Tag: بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ

  • بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی، نیوزی لینڈ ٹرافی سے پھر محروم

    بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی، نیوزی لینڈ ٹرافی سے پھر محروم

    بھارت نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ریکارڈ تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی جب کہ فیورٹ نیوزی لینڈ آئی سی سی کے میگا ایونٹس کے فائنل میں پہنچ کر ایک بار پھر ٹرافی پر قبضہ جمانے میں ناکام رہا۔

    بھارت ایک بار پھر چیمپئنز کا چیمپئن بن گیا۔ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے بعد بھارت چیمپئنز ٹرافی بھی جیت گیا۔ بھارتی ٹیم تین چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

    دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے 252 رنز کے جواب میں کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے سنچری اسٹینڈ فراہم کر کے مضبوط بنیاد رکھی۔

    روہت شرما نے کپتانی باری کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے اور ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

    رنز کی مشین ویرات کوہلی فائنل میں ناکام رہے اور صرف 1 اسکور بنا کر چلتے بنے۔ مڈل آرڈر میں سریش ایئر اور اکشرپٹیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف رنز کی رفتار بڑھائی بلکہ اچھی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کو دباؤ سے بھی نکالا۔

    ایئر نے 48 اور پٹیل نے 29 رنز بنائے جس کے بعد کےایل راہول نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ وہ 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    نیوزی لینڈ‌کی جانب سے کپتان سینٹنر اور بریسویل نے2، 2 جب کہ رویندرا اور جیسمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی. ٹاپ اسکورر روہت شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا.

    اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان مچیل سینٹنر نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کے خلاف کیوی ٹیم کی پہلی وکٹ 57 رنز پر گری، وِل ینگ کو وروُن چکرورتھی نے آؤٹ کیا، جب کہ 69 رنز پر اوپنر رچن رویندرا اسپنر کلدیپ یادیو کا شکار بنے، ولمسن 11 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

    کیوی ٹیم کو چوتھا نقصان ٹام لیتھم کی صورت میں اٹھانا پڑا، ٹم 14 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

    نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے 251 رنز بنائے جس میں بریسویل کی ذمہ دارانہ نصف سنچری بھی شامل ہے۔ تجربہ کار ڈیرل مچل نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے۔

    ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے بتایا کہ بولر میٹ ہینری انجری کے باعث فائنل نہیں کھیل رہے، انہوں نے کہا کہ توقعات کے مطابق بھارتی شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے۔

    کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، پچ ویسی ہی ہے جیسے بھارت کے خلاف پچھلےمیچ کی تھی۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے، دوسری بیٹنگ سے فرق نہیں پڑتا۔

  • چیمپئنزٹرافی: ‘جو ٹیم ٹاس جیتے گی وہ 60 فیصد فائنل بھی جیت جائے گی’

    چیمپئنزٹرافی: ‘جو ٹیم ٹاس جیتے گی وہ 60 فیصد فائنل بھی جیت جائے گی’

    کامران اکمل نے کہا کہ فائنل میں ٹاس جیتنا بڑا اہم ہے، میرے خیال سے جو بھی ٹاس جیتے گا وہ 60 فیصد میچ بھی جیت جائے گا۔

    اے آر وائی کے پروگرام ہرلمحہ پرجوش میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے چیمپئنزٹرافی فائنل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں تیاری کے ساتھ آئی ہیں، نیوز لینڈ نے رائونڈ میچ میں غلطی کی وہ اسے دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔

    کامران اکمل نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے تمام کھلاڑی اس وقت فارم میں ہیں، بھارتی ٹیم کی ٹورنامنٹ کےلیے اچھی تیاری ہے، بھارتی ٹیم کا ہرکھلاڑی اپنا کردار ادا کرنے کو تیار رہتا ہے۔

    سابق وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ اسپنرز کو وکٹیں دینے سے بچیں گے تو پریشر کم ہوگا، نیوزی لینڈ کے بیٹرز کو بھارتی اسپنرز کو سنبھل کرکھیلنا ہوگا۔

    باسط علی نے کہا کہ دبئی میں بھارتی ٹیم کا گزشتہ ریکارڈ بہت اچھا ہے، بھارت دبئی میں گزشتہ میچ جیتا ہےفائنل بھی جیت سکتا ہے، بھارت اور نیوزی لینڈ کے میچ میں اوپنرز کا اچھا کھیلنا ضروری ہوگا، اوپنر جس ٹیم کو اچھا اسٹارٹ دیں گے اس کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔

  • چیمپئنز ٹرافی 2025: بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

    چیمپئنز ٹرافی 2025: بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

    چیمپئنز ٹرافی کے گروپ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے دی۔

    دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے 250 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 205 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ تجربہ کار کین ولیمسن کی 81 رنز کی مزاحمتی اننگز بھی رائیگاں گئی۔

    کپتان مچل سینٹنر 28 اور ول ینگ 22 رنز بنا سکے۔

    بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے اپنی گھومتی گیندوں سے بلے بازوں کو چکرا دیا۔ انہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ کلدیپ یادیو نے 2، پانڈیا، اکشرپٹیل اور جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    بھارتی ٹیم پہلے سیمی فائنل میں منگل کو آسٹریلیا سے ٹکرائے گی۔

    نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت کی جس نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے، شریاس ائیر 79، پانڈیا 45 اور اکشر پٹیل 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    میٹ ہنری نے 42 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمی سن، رویندرا، سینٹنر اور اورورک نے ایک ایک وکٹ لی۔

    ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، ٹیم میں کونوے کی جگہ ڈیرل مچل کھیل رہے ہیں، وکٹ کافی اچھی لگ رہی ہے بھارت کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

    دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرتے، بھارتی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے ہرشیت رانا کی جگہ وارن چکرورتی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    نیوزی لینڈ اور بھارتی ٹیم کا یہ میچ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس کے نتیجے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی پوزیشن واضح ہو جائے گی، اس میچ کے بعد پتہ چلے گا کہ کون سی ٹیم سیمی فائنل میں کس سے مقابلہ کرے گی۔

    آج کا میچ جیتنے والی ٹیم سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مدمقابل ہوگی جبکہ آج کا میچ ہارنے والی ٹیم سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے کھیلے گی۔

    ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل ٹیم کا فیصلہ ہوگیا ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی سیمی فائنل میں میں بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا پہنچ چکی ہیں۔

  • بھارت آج تک آئی سی سی ناک آؤٹ میچز میں نیوزی لینڈ کو شکست نہیں دے پایا!

    بھارت آج تک آئی سی سی ناک آؤٹ میچز میں نیوزی لینڈ کو شکست نہیں دے پایا!

    آئی سی سی ورلڈکپ کی تاریخ میں بھارتی ٹیم آج تک نیوزی لینڈ کو شکست نہیں دے پائی، ہر بار کیویز کے ہاتھوں انڈیا کو ہزیمت ہی اٹھانا پڑی ہے۔

    شوپیش ایونٹ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا سیمی فائنل کھیلا جائے گا جو کہ 15 نومبر کو ممبئی میں شیڈول ہے۔ ماضی کو دیکھتے ہوئے ایونٹ میں پہلی بار میزبان بھارت کو دبائو کا سامنا کرنا ہوگا۔

    تاہم اس وقت بھارتی پلیئرز بھرپور فارم میں اور کافی پُراعتماد ہیں کہ وہ ہوم کراؤڈ کے سامنے اس بار نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    ورلڈکپ سیمی فائنل سے قبل بھارت اور نیوزی لینڈ شوپیس ایونٹ میں مجموعی طور پر 10 بار آمنے سامنے آچکے ہیں، پانچ مواقعوں پر کیویز اور 4 بار بھارت نے کامیابی حاصل کی ہے۔

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں 3 بار دونوں ممالک مدمقابل آئے اور تینوں بار نیوزی لینڈ کامیاب رہا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 1998 میں ایک بار مقابلہ ہوا اس میں بھی بھارت ہارگیا۔

    دونوں ممالک آئی سی سی ایونٹس میں 19 بار آمنے سامنے آئے جس میں بھارت کے حصے میں 5 فتوحات آئیں جبکہ 12 میں ناکامی اس کے ہاتھ آئی، 2 میچز بے نتیجہ رہے۔

    آئی سی سی ایونٹس کے ناک آئوٹ مراحل میں بھارت اور نیوزی لینڈ 3 بار مقابل آئے اور تینوں بار بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔ آخری بار آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو مات دی تھی۔

  • مچل کی شاندار سنچری، نیوزی لینڈ کا بھارت کو جیت کے لیے 274 رنز کا ہدف

    مچل کی شاندار سنچری، نیوزی لینڈ کا بھارت کو جیت کے لیے 274 رنز کا ہدف

    دھرم شالا: نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 274 رنز کا ہدف دے دیا، آخری بال پر کیوی ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے اکیسویں میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو کھیلنے کی دعوت دی۔ کیوی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور 19 رنز پر اس کے دونوں اوپنر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ چکے تھے۔

    ایسے میں راشن رویندرا اور ڈیرل مچل نے عمدگی سے کھیلتے ہوئے اسکور 159 رنز کی شراکت قائم کی۔ راشن 75 رنز بنا کر محمد شامی کی وکٹ بنے۔

    اس کے بعد تھوڑے تھوڑے وقفے سے نیوزی لینڈ کی وکٹیں گرتی رہیں تاہم ڈیرل مچل ایک اینڈ پر ڈٹے رہے، وہ 130 رنز کی شاندار اننگزکھیل کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔ گیلن فلپس نے 23 رنز کی باری کھیلی۔

    نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 273رنز بنا کر آخری بال پر آل آؤٹ ہوگئی۔ میزبان بھارت کی جانب سے محمد شامی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 54 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ یادیو نے 73 رنز کے عوض2 شکار کیے۔

  • بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا

    بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا

    مانچسٹر: بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں جب بارش شروع ہوئی تو نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے، کل میچ اسی اسکور سے دوبارہ شروع کیا جائے گا، اگر کل بھی بارش کے باعث میچ نہ ہوسکا تو بھارت زیادہ پوائنٹس ہونے کے سبب فائنل میں پہنچ جائے گا۔

    نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے آگے شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی، صرف ایک رن بنا کر اوپنر مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے، نکولس 28 رنز بنا کر جڈیجا کا نشانہ بنے۔

    کپتان کین ولیم سن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی انہیں اسپنر چاہل نے آؤٹ کیا، جمی نیشم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔

    راس ٹیلر 67 اور ٹام لیتھم 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    بھارت کے بھونیشور کمار، جسپریت بمرا، ہردیک پانڈیا، چاہل اور رویندر جڈیجا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل آج سابق ورلڈ چیمپئن بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

     آئی سی سی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل مانچسٹر کے ٹرائی فورڈ اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ بھارتی ٹیم مسلسل تیسری بار عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ نیوزی لینڈ بھی لگاتار دوسرا سیمی فائنل کھیل رہا ہے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے کوششش کریں گے اچھا کھیلیں۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، امید ہے پچ ایسی ہی رہے گی۔ اپنی صلاحیتوں کو بیک کر کے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ مانچسٹر میں پہلے 2 اچھے میچز کھیل چکے ہیں۔

    ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوجانے کے بعد اب دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ میں شامل 4 ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔

    ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور میزبان ٹیم انگلینڈ کے درمیان 11 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں 14 جولائی کو فائنل کھیلیں گی۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یزویندر چاہل اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔