Tag: بھارت بمقابلہ انگلینڈ

  • بھارت کی ورلڈکپ میں مسلسل چھٹی فتح، دفاعی چیمپئن انگلینڈ پھر ہزیمت سے دوچار

    بھارت کی ورلڈکپ میں مسلسل چھٹی فتح، دفاعی چیمپئن انگلینڈ پھر ہزیمت سے دوچار

    بھارت نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے مسلسل چھٹی فتح حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی کپ میں اب تک بھارتی ٹیم کا ستارہ عروج پر ہے، میزبان سائیڈ نے 229 رنز کے کم ہدف کا دفاع بھی کامیابی سے کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو 100 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 129 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

    بھارتی پیسر محمد شامی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جسرپریت بمراہ 32 رنز دے کر 3 جبکہ کلدیپ یادیو 24 رنز دے کر 2 بیٹرز کو چلتا کرنے میں کامیاب رہے۔

    دفاعی چیمپئن انگلینڈ کا کوئی بھی بیٹر بھارتی بولنگ کے سامنے مزاحمت کرنے میں ناکام رہا۔ انگلش سائیڈ کی پہلی وکٹ 30 رنز کے اسکور پر گری جس کے بعد وکٹوں کی جھڑی لگ گئی اور بیٹرز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے۔

    لیام لیونگ اسٹون نے مڈل آرڈر میں 27 رنز بنا کر کچھ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ ڈیوڈ میلان 16 رنز بناکر پویلین لوٹے، ڈیوٹ ویلی 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارتی کپتان روہت شرما کو عمدہ بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    اس سے قبل انگلش بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو 229 رنز تک محدود کردیا تھا، آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 29 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے ناقابل شکست ٹیم بھارت کو 230 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    کپتان روہت شرما 87 رنز بنا کر نمایا رہے جبکہ مڈل آرڈربیٹر سوریا کمار یادیو 49 اور کے ایل راہول 39 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ ویرات کوہلی کو صفر کی خفت سے دوچار ہونا پڑا۔

    انگلینڈ کی جانب سے ڈیوٹ ویلی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 45 رنز دے کر 3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ کرس ووئیکس اور عادل رشید بھی کفایت بولنگ کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

    اس سے قبل لکھنو کے اٹل بہاری باجپائی اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کے 29 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے میزبان انڈیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

    انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ٹورنامنٹ میں اچھا نہیں کھیل سکے ہیں تاہم آج ٹاپ ٹیم کے خلاف اچھا پرفارم کرنا اور اپنا بہترین کھیل دکھانا چاہتے ہیں۔

    بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں ٹاس سے اتنا فرق نہیں پڑتا اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں یہ بھارت کی مسلسل چھٹی فتح ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم مسلسل چوتھا میچ ہاری ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت چھ میچ جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ انگلینڈ اس شکست کے بعد آٹھویں پوزیشن پر آگیا ہے۔

  • ورلڈ کپ 2019، بھارت کی انگلینڈ سے شکست پر سوالات اٹھ گئے

    ورلڈ کپ 2019، بھارت کی انگلینڈ سے شکست پر سوالات اٹھ گئے

    برمنگھم: بھارت کی انگلینڈ سے شکست پر سوال اٹھ گئے، سابق انگلش کرکٹر ناصر حسین اور سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی بھارتی ٹیم کے کھیل پر حیران رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی ٹیم کی انگلینڈ کے ہاتھوں 31 رنز پر شکست نے بھارتی میڈیا اور سابق کھلاڑیوں کو حیران کردیا، بھارت کو 24 گیندوں پر 62 رنز درکار تھے، میچ وننگ بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی ہر بال پر ٹک ٹک کرتے رہے۔

    گنگولی نے بھارت کی ہار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ زرد نیلی وردی میں بھارتی ٹیم جیتنے میدان میں اتری یا ہارنے کے لیے۔

    بھارت کا مضبوط بولنگ اٹیک پر انگلش بلے بازوں کے سامنے بے بس رہا، کلیئر آؤٹ ہونے پر بھی ریویو نہیں لیا گیا، اس سے قبل میچ میں کوہلی ریویو لینے کے باوجود آؤٹ نہ ہونے پر امپائر سے بحث کرتے نظر آئے تھے۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2019، انگلینڈ نے بھارت کو باآسانی 31 رنز سے شکست دے دی

    تجزیہ کاروں کے مطابق کوہلی اور روہت شرما کے بعد ایک ایسے بلے باز کو بھیجا گیا جو پہلا میچ کھیل رہا تھا، رشبھ پنٹ سے نہ چوکے چھکے لگ رہے تھے نہ سنگل لیے جارہے تھے ، بھارت نے پوری اننگز میں صرف ایک چھکا لگایا۔

    دوسری جانب شعیب اختر کے بعد سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم وقار یونس نے بھارتی ٹیم کو کھری کھری سنادیں۔

    وقار یونس نے کہا کہ پاکستان سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرتا ہے یا نہیں مجھے اس کی فکر نہیں ہے، میں اس بات پر پریشان ہوں کہ کہ کچھ چیمپئنز کی اسپورٹس مین شپ کا امتحان ہوا اور وہ اس میں بری طرح ناکام رہا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ٹیم کی جیت سے پاکستان کی سیمی فائنل کھیلنے کی راہ ہموار ہوجاتی لیکن بھارتی ٹیم انگلش ٹیم کے ہاتھوں 31 رنز سے شکست کھا گئی تھی۔

  • کارڈف: دوسرا ون ڈے، بھارت نے انگلینڈ کو 133 رنز سے شکست

    کارڈف: دوسرا ون ڈے، بھارت نے انگلینڈ کو 133 رنز سے شکست

    کارڈف :بھارت نے سریش رائنا کی سنچری اور بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں ڈی ایل میتھڈ کے تحت ایک سو تینتس رنز سے شکست دے دی، بھارت کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

    کارڈف میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے سریش رائنا کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں تین سو چار رنز بنائے۔ رائنا ایک سو ،روہت شرما اور دھونی باون باون رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    بارش کے مداخلت کے باعث انگلینڈ کو سینتالیس اوورز میں دو سو پچانوے رنز کا ہدف ملا، جدیجا اور ایشون نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم کو ایک سو اکسٹھ رنز پر پویلین بھیج کر سیریز میں پہلی کامیابی سمیٹی۔

    جدیجا نے چار اور ایشون نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تیسرا ون ڈے تیس اگست کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

  • اوول ٹیسٹ: بھارتی ٹیم پہلی اننگزمیں صرف ایک سو اڑتالیس رنز بنا سکی

    اوول ٹیسٹ: بھارتی ٹیم پہلی اننگزمیں صرف ایک سو اڑتالیس رنز بنا سکی

    اوول ٹیسٹ کا ابتدائی روز اانگلش ٹیم کے نام رہا۔ بھارتی ٹیم پہلی اننگزمیں صرف ایک سو اڑتالیس رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ آج باسٹھ رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز دوبارہ شروع کرے گرے گا۔اوول میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس انگلینڈ نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

    بھارتی ٹیم کھیل کے ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی۔ مہمان ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ کپتان دھونی کے علاوہ کوئی بیٹسمین بھی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا۔

    بھارت کے سات کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں صرف ایک سو اڑتالیس رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں انگلینڈ نے پہلے روز کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے باسٹھ رنزبنالئے ہیں۔

  • بھارت بمقابلہ انگلینڈ، پانچواں اور آخری ٹیسٹ کل سے اوول میں ہوگا

    بھارت بمقابلہ انگلینڈ، پانچواں اور آخری ٹیسٹ کل سے اوول میں ہوگا

    اوول : بھارت اور انگلینڈ کے درمین پانچ میچز کی سیریز کا آخر ٹیسٹ میچ کل سے اوول میں کھیلا جائے گا، بھارت کو سیریز برابر کرنے کے لئے میچ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔

    انگلینڈ کو پانچ میچز کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے۔ میزبان ٹیم پانچواں میچ ڈرا کھیل کربھی سیریزمیں کامیابی حاصل کرسکتی ہے جبکہ بھارت کو سیریز برابر کرنے کے لئے لازمی فتح درکار ہے۔

    انگلینڈ میں بھارتی ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو اننگز اور چون رنز کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آخری ٹیسٹ کے لئے بھارتی ٹیم میں چند تبدیلیاں متوقع ہیں۔

    انگلش بیٹسمین جوئے روٹ کا کہنا ہے کہ میزبان ٹیم نے آخری دو ٹیسٹ میچز جیت کر بھارت کو دباؤ میں لے لیا ہے، اس لئے آخری ٹیسٹ بھی کامیابی انگلینڈ کے ہی قدم چومے گی۔