Tag: بھتہ اور اغواء برائے تاوان

  • عابد باکسر کیس کی تفتیش میں اہم انکشافات

    عابد باکسر کیس کی تفتیش میں اہم انکشافات

    لاہور : سابق انسپکٹر عابد باکسر پر تھانہ باغبان پورہ میں بھتہ اور اغواء برائے تاوان کا مقدمہ درج ہونے کے بعد کی جانے والی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی آئی اے اقبال ٹاؤن لاہور کی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ عابد باکسر نے اربوں کے پلازے اور فلیٹ بنا رکھے ہیں، ابتدائی تفتیش میں انکشاف سامنے آئے ہیں۔

    سی آئی اے کے مطابق عابد باکسر اسلام آباد، لاہور میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے بھتہ مانگتا تھا، جس کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کرلیے گئے ہیں۔

    عابد باکسر کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، وہ فاروق ڈار کے ذریعے منی لانڈرنگ کرتا تھا، فاروق ڈار کی جانب سے بھجوائی جانے والی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔

    ابتدائی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ عابد باکسر نے اپنی بیوی کے نام سے موبائل سم نکلوا رکھی تھی، اس کے موبائل فون کا تمام تر ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے۔

    سی آئی اے اقبال ٹاؤن لاہور کا کہنا ہے کہ عابد باکسر کے خلاف تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں، ذرائع کے مطابق اس کے گھر چھاپے میں مزید ثبوت اکٹھے کرلیے گئے تھے۔

    واضح رہے کہ آج صبح پنجاب پولیس کے سابق انسپکٹر عابد باکسر اور دیگر کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ بھتہ وصولی اور اغواء برائے تاوان کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، جو ایک ہوٹل کے مالک احمد علی نے درج کروایا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق عابد باکسر کے 4 سے 5 ساتھیوں نے ہوٹل آ کر 2 کروڑ روپے مانگے، مسلح افراد نے اپنے موبائل فون سے عابد باکسر سے بات کروائی اور بات کرنے پر 2 کروڑ روپے مانگے اور نہ دینے پر قتل کی دھمکی دی گئی۔