Tag: بھارت کی خبریں

  • مودی سرکار کی انتہا پسند پالیسیوں سے بھارتی معیشت بیٹھ گئی

    مودی سرکار کی انتہا پسند پالیسیوں سے بھارتی معیشت بیٹھ گئی

    نئی دہلی: انتہا پسند اور جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار کی حکومت میں بھارت کی معیشت بیٹھ گئی، مودی سرکار کی پالیسیوں سے بھارت تیزی سے ابھرتی معیشت کا اعزاز کھو بیٹھا اور شرح نمو کم ترین سطح پر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی معیشت کی شرح نمو 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی، جولائی تا ستمبر بھارتی معاشی شرح نمو ساڑھے 4 فیصد رہی۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال جولائی تا ستمبر بھارتی معیشت کی شرح نمو 7 فیصد تھی، رواں سال اپریل سے جون 2019 میں بھارت شرح نمو 5 فیصد تھی۔

    اسی طرح بھارت میں بے روزگاری کی شرح بھی 40 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی۔ آٹو سیکٹر میں بھی بے انتہا سست روی اور صارفین کی قوت خرید میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

    کچھ عرصہ قبل بھارتی ماہر معاشیات پروفیسر ارون کمار نے بی بی سی میں شائع اپنے ایک کالم میں لکھا کہ 15 ماہ قبل بھارت کی معیشت 8 فیصد کی رفتار سے ترقی کر رہی تھی جو اب نصف ہوچکی ہے۔

    ان کے مطابق بھارت میں چاروں طرف سے معاشی سست رفتاری کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ لدھیانہ میں سائیکلوں اور آگرہ میں جوتے جیسی صنعتوں سے وابستہ غیر منظم شعبے بڑی تعداد میں بند ہو چکے ہیں۔

    پروفیسر ارون کمار کے مطابق 3 برسوں میں بھارتی معیشت کو تین بڑے جھٹکے لگے ہیں جس کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ملک میں ملازمین کی تعداد 45 کروڑ تھی جو کم ہو کر 41 کروڑ رہ گئی ہے۔

  • بابری مسجد کیس: بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے بھارتی مسلمان غیر مطمئن

    بابری مسجد کیس: بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے بھارتی مسلمان غیر مطمئن

    حیدرآباد: مسلمانوں کی تاریخی عبادت گاہ بابری مسجد کیس پر بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھارتی مسلمانوں نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی مسلمان بابری مسجد کیس کے فیصلے پر غیر مطمئن ہیں، بھارتی مسلم رہنما اسدالدین اویسی نے کہا سپریم کورٹ سپریم ہے لیکن بے عیب نہیں، اس کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں۔

    بھارتی مسلم رہنما کا کہنا تھا کہ ہم اپنے حق کی لڑائی لڑ رہے تھے، ہمیں 5 ایکڑ زمین کی خیرات کی ضرورت نہیں، مسلمانوں کو 5 ایکڑ زمین کا فیصلہ مسترد کر دینا چاہیے۔

    ادھر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے بابری مسجد کیس کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد برائے فروخت نہیں، فیصلہ انصاف پر مبنی نہیں ہے، اس کے بدلے سو ایکڑ زمیں بھی دیں گے تو قبول نہیں۔

    تازہ ترین:   بابری مسجد کی جگہ مندر بنے گا، بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ

    وکلا نے کہا فیصلہ تاریخی حقائق کا غلط حساب کتاب ہے، مسجد کی تعمیر کو تو تسلیم کیا گیا لیکن زمین ہندوؤں کو دے دی گئی، فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دیں گے۔

    واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی متنازع زمین ہندوؤں کو دینے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے بھارتی حکومت کی زیر نگرانی بابری مسجد کی جگہ مندر بنے گا اور مسلمانوں کو ایودھیا میں متبادل جگہ دی جائے۔

    بھارتی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس رنجن گوگئی کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنا دیا، فیصلے میں سنی اور شیعہ وقف بورڈز کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔

  • سپریم کورٹ رام مندر کیس سنتی ہے، کشمیر کیس نہیں، بھارتی طالبہ نے مودی سرکار کو آئینہ دکھا دیا

    سپریم کورٹ رام مندر کیس سنتی ہے، کشمیر کیس نہیں، بھارتی طالبہ نے مودی سرکار کو آئینہ دکھا دیا

    نئی دہلی: مسلمانوں اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف بھارت میں مودی سرکار کے خلاف آوازیں اٹھنے لگیں، بھارتی طالبہ نے کشمیریوں کے ساتھ امتیازی سلوک پر مودی سرکار کو آئینہ دکھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی طالبہ نے مسلمانوں پر ہجوم کے تشدد اور مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی عدلیہ کے دہرے معیار پر انتہا پسند بھارتی میڈیا اور حکومت کو آئینہ دکھا دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق غصے سے بھری طالبہ نے مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا بھارت سیکولر ملک نہیں، مسلمانوں کو مارا جاتا ہے۔

    طالبہ نے عدلیہ کے دہرے معیار پر کہا کہ سپریم کورٹ رام مندر کیس تو سنتی ہے، لیکن کشمیر”کیس” نہیں، طالبہ نے سوال کیا کہ ہندوؤں پر ظلم ہوا تو کوئی رپورٹ دکھا دیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مودی سرکار عوام میں انتشار پھیلا رہی ہے، بھارتی صحافی کی تنقید

    یاد رہے رواں ماہ بھارتی صحافی رویش کمار نے بھی مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کے اندھے تعصب کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، صحافی نے کہا بھارت کی موجودہ حکومت عوام میں انتشار پھیلا رہی ہے، اور بھارتی میڈیا پڑوسی ملک میں بسنے والے لوگوں کو ہمیشہ سے ایک دشمن کے روپ میں دیکھنا سکھا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا معیار یہ ہے کہ رکن اسمبلی کے خلاف کچھ ہوگا تو میڈیا بالکل خاموش ہو جائے گا اس کے برعکس کسی مسلمان کی بکری کا بھی کیس ہوگا تو گھنٹوں گھنٹوں میڈیا پر اس کی بحث کی جائے گی۔

  • عمران خان بہترین وزیر اعظم ہیں: سابق را چیف کا اعتراف

    عمران خان بہترین وزیر اعظم ہیں: سابق را چیف کا اعتراف

    نئی دہلی: را کے سابق چیف نے بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی صلاحیتوں کا اعتراف کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق چیف اے ایس دولت نے ہندو سینٹر آف پالیٹکس کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ عمران خان بہترین وزیر اعظم ہیں۔

    اے ایس دولت نے کہا کہ فیصلہ سازی، خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کے اعتبار سے عمران خان بے مثال شخصیت ہیں۔

    سابق ریسرچ اینڈ اینالسز ونگ چیف نے اعتراف کیا کہ کشمیر دو طرفہ مسئلہ ہے، بھارت بھی مان چکا ہے، آگے بڑھنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، عمران خان ہی وہ شخصیت ہیں جن سے بات ہو سکتی ہے۔

    بدحواسی میں مودی نے کس طرح مسئلہ کشمیر کے دو طرفہ ہونے کا اعتراف کیا؟

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور پاکستان آرمی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں تعلقات مثالی ہیں، اس لیے وہ بہترین فیصلہ کر سکتے ہیں، یہ مثالی تعلقات ہمارے لیے بہتر ہیں۔

    اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ عمران خان فیصلے خود کرتے ہیں، سہاروں کے محتاج نہیں ہوتے، مودی سرکار عمران خان سے بات نہیں کر سکتی تو سدھو کو بھیج دے۔ یاد رہے کہ سابق کرکٹر سدھو نے کہا تھا کہ 73 سال کے بعد ایک فرشتہ عمران خان آیا ہے۔

    واضح رہے کہ اے ایس دولت اٹل بہاری واجپائی کے دور میں را کے سربراہ رہے تھے، بعد ازاں وہ کشمیر پر ان کے مشیر کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔

  • مودی کی مسلمان دشمنی، مسلم بادشاہ کے نام سے منسوب اسٹیڈیم کا نام تبدیل

    مودی کی مسلمان دشمنی، مسلم بادشاہ کے نام سے منسوب اسٹیڈیم کا نام تبدیل

    نئی دہلی: مودی سرکار کی مسلمان دشمنی کا ایک اور ثبوت سامنے آ گیا، نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مودی حکومت کی مسلمان دشمنی پر مبنی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، اب مسلمان بادشاہ فیروز شاہ تغلق کے نام سے بنے کھیل کے میدان کا نام تبدیل کیا جا رہا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کا نام بی جے پی رہنما ارون جیٹلی کے نام پر رکھا جائے گا، یاد رہے کہ بی جے پی کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے۔

    فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم مسلمان بادشاہ کے نام پر رکھا گیا تھا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  بھارت کے لیے فضائی حدود مکمل بند کرنے پرغور

    فیروز شاہ تغلق سلطنت دہلی کے تغلق خاندان کا تیسرا حکمران تھا جس نے 1351 سے 1388 تک حکومت کی، وہ 1309 میں پیدا ہوئے، اور انتقال 20 ستمبر 1388 کو ہوا۔

    فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کرکٹ کا میدان ہے جو فیروز شاہ تغلق کے نام پر بنایا گیا تھا، اس کی بنیاد 1883 میں رکھی گئی تھی اور یہ ایڈن گارڈنز، کلکتہ کے بعد بھارت کا دوسرا قدیم کرکٹ اسٹیڈیم ہے۔

    واضح رہے کہ آج وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، انھوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

  • کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں دو طرفہ مسئلہ ہے، مودی کا اعتراف

    کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں دو طرفہ مسئلہ ہے، مودی کا اعتراف

    پیرس: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اعتراف کیا ہے کہ کشمیر انڈیا کا اندرونی نہیں بلکہ دو طرفہ مسئلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی نے ٹرمپ کے سامنے ثالثی سے فرار کی کوشش کرتے ہوئے اعتراف کر لیا کہ کشمیر کا معاملہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارتی وزیر اعظم سے کشمیر پر بات کے دوران مودی نے کہا یہ پاکستان اور بھارت کا دو طرفہ مسئلہ ہے، ہم مل جل کر مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔

    مودی نے ٹرمپ سے کہا ہم کسی ملک کی مداخلت نہیں چاہتے، میں کشمیر پر پاکستان سے بات کروں گا۔

    صدر ٹرمپ نے واضح کر دیا کہ دونوں ملک مسئلہ حل نہ کر سکے تو امریکا کرے گا، کشمیر پر ثالثی کی ضرورت پڑی تو وہ حاضرہیں، مودی پاکستان سے بات کریں گے جو اچھی بات ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مودی کی غلطی سے کشمیریوں کو آزادی کا تاریخی موقع مل گیا: وزیراعظم

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فرانس کے شہر بیارٹز میں جی سیون اجلاس کے دوران امریکی صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم کی ملاقات ہوئی، اور کشمیر سے متعلق گفتگو کی۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد ٹرمپ کی مودی سے پہلی ملاقات ہے جب کہ صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر متعدد بار ثالثی کی پیش کش کر چکے ہیں لیکن بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثالثی کی پیش کش کا جواب نہیں دیا تھا۔

    ادھر گزشتہ روز قوم سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ آخری سانس تک کشمیریوں کا ساتھ دیں گے، جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا وہ کشمیر کا کیس لڑتے رہیں گے۔

  • گجرات فسادات کے ثبوت اکھٹے کرنے والے پولیس افسر کی بیٹی مودی کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی

    گجرات فسادات کے ثبوت اکھٹے کرنے والے پولیس افسر کی بیٹی مودی کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی

    لندن: مودی کا ایک اور گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے آ گیا، گجرات فسادات میں مودی کے خلاف گواہی دینے والے پولیس افسر کی بیٹی انصاف کے لیے لندن کی سڑکوں پر نکل آئی۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں مودی کے خلاف گواہی دینے والے سابق پولیس افسر سنجیو بھٹ کی بیٹی آکاشی بھٹ نے والد کے لیے انصاف کی اپیل کی ہے، آکاشی نے کہا کہ ان کے والد کو 20 سال پرانے بے بنیاد کیس میں پھنسایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ پولیس افسر سنجیو نے مودی کے گجرات فسادات میں ملوث ہونے کے ثبوت اکٹھے کیے تھے، عدالت میں بیان حلفی بھی جمع کروایا تھا جس پر مودی سرکار نے سنجیو بھٹ کو مقدمے میں پھنسایا۔

    دریں اثنا، برطانوی پارلیمنٹ کے باہر گاندھی کے مجسمے کے سامنے بھارتی کمیونٹی نے سابق پولیس افسر سنجیو بھٹ کی رہائی اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مظاہرہ کیا۔

    واضح رہے کہ کل 20 اگست کی صبح کو گجرات ہائی کورٹ میں پولیس افسر کی رہائی کی اپیل کی پہلی سماعت ہے، ہائی کورٹ میں ان کی عمر قید کی سزا کو چیلنج کیا گیا ہے۔

    بھارت میں پولیس افسر سنجیو بھٹ کے حق میں ہزاروں لوگوں نے آواز بلند کی ہے، رواں ماہ پندرہ اگست کو رکھشا بندھن کے تہوار پر ملک بھر سے 30 ہزار راکھیاں ان کے گھر بھجوائی گئیں۔ راکھیوں کے لیے اپیل سنجیو کی وکیل دیپکا راجوت نے ٹویٹر پر کی تھی۔

    سنجیو بھٹ کو اکتوبر 1990 میں ریاست گجرات کے ضلع جام نگر کے علاقے جام جودھ پور میں واقع ہونے والے، اکیس سالہ لڑکی کے ریپ اور حراستی قتل کیس میں، جام نگر کی مقامی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی، واقعے کے وقت وہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر تھے۔

  • مودی سرکار کا ملک کا نام شرم سے جھکانے والے کے لیے اعلیٰ ترین اعزاز کا اعلان

    مودی سرکار کا ملک کا نام شرم سے جھکانے والے کے لیے اعلیٰ ترین اعزاز کا اعلان

    نئی دہلی: مودی سرکار کی ایک اور بے شرمی سامنے آ گئی ہے، اپنا اور اپنے ملک کا نام شرم سے جھکانے والے پائلٹ کے لیے اعلیٰ ترین اعزاز کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار نے پائلٹ ابھی نندن کو اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ویر چکرا دینے کا اعلان کر دیا ہے، ابھی نندن نے پاکستان پر فضائی حملے کی ناکام کوشش میں اپنا اور اپنے ملک کا نام شرم سے جھکا دیا تھا۔

    ونگ کمانڈر ابھی نندن کے لیے اعلیٰ اعزاز کے اعلان کے بعد یہ نازک سوال اٹھا ہے کہ کیا بھارت میں اعزاز کا پیمانہ یہ ہے کہ اپنے طیارے کو پاکستان میں نشانہ بنوایا جائے۔

    خیال رہے کہ بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن ورتھمان نے 27 فروری کو پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی تھی مگر پاک فضائیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ابھی نندن کے مگ 21 طیارے کو تباہ کر کے اسے گرفتار کر لیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت ابھی نندن کو ایوارڈ دے کر جھوٹ کو سچ ثابت نہیں کرسکتا: میجر جنرل آصف غفور

    ابھی نندن کو بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر دیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ اپریل کے مہینے میں ابھی نندن کے لیے فوجی اعزاز اشوک چکرا کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہر بار جھوٹ دہرانے سے وہ سچ نہیں بن جاتا، ابھی نندن سچا اور پیشہ ور سپاہی ہے، جعلی ایوارڈ وصول نہیں کرے گا۔

    میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’جس طرح بار بار جھوٹ بولنے سے وہ سچ نہیں بن جاتا اسی طرح ایوارڈ دینے سے بھی یہ ’بہادری‘ سچ نہیں بن جائے گی۔

  • بھارت: خاتون نے لوہے کی سلاخ سے آدمی کو پیٹ ڈالا

    بھارت: خاتون نے لوہے کی سلاخ سے آدمی کو پیٹ ڈالا

    چندی گڑھ: پڑوسی ملک بھارت میں ایک نوجوان خاتون نے طیش میں آ کر بیچ سڑک پر لوہے کی سلاخ سے ایک آدمی کو پیٹ ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست پنجاب کے شہر چندی گڑھ میں ایک پچیس سالہ خاتون نے غصے میں آ کر سڑک پر ایک آدمی پر لوہے کی راڈ سے حملہ کر دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون شیتل شرما جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ماروتی ریورس کر رہی تھی کہ پیچھے سے آنے والی گاڑی کو اس نے ٹکر مار دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ڈرائیور نے سخت طیش میں ایک اور گاڑی کے ڈرائیور کو پیٹا، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت: لیچی کھانے سے مہلک بیماری نے 150 بچوں کی جانیں لے لیں

    دوسری گاڑی کو ٹکر مارنے کے باوجود خاتون شیتل نے غصے میں آ کر لوہے کی سلاخ نکالی اور آدمی پر حملہ کر دیا، سڑک کے بیچ جھگڑا ہونے پر ٹریفک جام ہو گیا۔

    اس جھگڑے کی کسی نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی ڈال دی، جو کچھ ہی دیر میں وائرل ہو گئی، اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون بڑھ چڑھ کر لوہے کی سلاخ سے ڈرائیور پر حملہ کر رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تعزیرات ہند کی متعلقہ شقوں کے تحت خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

  • بھارت: دماغی بیماری سے 10 روز میں 53 بچے ہلاک

    بھارت: دماغی بیماری سے 10 روز میں 53 بچے ہلاک

    بہار: مودی کے بھارت میں ایک خطرناک دماغی بیماری نے ایک بار پھر بچوں کا شکار شروع کر دیا ہے، صرف 10 روز میں اب تک 53 بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے علاقے مظفر پور میں ایک دماغی بیماری سے 53 بچے ہلاک ہو گئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ یہ ہلاکتیں محض دس روز میں ہوئی ہیں۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ خطرناک دماغی بیماری کے باعث زیر علاج بچوں کی تعداد چالیس سے زیادہ ہے، بچوں کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور انھیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ اس خطرناک دماغی بیماری کی وجہ لیچی فروٹ ہو سکتی ہے، رپورٹس کے مطابق دماغی بیماری لیچی کے موسم بچوں کو لاحق ہو رہی ہے۔

    خیال رہے کہ بچے موسم گرما کا پھل لیچی بہت شوق سے کھاتے ہیں، ادھر امریکی ماہرین نے بتایا ہے کہ ایک قسم کا زہریلا مواد لیچی میں ہوتا ہے اور امکان ہے کہ اسی زہریلے مواد کی وجہ سے بچے شکار ہو رہے ہوں۔

    مذکورہ دماغی بیماری کو مقامی طور پر چمکی بخار کہا جاتا ہے، جس کی علامات میں بخار، قے اور بے ہوشی شامل ہیں، بتایا گیا ہے کہ ضلع مظفر پور میں لیچی کی فصل سب سے زیادہ ہوتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت میں پہلی صف میں بیھٹنے پر طالب علم قتل

    واضح رہے کہ 2014 میں جب اس ضلع میں 150 اموات ہوئیں تو لانسٹ گلوبل ہیلتھ ریسرچ نے تحقیقات کر کے معلوم کیا کہ اس بیماری کا تعلق لیچی سے ہے۔

    ماہرین کے مطابق لیچی میں غیر معمولی مقدار میں امینو ایسڈ ہوتا ہے، جس کے زیادہ استعمال سے دماغ کو درکار گلوکوز شدید متاثر ہو جاتے ہیں۔

    ایک خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 2008 اور 2014 کے درمیان اس بیماری encephalitis سے اترپردیش، بہار میں 6 ہزار اموات ہوئی تھیں جب کہ 44 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے۔