Tag: بھارت کی خبریں

  • بھارت میں نوجوان عورتوں میں خود کشی کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی

    بھارت میں نوجوان عورتوں میں خود کشی کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی

    انڈیا: برطانوی طبی جریدے کی تازہ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں نوجوان خواتین میں خود کشی کی شرح حیران کن طور پر 40 فی صد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق طبی جریدے دی لانسیٹ نے ان عوامل پر روشنی ڈالی ہے کہ بھارتی نوجوان عورتوں میں خود کشی کا رجحان اتنا زیادہ کیوں ہے۔طبی جریدے نے تحقیق کے بعد انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں جتنی خواتین ایک سال میں خود کشی کرتی ہیں ان میں سے تقریباً 40 فی صد ہندوستانی خواتین ہوتی ہیں۔

    دی لانسیٹ کی تحقیق کے مطابق انڈیا میں ہر ایک لاکھ خواتین میں سے 15 خود کشی کر لیتی ہیں، یہ تعداد دنیا میں پائے جانے والے اعداد و شمار کی دگنی تعداد ہے، یعنی دنیا میں اوسطاً ہر ایک لاکھ میں 7 خواتین خود کشی کر لیتی ہیں۔

    دوسری طرف بھارت میں مردوں میں بھی خود کشی کا رجحان کچھ کم نہیں ہے، رپورٹ کے مطابق مردوں کے خود کشی کرنے کے معاملے میں انڈیا کا حصہ 24 فی صد ہے۔ مذکورہ تحقیق سے جڑی محققہ راکھی داندونا نے بتایا کہ انڈیا خواتین کے خود کشی کے واقعات میں کمی لانے میں کام یاب ہوا ہے لیکن اس کی رفتار زیادہ تیز نہیں ہے۔

    طبی جریدے نے انکشاف کیا کہ خود کشی کے رجحان میں اضافے کی ایک وجہ صحتِ عامہ کی خراب صورتِ حال ہے، بھارت میں عوام کو غربت کی وجہ سے صحت برقرار رکھنے کی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ تر خود کشی کرنے والی عورتیں شادی شدہ ہوتی ہیں، یہ شادیاں والدین کی مرضی سے کی جانے والی شادیاں ہیں جن کا انجام افسوس ناک نکل آتا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  سیکولر بھارت کا مکروہ چہرہ، بیویاں کرائے پر دستیاب


    خود کشی کی دیگر وجوہ میں ڈپریشن، نفسیاتی طبی سہولیات کی عدم دستیابی، خواتین کی سماجی حیثیت وغیرہ بھی شامل ہیں، ایک وجہ خواتین کی بڑی خواہشوں کو بھی قرار دیا گیا۔

    تحقیق میں کہا گیا ہے کہ پسند کی شادیاں اور ذہنی طبی سہولیات اور بہتر ملازمتوں کی فراہمی کے ذریعے اور خواتین کی شکایات کے اندراج کے نظام کی سہولت کے ذریعے خود کشیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

  • دل سوز تصویر نے لاکھوں دل پگھلا دیے

    دل سوز تصویر نے لاکھوں دل پگھلا دیے

    نئی دہلی: بھارت کے دار الحکومت نئی دہلی میں باپ کی لاش کے ساتھ بچے کی تصویر نے لاکھوں لوگوں کے دل پگھلا دیے، بچہ اپنے باپ کے سرہانے کھڑا رو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر ہونے والی ایک تصویر نے لوگوں کے دل دہلا دیے، تصویر میں ایک بچہ اپنے باپ کی لاش کے سرہانے بے بسی سے رو رہا ہے۔

    تصویر ٹوئٹر پر شیئر ہوتے ہی دیکھنے والوں کے دل پگھل گئے، درد مندوں نے 30 لاکھ روپے چندہ جمع کر کے بچے کے خاندان کو بھیج دیا جس کے پاس آخری رسومات کے اخراجات بھی نہیں تھے۔

    بچے کے والد 27 سالہ انیل دہلی میں گٹر صاف کرنے کا کام کرتے تھے، گٹر میں کام کے دوران رسی ٹوٹنے کے نتیجے میں وہ گر کر ہلاک ہوگئے تھے۔

    بھارتی اخبار کے کرائم رپورٹر نے اس منظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرنے کے بعد کہا کہ یہ ایک دل دہلانے والا منظر تھا، میں گٹر صاف کرنے والوں کی ہلاکتوں کی طرف توجہ دلانا چاہ رہا تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی شہر کلکتہ سے 14 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد


    رپورٹر نے بتایا کہ مذکورہ تصویر انیل کی آخری رسومات سے چند لمحے قبل کی ہے، غریب خاندان کے پاس آخری رسومات کے اخراجات بھی نہیں تھے اور ان کی مدد محلے والوں نے کی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں گٹر صاف کرنے والے ورکرز حفاظتی سامان نہ ہونے کے سبب ہر سال بڑی تعداد میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

  • خواجہ سراؤں کی تقریب میں بھارتی کرکٹر کی زنانہ لباس میں شرکت

    خواجہ سراؤں کی تقریب میں بھارتی کرکٹر کی زنانہ لباس میں شرکت

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی گوتم گمبھیر ایک تقریب میں زنانہ لباس پہن کر شریک ہوئے جس کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

    دراصل گوتم گمبھیر خواجہ سراؤں کی تقریب میں شریک ہوئے تھے اور انہوں نے یہ انداز خواجہ سراؤں کی حمایت اور اظہار یکجہتی کے طور پر اپنایا تھا۔

    تقریب میں گوتم گھمبیر نے نہ صرف ڈوپٹہ پہنا، بلکہ ماتھے پر بندیا بھی لگائی۔

    خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب گوتم نے خواجہ سراؤں کی کسی تقریب میں شرکت کی ہے۔

    رواں برس انہوں نے رکشا بندھن کا تہوار بھی خواجہ سراؤں کے ساتھ منایا تھا جس میں خواجہ سراؤں نے ان کے ہاتھ پر راکھی باندھی تھی۔

    گوتم گمبھیر 2016 تک بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے تھے، وہ سنہ 2007 میں ٹی 20 کا پہلا ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ بھی رہے۔

  • مودی کا نواز شریف کو تعزیتی خط، کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ کا اظہار

    مودی کا نواز شریف کو تعزیتی خط، کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ کا اظہار

    نئی دہلی: بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو ان کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیتی خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی نے نواز شریف کو خط لکھتے ہوئے اپنے گہرے غم کا اظہار کیا، انھوں نے لکھا ’مجھے بیگم صاحبہ کے انتقال پر بے حد دکھ ہوا ہے۔‘

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے مودی نے خط میں مزید لکھا ’میں عظیم ربّ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ بیگم صاحبہ کو ابدی سکون عطا کرے، اور آپ کو اور دیگر سوگواران کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کا حوصلہ بخشے۔‘

    بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ملاقات کی خوش گوار یادوں کو ہمیشہ یاد کرتے رہیں گے۔

    دریں اثنا بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شریف خاندان سے گہرے غم اور دکھ کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔

    سشما سوراج نے لکھا کہ ’مجھے محترمہ کلثوم نواز کے انتقال کی خبر سن کر بے حد صدمہ ہوا، میں سوگوار خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتی ہوں، اوپر والا ان کی روح کو سکون و قرار عطا کرے۔‘


    مزید پڑھیں:  شریف خاندان کی پیرول پر رہائی میں 3 دن کی توسیع


    واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز کی تدفین کے سلسلے میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، ان کی صاحب زادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو پیرول پر 3 دن کے لیے رہا کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سابق خاتونِ اول بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئی ہیں، سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنی بھابھی کی میت لینے کے لیے لندن روانہ ہوچکے ہیں، وہ میت لے کر جمعہ کو وطن واپس آئیں گے جس کے بعد مرحومہ کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

  • سیکولر بھارت کا مکروہ چہرہ، بیویاں کرائے پر دستیاب

    سیکولر بھارت کا مکروہ چہرہ، بیویاں کرائے پر دستیاب

    سیکولر بھارت کا ایک اور مکروہ چہرہ سامنے آگیا، دارالحکومت کے ریپ کیپیٹل بننے کے بعد اب شوہروں نے اپنی بیویاں بھی کرائے پر دینی شروع کردیں۔

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں شیوہ پوری میں لوگ اپنی بیویوں کو صرف 10 روپے کے عوض صاحب حیثیت لوگوں کو کرائے پر دے رہے ہیں۔

    یہ لوگ ایسے افراد کو اپنی بیویاں کرائے پر دیتے ہیں جن کی اپنی بیویاں نہ ہوں، یہ باقاعدہ ایک معاہدہ ہوتا ہے جو صرف 10 روپے کے اسٹامپ پیپر پر کیا جاتا ہے۔

    معاہدے کی معیاد ختم ہونے کے بعد شوہر کسی اور شخص کو بیوی کرائے پر دینے کا معاہدہ کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ یہ گھناؤنی حرکت صرف مدھیہ پردیش میں ہی نہیں ہورہی۔ کچھ عرصہ قبل گجرات سے بھی ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جس نے اپنی بیوی 8 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر ایک امیر شخص کو دے رکھی تھی۔

    اس کے علاوہ بھارت میں بیٹیوں کو شادی کے نام پر فروخت کیا جانا بھی عام ہے۔ لوگ اپنی کم عمر بیٹیوں کو 60 یا 70 ہزار روپے کے عوض کسی امیر شخص کو فروخت کر دیتے ہیں۔

  • انگلینڈ سے شکست: بھارتی میڈیا اور مداح کھلاڑیوں پر برس پڑے

    انگلینڈ سے شکست: بھارتی میڈیا اور مداح کھلاڑیوں پر برس پڑے

    نئی دہلی: انگلینڈ سے چوتھے ٹیسٹ میچ میں شرمناک شکست کھانے کے بعد بھارتی میڈیا اور مداح انڈین کرکٹ ٹیم پر برس پڑے، نہ کپتان نہ کوچ، کسی کو نہیں بخشا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے بھارت کو چوتھے ٹیسٹ میں 60 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 1-3 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے۔

    بھارت کا غرور خاک میں ملا تو بھارتی میڈیا تلملا گیا، امیدوں پر پانی پھرنے پر کپتان ویرات کوہلی اور کوچ روی شاستری کی کھچائی کر دی، کہا ’عزت بچانے کے لیے ٹیم کے پاس اب کچھ بھی نہیں بچا۔‘

    بھارتی ٹیم کے فینز نے ٹیم کو صرف گھر کا شیر قرار دے دیا، سوشل میڈیا پر بھارتی فینز نے اپنی ٹیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹ کیے کہ بھارت کے بلے باز اپنے گھر کے ہی شیر ہیں۔

    بھارتی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہونے پر برہم بھارتی میڈیا نے ٹیم کے کپتان اور کوچ کو آڑے ہاتھوں لیا، کہا جس بیٹنگ لائن پر غرور تھا وہ بری طرح ناکام ہوا، اب عزت بچانے کے لیے کیا رہ گیا ہے۔


    اسپیشن لالیگا: میسی اور سوارز نے مخالف ٹیم کی درگت بنا دی


    واضح رہے کہ گزشتہ روز ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں آؤٹ کلاس کر کے بدترین شکست سے دوچار کیا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 7 ستمبر سے اوول میں کھیلا جائے گا۔

  • بھارتی شہر کلکتہ سے 14 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد

    بھارتی شہر کلکتہ سے 14 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد

    کلکتہ: بھارتی شہر کلکتہ میں ایک خالی پلاٹ سے 14 نومولود بچوں کی لاشیں بر آمد کی گئیں، یہ لاشیں صفائی کے دوران پلاسٹک کی تھیلیوں میں بند تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے مرکزی شہر کلکتہ میں ایک خالی پلاٹ کی صفائی کے دوران چودہ نومولود بچوں کی لاشیں بر آمد کی گئی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تھیلیوں سے لاشیں راجہ رام موہن رائے کے علاقے سے مزدوروں نے صفائی کے دوران بر آمد کیں، بچے اسقاطِ حمل کا نتیجہ ہیں۔

    بھارتی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نومولود بچوں کی لاشوں کے پیچھے اسقاط حمل کے آپریشن کرنے والے ڈاکٹرز ملوث ہوسکتے ہیں۔ لاشیں ملنے کے بعد علاقے میں صورت حال کشیدہ ہوگئی۔

    پولیس کے مقامی سینئر افسر کا کہنا تھا کہ ان بچوں میں چند کی لاشیں مکمل جب کہ زیادہ تر لاشیں نامکمل تھیں، ہمیں نہیں معلوم کہ یہ لاشیں کہاں سے آئی ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  بھارت: یتیم خانے پر پولیس کا چھاپہ، 24 لڑکیاں بازیاب


    پولیس کے مطابق خالی پلاٹ کو اس لیے لاشیں پھینکنے کے لیے منتخب کیا گیا کیوں کہ یہ جگہ ایک عرصے ترک کی گئی تھی، خبر نشر ہوتے ہی شہر کے میئر سوون چتر جی اور کمشنر پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔

    تاہم ایک سینئر پولیس افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ لیبارٹری تجزیے کے بعد معلوم ہوا کہ پلاسٹک کی تھیلیوں میں نومولود بچوں کی لاشیں نہیں بلکہ طبی فضلہ بھرا ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ بھارت میں قانونی طور پر خواتین کو اسقاطِ حمل کرانے کے لیے 20 ہفتوں کی حد مقرر کی گئی ہے، قانون کے مطابق حمل 20 ہفتوں کا ہو تب ہی اسقاط کیا جاسکتا ہے، اگر ماں یا بچے کی جان کو خطرہ ہو۔

  • پاکستان کی تعریف کیوں کی؟ بھارتی سیاست داں پرغداری کا مقدمہ

    پاکستان کی تعریف کیوں کی؟ بھارتی سیاست داں پرغداری کا مقدمہ

    نئی دہلی : بھارتی ریاست کرناٹک سے تعل رکھنے والی سابق رکن اسمبلی کے خلاف پاکستان کی تعریف کرنے پر غداری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کی مطابق بھارتی سیاست داں اور کانگریس کی سابق رکن دیویا سپانندا کو پاکستان اور پاکستانیوں کی تعریف کرنے کے جرم میں غداری کے مقدمے کا سامن کرنا پڑ رہا ہے ، کہا جارہا ہے کہ انہیں 14 سال تک کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

    دیویا نے پاکستان اور پاکستانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اچھا ملک ، پاکستانی عوام گرم جوش اور خوش اخلاق ہیں ، بھارتی انتظامیہ یہ سچائی برداشت نہ کرپائی اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق دیویا کو ملک سے ب بغاوت کےجرم میں جرمانےاور14سال قیدکاسامناکرناپڑسکتاہے ۔ مقدمہ ایک مقامی وکیل کی جانب سے دائر کیا گیا ہے اور اس سماعت بنگلور سے ڈھائی سو کلومیٹر دور کداگو ڈسٹرکٹ کورٹ میں کی جارہی ہے ، مجسٹریٹ نے دلائل سننے کےبعد سماعت ملتوی کردی تھی۔

    بھارت کی 36 سالہ نڈر سیاست داں نے بھارت کے سابق وزیردفاع منوہر پاریکر کی جانب سے پاکستان کو جہنم سے تشبیہہ دینے کے نفرت آمیز بیان کو بھی چیلنج کیا تھا اور جواب میں پاکستانیوں کی تعریف کی تھی۔

    دیویا کو بھارتی حلقوں میں ’رامیا‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور وہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کے دورے پر تھیں، انہوں نے پاکستان اور یہاں کے عوام کی تعریف اپنے ذاتی تجربے اور مشاہدے کی بنا پر کی تھی۔

  • پاکستان کا بھارتی بجلی گھروں کے ڈیزائن پر اعتراض برقرار، آبی مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا

    پاکستان کا بھارتی بجلی گھروں کے ڈیزائن پر اعتراض برقرار، آبی مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا

    لاہور: بھارتی بجلی گھروں کے ڈیزائن پر پاکستان کا اعتراض برقرار ہے،  پاک بھارت آبی مذاکرات کا دوسرا دور آج لاہور میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے پاک بھارت مذاکرات میں پاکستان کی طرف سے بھارتی بجلی گھروں کے ڈیزائن پر اعتراض برقرار رہا۔

    آبی تنازعات پر پاک بھارت وفود کے درمیان دو روزہ مذاکرات میں پاکستان نے پڑوسی ملک سے مطالبہ کیا کہ سپل ویز کے گیٹ کی تنصیب میں چالیس میٹر اونچائی لائی جائے۔

    پاکستان کا مطالبہ تھا کہ جھیل کی اونچائی میں پانچ میٹر کمی لائی جائے، جب کہ جھیل بھرنے اور پانی چھوڑے کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے۔

    پاکستان نے مذاکرات میں مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر تعمیر کیے جانے والے پن بجلی گھر پکل ڈل اور لوئر کلنائی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  آبی تنازعات، پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 روزہ مذاکرات کا آغاز


    پاکستان کا مؤقف ہے کہ بھارت مغربی دریاؤں پر ڈیم تعمیر کرکے پاکستان کو خشک سالی کا شکار کردینا چاہتا ہے جو کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجو د ’سندھ طاس معاہدے‘ کی خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ جب کہ بھارتی وفد کی سربراہی بھارتی انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا کر رہے ہیں۔

  • انڈیا: ہندو لڑکی سے شادی پر مسلمان لڑکے پر بے پناہ تشدد، ویڈیو وائرل

    انڈیا: ہندو لڑکی سے شادی پر مسلمان لڑکے پر بے پناہ تشدد، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: ہندو عورت سے شادی کے لیے عدالت آنے والے مسلمان لڑکے کو انتہا پسند ہندوؤں کے ہجوم نے گھیر کر بے پناہ تشدد سے شدید زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم نوجوان ساحل ایک ہندو لڑکی سے پسند کی شادی کے لیے غازی آباد کورٹ میں آیا تو انتہا پسند ہندوؤں نے اسے گھیر کر بے پناہ نتشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق ایک انتہا پسند ہندو تنظیم سے تھا، جنھوں نے مسلم نوجوان کو ’محبت کا جہاد‘ کے جرم کی پاداش میں نشانہ بنایا۔

    رپورٹس کے مطابق ساحل کا تعلق بھوپال سے جب کہ ہندو لڑکی پریتی سنگھ کا تعلق اتر پردیش سے ہے، دونوں کا تعلق ملازمت کے دوران بنا تھا جو جلد ہی محبت میں تبدیل ہو گیا اور انھوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔

    راجپوت فیملی سے تعلق رکھنے والی لڑکی اور مسلمان لڑکے کے گھر والوں نے اس رشتے کو رد کر دیا تھا، ایک دوست کے کہنے پر انھوں نے غازی آباد کی عدالت میں شادی کا فیصلہ کیا جو محفوظ جگہ بتائی گئی تھی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق محبت کرنے والے جوڑے کو شادی کے بعد ایک انتہا پسند گروہ نے ایڈووکیٹ کے چیمبر ہی میں گھس کر گھیر ا اور باہر نکال کر تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر جوڑے کو بچا لیا۔

    نئے شادی شدہ جوڑے نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرنے سے انکار کیا تو پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف نقص امن اور مجرمانہ دھمکی کا کیس فائل کر لیا۔

    واضح رہے کہ ’محبت کا جہاد‘ کی اصطلاح انتہا پسند ہندو تنظیموں نے بین المذاہب محبت اور شادی کرنے والے جوڑوں کے لیے بنائی ہے، جسے ہندوؤں پر ’حملہ‘ تصور کیا جاتا ہے۔

    2014 سے ایسے واقعات میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوگیا ہے جن میں ’محبت کا جہاد‘ کی آڑ میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے کارکنان بین المذاہب شادی کرنے والوں پر حملہ آور ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔