اسلام آباد: سینیٹر جاوید عباسی نے پڑوسی ملک بھارت کی شرپسندانہ کارروائی پر کہا ہے کہ یہ حملہ پاکستان پر ہوا ہے، ہم پاکستان کو اپنی ماں سمجھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ حملہ پاکستان پر ہوا ہے، پاکستان کے بیٹے اس کے لیے اپنی جان دے دیں گے۔
سینیٹر جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر بھارت کی جارحیت کے مقابلے پر آج ساری قوم یک جا ہے، اور ایک پیغام دے رہی ہے۔
انھوں نے یہ بات باور کرائی کہ قوم دشمن کے مقابلے میں متحد ہے، یہاں اب نہ کوئی اپوزیشن ہے نہ حکومت ہے۔
سینیٹر جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ ہر موقع پر ہم نے بھارت کو شکست دی ہے، قوم کا ہر فرد پاکستان کی افواج کے پیچھے کھڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی، پاکستان اس کا جواب دے گا: وزیر خارجہ
خیال رہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی ہے اور پاکستان اس جارحیت کا جواب دے گا۔
انھوں نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ میڈیا کو جگہ کا معائنہ کروایا جائے گا، ہیلی کاپٹرز تیار ہیں بس موسم تھوڑا بہتر ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ 2 بج کر 55 منٹ پر بھارتی طیارے داخل ہوئے تھے، 2 بج کر 58 منٹ پر بھارتی طیارے واپس جا چکے تھے۔ پاک فضائیہ کے خوف سے بھارتی طیارے پاکستان حدود سے نکل چکے تھے، ’بھارتی عزائم سے بخوبی واقف ہیں، جارحیت کی گئی تو بھرپور جواب دینے کا حق رکھتے ہیں‘۔