Tag: بھارت کا جنگی جنون

  • لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارتی طیارے بھاگ گئے

    لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارتی طیارے بھاگ گئے

    راولپنڈی: بھارتی ایئرفورس کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی ایئرفورس نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جبکہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی طیارے بھاگ نکلے۔

    میجرجنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور بھارتی طیارے اپنا پےلوڈ بالاکوٹ کے قریب گرا کرفرار ہوگئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی دراندازی کے واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تاہم پاک فضائیہ کی بروقت اور موثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

    میجرجنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیارے مظفر آباد سیکٹر میں 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پےلوڈ کھلےعلاقے میں گرایا۔

    ترجمان پاک فوج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی طیاروں کی جانب سے گرائے گئے پےلوڈ کی تصاویر بھی جاری کردیں۔

    بھارت نے جارحیت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا: عسکری قیادت

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان کے ہمراہ ایئرہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا تھا۔

    آرمی چیف اور پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں‌ ملک کو درپیش خطرات اور جوابی حکمت عملی پربھی تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔

    مسلح افواج کے سربراہان نے پیشہ ورانہ تیاریوں، باہمی روابط اور مطابقت پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلح افواج بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

    ہمارا پیغام واضح ہے، بری نظر سے دیکھنےکا سوچو بھی نہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر

    واضح رہے کہ چار روز قبل ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا جنگ ہوئی تو فوجی ردعمل بھی مختلف ہوگا، قوم کو مایوس نہیں کریں گے ، بھارت پاک فوج کوکوئی بھی سرپرائزنہیں دے سکتا ہم تیار ہیں، مادر وطن کا دفاع اپنے خون سے کریں گے۔

  • بھارت کا جنگی جنون، اسرائیل سے جدید ڈرون کی خریداری

    بھارت کا جنگی جنون، اسرائیل سے جدید ڈرون کی خریداری

    نئی دہلی: بھارت کا جنگی جنون بڑھتا جارہا ہے، اسرائیل سے جدید ڈرون خریدنے کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہا کرنے والے ملک بھارت کے سر سے جنگی جنون کا بھوت اتر نہ سکا۔

    بھارتی میٖڈیا کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے 54 ہاروپ ڈرونز اسرائیل سے خریدنے کی منظوری دے دی، بھارت اسرائیل سے ایک سو دس ڈرونز خریدے گا۔

    وزرات وفاع کا کہنا ہے کہ ڈرونز کسی بھی ہدف سے ٹکرا کر اسے تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بھارت کی مزید دو قسم کے ڈرونز خریدنے کے لیے بھی بات چیت جاری ہے۔

    کیمرے سے لیس سے یہ اٹیک ڈرونز دشمن کی تنصیبات پر گر کر اسے تباہ کرسکتی ہیں اور بڑی تباہی پھیلا سکتے ہیں، بھارتی حکام کے مطابق وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کریں گے۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھارتی وزیر خزانہ پیوش گوئل نے کہا تھا کہ پہلی بار دفاعی بجٹ کا حجم اکتیس سو ارب بھارتی روپے ہوگیا ہے، بجٹ دفاعی ضروریات پوری کرنے میں ناکام رہا تو مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

    بھارت کا جنگی جنون عروج پر، دفاعی بجٹ میں ایک بار پھر اضافہ کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی بھارت کی جانب سے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا گیا تھا جس پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔

    بھارت اس وقت بیرونی ممالک سے جنگی ساز و سامان خریدنے میں عالمی سطح پر اول نمبر پر ہے جبکہ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اسے کے دفاعی اخراجات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

  • بھارت کا جنگی جنون عروج پر، دفاعی بجٹ میں ایک بار پھر اضافہ کردیا

    بھارت کا جنگی جنون عروج پر، دفاعی بجٹ میں ایک بار پھر اضافہ کردیا

    نئی دہلی: بھارت کا جنگی جنون عروج پر پہنچ گیا، دفاعی بجٹ میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خزانہ نے رواں مالی سال کے لیے عبوری بجٹ کا اعلان کردیا جس کے مطابق دفاعی بجٹ میں ایک بار پھر اضافہ کرتے ہوئے اسے سات فیصد بڑھا دیا گیا ہے۔

    بھارتی وزیر خزانہ پیوش گوئل نے کہا کہ پہلی بار دفاعی بجٹ کا حجم اکتیس سو ارب بھارتی روپے ہوگیا ہے، بجٹ دفاعی ضروریات پوری کرنے میں ناکام رہا تو مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

    پیوش گوئل کے مطابق عبوری بجٹ میں سب سے زیادہ رقم بھارتی ایئرفورس کے لیے مختص کی گئی ہے، دفاعی بجٹ کا بڑا حصہ نئے جنگی جہازوں اور جدید اسلحہ کی خریداری پر صرف کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: بھارتی فوجی خودکشیوں اور بیماریوں کے باعث مرنے لگے

    بھارتی وزیر خزانہ کے مطابق بجٹ میں نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے جبکہ کسانوں کو مراعات دی جارہی ہیں۔

    دوسری جانب اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں غریبوں کے لیے کچھ نہیں ہے اور نہ ہی کسانوں کے لیے کوئی اقدامات کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی بھارت کی جانب سے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا گیا تھا جس پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ بھارت اس وقت بیرونی ممالک سے جنگی ساز و سامان خریدنے میں عالمی سطح پر اول نمبر پر ہے جبکہ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اسے کے دفاعی اخراجات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔