Tag: بھارت ٹرین حادثہ

  • ٹرین حادثہ: والدین کا عارضی مردہ خانہ بنائے گئے اسکول میں بچوں کو بھیجنے سے انکار، لیکن کیوں؟

    ٹرین حادثہ: والدین کا عارضی مردہ خانہ بنائے گئے اسکول میں بچوں کو بھیجنے سے انکار، لیکن کیوں؟

    اوڈیشہ: گزشتہ ہفتہ اوڈیشہ کے بالاسور میں ٹرپل ٹرین کے خوفناک حادثے میں ہلاک ہونے والے لاشوں کو اسکول میں رکھا گیا تاہم اب والدین سمیت بچوں نے اسکول جانے سے انکار کردیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اوڈیشہ میں گزشتہ ہفتے ایک خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 288 مسافر ہلاک ہوگئے تھے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے تھے تاہم ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو قریبی ایک پرانی عمارت کی اسکول میں رکھا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن چلایا گیا تھا، ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا، اسپتال میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے اسکول کو عارضی ’مردہ خانہ‘ بنایا گیا تھا۔

    2 جون کو ہوئے حادثے کے بعد لاشوں کو سب سے پہلے 65 سال قدیم اس اسکول کی بلڈنگ میں رکھا گیا تھا، پھر بعد میں دوسرے اسپتال منتقل کرنے کے بعد اسکول احاطہ کو صاف کر دیا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اب اسکول میں پڑھنے والے بچوں اور ان کے والدین خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں، نہ ہی بچے اسکول پڑھنے کے لیے جانا چاہتے ہیں اور نہ ہی ان کے والدین انھیں بھیجنے کے لیے تیار ہیں، متعدد والدین نے اپنے بچوں کا اسکول سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    متعلقہ خبریں:

    بھارت ٹرین حادثہ: 100 سے زائد لاشوں کی شناخت نہ ہوسکی

    اڑیسہ میں بدترین ٹرین حادثے کے بعد لاشوں کی بے حرمتی کے مناظر نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارت ٹرین حادثہ: مسافر نے آنکھوں دیکھا خوفناک حال بتادیا

    طلبا کا کہنا ہے کہ ہمارے  لیے یہ بھولنا مشکل ہے کہ اسکول کی عمارت میں اتنی ساری لاشیں رکھی ہوئی تھی، ہائی اسکول کی پرنسپل پرمیلا نے اس سلسلے میں کہا کہ طالب علم ڈرے ہوئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق پرنسپل نے کہا کہ  اسکول مینجمنٹ نے اسکول احاطہ میں روحانی پروگرام منعقد کرنے اور کچھ پوجا کا بھی منصوبہ بنایا ہے تاکہ بچوں اور ان کے والدین کو ڈر پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ کچھ والدین اسکول کی بلڈنگ گرا کر نئی بلڈنگ تعمیر کرنے کا مشورہ بھی دے رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ پرانی عمارت کو گرا کر اس کی نئی سرے سے تعمیر کی جائے تاکہ بچوں کو کلاسز میں جانے کے بعد کوئی ڈر یا خوف نہ ہو۔

     ضلع کلکٹر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انہوں نے ایس ایم سی سے ڈھانچہ گرانے کے ان کے مطالبہ کے بارے میں ایک تجویز پاس کرنے اور اسے حکومت کو بھیجنے کو کہا ہے۔

  • بھارت ٹرین حادثہ: 100 سے زائد لاشوں کی شناخت نہ ہوسکی

    بھارت ٹرین حادثہ: 100 سے زائد لاشوں کی شناخت نہ ہوسکی

    بھارت میں گزشتہ ہفتے ہونے والے ہولناک ٹرین حادثے میں سینکڑوں اموات ہوئیں المناک صورت حال یہ ہے کہ لاشوں کی شناخت میں دشواری کا سامنا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اوڈیشہ کے بالاسور میں ٹرپل ٹرین حادثے کے بعد ایک سو ایک لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، ان لاشوں کو بھونیشور کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔

    مشرقی وسطی ریلوے کے ڈویژنل ریلوے منیجر رنکیش رائے نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں 1100 لوگ زخمی ہوئے جس میں تقریباً 900 افراد کو علاج کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ 200 لوگ اب بھی اڈیشہ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 275 افراد کی موت واقع ہوئی جن میں سے 101 لاشوں کی شناخت میں مشکلات درپیش ہیں۔

    بھونیشور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر وجے امرت کولانگے نے میڈیا کو بتایا کہ بھونیشور میں رکھی گئی کل 193 لاشوں میں سے 80 لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ 55 میتوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے یہ دلخراش حادثہ اس وقت پیش آیا جب شالیمارـ چنئی کورومنڈل ایکسپریس گڈز ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ اس کے بعد یسونت پور سے ہاوڑہ جانے والی ہاوڑہ ایکسپریس تیز رفتاری سے متاثرہ کوچوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں مزید بوگیاں پٹری سے اترگئیں اور جانی نقصان ہوا۔

  • بھارت ٹرین حادثہ: مسافر نے آنکھوں دیکھا خوفناک حال بتادیا

    بھارت ٹرین حادثہ: مسافر نے آنکھوں دیکھا خوفناک حال بتادیا

    اڑیسہ: بھارت میں‌ مسافر ٹرینوں کے تصادم میں مرنے والوں کی تعداد 288 ہو گئی، حادثے میں 900 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    بھارت میں اس ریل حادثے کو گزشتہ ایک عشرے سے زائد عرصے میں بھارت کا سب سے مہلک حادثہ قرار دیا گیا ہے، یہ حادثہ ضلع بالاسور کے بہناگا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرین کی مدد کے لیے امدادی کام جاری ہے تاہم ایک مسافر نے اس خوفناک حادثے کا آنکھوں دیکھا حال بیان کیا ہے۔

    بھارت میں‌ 2 مسافر ٹرینوں میں تصادم، مرنے والوں‌ کی تعداد 288 ہو گئی

    مسافر کا کہنا تھا کہ ’ حادثے کے وقت میں سورہا تھا، جیسے ہی ٹرین پلٹی میری آنکھ کھل گئی جب میں نے دیکھا تو میرے اوپر 10 سے 15 لوگ پڑے تھے‘۔

    مسافر نے بتایا کہ میں ان تمام لوگوں کے نیچے دب گیا تھا، میرے ہاتھوں پر چوٹ آئی تھی لیکن میں کسی نہ کسی طرح باہر نکل آیا۔

    مسافر کا کہنا تھا کہ ’ جب میں باہر آیا تو میں نے دیکھا کچھ کے ہاتھ اور کچھ کے پیر کٹے ہوئے تھے، یہ ایک بہت خوفناک منظر تھا۔