Tag: بھانجے شیر شاہ

  • بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شیر شاہ  کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شیر شاہ کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    لاہور : جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے بھانجے اور علیمہ حانم کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مؤقف اپنایا کہ ملزم موقع پر موجود تھا جس کے ویڈیو شواہد موجود ہیں، عدالت میں جناح ہاؤس کی ویڈیو بھی چلائی گئی جس میں شیرشاہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کا فوٹوگرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کروانا ہے، لہٰذا عدالت 30 روزہ جسمانی ریمانڈ دے۔

    مزید پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم کا دوسرا بیٹا بھی زیر حراست

    دوسری جانب ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ 27 ماہ بعد یاد آیا ہے کہ ملزم کو گرفتار کیا جائے، اس سے قبل بھی عدالتیں تاخیر سے گرفتاری پر ملزمان کو ڈسچارج کر چکی ہیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پورے شہر کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر نہ دیا جائے بلکہ ڈسچارج کیا جائے۔

    عدالت نے دلائل سننے کے بعد عمران خان کے بھانجے کے جسمانی ریمانڈ کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے شیر شاہ کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور ملزم کو پولیس کے حوالےکردیا۔