Tag: بھارت کی خبریں

  • کشمیری نوجوانوں کو کیوں پناہ دی؟ بھارت کی نوجوان خاتون صحافی کو دھمکیاں

    کشمیری نوجوانوں کو کیوں پناہ دی؟ بھارت کی نوجوان خاتون صحافی کو دھمکیاں

    نئی دہلی: پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں کشمیری نوجوانوں کو پناہ دینے والی نوجوان خاتون ہندو صحافی کو بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیاں ملنے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی انتہا پسندوں کو ایک انڈین خاتون صحافی پر اس بات پر غصہ ہے کہ اس نے کشمیریوں کو دہلی میں پناہ کیوں دی؟

    26 سال کی ساگریکا کو شدت پسند بھارتیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بد تمیزی اور بد زبانی کا سامنا ہے۔

    خاتون صحافی نے نئی دہلی میں 18 کشمیریوں کو پناہ دی تھی، جس پر اب ساگریکا کو دھمکیاں دے کر ہراساں کیا جا رہا ہے۔

    خاتون صحافی کے عمل سے سامنے آیا ہے کہ کشمیریوں پر انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے مظالم پر انسان دوست ہندوؤں کے دل بھی دکھنے لگے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  لکھنؤ میں کشمیریوں پر تشدد، بھارتی صحافی نے انتہا پسندوں کو غدار قرار دے دیا

    دہلی میں مقیم ہندو خاتون صحافی ساگریکا کسو نے مظلوم کشمیریوں کی مدد کا اعلان تو کر دیا مگر یہ رحم دلی ان کے لیے مصیبت بن چکی ہے۔

    انتہا پسند ہندوؤں نے سوشل میڈیا پر ساگریکا کے ساتھ بد تمیزی کا طوفان اٹھا دیا، جموں کے پنڈت گھرانے کی ساگریکا نے 16 فروری کو ٹویٹ کیا تھا کہ اگر کوئی کشمیری دہلی میں مشکلات کا شکار ہے تو ان کے گھر کے دروازے کھلے ہیں۔

    ساگریکا نے کہا تھا کہ وہ 9 سے 10 افراد کو اپنے گھر میں رکھ سکتی ہے، تاہم ساگریکا کے ٹویٹ پر 18 کشمیری طالب علموں نے ان سے رابطہ کیا، جس پر ساگریکا نے ان کی رہایش اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا۔

  • بھارت کا جنگی جنون، روس سے کرائے پر ایٹمی آبدوز حاصل کر لی

    بھارت کا جنگی جنون، روس سے کرائے پر ایٹمی آبدوز حاصل کر لی

    نئی دہلی: جنگی جنون میں مبتلا بھارت  روس کے ساتھ ایک نئے معاہدے کے تحت کرائے پر ایٹمی آب دوز حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے روس کے ساتھ ایک نئی آب دوز  کرائے پر لینے کا معاہدہ کیا ہے، ایٹمی آبدوز کے حصول کا یہ معاہدہ 3 بلین ڈالرز پر مبنی ہے۔

    معاہدے کے مطابق روسی ایٹمی آب دوز 10 سال کے لیے لیز پر بھارت کے سمندروں میں خدمات انجام دے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کی ایٹمی طاقت کی حامل یہ تیسری آب دوز 2025 تک بھارت کو فراہم کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ روس سرد جنگ کے زمانے میں بھی بھارت کو اسلحہ فراہم کرنے والا بڑا ملک تھا، اس سے قبل بھی بھارت کو ایک آب دوز کرائے پر دے چکا ہے، جس کے کرائے کی مدت میں اضافے کے لیے بھی مذاکرات کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک بحریہ نے سمندری حدود میں موجود بھارتی آبدوز کاسراغ لگا کر داخلے کی کوشش ناکام بنادی

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ معاہدے کے تحت روسی ایٹمی آب دوز کم از کم دس سال تک بھارت کے پاس رہے گی۔

    یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے فضائی دراندازی اور بد ترین شکست کے بعد دشمن نے پاکستانی سمندری حدود میں بھی داخل ہونے کی کوشش کی لیکن مستعد پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آب دوز کا سراغ لگا کر اس کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔

  • بھارتی قید میں ایک اور پاکستانی شہری جاں بحق

    بھارتی قید میں ایک اور پاکستانی شہری جاں بحق

    اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے خیر سگالی کی مسلسل کوششوں کے باوجود بھارتی رویے میں تبدیلی نہیں آئی، ایک اور پاکستانی شہری بھارتی قید میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    سفارتی ذرایع کے مطابق بھارتی قید میں ایک اور پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا ہے، 62 سالہ محمد اعظم امرتسر کے گرونانک دیو اسپتال میں انتقال کر گیا۔

    [bs-quote quote=”سزا 2016 میں مکمل ہونے کے باوجود 62 سالہ پاکستانی شہری کو بھارت نے رہا نہیں کیا۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ محمد اعظم کو 25 فروری کو امرتسر جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    محمد اعظم غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کے جرم میں قید تھا، ذرایع نے بتایا کہ انھیں بھارت کی فیروز پور جیل میں قید رکھا گیا تھا۔

    2016 میں سزا مکمل ہونے پر محمد اعظم کو امرتسر جیل منتقل کیا گیا تھا، سزا مکمل ہونے کے باوجود 62 سالہ پاکستانی شہری کی رہائی ممکن نہ ہو سکی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پلوامہ حملے کا انتقام، بھارتی جیل میں قید پاکستانی قیدی ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ راجھستان کے شہر جے پور کی جیل میں قید پاکستانی شہری شاکر اللہ کو پلوامہ حملے کا بدلہ لینے کے لیے ساتھی انتہا پسند قیدیوں نے مشتعل ہو کر قتل کر دیا تھا۔

    دوسری طرف 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا تھا، تاہم پاکستان نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت ابھی نندن کو رہا کر دیا تھا۔

  • آپ دہشت گرد اکھاڑنے گئے تھے یا درخت؟ سدھو کا مودی سے چھبتا ہوا سوال

    آپ دہشت گرد اکھاڑنے گئے تھے یا درخت؟ سدھو کا مودی سے چھبتا ہوا سوال

    نئی دہلی: بھارت کے سابق کرکٹر اور سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو نے ایک بار پھر وزیرِ اعظم نریندر مودی سے سوال کر کے ان کا مضحکہ اڑایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کو پسند کرنے والے بھارتی سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو نے ٹویٹ کر کے مودی سے پوچھا ہے کہ فضائی حملے میں دہشت گرد مارنے گئے تھے، کیا مار دیے؟

    سدھو نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’مودی، تین سو دہشت گرد مر گئے یا نہیں؟‘

    سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے سوال کیا کہ اگر فضائی حملے میں دہشت گرد نہیں مارے گئے تو پھر اس حملے کا کیا مقصد تھا؟

    یہ بھی پڑھیں:  مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے درجنوں سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

    انھوں نے وزیرِ اعظم مودی کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ کیا آپ دہشت گردوں کو اکھاڑنے گئے تھے یا درختوں کو؟

    سدھو نے ٹویٹ کرتے ہوئے نریندر مودی پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی، پوچھا کہ کیا پاکستان پر فضائی حملہ صرف الیکشن کے لیے شعبدہ بازی تھی؟ سدھو نے مطالبہ کیا کہ مودی فوج کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کرنا بند کر دے۔

    واضح رہے کہ 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا تھا۔ بھارت نے فضائی حملے کے بعد دعویٰ کر دیا تھا کہ اس نے پاکستان میں تین سو دہشت گردوں کو مارا، بعد ازاں یہ دعویٰ جھوٹا ثابت ہو گیا۔

  • سینئر کانگریس رہنما چدمبرم کا مودی سرکار کو پاکستان سے مذاکرات کا مشورہ

    سینئر کانگریس رہنما چدمبرم کا مودی سرکار کو پاکستان سے مذاکرات کا مشورہ

    نئی دہلی: بھارتی وزیرِ اعظم کی پاکستان کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کی کوششوں کے بر عکس کانگریس کے سینئر رہنما چدمبرم نے مودی سرکار کو پاکستان سے مذاکرات کا مشورہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ خزانہ پی چِدمبرم نے نریندر سنگھ مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کی بہ جائے مذاکرات کریں۔

    [bs-quote quote=”پڑوسی کے ساتھ کشیدگی کی بہ جائے ملک کے اندر علیحدگی پسند تحریکوں سے نمٹنے کا بندوبست کرنا چاہیے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”پی چدمبرم”][/bs-quote]

    سینئر کانگریس رہنما نے کہا کہ جنگ سے بچنے کا حل صرف پاکستان سے مذاکرات ہیں۔

    انھوں نے اپنے آرٹیکل میں کہا ہے کہ انڈیا کو جنگ کی طرف جانے کی کوئی بھی وجہ موجود نہیں ہے، نہ یہ 1971 ہے نہ ہی کارگل کی جنگ۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے، تو مودی سرکار جنگ کی طرف کیوں جا رہی ہے۔

    انھوں نے مودی سرکار کو یہ مشورہ بھی دیا کہ اسے پڑوسی کے ساتھ کشیدگی کی بہ جائے ملک کے اندر علیحدگی پسند تحریکوں سے نمٹنے کا بندوبست کرنا چاہیے۔

    کانگریس رہنما چدمبرم نے کہا کہ جموں و کشمیر کے حا لا ت 70 سال میں بدل چکے ہیں، انڈیا کو اپنا رویہ بدلنا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ابھی نندن کی رہائی، عمران خان کا فیصلہ بہادری قرار، بھارتی وزیراعلیٰ کا خراج تحسین

    خیال رہے کہ مودی سرکار نے انتخابات میں اپنی جیت کے لیے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو ہوا دے کر خطے میں جنگ کے شعلوں کو بھڑکانے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے خود انڈیا میں انھیں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    پاکستان کے ساتھ سرحدوں پر فائرنگ اور گولہ باری کے علاوہ جنگی طیارے بھیج کر دراندازی کی مذموم کوششیں بھی کی گئیں، جس کے نتیجے میں پاکستانی شاہینوں نے دو بھارتی جہاز بھی مار گرائے اور ایک پائلٹ کو زندہ پکڑا، جسے بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔

  • جے پور جیل میں قتل کیے گئے پاکستانی شاکر اللہ کی میت پاکستان پہنچ گئی

    جے پور جیل میں قتل کیے گئے پاکستانی شاکر اللہ کی میت پاکستان پہنچ گئی

    لاہور: بھارتی جیل میں جنونی قیدیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے پاکستانی شاکر اللہ کی میت واہگہ بارڈر پر پاکستان کے حوالے کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر جے پور کی جیل میں قتل کیے گئے پاکستانی قیدی شاکراللہ کی میت پاکستان پہنچ گئی ہے، پاکستانی شہری کی میت واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کی گئی۔

    بھارتی ریاست راجھستان کے مرکزی شہر جے پور کی جیل میں قید پاکستانی شہری شاکر اللہ کو بھارتی جنونی قیدیوں بد ترین تشدد کر کے 20 فروری کو قتل کیا تھا۔

    جے پور سینٹرل جیل کے بیرک میں موجود ہندو انتہا پسندوں نے پاکستانی شہری کے سر پر وار کیے تھے جس کی وجہ سے شاکر اللہ کو گہرے زخم آئے اور انھوں نے جیل ہی میں جان دے کر شہادت کا درجہ پا لیا۔

    غیر ملکی میڈیا نے پاکستانی قیدی کی شہادت کا ذمہ دار جے پور جیل کی انتظامیہ کو قرار دیا، قتل کے سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پلوامہ حملے کا انتقام، بھارتی جیل میں قید پاکستانی قیدی ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل

    دفترِ خارجہ نے شاکر اللہ کے قتل پر سخت دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی قیدیوں کے گروپ نے پلوامہ حملے کا انتقام لینا چاہا ہے۔

    بھارت میں سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے والے سابق سفیر عبد الباسط کا کہنا تھا کہ عوام کو کچھ نہیں کہہ سکتے کیوں کہ بھارتی حکومت کا مؤقف ہی دہشت گردی اور انتہا پسندی پر مبنی ہے۔

  • نوجوت سنگھ سدھو کا بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم

    نوجوت سنگھ سدھو کا بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم

    نئی دہلی: بھارت کے سابق کرکٹر اور سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کی طرف سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق انڈین کرکٹر اور وزیرِ اعظم عمران خان کی شخصیت کو پسند کرنے والے بھارتی سیاست دان سدھو نے وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا عندیہ دینے پر خوشی کا اظہار کیا۔

    [bs-quote quote=”عمران خان کا خیر سگالی کا اقدام ایک ارب لوگوں کی خوشی کا سبب بنا ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”سدھو”][/bs-quote]

    نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو سراہتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ہر بہترین عمل لوگوں کے دلوں میں اپنا راستہ خود بناتا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا خیر سگالی کا اقدام ایک ارب لوگوں کی خوشی کا سبب بنا ہے۔

    نوجوت سنگھ سدھو نے لکھا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم کے اعلان سے پوری قوم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    سدھو نے یہ بھی کہا کہ میں بھارتی پارئلٹ کے والدین اور چاہنے والوں کی خوشی محسوس کر سکتا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان کا امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے کہا کہ بھارت اس سے زیادہ کشیدگی کو آگے نہ بڑھائے اور کشیدگی کم کرنے اور امن کو ہماری کم زوری نہ سمجھا جائے۔

  • فضائی شکست کے بعد مودی کے خلاف بھارت کی 21 جماعتوں نے اتحاد کر لیا

    فضائی شکست کے بعد مودی کے خلاف بھارت کی 21 جماعتوں نے اتحاد کر لیا

    نئی دہلی: پاک فضائیہ کے شاہینوں کے ہاتھوں بھارتی فضائیہ کی زبردست شکست کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیرِ اعظم مودی کے خلاف بھارت کی 21 جماعتوں نے اتحاد کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فضائی مقابلے میں پاکستانی شاہینوں نے بھارتی فضائیہ کو خاک چٹا دی ہے، اب بھارتی وزیرِ اعظم مودی کے سر پر انتخابات میں بھی بد ترین شکست کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

    انڈین ایئر فورس کی شکست دیکھ کر بی جے پی اور مودی کے خلاف بھارت کی اکیس جماعتوں نے اتحاد کر لیا ہے، اپوزیشن اتحاد کا کہنا ہے کہ مودی فوج کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

    بھارتی وزیرِ اعظم اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیتے، اپوزیشن اتحاد نے مطالبہ کیا کہ نریندر مودی فوری طور پر بھارت کے عوام کو اعتماد میں لیں۔

    یاد رہے کہ آج مودی حکومت کے خلاف انڈیا میں اپوزیشن پارٹیوں کا اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں سابق صدر منموہن سنگھ، سونیا گاندھی، اور کانگریس کے صدر راہول گاندھی و دیگر نے شرکت کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی قیدی: بھارتی پائلٹ پاک فوج کا شکر گزار

    اکیس جماعتوں کے مشترکہ اعلامیے میں مودی حکومت پر سخت تنقید کی گئی، کہا گیا کہ مودی کے تنگ سیاسی خیالات سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ آج پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی صورت میں ایک بھارتی پائلٹ کو زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے، بھارتی پائلٹ ابھے نندن نے کہا کہ پاک فوج کا رویہ پیشہ ورانہ اور متاثر کن ہے ہماری فوج کو ایسا رویہ اپنانا چاہیے۔

  • بھارت میں انتہا پسند بے قابو، پاکستانی مصالحے رکھنے والی دکان پر ہلہ بول دیا

    بھارت میں انتہا پسند بے قابو، پاکستانی مصالحے رکھنے والی دکان پر ہلہ بول دیا

    ممبئی: پلوامہ واقعے کے بعد بھارت میں ہندو انتہا پسند آپے سے باہر ہو چکے ہیں، ممبئی میں انتہا پسند تنظیم ایم این ایس کے غنڈوں نے پاکستانی مصالحے رکھنے والی دکان پر دھاوا بول دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ واقعے کے بعد نہ صرف بھارتی حکومت آپے سے باہر ہو چکی ہے بلکہ بھارتی انتہا پسند عوام بھی بے قابو ہو چکے ہیں۔

    [bs-quote quote=”انتہا پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والے غنڈوں میں خواتین بھی شامل تھیں۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    ہندو انتہا پسند تنظیم کے مشتعل غنڈوں نے پاکستانی مصالحے رکھنے والی دکان پر حملہ کر کے اسے تباہ کر دیا اور مصالحوں کو آگ لگا دی۔

    اس موقعے پر انتہا پسنوں نے پاکستان کے خلاف نعرے بازی بھی کی اور دکان دار کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

    پاکستان میں تیار شدہ مصالحے نوی ممبئی کی ایک دکان میٹویل میں فروخت کے لیے رکھے گئے تھے، خیال رہے کہ بھارت میں بھی پاکستانی مصالحے ایکسپورٹ ہو کر جاتے ہیں اور وہاں بہت پسند کیے جاتے ہیں۔

    ایم این ایس (مہاراشٹر نونرمان سینا) سے تعلق رکھنے والے ورکرز نے دکان کے اسٹاف سے کہا کہ تمام اسٹاک نکال کر باہر کر دے، اس کے بعد مصالحے جلا دیے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت میں ٹماٹروں کی حفاظت کے لیےسیکورٹی گارڈزتعینات

    انتہا پسند غنڈوں نے اعلان کیا کہ جہاں بھی پاکستانی مصنوعات فروخت ہوتے ہوئے پائی گئیں، اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

    انتہا پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والے غنڈوں میں خواتین بھی شامل تھیں، انتہا پسندوں کو اطلاع دی گئی تھی کہ فلاں دکان میں پاکستانی مصالحے فروخت ہوتے ہیں۔

  • پلوامہ حملہ: ہندو انتہا پسند تنظیم کے سربراہ نے بھی مودی حکومت پر انگلی اٹھا دی

    پلوامہ حملہ: ہندو انتہا پسند تنظیم کے سربراہ نے بھی مودی حکومت پر انگلی اٹھا دی

    نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے پر پاکستان پر انگلیاں اٹھانے والی مودی حکومت سخت مشکل میں پڑ گئی ہے، اپنے ہی لوگ بھارتی حکومت پر سوال کرنے لگ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف بھارتی حکومت پلوامہ حملے پر پاکستان کے خلاف پروپگینڈا کرنے میں مصروف ہے، دوسری طرف اپنے ہی سیاست دان مودی سرکار کو واقعے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔

    [bs-quote quote=”قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے پوچھ گچھ کی جائے تو پلوامہ حملے کی حقیقت سامنے آ سکتی ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”راج ٹھاکرے”][/bs-quote]

    اب ہندو انتہا پسند تنظیم مہاراشٹر نوو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے پلوامہ حملے پر سوال اٹھا دیے ہیں۔

    راج ٹھاکرے نے مطالبہ کیا ہے کہ انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو تفتیش کے کٹہرے میں لایا جائے۔ راج ٹھاکرے کا ماننا ہے کہ اگر نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر سے پوچھ گچھ کی جائے تو پلوامہ حملے کی حقیقت سامنے آ سکتی ہے۔

    ہندو انتہا پسند تنظیم کے سربراہ نے پلوامہ حملے میں مارے جانے والے انڈین فوجیوں کو سیاسی متاثرین قرار دے دیا۔

    راج ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ حکومتیں اپنے سیاسی مقاصد کے لیے ایسے کام کرتی رہتی ہیں، تاہم نریندر مودی کی حکومت میں ایسے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پلوامہ حملے میں بھارت ہی کا بارودی مواد استعمال ہوا، سابق فوجی جنرل کا ہوش ربا انکشاف

    انھوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پلوامہ حملے کے وقت وزیر اعظم مودی ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اطلاع ملنے پر بھی انھوں نے شوٹنگ ملتوی کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔

    یاد رہے کہ سابق بھارتی فوجی کمانڈر لیفٹننٹ جنرل (ر) دیپندرا سنگھ ہودا بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ پلوامہ حملے میں بھارت ہی کا بارود استعمال ہوا، نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ اتنی بڑی مقدار میں بارود دراندازی کر کے اتنی دور لایا جا سکے۔