Tag: بھارت

  • طالبہ رات بھر سکول میں بند رہی، کھڑکی سے باہر نکلنے کی کوشش کی تو……

    طالبہ رات بھر سکول میں بند رہی، کھڑکی سے باہر نکلنے کی کوشش کی تو……

    بھارت کے اڈیشہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوا، دوسری جماعت کی طالبہ رات بھر اسکول کے اندر بند رہی، کھڑکی کی ریلنگ سے پھنسی ہوئی ملی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ اسکول اینڈ ماس ایجوکیشن نے انچارج ہیڈ ماسٹر کو معطل کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق سات سالہ بچی جمعرات کو معمول کے مطابق اسکول گئی تھی۔ لیکن شام 4 بجے کے قریب کلاسز ختم ہونے کے بعد، اسکول کے حکام نے کلاس رومز اور عمارت کو تالا لگا دیا اور لڑکی اندر ہی بند ہوگئی۔ جب بچی گھر نہیں لوٹی اس کے گھر والوں نے بے چین ہوکر اسے گاؤں میں تلاش کیا لیکن وہ نہ مل سکی۔

    اگلی صبح تقریباً 9 بجے، جب اسکول کا باورچی احاطے کو کھولنے آیا تو لڑکی پریشان حالت میں ملی۔ بچی نے رات کے وقت لوہے کی کھڑکی کی ریلنگ سے نکلنے کی کوشش کی تھی، جب وہ کسی طرح اپنے جسم کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوئی تو اس کا سر ریلنگ کے درمیان پھنس گیا اور وہ ساری رات اسی حالت میں جدوجہد کرتی رہی۔

    گاؤں اور گھر والے اسے بچانے کے لیے اسکول پہنچے۔ انہوں نے اسکول کے باورچی سے چابیاں لیں، کلاس روم کھولا، لوہے کی سلاخوں کو موڑ کر بچی کو باہر نکالا۔

    لڑکی کو اس کے والد اور ہیڈ ماسٹر نے فوری طور پر علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا، ڈاکٹروں کی جانب سے اس کے خطرے سے باہر ہونے کی تصدیق کے بعد اسے گھر واپس لایا گیا۔ ماس ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ بچی اب صحت مند ہے۔

    تاہم اس واقعہ پر غم و غصے کے بعد محکمہ نے انچارج ہیڈ ماسٹر کو معطل کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے معاملے پر کیمرے پر بات کرنے سے گریز کیا۔

    بچی کی والدہ نے بتایا کہ جب میں رات 9 بجے کام سے گھر واپس آئی تو مجھے اپنی بیٹی نہیں ملی۔ میں نے کچھ گاؤں والوں سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے اسے نہیں دیکھا۔ میں نے سوچا کہ وہ کسی کے گھر سو گئی ہوگی اور صبح واپس آئے گی۔ جب وہ گھر واپس نہیں آئی تو ہم نے اسکول جا کر دیکھا تو وہ کلاس کی ریلنگ میں پھنسی ہوئی تھی۔

    امریکا، بھارتی طالبہ سڑک حادثے میں جان گنوا بیٹھی

    واقعے کے بارے میں ٹیچر نے بتایا کہ بہت زیادہ بارش ہو رہی تھی۔ بچی کلاس روم میں سو گئی تھی اور اسے دیکھنا ممکن نہیں ہوسکا کیونکہ وہ کلاس روم کے آخری بینچ کے نیچے سو رہی تھی۔

  • بھارت میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج

    بھارت میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج

    ممبئی (25 اگست 2025): بھارت کے ایک مذہبی تہوار میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اضافی ٹیرف کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر عائد کیے جانے والے اضافی ٹیرف کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

    احتجاج ناگ پور شہر میں مذہبی تہوار ماربت کے دوران کیا گیا، جہاں لوگوں نے امریکا کی طرف سے بھارت پر پچاس فی صد ٹیرف عائد کرنے پر علامتی طور پر ٹرمپ کا ایک بڑا پتلا گھمایا۔

    بھارت نے امریکا کے لیے اہم سروس معطل کر دی

    ٹرمپ کے دیو ہیکل پتلے پر متعدد تختیاں بھی لٹکائی گئی تھیں، جن پر احتجاجی نعرے درج تھے، ’’ہمیں ڈرانے کے لیے محصولات عائد کرنے والا آخرکار بھارت کی طاقت دیکھ کر پچھتائے گا۔‘‘ اور ’’ہماری اشیا پر لگائے گئے محصولات صرف ان کے کاروبار کو تباہ کر دیں گے۔‘‘ اور ’’امریکی انکل بھارت پر پابندیاں لگاتا ہے، مگر خود روسی مصنوعات خرید لیتا ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ ٹرمپ نے روس سے تیل خریدنے پر بھارت پر ٹیرف 50 فی صد کیا ہے، بھارت پر 25 فی صد امریکی ٹیرف نافذ ہو چکا ہے، جب کہ بقیہ 25 فی صد 27 اگست کو نافذالعمل ہوگا۔

    یاد رہے کہ بھارت کی کانگریس پارٹی کے مظاہرین نے 14 مئی 2025 کو بھی کولکتہ میں ایک احتجاج کے دوران، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت پاکستان تنازعہ میں مداخلت کا دعویٰ کرنے پر ان کا پتلا جلایا تھا۔

  • بھارت نے پاکستان کو ممکنہ بڑے سیلاب سے پیشگی آگاہ کردیا

    بھارت نے پاکستان کو ممکنہ بڑے سیلاب سے پیشگی آگاہ کردیا

    اسلام آباد : سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت نے پاکستان سے سیلاب کے معاملے پر باضابطہ رابطہ کرکے ممکنہ بڑے سیلاب کے خطرے سے مطلع کردیا۔

    اس حوالے سے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت سیلاب کے معاملے پر پاکستان سے رابطہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے دریائے توی میں جموں کے مقام پر ممکنہ بڑے سیلاب کے خطرے سے پاکستان کو آگاہ کیا۔

    یاد رہے کہ انڈیا نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، سیلاب کی ممکنہ صورتحال سے بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے پاکستان کو آگاہ کیا۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے رابطہ 24 اگست کی صبح 10 بجے کیا گیا اور پاکستان کو ممکنہ سیلابی صورتحال کی پیشگی اطلاع دی گئی۔

    رواں سال مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلا بڑا رابطہ ہے، واضح رہے کہ اس معاملے پر مؤقف جاننے کیلیے ترجمان دفتر خارجہ سے رابطہ نہ ہوسکا۔

    مزید پڑھیں : سندھ طاس معاہدہ معطل، بھارت کا پاکستانیوں کو فوری ملک چھوڑنے کا حکم

    یاد رہے کہ رواں سال ماہ اپریل میں بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرتے ہوئے بھارت میں موجود پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

    بھارتی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اٹاری اور واہگہ بارڈر کو بھی بند کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سارک ویزا استثنیٰ کے تحت پاکستانی شہری بھارت کا سفرنہیں کرسکیں گے۔

  • بھارت نے امریکا کے لیے اہم سروس معطل کر دی

    بھارت نے امریکا کے لیے اہم سروس معطل کر دی

    نئی دہلی (24 اگست 2025): بھارت نے امریکا کے لیے پوسٹل سروس معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز انڈین وزارت مواصلات کے تحت محکمہ ڈاک نے اعلان کیا ہے کہ 25 اگست سے امریکا جانے والی تمام پوسٹل اشیا کی بکنگ عارضی طور پر معطل کر دی جائے گی۔

    اس فیصلے کے تحت صرف خطوط، دستاویزات اور 100 امریکی ڈالر تک مالیت کے تحائف کی بکنگ جاری رہے گی، یہ اقدام امریکی کسٹمز قوانین میں تبدیلی کے بعد کیا گیا ہے، جو اس ماہ کے آخر سے نافذ العمل ہوں گے۔

    محکمہ ڈاک کا کہنا ہے کہ امریکی قوانین کی وجہ سے اسے عملی مشکلات کا سامنا ہے، محکمے نے وضاحت کی کہ یہ معطلی براہِ راست ان نئے قواعد کے نفاذ کا نتیجہ ہے جو انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ (IEEPA) کے تحت نافذ ہونے جا رہے ہیں۔

    بھارت کو روسی تیل پر ٹرمپ کی بات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، نکی ہیلی

    واضح رہے کہ پوسٹل سروسز کی معطلی تجارتی کشیدگی میں اضافے کے پس منظر میں سامنے آئی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ہندوستان پر 25 فی صد ٹیرف عائد کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ روسی تیل کی خریداری پر اضافی 25 فی صد جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جس سے ٹیرف کا مجموعی بوجھ مؤثر طریقے سے 50 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔

    امریکا کے نئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت اب وہ تمام ٹرانسپورٹ کیریئرز، جو بین الاقوامی ڈاک سسٹم یا امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP) کی جانب سے منظور شدہ ’’اہل فریقین‘‘ کے ذریعے سامان پہنچاتے ہیں، ان پر لازم ہوگا کہ وہ کسٹمز ڈیوٹی وصول کریں اور جمع کرائیں۔

  • بھارت: مندر میں ’ریپ کے بعد قتل ہونے والی 100 سے زیادہ لڑکیوں کو دفن کرنے والا‘ شخص گرفتار

    بھارت: مندر میں ’ریپ کے بعد قتل ہونے والی 100 سے زیادہ لڑکیوں کو دفن کرنے والا‘ شخص گرفتار

    کرناٹکا(24 اگست 2025): بھارت میں مندر میں ’ریپ کے بعد قتل ہونے والی 100 سے زیادہ لڑکیوں کو دفن کرنے والا‘ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹکا میں مندر میں جنسی ہراسی کے بعد قتل اور دفن کرنے کا معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ متعلقہ شخص نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کو زبردستی ایسی درجنوں خواتین کی لاشیں دفن کرنے پر مجبور کیا گیا جن کو جنسی ہراساں کرنے کے بعد قتل کر دیا جاتا تھا۔

    ملزم کے ہوش ربا دعوؤں کے نتیجے میں بھارت کے سیاحتی اور مذہبی حوالے سے مشہور شہر دھرم شالا میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    کرناٹکا میں شدید احتجاج کے بعد ریاستی حکومت نے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی تھی تاکہ مذکورہ شہری کے الزامات کی تصدیق کی جاسکے، ایس آئی ٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق مذکورہ شہری کو جھوٹے بیان دینے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    جولائی میں ایک شخص نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی اور مجسٹریٹ کے سامنے بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا،  اس شخص نے کہا کہ وہ 1995 سے 2014 تک مندر میں صفائی کا کام کرتا رہا تھا۔

    اس شخص نے الزام لگایا کہ اس دوران اسے سینکڑوں لڑکیوں اور عورتوں کی لاشوں کو دفن کرنے کے لیے مجبور کیا گیا جنھیں ریپ کے بعد بے دردی سے قتل کیا گیا تھا، ملزم نے پانچ واقعات کی تفصیل دی اور کہا کہ اس طرح کے کئی اور واقعات بھی ہیں، ملزم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کچھ متاثرہ لڑکیاں نابالغ تھیں۔

    ملزم نے پولیس کو بیان میں کہا کہ وہ 2014 سے روپوش تھا لیکن اب اپنی ضمیر کی آواز پر اس نے واپس آ کر سب کچھ بیان کرنے کا فیصلہ کیا۔

  • ٹرمپ نے بھارت میں نیا سفیر نامزد کر دیا

    ٹرمپ نے بھارت میں نیا سفیر نامزد کر دیا

    واشنگٹن (23 اگست 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سرجیو گور کو بھارت میں نیا امریکی سفیر نامزد کر دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ وہ سرجیو گور کو بھارت میں امریکا کا اگلا سفیر نامزد کر رہے ہیں، سرجیو امریکی صدر کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک ہیں۔

    سرجیو گور بھارت میں ایسے وقت میں سفارت کاری سنبھالیں گے جب دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں اور اگلے ہفتے سے بھارت سے درآمدات پر امریکی ٹیرف دُگنا کیے جانے کی تیاری کر لی گئی ہے۔

    پینٹاگون نے ڈیفنس انٹیلیجنس چیف کو عہدے سے فارغ کر دیا، وجہ کیا تھی؟

    ٹرمپ نے بتایا کہ سرجیو گور اس وقت وائٹ ہاؤس کے صدارتی عملے کے دفتر کے ڈائریکٹر ہیں، وہ جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے لیے خصوصی ایلچی کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔

    ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ گور اپنی موجودہ حیثیت میں اس وقت تک کام جاری رکھیں گے جب تک امریکی سینیٹ کی جانب سے انھیں بھارت میں سفیر کے طور پر تقرری کی توثیق نہیں مل جاتی۔

    ٹرمپ نے کہا ’’سرجیو ایک عظیم دوست ہیں، جو کئی سالوں سے میرے ساتھ رہے ہیں۔ انھوں نے میری تاریخی صدارتی مہمات پر کام کیا، میری بیسٹ سیلر کتابیں شائع کیں، اور میرے دوسرے دورِ صدارت کے لیے عملے کی بھرتی کے کام میں بھی سرگرم رہے۔‘‘

    ٹرمپ نے مزید لکھا ’’دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے خطے کے لیے یہ بہت اہم ہے کہ میرے ساتھ کوئی ایسا شخص ہو جس پر میں مکمل طور پر بھروسہ کر سکوں تاکہ وہ میرے ایجنڈے کو آگے بڑھائے اور ہماری مدد کرے کہ ہم امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں۔‘‘

  • مودی سرکار کی نااہلی ، 10 سال بعد بھی بھارت اپنا بحری لڑاکا طیارہ بنانے میں ناکام

    مودی سرکار کی نااہلی ، 10 سال بعد بھی بھارت اپنا بحری لڑاکا طیارہ بنانے میں ناکام

    نئی دہلی : اڈانی امبانی کو نوازنے کی دوڑ میں مودی نے بھارتی دفاعی منصوبے ڈبو دیے اور 10سال بعد بھی بھارت اپنا بحری لڑاکا طیارہ بنانے میں ناکام ہے۔۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار کے دعوؤں کے برعکس بھارت دفاعی خودانحصاری کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں بری طرح ناکام ہو گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ دس سال گزرنے کے باوجود بھارت اپنا مقامی بحری لڑاکا طیارہ تیار نہ کر سکا، جس کے باعث بھارتی بحریہ کی فضائی طاقت کا مستقبل مشکوک دکھائی دینے لگا ہے۔

    رپورٹس میں کہنا تھا کہ جڑواں انجن والا ڈیک پر مبنی لڑاکا طیارہ (ٹی ای ڈی بی ایف) شدید تاخیر اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، ایک دہائی کے بعد بھی یہ منصوبہ ڈیزائن اور تیاری کے مرحلے میں ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹی ای ڈی بی ایف کی پہلی پرواز 2029-30 میں متوقع ہے جبکہ بحریہ میں شمولیت 2038 کے قریب ممکن ہو گی، جس وقت تک یہ پروگرام پرانا ہو چکا ہوگا۔

    بھارتی بحریہ نے تیجس ایم کے ون کے بحری ماڈل کو زیادہ وزن اور کم پے لوڈ صلاحیت کے باعث ناموزوں قرار دے دیا ہے۔ حتیٰ کہ محدود پیمانے پر شمولیت کی تجویز بھی مسترد کر دی گئی۔

    مزید برآں، بحریہ نے تیجس ایم کے ٹو اور ایڈوانسڈ میڈیم کومبیٹ ایئرکرافٹ (اے ایم سی اے) کے بحری ماڈلز میں بھی دلچسپی نہیں دکھائی۔

    بھارتی بحریہ نے جڑواں انجن والے ٹی ای ڈی بی ایف کو ترجیح دینے کا فیصلہ تو کیا، مگر 26 رافیل ایم طیاروں کی شمولیت نے مقامی پروگرام کی اہمیت مزید کم کر دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق چین اپنی فضائی طاقت میں تیزی سے اضافہ کر رہا ہے اور جے-20 اور جے-35 جیسے پانچویں نسل کے جدید لڑاکا طیارے شامل کر چکا ہے۔ اس کے برعکس بھارت کا 4.5 جنریشن ٹی ای ڈی بی ایف جب تک بحریہ میں شامل ہوگا، تب تک پرانا ہو چکا ہوگا، جس سے خطے میں بھارتی بحریہ کی صلاحیتیں شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

  • بھارت کی ایک بار پھر آبی جارحیت، دریائے ستلج میں پانی کا ریلا چھوڑ دیا

    بھارت کی ایک بار پھر آبی جارحیت، دریائے ستلج میں پانی کا ریلا چھوڑ دیا

    لاہور : بھارت کی ایک بار پھر آبی جارحیت کرتے ہوئے دریائے ستلج میں پانی کا ریلا چھوڑ دیا، جس کے باعث قصور ، پاکپتن اوربہاولنگرکےمختلف دیہات زیرِآب آگئے جبکہ ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد دریا کے مختلف مقامات پر پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث ہیڈ سلیمانکی اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے اور اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    جس کے باعث کئی بستیاں زیر آب آگئیں ، بہاولنگر میں دریائی بیلٹ سے ملحقہ متعدد آبادیوں میں بھی پانی داخل ہوگیا جبکہ عارف والا میں عارضی حفاظتی بند ٹوٹ گئے، جس سے سیکڑوں ایکڑ اراضی پر فصلیں تباہ ہوگئیں۔

    چشتیاں کےمقام پردریائےستلج میں پانی کا دباؤبڑھنے سے موضع کمیران کے قریب حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور ملحقہ دیہات ڈوب گئے،لوگ محصور ہوکر رہ گئے جبکہ ہزاروں ایکڑرقبہ پر فصلیں برباد ہوگئیں۔

    فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا کہنا تھا کہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 15 ہزار کیوسک جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی آمد 74 ہزار 858 کیوسک اور اخراج 63 ہزار 696 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ایری گیشن حکام نے کہا کہ گنڈا سنگھ پر پانی کی سطح 21 فٹ تک جا پہنچی ہے جبکہ پانی کا اخراج ایک لاکھ 29 ہزار 886 کیوسک ہے۔

    ریسکیو 1122 کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ 58 اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں 11 کشتیوں کے ذریعے مقامی آبادی کے انخلا میں مصروف ہیں، اب تک 992 سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 81 سے زائد افراد کو ٹرانسپورٹیشن کی سہولت فراہم کی گئی اور ریسکیو ٹیموں نے 32 سے زائد چھوٹے جانور بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے ہیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں، شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور پی ڈی ایم اے و ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

    ضلعی انتظامیہ نے دریائی بیٹ میں رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

  • طالب علم نے اسکول میں ٹیچر کو گولی ماردی، حیران کُن وجہ سامنے آگئی

    طالب علم نے اسکول میں ٹیچر کو گولی ماردی، حیران کُن وجہ سامنے آگئی

    بھارت کے کاشی پور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا، اسکول کے طالب علم نے ٹیچر گگن سنگھ کو گولی مار دی۔ طالب علم اپنے ٹفن میں پستول چھپا کر اسکول پہنچا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علم نے گولی چلائی تو اسکول میں خوف و ہراس پھیل گیا، زخمی ٹیچر گگن دیپ سنگھ کو فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے زخمی ٹیچر کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ٹیچر اپنی کلاس سے جانے ہی والے تھے کہ ایک طالب علم نے ٹفن باکس سے بندوق نکالی اور ان پر فائرنگ کر دی۔ طالب علم نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن اساتذہ نے اسے پکڑ لیا۔

    زخمی ٹیچر کو نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اے ایس پی ابھے سنگھ کا کہنا ہے کہ ٹیچر کی جانب سے نابالغ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پوچھ گچھ کے دوران طالب علم نے بتایا کہ پستول گھر کی الماری میں رکھا ہوا تھا۔ میں نے الماری سے پستول نکال کر ٹفن میں رکھا اور اسکول پہنچ گیا۔

    واقعے کے بعد ملزم طالب علم کا والد بھی روپوش ہوگیا، تاہم بعد میں منظر عام پر آگیا، پولیس ملزم کے والد سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے کہ گھر میں پستول کیسے آئی۔

    عہدیداروں نے واضح کیا کہ ہر پہلو کی تہہ تک جانے کی کوشش کی جائے گی کہ طالب علم نے کن حالات اور ذہنی دباؤ میں اتنا بڑا قدم اٹھایا۔

    اس سنسنی خیز واقعے کے بعد فرانزک ٹیم نے اسکول پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔ اس دوران کرائم سین بھی بنا۔ پولیس ٹیم کو 315 بور پستول اور کارتوس برآمد ہوا۔

    خاتون کی ڈانس کے دوران روح قبض ہوگئی، ویڈیو وائرل

    پولیس کو دوران تفتیش پتہ چلا کہ فزکس کی کلاس میں استاد نے طالب علم سے ایک سوال پوچھا تھا۔ جواب دینے کے باوجود استاد نے اسے تھپڑ مار دیا۔ اس نے کلاس میں تھپڑ مارے جانے کو اپنی توہین سمجھا۔ اس کا بدلہ لینے کے لیے طالب علم نے استاد کو گولی مار دی۔

  • خاتون کی ڈانس کے دوران روح قبض ہوگئی، ویڈیو وائرل

    خاتون کی ڈانس کے دوران روح قبض ہوگئی، ویڈیو وائرل

    بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں، اسٹیج پر ڈانس کے دوران ایک خاتون اچانک گر کر اپنی جان گنوا بیٹھی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈانس کے دوران مرنے والی خاتون کی شناخت 45 سالہ جیوا کے نام سے ہوئی ہے، جو کانچی پورم سے اپنے شوہر کے ساتھ تقریب میں پہنچی تھیں۔

    رپورٹس کے مطابق 45 سالہ جیوا ایک معروف میڈیکل شاپ کے مالک کی اہلیہ تھیں اور ان کے دو بیٹے ہیں، ایک ایم بی بی ایس اور دوسرا فارمیسی کی تعلیم حاصل کررہا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by India Today (@indiatoday)

    واقعہ اس رونما ہوا جب گلوکار حاضرین محفل کو مزید پرجوش بنانے کے لئے اسٹیج پر بلارہے تھے۔ جیوا بھی خوشی خوشی اسٹیج پر چڑھیں اور رقص کے دوران اچانک گر گئی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال روانہ کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔

    پرپوزل کیوں ٹھکرایا؟ شادی شدہ شخص نے خاتون کو قتل کردیا

    رپورٹس کے مطابق خوشیوں سے بھرا لمحہ دیکھتے ہی دیکھتے سوگ میں تبدیل ہوگیا، افسوسناک منظر تقریب میں موجود افراد کے کیمروں میں قید ہوگیا۔