پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ میں دونو ں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بہترکرتے ہوئے تجارتی عمل کو تیز کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔
نئی دہلی میں پاک بھارت وزرائےتجارت کی ملاقات کامشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونو ں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بہتر کرتے ہوئے تجارتی عمل کو تیز کرنے پراتفاق کیا گیا۔ دونوں وزراء نے مقامی منڈیوں تک تاجروں کی بلا امتیاز رسائی پر اتفاق کیا ، جبکہ واہگہ اٹاری بارڈر پر تاجروں کے لئے کارگو سروس کی سہولت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
اعلامیہ کے مطابق واہگہ اٹاری لینڈ اسٹیشن پر ہفتے میں سات دن کام کرنے کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا، دونو ں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لئے امر تسر اور لاہور کے درمیان نایاب کار ریلی منعقد کی جائے گی ، مشترکہ بزنس فورم کا تیسرا اجلاس اگلے ماہ ہوگا۔ بھارتی وزیر تجارت آنند شرما اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے ۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے وزیرتجارت آنند شرما نے کہا کہ واہگہ بارڈر کو تجارتی آمدو رفت کے لئے ہفتے کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے پر پاکستان اور بھارت میں اتفاق ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مرکزی بینکوں نے حکومتوں کی جانب سے نامزد کردہ بینکوں کو لائسنس دینے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔ پاکستان برابری کی بنیاد پر بھارت کو مارکیٹوں تک رسائی دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت تجارت سے نہ صرف حکومتوں بلکہ عوام کو بھی اس کا فائدہ ہوگا۔