Tag: بھارت

  • روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

    روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

    کولکتہ: بھارت کے روہت شرما نے ون ڈے میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا، روہت شرما کی شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میچ میں ایک سو ترپن رنز سے شکست دی ہے۔

    ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا سہواگ نے اور اب سہواگ کا ریکارڈ ایک اور بھارتی بیٹسمین روہت شرما کانشانہ بنا، کولکتہ میں حریف سری لنکا کے خلاف روہت شرما آئے اور چھاگئے، روہت شرماکی اننگز لنکنز کے لئے ڈراؤنا خواب بن گئی۔ روہت شرما سے قبل وریندر سہواگ کو دو سو انیس رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل تھا۔

    روہت شرما نے تینینتس چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے دو سو چونسٹھ رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور ون ڈے میں دو ڈبل سینچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے، اس سے قبل شرما نے آسٹریلیا کے خلاف دو سو نو رنز کی بڑی اننگز کھیلی تھی۔

    ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں بھارت نے پانچ وکٹوں پر چار سو چار رنز بنائے،بھارتی بلے بازروہت شرما نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیرئیر کی دوسری ڈبل سنچری اسکور کی اور دو سو چونسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جواب میں سری لنکن ٹیم کے بیٹسمین جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹیں گنواتے رہے، کپتان اینجلو میتھیوز نے پچھتر رنز کی اننگز کھیلی اور تھریمانے نے انسٹھ رنز بنائے، سری لنکن ٹیم دو سو اکیاون رنز پر آؤٹ ہوگئی، دھوال کلکرنی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ سولہ نومبر کو رانچی میں ہوگا۔

  • دوسرا ون ڈے،بھارت نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

    دوسرا ون ڈے،بھارت نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

    احمدآباد :بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    سردار پٹیل اسٹیڈیم احمدآباد میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر دو سو چوہتر رنز اسکور کیے۔

    کپتان اینجلو میتھوز بانوے اور کمار سنگاکارا اکسٹھ رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ بھارت کیلئے اکشر پٹیل،اومیش یادوو اور روی چندرن ایشون نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

    جواب میں بھارتی ٹیم نے ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ امباتی رایودو نےایک سو اکیس رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ شیکھر دھاون اناسی اور ویرات کوہلی نے اننچاس رنز بنائے۔ سیریز کا تیسرا میچ نو نومبر کو حیدرآباد دکن میں کھیلا جائیگا۔

  • بھارت:چوروں نے سرنگ کھود کر بینک لوٹ لیا

    بھارت:چوروں نے سرنگ کھود کر بینک لوٹ لیا

    نئی دلی: بھارتی ریاست ہریانہ میں چوروں نے 125 فٹ لمبی سرنگ کھود کر بینک سے کروڑوں روپے مالیت کی نقدی اور زیورات لوٹ لیئے

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ میں ضلع سونی پت کے قصبے گوہانہ کے مصروف علاقے میں ”پنجاب نیشنل بینک” کی شاخ کے سیف روم میں 40 لاکھ روپے نقد اور 360 لاکر موجود تھے، دیوالی کی تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کے بعد پیر کی صبح جب بینک کا منیجر سیف روم میں داخل ہوا تو اسے پتہ چلا کہ چور سرنگ کے ذریعے بینک کے 40 لاکھ روپے اور 360 میں سے 86 لاکر توڑ کر اس میں رکھی رقم اور زیورات لوٹ کر لے گئے ہیں۔

    پولیس نے تفتیش کی تو پتہ چلا کہ چوروں نے ڈھائی فٹ قطر کی 125 فٹ طویل سرنگ کھودی تھی ، جس کا دہانہ بینک کے قریب واقع ایک متروکہ عمارت میں تھا۔

    پپولیس کا کہنا تھا کہ سیف روم میں سی سی ٹی کیمرے نصب نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان کی صحیح تعداد کے بارے میں ٹھیک سے کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا تاہم سرنگ کے دونوں اطراف اور سیف روم سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

  • بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا، پاکستانی ہائی کمشنر

    بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا، پاکستانی ہائی کمشنر

    لندن: برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس کہتے ہیں کہ جنگ مسائل کا حل نہیں، بھارت لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے، اگر جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    بھات کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال کی گونج اب برطانوی پارلیمنٹ بھی بھی سنائی دینے لگی، برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کر تے ہو ئے پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا کہ بھارت سے تمام تنازعات کا حل چاہتے ہیں، جنگ مسائل کا حل نہیں ہو تی، مسائل کے حل کے لئے بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی ، بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر رہی ہے، اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

  • بھارت کی امریکہ کوبھاشا دیامیر ڈیم میں سرمایا کاری سے روکنے کی کوشش

    بھارت کی امریکہ کوبھاشا دیامیر ڈیم میں سرمایا کاری سے روکنے کی کوشش

    دہلی : ہندوستان نے امریکہ کودیا میر بھاشا ڈیم کے منصوبے میں سرمایہ کاری نہ کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

    بھارت صرف باڈر پر ہی پاکستان کیلئے مشکلات کھڑی نہیں کررہا ہے بلکہ دیگر معاملات میں بھی وہ پاکستان کیلئے پریشانی کا باعث بنتا جا رہا ہے،  اب بھارت دیا میر بھاشا ڈیم کے پچھے پڑگیا ہے ۔

    سفارتی ذرائع سے بھیجی گئی شکایت میں ہندوستان نے امریکی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ یہ یقین دہانی کرائیں کہ امریکی کمپنیاں اس منصوبے میں سرمایہ کاری نہیں کریں گی۔

    ہندوستان کا دعویٰ ہے کہ یہ ڈیم پاکستان اور ہندوستان کے مابین متنازعہ علاقے میں تعمیر کیا جارہا ہے، پاکستان اس ڈیم کو گلگت بلتستان کے خطے میں تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    امریکہ نے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے کانفرنس کرائی تھی، جس کا مقصد دیا میر بھاشا منصوبے کے لیے فنڈز اکھٹا کرنا تھا، اسحاق ڈار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس منصوبے پر ہندوستانی اعتراض کو غیر متعلقہ قرار دیا ہے۔

  • بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر منی وار مسلط کررکھی ہے،ڈی جی رینجرز

    بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر منی وار مسلط کررکھی ہے،ڈی جی رینجرز

    سیالکوٹ: ڈی جی رینجرز میجرجنرل طاہر جاوید کا کہنا ہے کہ بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر منی وار مسلط کر رکھی ہے ۔

    ڈی جی رینجرز کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی کا کوئی ٹھوس جواز نہیں ہے، ورکنگ باؤنڈری سے کسی قسم کی داراندازی نہیں ہورہی۔

    ڈی جی رینجرز کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے دوران بھارت نے ایک لاکھ سے زائد گولیاں اور 15 ہزار مارٹر فائر کئے، جس سے رینجرز کے تین اہلکار زخمی اور 11 سویلین شہید ہوئے۔

    ڈی جی رینجرز کے مطابق بی ایس ایف کے چھ جوان زخمی اور آٹھ بھارتی شہری ہلاک ہوگئے، گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی افواج کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

  • بھارت نے رواں برس سیزفائر کی31خلاف ورزیاں کی، سیکٹرکمانڈر وسیم ظفر

    بھارت نے رواں برس سیزفائر کی31خلاف ورزیاں کی، سیکٹرکمانڈر وسیم ظفر

    لاہور: بھارتی جنگی جنون سر چڑھ کر بولنے لگا، چارواہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید اور پانچ افراد زخمی ہوگئے، سکیٹر کمانڈر کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے رواں برس سیز فائر کی اکتیس خلاف ورزیاں کی گئیں۔

    جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک بار پھر پاکستانی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ کر دی، رینجرز ذرائع کے مطابق چار واہ سکیٹرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری شہید اور دو خواتین سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

    چناب رینجرز نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھرپور کارروائی کی، پاکستان کیجانب سے جوابی کارروائی کے بعد بارود اگلتا بھارتی توپخانہ ٹھنڈا پڑگیا، آپے سے باہر بھارتی فوج نے چوبیس گھنٹے میں پانچ پاکستانیوں کو شہید اور انیس کو زخمی کردیا۔

    دوسری جانب سیکٹر کمانڈر کا کہنا ہے کہ بھارت کیجانب سے ہمیشہ مسلمانوں کے ہر تہوار پر فائرنگ کی جاتی ہے، انکا کہنا تھا کہ بھارت کیجانب سے رواں برس سیز فائر کی اکتیس خلاف ورزیوں میں اٹھارہ شہری زخمی اور سات افراد شہید ہوئے۔

    سیکٹر کمانڈر نے واضح کیا کہ بھارتی جارحیت کی چناب رینجرز کیجانب سے ہمیشہ جواب دیا جاتا ہے تاہم آبادی کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔

  • بھارت کا یکم اکتوبر کے بعد ساتویں بار سیز فائر کی خلاف ورزی

    بھارت کا یکم اکتوبر کے بعد ساتویں بار سیز فائر کی خلاف ورزی

    چارواہ: بھارت نے پاکستان کے احتجاج کے باوجود پیر کی شب ساتویں بارکنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائر کھول دیا، بھارتی فورسز نے چار واہ ،چپراڑ اور بجوات سیکٹر کے دیہاتوں پر گولہ باری کی، دیہاتیوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع کردی ہے۔

    پاکستان کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بھارت سے شدید احتجاج کے باوجود بھارت نے پیر کی شب کنٹرول لائن پر ایک بار پھر فائر کھول دیا، یکم اکتوبر کے بعد سے یہ سیز فائر کی ساتویں خلاف ورزی ہے۔

    تازہ واقعہ سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر میں پیش آیا، بھارتی فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص زخمی جبکہ کئی مکانات تباہ اور درجنوں مویشی ُہلا ک ہوگئے ۔

    اس سے قبل پیر کی صبح کی جانے والی بھارتی فائرنگ سے چار شہری شہید ہوگئے تھے، لوگ نماز عید بھی ادا نہ کرسکے تھے، 20 گھنٹے کے دوران بھارتی فائرنگ سے مجموعی طور پر ،1 خاتون اور 2 کمسن بچوں سمیت 4 افراد شہید اور 14 شہری زخمی ہوئے۔

    بھارتی فورسز کی جانب چار واہ ،چپراڑاور بجوات سیکٹر کے دیہاتوں پر گولہ باری کی گئی، دیہاتیوں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کررہے ہیں، بھارتی فوج کی جانب سے مارٹر گولوں سمیت بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، چناب رینجرز کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی گئی۔

  • سُروں کی ملکہ لتامنگیشکر آج  85ویں سالگرہ منا رہی ہیں

    سُروں کی ملکہ لتامنگیشکر آج 85ویں سالگرہ منا رہی ہیں

    ممبئی : سُروں کی ملکہ لتامنگیشکرنے آج اپنی زندگی کی پچاسی ویں بہاردیکھ رہی ہیں۔ اپنی مدھر آواز سے کانوں میں رس گھولتی عہد ساز گلوکارہ لتا منگیشکر آج اپنی پچاسی ویں سالگرہ منارہی ہیں۔

    اٹھائیس ستمبرانیس سو انتیس کو بھارت میں پیدا ہونے والی اس گلوکارہ نے گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے چاہنے والوں کواپنی آوازکے سحرمیں جکڑرکھا ہے۔ عہدسازگلوکارہ لتامنگیشکرنے تیرہ برس میں اپنے کیریئرکاآغازکیا جوپچاس ہزارگانوں کاریکارڈ بنانے کے بعد بھی کامیابی سےجاری ہے۔

    لتا جی بھارت کی دوسری گلوکارہ ہیں، جنہیں سب سے بڑے سویلین اعزاز رتنا ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سب سے زیادہ گانے گانے کے لئے لتا کا نام گنیزبک آف ورلڈریکارڈمیں بھی شامل ہے۔

    لتا کے کئی پُرانےگانےآج بھی بے حدمقبول ہیں۔ لتامنگیشکر کی مقبولیت پچھلی تین نسلوں سے لے کرآج تک کم نہیں ہوسکی۔  لتاکی جادوبھری آوازسے اُن کی عمرکااندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔

  • وزیر اعظم کا اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب

    وزیر اعظم کا اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب

    نیویارک: وزیرِ اعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پرپردہ نہیں ڈال سکتے، انہیں نے بھارت کی سلامتی کونسل میں ممکنہ شمولیت پر تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کوئی نیا مستقل ممبر نہیں بننا چاہئیے۔

    اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیرِاعظم نواز شریف نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کررہے تھے اوران کا کہنا تھا کہ سیکریٹری خارجہ کی سطح پر بھارت سے مذاکرات کے خاتے پرافسوس ہوا، کشمیری عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں اورایک عرصے سے تنازعے کے حل کا انتظارکررہے ہیں ہم اس پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔

    انہوں نے فلسطین کے مسئلے پر فلسطینی عوام کی نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نےغزہ میں بربریت کا مظاہرہ کیا عالمی برادری کو چاہئے کہ فلسطینیوں پرہونے والے مظالم روکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پا کستان کو اپنے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کی خواہش کے مطابق ایک فلاحی مملکت بنانا چاہتے ہیں۔

    ان کاکہنا تھا کہ ہم ایک طویل عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہیں اور ہماری افواج دہشت گردی کے خلاف ایک فیصلہ کن جنگ لڑرہی ہیں اور پاکستان کی عوام فوج کی پشت پرہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایٹمی طاقت ہیں اوراپنی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہیں ہم نے نیوکلیئر سیکیورٹی کے جدید ترین انتظامات کررکھے ہیں، اور ہم خطے میں اسلحہ کی کسی دوڑ کا حصہ نہیں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کونسل میں کوئی نیا مستقل ممبر نہیں ہونا چاہئے، انہوں نے بلواسطہ بھارت کے سیکیورٹی کونسل میں مستقل ممبر بننے کے امکان پر تحفظات کا اظہارکیا۔