Tag: بھالو

  • بھالو نے فلائٹ آپریشن معطل اور 12 پروازیں منسوخ کرا دیں (دلچسپ وائرل ویڈیو)

    بھالو نے فلائٹ آپریشن معطل اور 12 پروازیں منسوخ کرا دیں (دلچسپ وائرل ویڈیو)

    بھالو نے جنگل سمجھ کر ایئرپورٹ کے رن وے پر چہل قدمی اور اٹکھلیاں کرنے لگا جس سے فلائٹ آپریشن معطل اور 12 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ جاپان کے یاماگاتا ایئرپورٹ پر پیش آیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سیاہ رنگ کا بھالو رن وے پر پہلی بار نمودار ہوا اور آرام سے چہل قدمی کرتا رہا۔ بھالو کی ایئرپورٹ پر غیر متوقع انٹری کے باعث چار پروازیں ایک گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئیں، جس کے بعد بھالو منظر سے غائب ہوگیا۔

    تاہم ایئرپورٹ عملے کے دوڑیں اس وقت لگ گئیں جب وہی سیاہ بھالو دوپہر کے وقت پھر ایئرپورٹ کے رن وے پر نمودار ہوا اور بے فکری سے چہل قدمی کرنے لگا۔

    ایئرپورٹ کے عملے نے بھالو کا پیچھا کر کے اس کو پکڑنے کے لیے ایک کار کا استعمال بھی کیا اور رن وے کو دوبارہ بند کر دیا، جس کے باعث 12 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

    بھالو کا تعاقب کرنے کی یہ ویڈیو انٹرنیشنل میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی ایک گاڑی چوٹھے ریچھ کو پکڑنے کیلئے اس کا پیچھا کررہی ہے جبکہ ریچھ کو رن وے اور اطراف کی گرین بیلٹ پر دوڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    بھالو کو پکڑنے میں ناکامی پر پیشہ ور شکاریوں کو بھی بلایا گیا جب کہ جنگلی جانور کے فرار کو روکنے کے لیے ایئرپورٹ کے اردگرد پولیس افسران کو بھی تعینات کیا گیا، لیکن بھالو کو آخری اطلاعات تک پکڑا نہیں جا سکا۔

     

    واضح رہے کہ جاپان میں ریچھ کے انسانوں پر حملوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ برس ریچھوں نے 219 افراد کو حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • مانیٹرنگ کیمرے میں بھالو کی 400 سیلفیاں!

    امریکا میں جنگلی حیات کی حفاظت کے لیے لگائے گئے ایک کیمرے نے ایک پرتجسس بھالو (ریچھ) کی 400 سیلفیاں کھینچ ڈالیں جسے دیکھ کر ماہرین مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر بولڈر میں پیش آیا، شہر میں 46 ہزار ایکڑ پر پھیلے ایک وائلڈ لائف ایریا میں جانوروں کی مانیٹرنگ کے لیے 9 ٹریل کیمرے لگائے گئے تھے جن کی ہفتہ وار بنیادوں پر چیکنگ کی جاتی تھی۔

    ایک دن ایک کیمرے سے ڈھیروں کی تعداد میں نہایت دلچسپ چیز برآمد ہوئی۔

    ایک کیمرے نے قریب آنے والے بھالو کی 400 سیلفیاں کھینچ ڈالی تھیں جو نہایت تجسس سے اس کے قریب آ کر کیمرے کا جائزہ لے رہا تھا۔

    بھالو کی حرکت محسوس ہوتے ہی کیمرے نے ایک کے بعد ایک تصویر کھینچ ڈالی یوں کیمرے میں موجود 580 تصاویر میں سے 400 بھالو کی سیلفیاں جمع ہوگئیں۔

    وائلڈ لائف کی انتظامیہ نے کچھ تصاویر ٹویٹر پر شیئر کیں جس پر صارفین نے بھی دلچسپ ردعمل دیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پارک میں لگائے گئے کیمرے موشن ڈیٹیکٹو ہیں یعنی اپنے آس پاس ذرا سی حرکت پر فعال ہوجاتے ہیں، ان کیمروں کی مدد سے علاقے میں جنگلی حیات کی نقل و حرکت یا انہیں لاحق کسی ممکنہ خطرے سے آگاہی حاصل ہوتی رہتی ہے۔

  • ننھی بچی کو ریچھ کے پنجرے میں پھینکنے والی ماں گرفتار

    ننھی بچی کو ریچھ کے پنجرے میں پھینکنے والی ماں گرفتار

    ازبکستان میں 3 سالہ بچی کو جان بوجھ کر ریچھ کے پنجرے میں پھینکنے کے بعد ایک ماں کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ ازبک دارالحکومت تاشقند کے ایک چڑیا گھر میں پیش آیا جو سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں بچی کو گود میں لیے ریچھ کے احاطے کے قریب جنگلے کے پاس کھڑی ہے، اچانک بچی اس کے ہاتھ سے نیچے جا گرتی ہے۔

    بچی کو نیچے گرتا دیکھ کر ریچھ تیزی سے اس کے قریب جاتا ہے لیکن خوش قسمتی سے وہ اسے کوئی نقصان نہیں پہنچاتا اور صرف سونگھ کر دور ہوجاتا ہے۔

    اسی دوران چڑیا گھر کا عملہ بھی وہاں پہنچ جاتا ہے، کچھ افراد ریچھ کو قریب موجود احاطے میں ہنکاتے ہیں جس کے بعد اس کے احاطے سے بچی کو بحفاظت ریسکیو کرلیا جاتا ہے۔

    نیچے گرنے سے بچی کے دماغ پر چوٹ لگی ہے جبکہ جسم پر بھی خراشیں آئی ہیں۔

    وہاں موجود افراد کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ ماں کچھ گڑبڑ کرنا چاہتی ہے اور وہ اسے روکنا چاہتے تھے لیکن پھر پلک جھپکتے میں ہی یہ ناخوشگوار واقعہ ہوگیا۔

    پولیس نے ماں کو گرفتار کرلیا ہے اور اس پر اقدام قتل کا مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

  • ٹیڈی بیئر کا نام ٹیڈی بیئر کیسے پڑا؟

    ٹیڈی بیئر کا نام ٹیڈی بیئر کیسے پڑا؟

    اسٹف ٹوائے ٹیڈی بیئر دنیا بھر میں بچوں اور بڑوں میں یکساں طور پر مقبول ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں اس کھلونے کا نام ٹیڈی بیئر کیسے پڑا؟

    اس کھلونے کا نام امریکا کے بیسویں صدر تھیوڈر روزویلٹ کے نک نیم پر رکھا گیا ہے۔

    سنہ 1902 میں امریکی صدر اپنے دوستوں کے ساتھ ریچھ کا شکار کرنے گئے،اتفاق سے اس دن تمام دوستوں کو شکار کرنے کے لیے ریچھ مل گیا لیکن صدر کو کوئی ریچھ نہ ملا۔

    آخر دن ڈھلا اور سب لوگ آرام کرنے چلے گئے تو صدر کے سیکریٹری نے انہیں خوش کرنے کے لیے انوکھی حرکت کی۔ اس نے کہیں سے ایک کالا ریچھ ڈھونڈا اور کسی طرح اس کے دونوں ہاتھ درخت سے باندھ دیے۔

    اگلی صبح صدر روزویلٹ اٹھے تو سیکریٹری نے انہیں اپنا کارنامہ بتایا کہ اور کہا کہ وہ چل کر اس ریچھ کا شکار کریں۔

    پہلے تو صدر روز ویلٹ اس پر بہت خوش ہوئے، وہ اپنی بندوق اٹھا کر اس ریچھ کا شکار کرنے چل پڑے اور وہاں پہنچ کر اپنی بندوق اس کی طرف اٹھائی، لیکن اسی وقت ان کی نظر بے بس بندھے ہوئے ریچھ سے ملی اور اس کی آنکھوں میں انہیں بے بسی نظر آئی۔

    صدر کا دل پگھل گیا اور انہوں نے بندوق نیچے کرتے ہوئے اسے آزاد کرنے کا حکم دے دیا۔

    اس وقت صدر کے ساتھ کئی صحافی بھی موجود تھے۔ اگلے دن کے اخباروں میں ایک کارٹون چھپا جس میں صدر روز ویلٹ کے سامنے ایک ریچھ بندھا ہوا ہے اور وہ اس کی طرف بندوق اٹھائے کھڑے ہیں۔

    جب عام لوگوں کو اس واقعے کے بارے میں علم ہوا تو انہیں صدر کی رحمدلی پر بے حد فخر اور خوشی محسوس ہوئی۔ اس وقت تجارتی کمپنیوں نے فوراً موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے معصوم دکھنے والے بھالو بنانے شروع کردیے اور اس کا نام صدر روز ویلٹ کے نام پر ٹیڈیز بیئر رکھ دیا۔

    تب سے اب تک یہ کھلونا دنیا بھر میں نہایت مقبول ہوچکا ہے۔

  • پاکستانی فنکار کراچی چڑیا گھر میں موجود ننھے بھالو کی آواز بن گئے

    پاکستانی فنکار کراچی چڑیا گھر میں موجود ننھے بھالو کی آواز بن گئے

    کراچی: پاکستانی فنکار کراچی کے چڑیا گھر میں موجود بھالو کے بدحال بچے کی آواز بن گئے، معصوم بچے کی اذیت میں مبتلا ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے فنکاروں نے حکام کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے چڑیا گھر میں موجود ایک ریچھ کے بچے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی تھیں۔ بھالو کا بچہ نہایت لاغر اور پریشان کن حالت میں موجود ہے اور چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مختلف فنکاروں نے بھی معصوم بچے کے لیے اپنی آواز بلند کی۔

    معروف اداکارہ مشال خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ننھے بھالو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا۔

    انہوں نے لکھا کہ میں کراچی چڑیا گھر میں ریچھ کے بچے کو دیکھ کر سخت پریشان ہوں، واضح طور پر یہ مناسب کھانے، پانی اور دیکھ بھال سے محروم ہے۔

    مشال نے لکھا کہ اس کی آنکھوں میں مدد کے لیے پکار صاف لکھی ہے۔ یہ بہت ظالمانہ ہے، اس سلسلے کو بند ہونا چاہیئے، کراچی چڑیا گھر کو بند کردینا چاہیئے۔

    ایک اور اداکارہ انعم تنویر نے چڑیا گھر انتظامیہ کو سخت سست سناتے ہوئے کہا کہ کراچی کا چڑیا گھر جانوروں کے لیے ایک محفوظ گھر بننے کے بجائے ان کے لیے جہنم بن گیا ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ بہت سے جانوروں کی جانوں سے کھیلنے کے بعد اب چڑیا گھر کی انتظامیہ اس معصوم جانور کو بھی کھو دے گی۔

    انعم کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو کوئی خوف خدا نہیں ہے اور یہ جانوروں کے ساتھ کسی بے جان اشیا کے جیسا سلوک کر رہے ہیں۔

    معروف اداکارہ انوشے اشرف نے بھی اس حوالے سے لکھا کہ ہم سندھ ہائی کورٹ میں درخوست دائر کرنے جارہے ہیں کہ اس بدحال ریچھ کے بچے کو یہاں سے نکالا جائے، اسے یہاں نہایت غلیظ اور تکلیف دہ ماحول میں رکھا گیا ہے۔

    انوشے نے لکھا کہ ہم عدالت سے درخواست کریں گے کہ اس بچے کو یہاں سے نکال کر واپس اسکردو اس کے قدرتی ماحول میں بھیجا جائے۔

    انہوں نے لکھا کہ علاوہ ازیں ہم یہ استدعا بھی کریں گے کہ عدالت حکام کو کراچی چڑیا گھر کی درست دیکھ بھال کرنے اور جانوروں کا خیال رکھنے کا حکم دے۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر مرغزار چڑیا گھر سے تمام جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، مرغزار چڑیا گھر میں موجود 36 سالہ ہاتھی کاون کو بھی کمبوڈیا بھیجا جارہا ہے۔

    کاون کو سنہ 1985 میں سری لنکن حکومت کی جانب سے بطور تحفہ دیا گیا تھا اور تب سے اب تک وہ چڑیا گھر میں تنہا زندگی گزار رہا تھا، کاون کو بھی سوشل میڈیا ہی کی بدولت اس قید تنہائی سے نجات ملی ہے۔

  • بھاری بھرکم ریچھ پیزا کی بو سونگھتا گھر کے اندر داخل ہوگیا

    بھاری بھرکم ریچھ پیزا کی بو سونگھتا گھر کے اندر داخل ہوگیا

    امریکا میں ایک سیاہ ریچھ پیزا کی تلاش میں گھر میں گھس آیا، تلاش میں ناکامی کے بعد بھالو بغیر کوئی توڑ پھوڑ کیے واپس چلا گیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر اونٹاریو میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں لگے سیکیورٹی کیمرا نے بھالو کو ریکارڈ کرلیا جو گھر میں گھس آیا تھا۔

    گھر کا داخلی دروازہ لاک نہیں تھا جس کے باعث ریچھ باآسانی گھر کے اندر داخل ہوگیا۔ دروازے کے سامنے ہی پیزا کے خالی ڈبے پڑے تھے جن کے گرد ریچھ گھوم کر پیزا تلاش کرتا رہا۔

    تاہم پیزا کی تلاش میں ناکامی کے بعد ریچھ بغیر کسی توڑ پھوڑ کے جس طرح آیا تھا اسی طرح مرکزی دروازے سے واپس چلا گیا۔

    گھر کے مالک اٹکنسن کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک یاد دہانی ہے کہ کچرے کو اس طرح غیر ذمہ دارانہ انداز میں نہیں چھوڑنا چاہیئے ورنہ یہ ریچھ اور دیگر جنگلی جانوروں کو اپنی طرف متوجہ کرسکتا ہے۔

  • دنیا کا سب سے بڑا بھالو

    دنیا کا سب سے بڑا بھالو

    میکسیکو سٹی: میکسیکو کے شہریوں نے دنیا کا سب سے بڑا کھلونا بھالو بنانے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکن ٹاؤن کے رہائشیوں نے بھورے رنگ کا 20 میٹر لمبا بھالو بنایا جس کا وزن چار ٹن سے زائد بتایا جارہا ہے۔

    ’ٹیڈی بیئر‘ بنانے والوں کا دعویٰ تھا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا بھالو ہے اس لیے انہوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کو مدعو کیا تاکہ بک میں اپنا نام درج کراسکیں۔ بھالو کو ’’ژونیٹا‘‘ کا نام دیا گیا جس کی تیاری میں تین ماہ سے زائد کا عرصہ لگا، منتظمین کے مطابق انہیں سب سے زیادہ مشکل سلائی کرنے کے دوران ہوئی۔

    بچوں نے جب اپنے پسندیدہ کریکٹر کو اتنی بڑی جسامت میں دیکھا تو اُن کی خوشی کی کوئی انتہاء نہ رہی البتہ چند بچے ایسے بھی تھے جو اس کو دیکھ کر خوف کھا رہے تھے۔

    گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم نے میکسیکو کا دورہ کیا اور تکنیکی جائزے کے بعد اسے دنیا کا سب سے بڑے بھالو کا اعزاز سے نوازا۔

  • برفانی بھالوؤں نے کیمرے کو فٹبال بنا لیا

    برفانی بھالوؤں نے کیمرے کو فٹبال بنا لیا

    برفانی علاقوں اور دور دراز جنگلات میں جنگلی حیات کی زندگیوں کو فلمبند کرنے والے اکثر فوٹو گرافرز کے ساتھ غیر متوقع صورتحال بھی پیش آجاتی ہے۔

    بعض اوقات انہیں جانوروں کے غصے کا شکار ہو کر اپنے ساز و سامان سے ہاتھ دھو پڑتا ہے تو کبھی ان کا ساز و سامان جانوروں کا کھلونا بن جاتا ہے۔

    ایسا ہی کچھ برطانوی فوٹو گرافر کے ساتھ بھی ہوا جس کا کیمرا برفانی بھالوؤں کی فٹبال بن گیا۔

    یہ اسنو بال کیمرا برفانی بھالوؤں کی زندگی کے لمحات ریکارڈ کرنے کے لیے لے جایا گیا تاہم یہ بھالوؤں کے ہتھے چڑھ گیا اور بھالو اس سے فٹبال کھیلنے لگے۔

    اس دوران ان کی لڑائیاں بھی ہوتی رہیں جو کیمرے میں ریکارڈ ہوگئیں۔

    یاد رہے کہ عالمی درجہ حرارت میں تیز رفتار اضافے اور تبدیلیوں یعنی گلوبل وارمنگ کی وجہ سے دنیا میں موجود برفانی علاقوں کی برف تیزی سے پگھل رہی ہے۔

    برفانی بھالو چونکہ برف کے علاوہ کہیں اور زندہ نہیں رہ سکتا لہٰذا ماہرین کو ڈر ہے کہ برف پگھلنے کے ساتھ ساتھ اس جانور کی نسل میں بھی تیزی سے کمی واقع ہونی شروع ہوجائے گی اور ایک وقت آئے گا کہ برفانی ریچھوں کی نسل معدوم ہوجائے گی۔

    مزید پڑھیں: کیا ہم برفانی بھالوؤں کو کھو دیں گے؟

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر برف پگھلنے کی رفتار یہی رہی تو اگلے 15 سے 20 سالوں میں قطب شمالی سے برف کا مکمل طور پر خاتمہ ہوجائے گا جس سے برفانی بھالوؤں سمیت دیگر برفانی جانوروں کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔

    ماہرین کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث بھالوؤں کی رہائش کے علاقوں اور خوراک میں بھی کمی آرہی ہے۔ سمندری آلودگی کے باعث دنیا بھر کے سمندروں میں مچھلیوں کی تعداد کم سے کم ہوتی جارہی ہے جو ان بھالوؤں کی اہم خوراک ہے۔

  • ’میرے بھالو کا آپریشن کردیں‘، ڈاکٹر نے بچے کی معصوم خواہش پوری کردی

    ’میرے بھالو کا آپریشن کردیں‘، ڈاکٹر نے بچے کی معصوم خواہش پوری کردی

    اوٹاوا: کینیڈا کے سرجن نے 8 سال کے معصوم بچے کی خواہش پوری کرنے کے لیے کھلونے کا آپریشن کیا اور لوگوں کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کا 8 سالہ مائیک جیکسن مکائی نامی بچہ اپنی معصوم سی خواہش لے کر  ’ڈبلیو کے ہیلتھ سینٹر’ پہنچا اور اُس نے سرجن سے اپنے کھلونے ’بھالو‘ کا آپریشن کرنے کی ضد کی۔

    بچے کا ڈاکٹر کو کہنا تھا کہ یہ ٹھیک طریقے سے سوتا نہیں لہذا آپ اس کا آپریشن کریں تاکہ اسے سکون مل سکے۔

    ڈاکٹر نے مکائی کو قائل کرنے کی کوشش کی مگر وہ اسے سمجھا نہ سکا جس کے بعد ڈاکٹر ڈینیل مکنیلی نے بچے کی ضد پوری کرنے کے لیے کھلونے کے آپریشن کی حامی بھری۔

    ڈینیل نے بھالو کو اسپتال میں داخل کیا اور پھر اُسے باقاعدہ بے ہوشی کی دوائی دے کر میز پر لیٹا دیا اور پھر ہاتھوں میں سرجری کے اوزار اٹھا کر آپریشن کیا۔

    ڈاکٹر نے ڈرامائی سرجری کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں تو صارفین نے اُسے بہت پسند کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ وائرل ہوگئیں۔

    ڈینیل نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک ننھا مریض میرے پاس آیا اور اُس نے کہا کہ ’میرے بھالو کا آپریشن کردیں تاکہ یہ سکون سے سو سکے، میں اُس کو کس طرح انکار کرتا‘۔

    ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ’میرا یہ اقدام بچے کو خوش کرنے کے لیے تھا تاکہ وہ مطمئن ہوجائے مگر لوگوں نے اسے بہت پسند کیا جو میرے لیے فخر کی بات ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’بھالو کا آپریشن مکمل ہوگیا جس کے بعد بچہ اپنے مریض کو گھر لے گیا اور اب وہ سکون سے سونے لگا ہے‘۔

  • اپنے گھر کی حفاظت کرنے والا بھالو گولی کا نشانہ بن گیا

    اپنے گھر کی حفاظت کرنے والا بھالو گولی کا نشانہ بن گیا

    ناروے کے برفانی علاقے میں ایک برفانی ریچھ کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جب اس نے وہاں آنے والے ایک سیاحتی بحری جہاز کے گارڈ کو زخمی کردیا۔

    ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ واقعہ قطب شمالی اور ناروے کے درمیانی حصے میں پیش آیا۔ یہ علاقہ اپنے گلیشیئرز، برفانی ریچھوں اور قطبی ہرنوں کی وجہ سے مشہور ہے۔

    ادارے کے مطابق یہاں کی مقامی حیات کی وجہ سے یہ علاقہ سیاحوں کی کشش کا مرکز ہے اور واقعے کا باعث بننے والا جہاز بھی سیاحوں کو ہی لے کر آیا تھا۔

    دوسری جانب جہاز کی انتظامیہ نے وضاحت پیش کی ہے کہ ریچھ نے ایک گارڈ پر حملہ کیا تھا جس کے بعد دوسرے گارڈ نے دفاع میں گولی چلائی۔

    گارڈ کی گولی سے برفانی ریچھ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    تاہم سوشل میڈیا پر انتظامیہ کی اس وضاحت کو قبول نہیں کیا گیا اور لوگوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔

    ایک ٹویٹر صارف نے کہا کہ، ’پہلے آپ ان ریچھوں کی قدرتی پناہ گاہ میں ان کے بہت قریب چلے جائیں، اور جب وہ آپ کے قریب آئیں تو انہیں مار ڈالیں‘۔

    برفانی ریچھ کی موت کو ماحولیات اور جنگلی حیات پر کام کرنے والے حلقوں میں بھی سخت ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ تیزی سے بڑھتا درجہ حرارت دنیا کے برفانی علاقوں کی برف کو پگھلا رہا ہے جس کے باعث برف میں رہنے کے عادی ریچھوں کی قدرتی پناہ گاہیں ختم ہونے کا خطرہ ہے۔

    مزید پڑھیں: لاغر بھالو نے دنیا کے خوفناک مستقبل کی جھلک دکھا دی

    اپنے گھروں کو لاحق خطرات کی وجہ سے برفانی ریچھ کو معدومی کے خطرے کا شکار حیات کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔