ’کوہلی کی حرکتیں دیکھ کر لگتا نہیں کہ ان کے دو بچے بھی ہیں‘

    ’کوہلی کی حرکتیں دیکھ کر لگتا نہیں کہ ان کے دو بچے بھی ہیں‘

    بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں گراؤنڈ میں ڈانس کرتے نظر آئے جس پر شائقین نے انھیں تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

    چیمپئنز ٹرافی سے قبل او ڈی آئی فارمیٹ میں اپنے ہنر کو آزمانے کے لیے اس وقت انگلش ٹیم بھارت کے دور پر ہے، جہاں پہلے میچ میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، تاہم دوسرے میچ میں سپراسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی جانب سے گراؤنڈ میں رقص نے شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔

    ویرات کوہلی کا بلا تو آج کل میدان میں خاموش ہے مگر کافی عرصے سے وہ کسی نہ کسی میچ میں رقص کرتے نظر آجاتے ہیں، پہلے میچ سے باہر رہنے والے ویرات کوہلی دوسرے میں بھارتی پلیئنگ الیون کا حصہ بنے اور خبروں میں بھی آگئے۔

    انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے سے کوہلی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں کوہلی بظاہر ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں۔

    شروع میں ایسا لگا کہ وہ فیلڈ میں اپنے ساتھی کھلاڑی کو اشارہ کررہے ہیں مگر آخر میں یہ ان کے ڈانس کا ایک انداز تھا۔

    36 سالہ پلیئر نے پہلے اپنا ہاتھ اٹھایا جس سے لگا کہ وہ ساتھی کھلاڑی کو اپنی طرف متوجہ کررہے ہیں مگر جلد ہی یہ اشارہ ڈانس میں تبدیل ہوگیا اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    اس پر صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ لگتا نہیں کہ ویرات کوہلی کے دو بچے بھی ہیں، ایک شخص نے ان کی حرکت کی طرف اشاہ کرکے اپنے دل کی بھڑاس نکالی۔

    کچھ لوگ ویرات کوہلی کی سائیڈ لیتے ہوئے بھی نظر آئے جبکہ کچھ لوگوں نے ویرات کوہلی کو میدان میں کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے کا مشورہ دیا۔

  • پاکستانی نژاد ثاقب محمود کی بھارت کیخلاف تباہ کن بولنگ، ویڈیو وائرل

    پاکستانی نژاد ثاقب محمود کی بھارت کیخلاف تباہ کن بولنگ، ویڈیو وائرل

    انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر ثاقب محمود بھارت کے خلاف چوتھے ٹی 20 میچ کے ایک اوور میں تین وکٹیں لے اڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    بھارت اور انگلینڈ کے مابین چوتھا ٹی 20 میچ پونے میں کھیلا گیا جس میں ثاقب محمود کی شاندار بولنگ کی بدولت بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی۔

    ثاقب محمود نے پہلے اوور میں سنجو سیمسن، تلک ورما اور کپتان سوریا کمار یادیو کی پویلین کی راہ دکھائی اور اوور بھی میڈ ان کیا۔

    سنجو سیمسن ایک، تلک ورما اور سوریا کمار بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    ثاقب محمود نے اپنے چار اوورز میں 35 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    اس سے قبل 2007 میں ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر جرمو ٹیلر نے جنوبی افریقا کے خلاف ایک اوور میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں اور اوور بھی میڈ ان کیا تھا۔

    تاہم ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی ہے۔

    شیوم دوبے کو 34 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • سرفراز کے آگے کپتان روہت شرما غلط ثابت ہوگئے!

    سرفراز کے آگے کپتان روہت شرما غلط ثابت ہوگئے!

    بھارتی کپتان روہت شرما لیگ سلپ میں کھڑے سرفراز خان کے کہنے کے باوجود ڈی آر ایس نہ لے کر غلط ثابت ہوگئے۔

    یہ واقعہ 26 ویں اوور میں رونما ہوا جب اوپنر زیک کرولی لیگ اسپنر کلدیپ یادیو کا سامنا کررہے تھے۔ روہت نے لیگ سائیڈ پر بیٹر کے قریب ہی ایک فیلڈر کو کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا۔ سرفراز کو لیگ سلپ اور شارٹ لیگ کے درمیان کھڑا کیا گیا۔

    اس وقت انگلش اوپنر61 رنز پر کھیل رہے تھے کہ کلدیپ کی ایک ڈیلیوری ان کے بیٹ اور پیڈ نہایت معمولی کنارہ لیتی ہوئی سرفراز کی طرف گئی۔

    بھارتی فیلڈر نے ڈائیو لگاتے ہوئے پھرتی سے کیچ تھام لی اور فوراً ہی جشن منانا شروع کر دیا تاہم اس وقت الجھن پیدا ہوگئی جب وکٹ کیپر دھروو جوریل ان کی بات پر قائل نہیں ہوئے۔

    اس دوران روہت شرما بھی ان کے قریب آئے تو سرفراز نے انھیں بتایا کہ یہ آؤٹ ہے اور ڈی آر ایس سے استفادہ کیا جائے مگر بھارتی کپتان نہ مانے اور ڈی آر ایس کا وقت گزر گیا۔

    بعدازاں ری پلے میں الٹرا ایج سے ظاہر ہوا کہ یہ آؤٹ تھا جس سے سرفراز کی بات سچ ثابت ہوگئی۔ اس دوران بھارتی فیلڈر نے کپتان کی طرف مسکراتے ہوئے دیکھا، جنھوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ان کی طرف انگوٹھا لہرایا۔

  • شعیب بشیر نے بھارتی بیٹنگ کے پرخچے اڑا دیے

    شعیب بشیر نے بھارتی بیٹنگ کے پرخچے اڑا دیے

    چوتھے ٹیسٹ میں انگلش اسپنر شعیب بشیر کی شاندار بولنگ کی بدولت بھارتی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی۔

    رانچی میں کھیلے جارہے چوتھے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم پہلی اننگ میں 353 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، بھارت نے پہلی اننگ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنالیے ہیں جبکہ انگلش ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے بھارت کو مزید 134 رنز درکار ہیں۔

    دھرو جوریل 30 اور کلدیپ یادیو 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    یشسوی جیسوال 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، روہت شرما 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شبھمن گل کو 38 رنز پر شعیب بشیر نے ایل ڈبلیو آؤٹ کیا، سرفراز خان 14 رنز بناسکے۔

    انگلش اسپنر شعیب بشیر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    شعیب بشیر نے یشسوی جیسوال، شبھمن گل، رجت پتیدار اور آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کی وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل انگلش ٹیم نے پہلی اننگ میں جو روٹ 122 رنز کی شاندار اننگ کی بدولت 353 رنز بنائے تھے، اولی رابنسن 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے، بین فوکیس 47 اور زیک کرولی 42 رنز بناسکے۔

    بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ آکاش دیپ نے تین اور محمد سراج نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

  • بھارت نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میں اپنی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی!

    بھارت نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میں اپنی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی!

    بھارت نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی سب سے بڑی فتح حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں 434 رنز سے شکست دے دی۔

    تفصیلا کے مطابق راجکوٹ ٹیسٹ میں چوتھے دن ہی انگلینڈ کی بیٹنگ لائن اپ بھارتی اسپنرز کے سامنے مٹی کا ڈھیر ثابت ہوئی اور 557 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم صرف 122 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ 434 رنز سے کامیابی رنز کے اعتبار سے ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کی سب سے بڑی فتح ہے۔

    انگلش ٹیم کے 6 کھلاڑی دوسری اننگز کے دوران دہرے ہندسے میں بھی نہ جاسکے۔ فاسٹ بولر مارک ووڈ 33 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ اس کے علاوہ بین فوکس اور ٹام ہارٹلے نے 16، 16 رنز بنائے۔ کپتان بین اسٹوکس صرف 15 رنز پر ہمت ہار بیٹھے۔

    بھارت کی جانب سے آل راؤنڈر رویندر جڈیجا نے 41 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کلدیپ یادیو 2، روی چندرن ایشون اور جسپریت بمراہ ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

    تیسرے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 445 رنز بنائے تھے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 319 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جبکہ دوسری اننگز میں بھارتی 4 وکٹوں پر 430 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔

    نوجوان بیٹر یشسوی جیسوال نے اس سیریز میں اپنے کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری اسکور کی انھوں نے 214 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سرفراز خان بھی 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    میچ میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں لینے اور پہلی اننگز میں ذمہ دارانہ سنچری بنانے والے آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بھارت کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

  • سرفراز خان کے رن آؤٹ ہونے پر روہت شرما غصے میں آگئے، ویڈیو وائرل

    سرفراز خان کے رن آؤٹ ہونے پر روہت شرما غصے میں آگئے، ویڈیو وائرل

    راجکوٹ: انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے مڈل آرڈر بیٹر سرفراز خان کے رن آؤٹ ہونے پر روہت شرما غصے میں آگئے۔

    انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر بھارت نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنالیے ہیں، رویندرا جڈیجا 110 اور کلدیپ یادیو ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

    کپتان روہت شرما نے شاندار 131 رنز کی اننگز کھیلی، شبھمن گل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، یشسوی جیسوال 10 اور رجت پتیدار 5 رنز بناسکے۔

    ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے مڈل آرڈر بیٹر سرفراز خان کو 62 رنز پر مارک ووڈ نے رن آؤٹ کیا۔

    انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر مارک ووڈ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹام ہارٹلے ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    تاہم جب جڈیجا اور سرفراز بیٹنگ کررہے تھے جڈیجا نے رن لینے کے لیے کال کی اور انہیں بعد میں احساس ہوا کہ یہ مشکل رن ہے بعد میں انہوں نے ’نہیں‘ کہا لیکن جب تک بہت دیر ہوگئی تھی۔

    سرفراز خان کریز پر پہنچنے کے لیے واپس پلٹے لیکن مارک ووڈ نے انہیں رن آؤٹ کردیا۔

    سرفراز خان کے یوں رن آؤٹ ہونے پر پویلین میں موجود کپتان روہت شرما غصے میں آگئے اور انہوں نے اپنی کیپ اتار کر زمین پر پھینک دی۔

  • روہت شرما کو عام سے نیٹ بولر نے دو گیندوں پر دو بار آؤٹ کردیا!

    روہت شرما کو عام سے نیٹ بولر نے دو گیندوں پر دو بار آؤٹ کردیا!

    بھارتی کپتان کے لیے ایک عام سا بولر ڈراؤنا خواب بن گیا، نیٹ بولر نے روہت شرما کو دو گیندوں پر دو بار آؤٹ کیا۔

    تجربہ کار بلے باز روہت شرما کے لیے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز کے بعد نیٹ میں بھی مشکلات کم نہیں ہوئیں۔ انھیں راجکوٹ میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل نیٹ میں بولنگ کرنے والے بولر نے کافی ٹف ٹائم دیا۔

    بھارتی اخبار کے مطابق ملک کے بہترین بیٹرز میں سے ایک روہت مسلسل دو گیندوں پر نیٹ باؤلر کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ پہلی گیند نے ان کی مڈل اسٹمپ کو اکھاڑ دیا جبکہ اگلی گیند ایک آؤٹ سوئنگر تھی جو بلے کا کنارہ لیتی ہوئی سلپ کی پوزیشن میں گئی۔

    شائقین پرامید ہیں کہ کپتان تیسرے ٹیسٹ میں فارم میں واپس آجائیں گے کیونکہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ہوم سائیڈ اس اہم مقابلے نسبتاً ناتجربہ کار بیٹنگ لائن اپ کو میدان میں اتارے گی۔

    بھارت نے تجربہ کار اجنکیا رہانے اور چیتشور پجارا کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ لیجنڈ ویرات کوہلی نے ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر سیریز سے دستبرداری اختیار کی ہے۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف اب تک کی چار اننگز میں روہت نے 22.50 کی اوسط سے صرف 90 رنز بنائے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں بھی وہ ناکام رہے تھے جہاں انھوں نے 20.33 کی اوسط سے چار اننگز میں محض 61 رنز اسکور کیے۔

  • انگلینڈ یقینی طور پر بھارت کو پھر شکست دے سکتا ہے، ایلسٹر کک کا دعویٰ

    انگلینڈ یقینی طور پر بھارت کو پھر شکست دے سکتا ہے، ایلسٹر کک کا دعویٰ

    سابق کپتان انگلش کرکٹ ٹیم ایلسٹر کک سمجھتے ہیں کہ مہمان ٹیم بھارت کو یقینی طور پر ایک بار پھر شکست سے دوچار کرسکتی ہے۔

    بھارت اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا نتیجہ آنے کے بعد ایلسٹر کک کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے بعد میزبان سائیڈ کو ’راحت‘ ملی ہو گی، ان کا ماننا ہے کہ مہمان ٹیم نے روہت شرما الیون کو دباؤ میں لے لیا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ اس جیت سے بھارت کو کسی بھی چیز سے زیادہ راحت ملی ہو گی۔ پہلے ٹیسٹ کے بعد وہ کافی دباؤ میں تھے۔ بھارت کو یقینی طور پر ایک بار پھر سے شکست دی جاسکتی ہے۔

    سابق انگلش کپتان نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کسی پلیئر کی سنچری کےبغیر قریب پہنچ گیا تھا۔ اس نتیجے سے انھیں مایوسی ہوئی ہوگی۔

    واضح رہے کہ ایلسٹر کک بھارت میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والے آخری انگلش کپتان تھے۔ ان کی ٹیم نے 2012 میں ایم ایس دھونی کی کپتانی میں کھیلنے والی بھارتی ٹیم کو 1-2 سے شکست دی تھی۔

    خیال رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں میزبان بھارت نے انگلینڈ کو 106 رنز کے مارجن سے شکست دی تھی۔ مہمان سائیڈ چوتھی اننگز میں 399 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چوتھے دن 292 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

    اس سے قبل سیریز کے پہلے مقابلے میں انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہر کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو چت کیا تھا جس میں انگلش اسپنرز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس وقت پانچ میچز کی ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہے۔