Tag: بھتیجا

  • مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

    مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

    کنگ آف پاپ کہلائے جانے والے شہرہ آفاق آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بننے جارہی ہے جس کی پروڈکشن رواں برس شروع کردی جائے گی۔

    آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی کو فلمانے والے لائنس گیٹ اسٹوڈیو کا کہنا ہے کہ بائیوپک میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے 26 سالہ بھتیجے جعفر جیکسن نبھائیں گے۔

    لائنس گیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلم مائیکل میں اس پیچیدہ آدمی کو فلمایا جائے گا جو پاپ کا بادشاہ بن گیا۔ فلم میں ان کی زندگی کے تمام پہلو اور ان کی سب سے قابل ذکر پرفارمنس شامل ہوں گی جنہوں نے اسے موسیقی کی دنیا کا آئکن بنا دیا۔

    ہالی ووڈ کے اینٹون فوکا فلم کی ہدایتکاری کے فرائض نبھائیں گے جبکہ گراہم کنگ فلم کو پروڈیوس کریں گے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Antoine Fuqua (@antoinefuqua)

    فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کے مطابق مائیکل جیکسن کے کردار کو نبھانے کے لیے جعفر جیکسن کا انتخاب اس لیے کیا گیا کہ ان میں اپنے چچا کے کردار کو زندہ کرنے کی فطری صلاحیت تھی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ واضح تھا کہ یہ کردار بہتر انداز میں ادا کرنے والے وہ واحد شخص ہیں، فلم کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ وہ انتظار نہیں کر سکتے کہ دنیا جعفر جیکسن کو مائیکل جیکسن کے طور پر بڑی اسکرین پر دیکھے۔

    خیال رہے کہ جعفر جیکسن مائیکل کے بڑے بھائی جرمین جیکسن کے بیٹے ہیں، جو ایک گلوکار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔

    یاد رہے کہ مائیکل جیکسن نے اپنے خاندان کے پاپ گروپ جیکسن 5 کے ساتھ بطور چائلڈ اسٹار کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد جوانی میں انہوں نے ایک کے بعد ایک ہٹ سولو البم دے کر موسیقی کی دنیا میں پاپ گلوکاری اور پاپ ڈانس کو جنم دیا، اسی لیے انہیں کنگ آف پاپ کہا جاتا ہے۔

    مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم: گلوکار کا کردار کون نبھائے گا؟

  • جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں جائیداد کے تنازعہ پر چچا نے بھتیجے پر انسانیت سوز ظلم کرتے ہوئے اس کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے جنڈ میں چچا نے جائیداد کی خاطر بھتیجے پر تشدد کیا اور اس کے جسم میں کیلیں ٹھوک دیں، 28 سالہ مظہر حسین والدین کے انتقال کے بعد چچا کے ساتھ رہا تھا۔

    متاثرہ نوجوان کو ڈی ایچ کیو اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر نے آپریشن کے ذریعے نوجوان کے جسم سے کیلیں نکالیں۔

    پولیس کو بیان دیتے ہوئے مظہر حسین کا کہنا تھا کہ ملزم حبیب (چچا) نے اپنے داماد کے ساتھ مل کر تشدد کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل افسر کے دستخط کے ساتھ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔