Tag: بھارت کی شکست

  • ویڈیو: بھارت کو آؤٹ کلاس کرنے پر سنگاکارا خوشی سے جھوم اٹھے

    ویڈیو: بھارت کو آؤٹ کلاس کرنے پر سنگاکارا خوشی سے جھوم اٹھے

    سری لنکا کے سابق کپتان کمارا سنگاکارا بھارت کے خلاف سری لنکن ویمنز ٹیم کی فتح پر خوشی سے جھوم اٹھے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کی مضبوط ٹیم کے خلاف میزبان سری لنکا کی شاندار جیت پر کرکٹر سے کمنٹیٹر بننے والے کمارا سنگاکارا نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انھوں نے نہ صرف سری لنکا کی خواتین کرکٹرز کی جی بھر کر تعریف کی بلکہ خوشی سے چہکتے نظر آئے۔

    سنگاکارا کا کہنا تھا کہ ’یہ کتنی شاندار شاندار جیت ہے، میں یہاں ایک لیپ ٹاپ پر اسکائی کمنٹری باکس میں اس میچ کو دیکھ رہا تھا، سری لنکا کے لیے یہ کتنی حیرت انگیز جیت ہے۔‘

    سابق سری لنکن کپتان نے کا کہ ’چماری، کاویشا، ہرشیتا اور پوری ٹیم نے بہترین کوشش کی، آپ سب کے لیے اور ملک کے لیے یہ قابل فخر ہے، آپ نے جو کچھ حاصل کیا ہے یہ ہم سب کے لیے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے۔‘

    سنگاکار کا مزید کہنا تھا کہ ’زبردست اور شاندار کارکردگی تھی، آپ لوگ ہر طرح سے تعریف کے مستحق ہیں، پچھلے دو سالوں کی کوشش، چماری کی قیادت، یقین، ارادہ، اور اب ایشیا کپ کی فاتح، یہ لاجواب ہے! آپ لوگ ہر لحاظ سے چیمپئن ہیں۔‘

    خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ کی نئی چیمپئن بن گئی ہے، بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔ میزبان سری لنکا نے بھارت کو آٹھ وکٹ سے آؤٹ کلاس کیا۔

  • جنگِ ستمبر: کراچی کا لالو کھیت، تین ہٹّی کی پُلیا اور بھارت کا جھوٹ

    جنگِ ستمبر: کراچی کا لالو کھیت، تین ہٹّی کی پُلیا اور بھارت کا جھوٹ

    6 ستمبر سے 23 ستمبر تک ہوائی حملوں کی وجہ سے پورے پاکستان میں بلیک آؤٹ رہا۔ حکومت کو اس سلسلے میں کسی قسم کی زحمت نہ کرنا پڑی۔ پبلک کو خود اپنی ذمہ داری کا اتنا احساس تھا کہ رات کے وقت کسی ایک گھر سے بھی روشنی کی کرن تک دکھائی نہیں دیتی تھی۔

    محلّے والے ٹولیاں بنا کر گشت کرتے تھے تاکہ محلّے کی بھی حفاظت رہے۔ کراچی پر کئی رات بھارت کے طیّارے آئے اور اپنی دانست میں بم بھی گراتے رہے مگر معلوم ہوا کہ یا تو بم چلے نہیں یا سمندر میں گرتے رہے۔ دو چار شل البتہ آبادی پر گرے مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مگر بھارت نے بڑے فخر سے اعلان کیا کہ لالو کھیت کا ہوائی اڈہ اور تین ہٹی کا پل برباد کر دیا گیا۔ حالاں کہ لالو کھیت میں کوئی ہوائی اڈّہ نہیں ہے اور ایک برساتی نالے پر تین ہٹّی کی پلیا ہے۔

    بھارت کے محکمہ اطلاعات نے ایک فرضی فلم بھی کراچی کی تباہی کی بنا لی جس میں دکھایا ہے کہ جہاں پہلے کراچی آباد تھا اب وہاں سمندر موجیں مار رہا ہے۔ بھارت کے پروپیگنڈے کا اصول یہ ہے کہ بمرگش بگیر تابہ تپ راضی شود۔

    اتنا بڑا جھوٹ بولو کہ اسے گھٹاتے گھٹاتے بھی کچھ نہ کچھ باقی رہ جائے۔

    (اردو کے نام ور ادیب، انشا پرداز اور سوانح و تذکرہ نگار شاہد احمد دہلوی مرحوم کے قلم سے، یہ واقعات انھوں نے 1966ء میں بھارت کی جنگ میں شکست کے ایک سال بعد رقم کیے تھے)