Tag: بھنگوریہ گوٹھ

  • ایس آئی یوکی عزیزآباد میں کارروائی، قتل کے تین ملزمان گرفتار

    ایس آئی یوکی عزیزآباد میں کارروائی، قتل کے تین ملزمان گرفتار

    کراچی : اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی کارروائی میں بھنگوریہ گوٹھ سے قتل اور ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور لوٹی ہوئی رقم برآمد کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ میں ایس آئی یو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے سنگین جرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار کرلئے جبکہ تین ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی طارق دھاریجو نے صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار ملزمان قتل، اقدام قتل، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان نے19ستمبر کو گلشن اقبال موبائل مال میں ڈکیتی کی واردات کی تھی، جس کے دوران ملزمان نے بیٹے کو قتل اور باپ کو زخمی کیا تھا۔

    طارق دھاریجو کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کوسی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سےگرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے تمام موبائل فون، لوٹی ہوئی رقم برآمد کرلی گئی ہے۔

    ملزمان نےڈکیتی میں مزاحمت پر ایک چوکیدارکو قتل دوسرے کو زخمی کیا تھا، ملزمان نے دکان کے تالے کاٹ کر50 سے زائد موبائل فون اور نقدی لوٹی، ملزمان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

  • تین پولیس اہلکاروں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، کنور نوید جمیل

    تین پولیس اہلکاروں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، کنور نوید جمیل

    کراچی : ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور حلقہ این اے 246سے منتخب حق پرست رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہاہے کہ کراچی میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار امن وامان کے دیر پاقیام کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں ۔

    انہو ں نے کہا کہ بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسنا ک اور قابل مذمت ہے ۔

    ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے سب انسپکٹر سکندر سمیت دو کانسٹیبل اشرف اور عابد کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

    کنور نوید جمیل نے کہاکہ شہر سے انتہاء پسندوں اور مذہب کے نام پر دہشت گردی کرنیوالے عناصر کی آماجگاہوں کا خاتمہ کرکے ہی کراچی میں امن ممکن ہے، کیونکہ کراچی میں مستقل امن قائم کئے بغیر پاکستان کی معیشت کی ترقی ممکن نہیں۔

    لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہوکر شہر سے دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی حاجی انور رضا اور جمال احمد انکے ہمراہ تھے۔